جمعرات, نومبر 08, 2012

"ہمسفر کہانی"

سورۂ الروم (30)۔۔۔ آیت 21۔۔ترجمہ ۔۔۔
۔"اوراس کی نشانیوں میں سے ہے کہ اس نے تمہارا جوڑا تم ہی میں سے پیدا کیا تاکہ تمہیں اِس سے سکون حاصل ہو۔اور تمہارے درمیان محبت اور رحمت پیدا کردی۔یقیناً اس میں غوروفکر کرنے والوں کے لئے بہت سی نشانیاں ہیں"۔
تخلیقِ کائنات کے بعد انسان کاانسان سے اولین تعلق ہی اس دُنیا کا سب سے اہم رشتہ ہے۔وہ بنیادی تعلق جوعرش پر قائم ہوا اور فرش پر لانے کا سزاوار ٹھہرا۔اِس تعلق کی پہچان دنیاوی اور آخروی سکون کی ضمانت ہے۔وہ تعلق جو انسان کی فطرت  میں ازل سے رکھ دیا گیا ہے لیکن پھر بھی اس کے کھوج میں ساری زندگی دربدر رہتا ہے۔
زندگی کے بڑھتے ادوار میں تعلقات کے حوالے سےتین طرح کے رشتے سامنے آتے ہیں۔
سب سے اہم اورسب سے پہلےہمارے خون کے رشتے ہوتے ہیں وہ ہمارے اور ہم اُن کے لیے لازم وملزوم ہوتے ہیں۔ دُنیا میں ہر شے سے بڑھ کر ان پر اعتماد کیا جاتا ہے۔ان کی محبت اورچاہت ہمارے لیے سرمایۂ حیات ہوتی ہے۔
دوسرے نمبر پر ہمارے دوست اور مہربان ہیں ہمارے وجود کا وہ حصہ جو پُور پُور سیراب کر دیتے ہیں بسا اوقات ہم خون کے رشتوں سے بڑھ کر اپنے دوستوں کو اہمیت دیتے ہیں کہ جنم کے رشتے توبنے بنائے ملتے ہیں۔اُس میں کسی مرضی یا پسند ناپسند کا حق حاصل نہیں ہوتاجبکہ دوستی کا رشتہ پورے خلوص اور سچائی سےہم خود اُستوارکرتے ہیں۔ واقعی مخلص دوست اللہ کا وہ انعام ہے کہ جس کا شُکر ادا کرتے زبان نہیں تھکتی۔ دوستی کے علاوہ بھی کُچھ تعلق ایسے اٹوٹ ہوتے ہیں کہ کوئی آس، کوئی اُمید ، کوئی رابطہ اور کوئی خواہش نہ ہونے کے باوجود دل کی دھڑکن کے ساتھ سفر جاری رہتا ہے۔
آخر میں اب آتے ہیں سب سے ناپائیدار رشتے کی جانب ۔۔۔ زندگی کا وہ موڑ  کہ آگے کے بارے میں کوئی پیش گوئی نہیں کی جا سکتی۔آخرت کی منزل کی طرح کہ اندازہ تو لگایا جا سکتا ہے لیکن جوہوگا جس کے ساتھ ہو گا اس بارے میں کوئی نہیں جان سکتا سوائے قادرِمُطلق کے۔
مرد یا عورت کا اپنے آپ کو کسی انجان کے حوالے کر دینے کا فیصلہ وہ قدم ہے جو ایک بار اُٹھ جائے تو پھر کبھی پلٹ نہیں سکتا۔یہ زندگی کی سلیٹ پر ا ن منٹ سیاہی سے لکھی جانے والی ایسی تحریر ہے جس کے نقش مٹانا ناممکن ہیں۔
یہ رشتہ چاہے باہمی رضامندی سے طے ہو یا بڑوں کی شفقت کے سائےتلے۔۔۔
مجبوری کے بوجھ سےمضبُوط ہو یاسمجھوتے کی چادر سے سنوارا جائے۔۔۔
والہانہ عشق ومُحبت سے مہکتا ہو یا پھر پورے اعتماد اور یقین سے ایک نئے سفرکا آغاز کیا جائے۔۔۔
