منگل, ستمبر 22, 2026

"رونا"

اس جہاں رنگ وبو میں ہمارا آنا کمال ہے تو  جانا بھی کمال ہے۔ہمارے رونے سے شروع ہونے والا آنے کا  یہ سفر  دوسروں کے ہمارے لیے آنسو  بہانے پر اختتام پذیر ہوتا ہے۔  رونا تکلیف کی علامت ہے۔ کیا درد کا رشتہ ہے یہ زندگی بھی۔ اہم بات یہ ہے کہ  پیدائش کے اولین لمحات کی کہانی ہو یا وقتِ آخر کی بپتا، ہم کبھی نہیں جان سکے اور نہ کبھی کوئی بتا سکا ہے، اربوں کی دنیا کے اس کھُلے راز سے یقیناً  کبھی پردہ نہیں اُٹھ سکے گا۔جان گئے ہیں تو بس اتنا کہ یہ ایک دنیا  سے دوسری دنیا کا سفر ہے جسے ہر ایک نے تنہا بغیر کسی کے سہارے خود طےکرنا ہے۔ ہمارے اپنے ساتھی، ہمارے پیارے صرف تماشائی ہیں وہ گرچہ دیکھ کر بھی نہیں جان سکتے لیکن اپنی عقل کے مطابق سمجھنا  ضرور اُن کے اختیار میں ہے۔دنیا میں پہلا سانس لینے والے بچے  کے  رونے کی آواز  نہ آئے  تو ساری زندگی کا خسارہ سنائی دینے لگتا ہے لیکن کسی اپنے جانے والے کی میت پر زاروقطار روتے   ہم سوچ سمجھ سے عاری  کیوں ہو جاتے ہیں۔یہ اللہ کے فیصلے ہیں کہ کسی کو کس وقت لے جائے یا اس کی زندگی کے آخری لمحات  میں کیا پیش آتا ہے۔شاید  ہمیں جانے والے کی ذات سے زیادہ  فقط بچھڑنے کا اپنا دکھ دکھائی دیتا ہے۔ 

 منسلک بلاگ ۔ سیلیوٹ۔۔   ۔ سے اقتباس۔۔

ہر وہ شخص جس نے ہماری زندگی  میں مثبت کردار ادا کیا ہمیں  اُس کی زندگی میں اُس کے سامنے ہی اُسے  عزت دینی چاہیے،سیلیوٹ کرنا چاہیے۔یہی نہیں بلکہ ہمیشہ کے لیے اس دنیا سے چلے جانے کے بعدکسی کی محبت  میں  آنسو بہانا بھی بےکار ہے۔"ہمیں انسان کی زندگی میں اُس کے سامنے رونا چاہیے"۔
وضاحت یوں کہ  جانے والا اگر بد تھا تو پھر اُس کا شرفتنہ انگیز تھا۔نیک تھا تو ہمیں اُس کی طرح نیکی کرنے کی توفیق کیوں نہ ملی۔دُکھی تھا تو ہم اُس کے دُکھوں کا ازالہ نہ کر سکے۔ہمارا پیارا تھا تو ہم نےاُسے دل سے لگا کر کیوں نہ رکھا۔
اُس کا پیار ہم پرقرض تھا جس کو اُس کی زندگی میں ادا کرنا ہمارافرض تھا۔اُس کے سامنے کم ازکم ایک بارآنسوبہا کراُس کی محبت وخدمت کا اعتراف کرکے شاید ہم اُسے دُنیا کی سب سے بڑی خوشی دے دیتے۔لیکن ہم تو اُس کی نوازشات کی بارش میں بھیگ کر زندگی کا لُطف لیتے رہےاور وہ زندگی سے دُورہوتا گیا۔دوسروں کو راحت وسکون دیتے دیتےاُس کی ذات وقت کے گلیشیئر میں دفن ہوتی چلی گئی۔بروقت ہنگامی امداد سے شاید کچھ سانسیں لوٹ آتیں پر ہمیں پھر بھی عمل کی توفیق نہ ہوئی۔اب جب بازی پلٹ گئی جانے والا چلا گیا تو رونا بیکارِمحض ہے۔اب تو خوش ہونے کا مقام ہے۔۔۔اگر بد تھا تو اپنے انجام کو پہنچ گیا۔ نیک تھا تواپنی نیکیوں کا اجر پا لے گا۔ہم نے اُس کی قدر نہیں کی۔۔۔اللہ کے ہاں اعلیٰ مقام پر ہو گا۔
ہم اس کی خدمات کا حق ادا نہ کر سکے۔۔۔باری تعالیٰ اپنے بندے کی محبت کا پورا بدلہ عطا کرتا ہے۔رونا صرف اپنی نااہلی پر۔۔۔ ایک خوشبو سےمحرومی کے احساس پر ہو تو جائز ہےورنہ اپنے آپ کو فریب دینے کے مترادف ہے۔

 انسان کی اچھائیاں اُس کے ہمیشہ کے لیے نظروں سے اوجھل ہونے کے بعد ہی نظر آتی ہیں اور اُن کی روشنی  کافی دیر تک پیچھے رہ جانے والوں کے تاسف کا ساتھ دیتی ہےجبکہ انسان کی برائیاں اُس کے ساتھ دفن ہونے میں ذرا سی بھی تاخیر نہیں کرتیں اور اس سے ملنے والے  زخم پیچھے رہنے والوں کےلیےکتنا ہی ناسور  کیوں نہ بن جائیں وقت کا مرہم  بہت جلد  ان کے داغ بھی مٹا دیتا ہے۔


 

پیر, ستمبر 21, 2026

"کشکول"

 زندگی کا کشکول خالی ہے یہ تو نظر آتا ہے لیکن  اس کاسے میں کیا      پایا   یہ دکھائی نہیں دیا۔ وہی مثال کہ کسی کو گلاس آدھا خالی دِکھتا ہے تو کسی کو آدھا بھرا ہوا۔  بےشک یہ نصیب کے فیصلے ہیں لیکن  کسی کے نہ ہونے (خواه وہ  رشتہ ہو یا  کوئی چیز ہو) کاکرب تو سب جانتے ہیں لیکن ایک  دکھ 'ہونے' کا بھی ہوتا ہے۔ رشتوں کےبظاہر مضبوط حصار گلے کا وہ  ریشمی پھندا بن جاتے ہیں کہ جودیکھنے میں  کتنا ہی خوش رنگ کیوں نہ لگے اس کی پل پل تنگ ہوتی گرفت سانس روکتی جاتی ہے۔اس سمے انسان کسی اور سے مد د مانگنا تو دور کی بات اپنے آپ سے بھی کہنے کی ہمت نہیں کر پاتا اور رب  کو پکارنا تو سراسر ناشکری کے زمرے میں آتا ہے۔ دوسرے لفظوں میں کہا جائے تو  زندگی میں ناکام یا ادھورے فرد کو  تو  ترس اور ہمدردی کے نام پر کاندھے بھی مل جاتے ہیں لیکن   ستارے جیسی جگمگ  اورتتلی مانند پرواز کرتی رنگین مسکراہٹ اسے خود سے بھی نظریں چُرانے پر مجبور کر دیتی ہے۔کامیاب زندگی  خلا کی اس بےکراں خاموشی کی طرح ہے جس میں اپنی سوچ بھی چیخ کی مانند  سنائی  دیتی ہے کسی کے ساتھ شیئر کرنا تو اپنی پردہ پوشی کا بھرم  خودہی ختم کرنا ہے۔. بس دعا  ہے  سب کے لیے کہ اللہ آخری سانس تک ذہنی اور جسمانی  برداشت قائم رکھے۔رشتوں کے رانگ نمبر اذیت تو بہت  دیتے ہیں محض برداشت کی نہیں بلکہ لب سینے والی خاموشی کی ، ان "رائٹ نمبرز" کے سامنے جو ان کہی بھی جان لینے کا ہنر جانتے ہیں. یہ رانگ نمبرَ  برسوں  سے لگتے چلے جاتے ہیں تو کبھی نئے ملنے والے بھی رانگ نمبر سے زیادہ کچھ نہیں ہوتے۔  لہجوں کی تلخی، رویوں کی سرد مہری مسافر  کو دوگھڑی سستانے کی مہلت بھی نہیں دیتی۔

  زندگی کا نچوڑ

ہمیں صرف اور صرف اپنے اوپر کام کرنا ہے،اپنے آپ کو بدلنا ہے، اپنے آپ کو وقت اور حالات کی الجھی ہوئی پزل میں ایڈجسٹ کرنا ہے۔سوائے اپنے سب کو چھوڑ  دو.۔مسئلہ یہ  ہے کہ ہمارے سارے مسائل دوسروں سے شروع ہوتے ہیں اور ہمارے یقین کی حد تک خیال میں  دوسرے پر ہی ختم ہوتے ہیں۔ہوش سنبھالنے اورزندگی کے  نشیب وفراز سے نبرد آزما ہوتے ہوئے ہر لمحے اس پر مہر لگتی چلی جاتی ہے۔ ہم کتنے ہی روشن خیال،عقلیت پسند اور مثبت طرزفکر کے حامل ہی کیوں نہ ہوں، ہمارے دکھ دوسروں کے رویوں سے جنم لیتے ہیں اورہماری خودترسی کی اندھی قبر میں دفن ہو جاتے ہیں۔.زندگی   دیہاڑی دار مزدور کی طرح گزاری جائے،  روز کی محنت روز کی روٹی۔زندگی بس جہاں ہے جیسا ہے کی بنیاد پر جی جائے تو کچھ سہولت سے گزر ہی جاتی ہے ورنہ گزرنا تو اُس نے ویسے بھی ہے  ہم سے پوچھے  بغیر، ہماری مرضی کے بنا۔

 

"قسمت"

  زندگی کے بہت سے سوالوں    میں اُلجھتے ہوئے "قسمت" نام کا سوال  ہر ہر موڑ پر سامنے آ جاتا ہے۔  "قسمت" نامی یہ سوالیہ لفظ ہمیشہ  دو میں سے کسی ایک سابقے کے ساتھ      ہماری زندگیوں میں داخل ہوتا ہے۔ خوش قسمت ؟   یا بدقسمت؟۔ 

خوش قسمتی کی  قوسِ قزح کب تک ہمارے آس پاس      جلوے بکھیرتی رہے  یا کب بدقسمتی کی کالی گھٹا ہمیں اپنے حصارمیں لے لے ،ہم کبھی نہیں جان سکتے ۔  انسانوں کے ہجوم میں کون خوش قسمت ہے اور کون بدقسمت،اس بات  کا تعیّن   بھی کسی کی ظاہری حالت یا حالاتِ زندگی سے نہیں کیا جا سکتا۔  غرض  یہ  کہ زندگی کے آخری سانس تک کسی  ایک شخص   کی بھی خوش قسمتی یا بدقسمتی  ماپی نہیں  جاسکتی۔