اتنا بودا،اتنا کمزور ہوتا ہےکہ فقط تین الفاظ سے کانچ کی چوڑی کی طرح ٹوٹ جاتا ہے۔ اب ایسے رشتے پر کوئی فخر کرے ، بھروسہ کرے یا جان کو روگ لگائے۔ بس ایک مرحلہ ہے جو طے کرنا ہے چاہے خوشی سے کرو یا مایوسی سے۔ اِسی لیے انسان اپنے سارے تعلقات سارے رشتوں میں اس ساتھ کو سب سے کم اہمیت دیتا ہے۔ اس رشتے کی ایک منفی صفت اس کا خوف ہے کہ اس کو برقرار کرنے کی کوشش میں انسان اپنے دیگر رشتوں سے دستبردار ہونے پر بھی راضی ہو جاتا ہے۔
وہ تعلق جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ مرد اس موڑ پر اپنی آزادی کھو دیتا ہے اور عورت خوشی ۔غرض انسان ساری عُمر اس تردّد میں گُزار دیتا ہے کہ اُس نے اس رشتے سے کیا کھویا کیا پایا۔ اپنے آپ کو حوصلہ دیتے اورخوش گُمان رکھنے میں عمر تمام ہو جاتی ہے۔ کہیں مذہب کی آڑ میں صبرشُکر کی تسبیح پڑھی جاتی ہے تو کہیں کوئی اور آپشن نہ ہونے کا سوچ کر گُزارہ کیا جاتا ہے۔
اس میں کوئی شک نہیں یہ رشتہ بال سے بھی زیادہ باریک ہے۔بال کی مثال کو سامنے رکھیں اوربال کودیکھاجائے تو اس سے زیادہ کمزور اور بےحقیقت شے کوئی نظر نہیں آتی کہ وزن ہے نہ پیمائش،ساخت ہے نہ رنگ روپ اورسب سے بڑھ کر نہ ہی کوئی احساس ہے، ٹوٹ گیا سوٹوٹ گیا۔ کوئی درد نہیں کوئی تکلیف نہیں، کُچھ بھی تو نہیں اورقُدرتی طور پر دوبارہ اپنی جگہ کبھی بھی نہیں آسکتا۔ اگر سوچا جائے تو رنگ ہی رنگ ،جلوے ہی جلوے۔ کہ اگران کو سمیٹ کررکھیں۔۔۔ توجہ دیں تونہ صرف ہماری خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ ہماری ذہنی اورجسمانی صلاحیت کے نکھار میں بھی اپنا کردارادا کرتے ہیں۔۔۔ ہمیں خوداعتمادی بخشتے ہیں ۔۔۔ لوگوں کے سامنے سر اُٹھا کر چلنے کا حوصلہ دیتے ہیں۔۔۔ ہماری نِگہداشت سے مضبُوط ہوتے ہیں۔۔۔ اپنا پن برقرار رکھتے ہیں اورآخری عمر تک ساتھ نہیں چھوڑتے۔
یہ رشتہ اگر  بال کی طرح ہے توبال شیشے میں بھی آجاتا ہے وہاں یہ نقصان دہ ہوتا ہے۔ہماری توقعات،خواہشات اور خوشیاں کانچ کے ایک نازک برتن کی مانند ہوتی ہیں، ہم اُنہیں بڑا سینت سینت کر پروان چڑھاتے ہیں، زمانےکے سرد وگرم سے بچاتے ہیں۔سب سے اہم بات کہ اُس کو بڑی مہارت اور نفاست سےسنبھالنا چاہیے اس میں ہم لاپرواہی دکھا دیتے ہیں اور دوسری چیزوں کی طرح اس کو بھی روزمرّہ کا ایک کام جان کر ٹیک اٹ فور گرانٹڈ لیتے ہیں، اس میں جس خاص توجہ اور احتیاط کی ضرورت ہوتی ہےاُس طور ہماری تربیت ہی نہیں ہو پاتی۔نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ بےدھیانی سے اس شیشے میں جب بال آجاتا ہے تو پھر ہمیں احساس ہوتا ہے کہ کیا ہوگیا۔