خوش قسمتی کو اگر مجسم دیکھنا چاہیں تو وہ ایک ایسی درازقد زرق برق دُلہن ہےجو نظر مبہوت کر دیتی ہے۔انسان اس کو پانے کےخمار میں گرد وپیش سے بےخبر ہو جاتا ہے۔کاش انسان ایک پل کو ہی سہی ذرا اس کافر اداحسینہ کی نگاہِ ناز سےفرصت پائے تو دیکھے کہ اُس کے جہیز میں پلُو سے بندھی ایک کوتاہ قامت،مدھم نقوش اور پکی رنگت کی خادمہ بھی چلی آ رہی  ہے۔جس کے کام سے تو دور کی بات اس کےنام سے بھی کسی کو کوئی غرض ہے اور نہ ہی فرصت۔ تماش بینوں کو تو  رہنے دیں،وہ جس کا تمام عمر کا نصیب لکھ دیا گیا وہ بھی اس پیکیج سے ان جان ہی رہتا ہے۔

 گزری دہائیوں  کی شادیوں میں  ہونے والے  فوٹوسیشن   میں نظرآنے والے اُس ان جان  بچے کی طرح جو ہر تصویر میں خاص لوگوں کے بیچ دانت نکال کر عجیب وغریب پوز بناتا  تھا  اور بعد میں تصاویر   دیکھنے والےاس کو لعن  طعن  کرنے  سے  بڑھ کر اپنے آپ کو ہی کوستے رہ جاتے  کہ اس طرف  کیوں نہیں دھیان گیا۔ بدقسمتی نام کی یہ خادمہ  گرچہ دُھوم دھڑکےاس جشن میں سائے کی طرح ساتھ تو  رہتی ہے لیکن   آنکھیں خیرہ  کر نے والی روشنیوں اور         کان پڑی آواز سُنائی نہ دینے والے شور میں کس  کا اس طرف دھیان جاتا ہے یا کس کو ایک لمحہ ٹھہر کر دیکھنے کی مہلت ملتی ہے۔اور یہ حق بھی ہے کہ خوشی کے موقع پر خوشی کا ہی شگون  ہونا چاہیے۔ لیکن کیا کیا جائے کہ  خوش قسمتی کی دُلہن  بدقسمتی کی خادمہ   کے بغیر ایک   قدم بھی نہیں اُٹھا سکتی۔رقصِ مسرت جاری رہتا ہے  یہاں تک کہ رُخصتی کا وقت آن پہنچتا ہے۔ بےشک  کتنا ہی نیک تمناؤں  اورپُرخلوص دٗعاؤں کے ساتھ   الوداع  کیا جائے لیکن  ان ہونی کو کوئی نہیں ٹال سکتا۔اطمینان کے یخ بستہ   نگارخانے سے قدم باہر رکھتے ہی  کب مقدر کی لُو  خادمہ کو دُلہن کی جگہ پر بٹھا دے یا کب  رخِ یار  کا دیدار      چاروں طبق روشن کر دے یہ کوئی نہیں جان سکتا۔ بسا اوقات سالوں اسی شش وپنج  میں گزر جاتے ہیں۔

 حرفِ آخر

  اپنے بارے میں ہم  سے بہتر کوئی نہیں جانتا  کہ ہم خوش قسمت ہیں یا  بدقسمت۔ حساب کتاب   نہیں لگانا کہ  کاروبارِزندگی میں کیا کھویا کیا پایا۔ جو گزر گیا سو گزر گیا۔نفع کا جشن  تمام ہوا تو خسارے  کا روگ  بھی قصۂ پارینہ ٹھہرا۔ انسان یا تو خوش قسمت ہوتا ہے اور یا بدقسمت۔اِن کے درمیان کچھ نہیں ۔  لیکن ایک خوش قسمت  شخص اپنی عمر کے ہر لمحے خوش قسمت کبھی  بھی  نہیں رہ سکتا،اِسی طرح ایک بدقسمت  انسان کے پاس بھی  خوش قسمتی کسی نہ کسی پل دستک ضرور دیتی ہے۔

"پرانے دوست"

  پرانے دوست ان  قیمتی  کپڑوں کی طرح ہوتے ہیں جو موجودہ فیشن سے مطابقت نہ رکھیں تو ہم انہیں کبھی نہیں پہنتے  اور نہ کسی کو دینے کا حوصلہ رکھتے ہیں۔ وہ  چپ چاپ ہمارے لاشعور  کے  غلاف  میں رہتے ہوئے   یاد کے کسی بھاری صندوق کی سب سےنچلی تہہ میں  اتر جاتے ہیں۔لیکن ایسا ہمیشہ نہیں ہوتا۔ جیسے کہ فیشن  پلٹ کر آتا ہےاور ہم ان پرانے کپڑوں کو نئے انداز سے  فخریہ زیب تن کرتے ہیں۔ اِسی طرح ایک لمبے عرصے  کے بعد ملنے والے وہی بےغرض  دوست جن سے کبھی چھوٹی چھوٹی خوشیاں بانٹی جاتی تھیں تو کبھی معمولی باتوں پر ناراضگی بھی ہو جاتی تھی اور پھر  روٹھنے اور منانے  کے مرحلے بھی پیش آتے تھے۔اب پہلی ملاقات میں بظاہر اگر پرانی یادوں کو شدت سے محسوس  بھی کیا جائے لیکن وقت کا دھارا ہر ایک کو کہاں سے کہاں پہنچا دیتا ہے۔ یہ محض سالوں کی دوری نہیں ہوتی. بلکہ وقت کے اس لمحے  وہی دو دوست  زندگی کے الگ الگ محاذ پر  گرم سرد جھیل کر اپنےحصے کی زندگی جی رہے ہوتے ہیں۔ان کی ترجیحات مختلف ہوتی ہیں۔ ان کے مسائل جدا ہوتے ہیں اور سب سے بڑھ کر  ان کی ذہنی سطح بھی یکساں نہیں ہوتی۔ سو  اس طور ملے دوست  کسی انتظارگاہ میں اپنی سواری کے منتظر ان اجنبیوں کی طرح  ہوتے ہیں جو لمحوں میں دوست تو بن جاتے ہیں، دُکھ سُکھ پرولتے ہیں، فون نمبر کے تبادلے بھی ہوتے ہیں لیکن پھر اپنے اپنے سفر پر روانہ ہوجاتے ہیں اور شاید کبھی دوبارہ نہیں ملتے۔

  لیکن کچھ پرانے دوست ایسے بھی ملتے ہیں جو  ہماری آج کی ذہنی سطح کو چھو جاتے ہیں. زندگی کی مسائل کو سلجھاتے سمے ان کا مہربان ساتھ تپتی دھوپ میں شجر سایہ دار کی مانند دکھتا ہے. ہماری آنکھ کی نمی ان کے دل پر اثر کرتی ہے۔ ہاں! پرانے دوست سے ملنا  پل کی خوشی ضرور دیتا ہے  لیکن صرف اُس لمحے جب بخت آپ پر اور اُس پر یکساں مہربان دِکھائی دے ورنہ ناآسودگی اور  دُکھوں  کی پوٹلیاں پرولتے سمے  ایک نامعلوم سا بوجھ بھی روح میں اُتر جاتا ہے۔۔

منسلک بلاگ۔۔ بیالیس  برس  بعد۔ 

منگل, جولائی 28, 2026

"منیرہ قریشی اور اُن کی کُتب"

تعارف مصنف

 منیرہ قریشی   درس وتدریس کے شعبے سے وابستہ ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ   سماجی اور رفاعی اداروں کے قیام کے حوالے سے  واہ کینٹ کا ایک معتبر نام  ہیں۔علمی اور ادبی ماحول نے ذوقِ مطالعہ کو مہمیز کیا۔کتابوں سے محبت اور لفظ سے  دوستی کے سفر میں اپنے احساسات     خاموشی   سے سپردِقلم کرتی رہیں۔وقت نے مہلت دی اور بخت نے اجازت دی تو   احباب کے اصرار پر   اپنے خیالات وتجرباتِ زندگی           کتاب  کی صورت مجتمع کر کے      سامنے لائیں۔

  منیرہ قریشی کی   شائع ہونے والی کتابوں پر ایک نظر 

٭  لمحے نے کہا۔۔۔ شاعری 

٭یادوں کی تتلیاں۔۔۔۔ خودنوشت

٭سلسلہ ہائے سفر۔۔۔ سفرِ حج اور  بیرونِ ملک سفر(ملائیشیا،دوبئی ،تھائی لینڈ ،انگلستان  اور ترکی)   کا احوال

٭اِک پرِخیال۔۔۔انشائیے

٭ جنگل کچھ کہتے ہیں۔۔۔ رپور تاژ

 



اتوار, مارچ 23, 2025

"ایک زرداری سب پہ بھاری"

گو ہاتھ کو جُنبش نہیں آنکھوں میں تو دم ہے

رہنے دو ابھی ساغرومینا مِرے آگے

آنکھوں دیکھی حقیقت کو جھٹلایا نہیں جاسکتا۔8ستمبر 2013 کو  جس سفر کا  تزک و احتشام  کے ساتھ اختتام ہوا تھا،عین  دس برس بعد اسی طور آغاز ہوا اور تاحال(23 مارچ2025) پورے زوروشور سے جاری ہے۔اب کوئی  سوشل میڈیا کا ڈھول پیٹے یا کسی بھی صاحب اقتدارکی بینڈ بجا دے،جو "بینڈ باجا بارات" کا سماں وقت کے بہترین اور اعلیٰ ترین نیلام گھر میں دیکھتی آنکھوں نے دیکھا اور سنتے کانوں نے  سماعت  کیا،بےشک وہ سورہ آلِ عمران (3)کی 26 ویں آیت کی مکمل تفسیر تھا۔

آیت 26 ،ترجمہ

تو کہہ اے اللہ، بادشاہی کے مالک! جسے تو چاہتا ہے سلطنت دیتا ہے اور جس سے چاہتا ہے سلطنت چھین لیتا ہے، جسے تو چاہتا ہے عزت دیتا ہے جسے تو چاہے ذلیل کرتا ہے، سب خوبی تیرے ہاتھ میں ہے، بے شک تو ہر چیز پر قادر ہے۔

پھر ہم کون ہوتے ہیں صحیح غلط کے فتوے دینے والے۔ ہم اپنی محدود عقلی صلاحیت سے رب کے کام اور اُس کی حکمت کبھی سمجھ ہی نہیں سکتے۔