ستم یہ کہ اس وقت بھی ہم بال ہی کو کوستے ہیں۔اب جتنا مرضی سنبھالو جیسے چاہے رکھو بال تو وہیں رہے گا۔ساری عمر وہی برتن استعمال کرنا پڑتا ہے تو کُچھ تو آنکھیں بند کر کے اپنا مطلب نکالتے رہتے ہیں یہ جانے بِنا کہ اس کی شفافیت کو ہم نے مسخ کیا ہے۔اور زیادہ عقل مند ہوں تو بال پر الزام دھرتے ہیں کہ سارا مزہ کرکرا کر دیا۔اصل حقیقت یہ ہے کہ بات کبھی بھی نہیں بگڑتی۔سب تہس نہس ہونے کے باوجود اگر خود کو حالات کے دھارے پرچھوڑ دیا جائے تو کوئی نہ کوئی راستہ ضرور نکل آتا ہے اور یہ وہی راستہ ہوتا ہے جو سیدھا اور پُرسکون ہوتا ہے۔جس میں گِلہ شِکوہ ہوتا ہے اورنہ پچھتاوا اورنہ ہی مایوسی۔ہرچیز نے ختم ہوجانا ہے۔خوشیاں باقی رہیں گی اورنہ غم پھرچیزوں، رشتوں پر ماتم کرنا اُن سے دل لگانا اُن کو اپنا سرمایہ جاننا فقط خام خیالی ہی تو ہے۔
تقدیر کا چکّر رُخ بدلتا ہے اور آزمائشوں کی بارش سےرشتوں اور چہروں کی اصلیت جب دُھل کر سامنے آتی ہے تو انسان کا  اپنی عقل  پر  ماتم کرنے کو جی چاہتا ہے۔۔۔ساری ترتیب اُلٹ جاتی ہے۔ دل جہاں اپنوں کی بےوفائی کا گِلہ کرتا ہے وہیں دوستوں کی ہمدردی اور دل جوئی بھی صرف وقتی ہوتی ہےعملی طور پروہ ہمارے لیے کُچھ بھی نہیں کرسکتے۔ لیکن کُچھ رشتےکچھ تعلق یکدم اتنے قیمتی اتنے اہم ہوجاتے ہیں کہ انسان پچھلی ساری باتیں بُھول جانے پرمجبُور ہو جاتا ہے۔ کبھی وہ ساتھ جو پانی پر بنے مکان سےزیادہ مضبوط نہیں دِکھتا وقت کی تیزوتُند آندھی میں چٹان ثابت ہوتا ہے۔ساری بات اورسارا کھیل احساس کا ہے کہ جس وقت جس لمحے آپ کو کسی کی اہمیت وضرورت کا ادراک ہوجائے وہ لمحہ اپنی مُٹّھی میں قید کر لینا چاہیے۔یوں بھی ہوتا ہے کہ وہ ساتھ جس میں عام حالات میں کوئی گہرائی دکھائی نہ دے لیکن جب مشکل وقت آن پڑے تو نظر آئے کہ سارے راستے اِسی منزل کی طرف جا رہے ہیں۔ کسے خبرکہ جو سفر مادیت سے شُروع ہو وہ روحانیت کی جانب پہلا قدم بھی ہوسکتا ہے۔یہ بات عین حق ہےکہ انسان کا آغازِسفر روح سے جسم کی جانب اور اختتام ِسفر جسم سے روح کا ہے۔اللہ اور انسان کے مابین تعلق کے بعد اور تخلیق ِکائنات کے بعد ایک انسان کا دوسرے انسان سے پہلا تعلق یہی رشتہ ہے جس پر آنے والے سب رشتوں سب احساسات کی بنیاد استوار ہوتی ہے۔اس ساتھ میں کسی دوسرے فرد کی گُنجائش ہے اور نہ ضرورت یوں کہہ لیں کہ روح کا تعلق اللہ سے جُوڑ کر ہم سکون حاصل کرتے ہیں تو جسم کا سکون بھی صرف اور صرف ایک ہی سے مل سکتا ہے۔شرط یہ ہے کہ ابدی سکون کی تلاش ہو ورنہ دُنیا میں نشہ آور اشیاء کی کمی نہیں جو صرف وقتی طور پر کسی کو مُطمئن کرسکتی ہیں۔