لوگوں کے دلوں سے لے کر ان کی قسمتو ں کا فیصلہ کرتے اقتدار کی زندگی گزارنے کا ڈھنگ صرف اور  صرف دماغ کا کھیل ہے۔ ویسے تو  دنیا کی زندگی میں ہر ہر مقام  اور  ہر ہر  محاذ پر  کامیابی بہترین منصوبہ بندی کے بغير ممکن نہیں لیکن کچھ لوگ قسمت کے دھنی ہوتے ہیں کہ  مٹی میں ہاتھ ڈالیں سونا بن جائے   تو کچھ  جہاں سونے کا نوَالہ لے کر پیدا ہوتے ہیں وہیں اس کی لذت اُن کے جینز میں  ایسی منتقل  ہوتی ہے کہ  اس  خمار آلود کیفیت میں  نسلیں گزرتی چلی جاتی ہیں۔ کچھ  ایسے بھی، مقناطیسی شخصیت کے مالک کہ  کیا جنس کا لوہ چون ،ہوا میں موجود دوسرے مادوں سے بنے ذرات بھی ایک عالم بےخودی میں کھنچے چلے آئیں۔جگ میں نام مقام حاصل کرتے ہیں۔سورج کی روشنی کی طرح بلا تخصیص ،کیا اپنا کیا پرایا، کیا دوست کیا دشمن  سب کو اپنےحصار میں لے کر دم بخود کرنے کی صلاحیت کے حامل۔بجا کہ یہ  خوش قسمت ترین ہونے کے زمرے میں تو آتے ہیں لیکن ان کی اپنی ذاتی محنت اور خداداد صلاحیت سے بھی انکار نہیں۔ کیا کہا جائے کہ قسمت کے اُلٹ پھیر یا زندگی کے اُتار چڑھاؤ میں یہ چڑھتا سورج ہی ثابت ہوتے ہیں۔ جس طرح کائناتِ دنیا  میں یکتا  سورج کتنا ہی ضروری  کتنا ہی روشن کیوں نہ  ہو اس کی قسمت میں ڈھلنا اٹل ہے۔ اسی طور وقت کا بےرحم پہیا جب گردش میں آتا ہے تو جانے ان جانے کےبےضرر ذاتی طور طریقوں، احبابِ اور لباس کے چناؤ میں لمحوں کی معمولی غلطیاں بسا اوقات خلقت کے سامنے یوں برہنہ کر دیتی ہیں کہ اپنے گریبان میں جھانکنے کاحوصلہ بھی نہیں رہتا، خواہ ساری دنیا ساتھ ہو، ساتھ رہنے کے نعرے اور  وعدے ہی کیوں نہ کر رہی ہولیکن  تخت سے تختہ  تک کے سفر میں سورج سمان وہ تنہا شخص  آگے کنواں پیچھے کھائی کے مصداق وقت کے رحم و کرم کا منتظر ہی رہتا ہے۔

منسلک بلاگ۔۔

"٭1)"بےنظیر، واہ زرداری، آہ زرداری

اشاعت ۔پیر, 8ستمبر , 2013

٭2) "نظر لگ گئی"۔

اشاعت۔۔بدھ 8 مئی۔2013

حرف آخر

   حاکمیت کا یہ  میوزیکل کھیل  برسوں سے جاری ہے. ہم بےنام عام عوام اس تماشائے اقتدار کا ایندھن  ہی کیوں نہ ہوں لیکن تماشائی  ہونے کا شرف  ہم سے  کوئی بھی نہیں چھین  سکتا۔کس کی ہار اور  کس کی جیت  سب تاریخ کے اوراق  میں ثبت ہے۔ہم بحیثیت قوم اگر ہارتے بھی جا رہے ہیں تو جیتے وہ بھی نہیں۔

سقوط پاکستان (1971)کے پس منظر میں جناب احمدفراز کی لکھی نظم آج تقریباً 55 برس بعد بھی ہمارے حسبِ حال ہے۔

"اب کس کا جشن مناتے ہو از احمد فراز" اب کس کا جشن مناتے ہو، اس دیس کا جو تقسیم ہوا اب کس کے گیت سناتے ہو، اس تن من کا جو دونیم ہوا اس خواب کا جو ریزہ ریزہ ان آنکھوں کی تقدیر ہوا اس نام کا جو ٹکڑا ٹکڑا گلیوں میں بے توقیر ہوا اس پرچم کا جس کی حرمت بازاروں میں نیلام ہوئی اس مٹی کا جس کی حرمت منسوب عدو کے نام ہوئی اس جنگ کو جو تم ہار چکے، اس رسم کا جو جاری بھی نہیں اس زخم کا جو سینے پہ نہ تھا، اس جان کا جو واری بھی نہیں اس خون کا جو بدقسمت تھا راہوں میں بہا یا تن میں رہا اس پھول کا جو بے قیمت تھا، آنگن میں کھلا یا بن میں رہا اس مشرق کا جس کو تم نے نیزے کی انی، مرہم سمجھا اس مغرب کا جس کو تم نے جتنا بھی لوٹا، کم سمجھا ان معصوموں کا جن کے لہو سے تم نے فروزاں راتیں کیں یا ان مظلوموں کا جس سے خنجر کی زباں میں باتیں کیں اس مریم کا جس کی عفت لٹتی ہے بھرے بازاروں میں اس عیسیٰ کا جو قاتل ہے اور شامل ہے غم خواروں میں ان نوحہ گروں کا جس نے ہمیں خود قتل کیا خود روتے ہیں ایسے بھی کہیں دم ساز ہوئے، ایسے جلاد بھی ہوتے ہیں ان بھوکے ننگے ڈھانچوں کا جو رقص سر بازار کریں یا ان ظالم قزاقوں کا جو بھیس بدل کر وار کریں یا ان جھوٹے اقراروں کا جو آج تلک ایفا نہ ہوئے یا ان بے بس لاچاروں کا جو اور بھی دکھ کا نشانہ ہوئے اس شاہی کا جو دست بدست آئی ہے تمہارے حصے میں کیوں ننگ وطن کی بات کرو، کیا رکھا ہے اس قصے میں آنکھوں میں چھپائے اشکوں کو، ہونٹوں میں وفا کے بول لیے اس جشن میں میں بھی شامل ہوں نوحوں سے بھرا کشکول لیے

اتوار, اکتوبر 06, 2024

"کتبہ"

"کتبہ"
جس طورانسانوں کی دنیا اور انسانوں کے ہجوم میں ہر آن اضافہ ہو رہا ہے تو اس طرح قبرستان بھی تیزی سے آبادہو رہے ہیں۔ گھر پر لگی تختی اگر مالکِ مکان کی شناخت ہے تو کتبہ یا لوح صاحبِ ِ قبر کی نشاندہی کرتے ہیں۔یہ سادہ سی بات اتنی سادہ ہرگز نہیں۔ گھرپر لگی تحتی مالکِ مکان کی حیثیت ( اسٹیٹس) کی ترجمان ہوتی ہے اور بعض اوقات تو کیا اکثراوقات اسے غیرمحسوس طور پر انسان کی زندگی کمائی کا حاصل اور فخر بھی کہا جا سکتا ہے ۔
لیکن دنیا کے منظر سے ہمیشہ کے لیے غائب ہونے کے بعد ملکیت کی علم بردار اس تختی اور قبر کے سرہانے لگے کتبے میں کوئی فرق باقی نہیں رہ جاتا۔غور کیا جائے تو روشنیوں سے آباد پکے گھر کی بیرونی دیوار پر لگی اس تختی کے بین روح جھنجھوڑ دیتے ہیں کہ "ہاں یہ وہی"معدوم" ہے جو کسی قبرستان کے دوردراز ویرانے میں مٹی کے مدفن میں "موجود" ہے۔ہم سانس لیتے انسان اپنی موت تو یاد رکھتے ہیں،قبر کے بارے میں بھی سوچتے ہیں لیکن کبھی اپنے اس کتبے کے بارے میں خواب تو خیال میں بھی نہیں سوچتے ۔ وہ کتبہ جس پر فقط ہمارا نام یا ہمارے لواحقین کی محبت وعقیدت اور اُن کا فہم ہی کنندہ ہو گا۔
کتبہ خواہ کسی ویران کھنڈر ہوتی قبر پر لگا ہو یا سجی سجائی قبر کا تاج، نامور شخصیات کی "آخری آرام گاہ" کا ثبوت دے یا گمنام انسان کو "نام" کی تکریم دے۔ہمیشہ باعثِ عبرت ،حسرت اور روح میں اُترنے والے سناٹے کو جنم دیتا ہے۔قصہ مختصر کتبہ انسان کی دنیا کہانی کی کتاب کا وہ آخری صفحہ ہے جس کے متن سے وہ خود لاعلم رہتا ہے۔

بلاگ مراقبۂ موت " سے اقتباس۔۔"

٭دور دور تک پھیلی قطاردرقطار قبروں میں رہنے والے زبانِ حال سے داستانِ زندگی کہتے تھے تو اُن کے سرہانے لگی تختیاں اپنوں کی محبت یا ان کی بےحسی کا نوحہ سناتی تھیں۔

٭ قبرستان میں قدم رکھتے ہی جہاں  وسعتِ نگاہ تک  قبور  کی دُنیا دِکھائی دیتی ہے  وہیں ان کے سرہانے لگے کتبے  اہلِ قبر کی زندگی کہانی سناتے  اور سوچ کے در کھولتے ہیں۔ کتبے کوکسی قبر کا  ایک روایتی تعارف  کہا جا سکتا ہے۔لیکن   نام ہی کی طرح  یہ وہ شناخت ہے جوہمارے   قرابت دار اپنے فہم اور  احساس کے  تحت ہی  طے کرتے ہیں۔ دوسرے الفاظ میں   ہمارا نام اگر  دنیا میں آمد کی  نوید  ہے تو ہمارا کتبہ ہمارے جانے  پر مہر ثبت کرتا ہے اور ہر دو کے رکھنے اور متن سے ہمارا دور کا بھی واسطہ نہیں۔ جب ہم زندگی کتاب کے استعارے سے بات کریں  تو کتبے کو اس کے آخری باب "موت" کا انتساب کہا جا سکتا ہے ایسا انتساب جس  کے   رکھنے  کا صاحبِ کتاب سے کوئی لینا دینا نہیں ہوتا ۔ 
٭ میں اہم تھا یہی وہم تھا۔
٭ آج زمین کے اوپر کل زمین کے نیچے۔
٭ کہانی ختم زندگی شروع۔
٭ عمر  کٹ ہی گئی۔
٭ زندگی خاک ہی تو تھی  سو خاک اُڑاتے گذری۔
 ٭بس یہی تو منزل تھی۔
٭ آج ہماری کل تمہاری
٭آج یہاں کل وہاں
 ٭اگر اور یقیناً کے بیچ کی کہانی
٭ اپنی اپنی قبر اپنا اپنا حساب
حرف آخر
صفحہ 275۔۔۔مرنے والوں کو کچھ فرق نہیں پڑتا کہ اُن کی قبر پر ایک تاج محل تعمیر ہوتا ہے۔۔۔یا وہ بارشوں میں دھنس کر ایک گڑھا بن جاتی ہےاور اُس میں کیڑے مکوڑے رینگتے ہیں اور یا اُس سے ٹیک لگا کر سائیں لوگ چرس کے سُوٹے لگاتے ہیں۔ بس یہ ہے کہ ییچھے رہ جانے والوں کو فرق پڑتا ہے۔ 