ہمیں فقط اصل نقل کا فرق پہچاننے کی ضرورت ہے۔عشق ِحقیقی کا منبع اگر خدائے واحد ہے تو عشقِ مجازی کا مرکزِ نگاہ بھی صرف اور صرف ایک ہونا چاہیے۔ جب پوری سچائی اور اخلاص سے اپنے رب کو یاد کر کے ابدی سکون نصیب ہوتا ہے تو دُنیاوی زندگی کے سکون کے لیے بھی فردِواحد سے مُکمل ذہنی وجسمانی ہم آہنگی بُہت ضروری ہے۔یہ حرفِ آخر ہرگز نہیں۔ کسی بھی معاملے میں حتمی رائے آخری سانس سے پہلے نہیں دی جا سکتی۔" اللہ ہرشے کو اس کی اصل ماہیت میں سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے"۔آمین یا رب العالمین
حرفِ آخر
حقیقت ِزندگی ایک سہی لیکن ہرایک پر الگ انداز سے عیاں ہوتی ہے۔ کبھی شاعرفقط اپنی شاعری کا لبادہ اوڑھ کر محبوب کے لمس کی لذت پا لیتا ہے تو کبھی انسان ساری زندگی لمس چھو کر بھی اصل کیفیت کے خمار سے لاعلم رہتا ہے۔
ازدواجی زندگی محض ایک رُخ ہے،حوالہ ہے،راستہ ہے۔۔۔ خوشی کے حصول کا۔ لیکن یہ بھی "دو اور لو" کی پالیسی پر چلتی رہے تو انسان خوشیوں کے اُڑن کھٹولے پر سفر کرتا رہتا ہے۔ اس کا یہ مطلب بھی نہیں کہ جن کی قسمت میں زندگی کا یہ روپ دیکھنا نہ لکھا ہو یا ان سے زندگی کا یہ روپ چھن جائے ان کے لیے حدود وقیود کے اندر رہتے ہوئے طمانیت وسکون کے دروازے بند ہو جاتے ہیں۔
ازدواجی زندگی دنیاوی رشتوں کا ایک موسم ہے۔۔۔ کتاب زیست کا ایک باب ہے۔۔۔ جس کے ہرورق پرایک نئی تحریر نئی زبان میں لکھی ملتی ہے۔۔۔اس کو سمجھنا اور اس کے امتحان میں پاس ہونا زندگی کے باقی امتحانوں میں کامیاب ہونے کا حوصلہ عطا کرتا ہے۔ لیکن اس میں ناکامی زندگی کی مکمل ناکامی نہیں بس پھر ہر محاذ پر زیادہ محنت زیادہ سمجھوتے کرنا پڑتے ہیں۔
 یہ تُرپ کا وہ آخری پتہ بھی ہے جس پر سارے کھیل کی کامیابی یا ناکامی کا دارومدار ہے۔ جو بات وقت پر سمجھ آجائے اُتنا جلد انسان اپنے آپ کو ایک بڑے اور آخری امتحان کے لیے تیار کر سکتا ہے۔وہ امتحان جس کے سامنے یہ چھوٹے چھوٹے پرچے محض کھیل تماشا،دھوکے کا سامان ہیں۔ لیکن کیا کریں اُس امتحان میں بیٹھنے کے لیے ان پرچوں میں کامیاب ہونا بہت ضروری ہے۔ انٹری ٹیسٹ اچھا ہو تو بڑے ادارے میں داخلہ ملنے کی اُمید رکھی جا سکتی ہے۔

1 تبصرہ:

  1. ماشاللہ بہت اچھی سوج اور تحریر پڑح کر ایسا لگا جیسے یہ میرے خٰالات کو الفاظ کا جامہ پہنا دی اہے آپ نے

    جواب دیںحذف کریں

"کتبہ"

"کتبہ" جس طورانسانوں کی دنیا اور انسانوں کے ہجوم میں ہر آن اضافہ ہو رہا ہے تو اس طرح قبرستان بھی تیزی سے آبادہو رہے ہیں۔ گھر...