منسلک بلاگ۔انتساب سے کتبے تک

منسلک بلاگ ۔ منہ دِکھائی سے منہ دیکھنے تک


 

منگل, اکتوبر 01, 2024

" پیش لفظ ۔۔ جنگل کچھ کہتے ہیں "

"   پیش لفظ" ۔۔۔"جنگل کچھ کہتے  ہیں "

    منیرہ قریشی اور واہ کینٹ لازم وملزوم ہیں۔پینتیس برس پہلے ایک تعلیمی ادارے کی بنیاد رکھی جو اب ایک شجرِسایہ دار کی صورت نونہالانِ  وطن کی آبیاری میں سرگرم ِعمل ہے۔تعلیم کے فروغ کی کامیاب عملی کوشش کے بعد محترمہ منیرہ قریشی اب ایک لکھاری کے طور پر سامنے آئی ہیں۔اپنے تجربات،مشاہدات اور احساسات کو لفظوں  میں پرو کر کتابوں کی رنگارنگ مالا  ترتیب دی ہے۔

خودنوشت "یادوں کی تتلیاں" اگر جسم وجاں پر بیتے  حالات و واقعات کے موسموں کی کتھا ہے  تو "سلسلہ ہائے سفر" دیارِغیرکی فضاؤں میں حیرت وانبساط کے در کھولتے  تاثرات   کی   سرگوشیاں ہیں ۔

انشائیے "اِک پرِخیال"  اگر کھلی آنکھ سے دیکھے گئے معاشرتی مسائل پر خودکلامی ہے تو  "لمحے نے کہا" شاعری کی زبان میں اپنے جذبات کا اظہار ہے۔

نئی آنے والی کتاب" جنگل کچھ کہتے ہیں"لفظوں کے اس رنگارنگ گلدستے میں  ایک خوب صورت اضافہ ہے۔یہ اپنی نوعیت کا  ایک طویل مکالمہ ہے، شناسائی کا سلسلہ ہے جو نصف صدی    سے زائد کئی عشروں پر محيط ہے۔جیسا کہ       نام سے ظاہر ہے  یہ دوبدو بات چیت کی ایسی انوکھی داستان ہے کہ  قاری  خودبخود  اس   گفتگو میں شامل ہو جاتا ہے۔

اہم بات یہ  "جنگل کچھ کہتے ہیں "تخیل  کی انتہا پر جا کر دیوانہ وار رقص کرنے کا نام نہیں بلکہ اس میں  درختوں ، جنگلوں کےحوالے سے  نہ صرف  مادرِوطن بلکہ  بیرونی ممالک  کے  بہت سے ایسے دل سوز تاریخی واقعات  و سانحات  کا ذکر ہے جن کو  پڑھ کر قاری لمحے بھر کو دکھ اور تاسف کےجنگل میں بھٹک جاتا ہے تو  اگلے پل امید کی کرن اسے نئے  راستوں کی چھب دکھلا دیتی  ہے۔

جنگل کچھ کہتے ہیں بطور خاص رپورتاژ نہیں بلکہ فاضل  مصنفہ کےذہنی اور جسمانی سفر کا اپنی طرز کا ایک  منفرد سفرنامہ   ہے.  جس میں بچپن کی معصومیت دِکھتی ہے تو کبھی  لڑکپن کی حیرانی دم بخود کر دیتی ہے۔نوجوانی کی جذباتیت قدم روکتی ہے تو  ادھیڑ عمر کی تنقیدی نگاہ کہانیاں کہتی ہے۔کہیں کہیں گزرتی عمر کی چاپ سنتے ماضی اور حال کے تضادات اُداس بھی  کرتے ہیں۔تخيل  اور حقائق کے خوب صورت امتزاج سے گندھے لفظوں کی یہ مہک قاری کو   آخر تک اپنی گرفت میں لیے رکھتی ہے۔

 منیرہ قریشی  کی تمام تحاریر اُن کے بلاگ " خانہ بدوش" پر پڑھی جا سکتی ہیں۔

munirazafer.blogspot.com

  محترمہ پروین شاکر کا شعر آپ کے ادبی سفر  کے نام

خوشبو بتا رہی ہے کہ وہ راستے میں ہے 

موج ہوا کے ہاتھ میں اس کا سراغ  ہے

      نورین تبسم

اُردو بلاگر "کائناتِ تخیل"

noureennoor.blogspot.com 

یکم اکتوبر  2024

اسلام آباد

جمعہ, اگست 09, 2024

" بیالیس برس بعد "

"  پہلے رابطے سے پہلی ملاقات تک"

 کل ہم نے ملنا ہے اور ان شااللہ ضرور ملنا ہے۔ کل بارش بھی ہے شاید۔ تین  دن  پہلے  بات ہوئی لیکن گذشتہ تین روز سے یادوں اور باتوں کی ایسی  جھڑی  لگی ہے کہ رُکنے میں نہیں آ رہی۔سمجھ نہیں آتا کہ چند  ساعتوں کی محدود رفاقت میں    کہاں تک   برسوں کا احاطہ ممکن ہو سکے گا۔ خیر جوبھی ہے اس طرح ملنا  تہارے  کہنے  پر ہی ہے  ورنہ میرے دل کے  کسی گوشے میں  مدہم پڑتی خواہش  صرف ایک بار  تمہاری آواز سننے  تک محدود تھی۔سب سے پہلے تو  اپنی بھرپور زندگی  سے چند لمحے دینے کا شکریہ  ،لیکن ایک شکریہ میرے لیے بھی کہ یہ وقت تم مجھے ہی نہیں بلکہ اپنے آپ کو بھی دو گی۔ ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہم اپنی زندگی  خود نہیں جیتے۔ہمارے  پاس اپنے آپ کے لیے وقت نہیں ہوتا،ہمارے رشتے ہماری  زندگی کا رس نچوڑ لیتے ہیں ،ہمارا سارا وقت انہیں نبھاتے گذر جاتا ہے۔یہ گلے شکوے کی بات ہرگز  نہیں ۔ہمارے  اپنے،ہماری صحت،ہماری ہمت رب کا بہت بڑا انعام ہے۔اور ہاں  یاد رکھنے کا شکریہ نہیں کہوں گی کہ  تمہارے بےاختیار ملنے کی خواہش   ہی تو میرا اپنی ذا ت پر وہ اعتماد تھا  جو رشتوں کے ہجوم میں کہیں بہت پیچھے رہ گیا تھا۔

وہ  خوشی  جس کی  تلاش میں ہم در در بھٹکتے  چلے جاتے ہیں  کبھی  اچانک سے  اس طور ملتی ہے کہ یقین ہی نہیں آتا۔ ہمارے برسوں پہلے کے دوست جن سے بات کر کے یا زندگی میں کم از کم ایک بار اُن سے مل کر زندگی کی گردش جیسے اپنا رُخ  ہی بدل گئی ہو۔   اسکول کے وہ دوست جن  کے ساتھ   کئی سال تک روزانہ   ایک جگہ اٹھنا بیٹھنا رہا ہو،وہ دوست جو یاد جزیرے میں     ہر پل ساتھ  تو رہتے تھے  لیکن ہم انہیں برسوں  سے  دنیا کی " بتی" والی گلیوں میں  خاموشی سے تلاش کرتے رہےاور جب ملے  تو یوں کہ برسوں کی دوری پل میں سمٹ آئی ۔زندگی کی بھیڑ میں   کھو کر  دل کے آئینے میں ایک دھندلے عکس  کی صورت انہوں نے آپ  کو یاد رکھا     ۔ برسوں کی دوری میں اجنبیت کا شائبہ تک نہ تھا ۔   اپنی تلاش  پر  ایک خوشگوار حیرت  یوں بھی کہ زندگی کے محاذ پر الگ الگ   سرگرم رہنے کے باوجود سوچ سفر میں اپنے دوست سے بہت کچھ قدرِمشترک   ملا حالانکہ  ایک  ساتھ  میٹرک  کرنے کے بعد ہم دونوں کی زندگیوں  کا  سفر   تین سو ساٹھ درجے  کے زاویے      پر   تھا ۔گرچہ عمر کی طویل مسافت طے کرنے کے بعد آج اس لمحے اپنے اپنے  کام  اورر ترجیحات کے اعتبار سے  الگ الگ مقام پر تھے۔ میں اگر سفر تمام ہونے کی چاپ سنتے بس ذرا دیر کو سستانے کی چاہ میں تھی تو تم نے تو ابھی پوری توانائی کے ساتھ نئی  مسافتیں طے کرنا تھیں۔  تمہیں بہت کچھ یاد نہ تھا لیکن مجھے سب یاد تھا۔ جب اسکول میں الوداعی پارٹی پر طالبات کو اشعار کی  صورت  میں  ٹائٹل دیا جاتا تھا  ۔ تمہیں   اکبر الہ آبادی کا یہ شعر ایک  پرچی پر ملا تھا

تحفۂ   شب برات   تمہیں کیا  دوں

 جانِ من  تم تو خود  پٹاخا   ہو

 اور مجھے ملنے والاشعر کچھ یوں تھا ( اس کےشاعر کا نام نہیں ملا)

 لبِ دریا شبِ مہتاب میں جب پھول کھلتے ہیں

ہمیں بےساختہ تیرا تبسم یاد آتا ہے

ایک اہم بات،ایک وضاحت

  خوشی کا تعلق چیز سےہے اور سکون کا احساس سے۔  سو خوشی  کو کسی انسان سے مشروط کبھی نہ کرو  کہ پھر یہ توقع کا رشتہ بن جاتا ہے ۔ ہمیں کسی سے مل کر اگر خوشی ومسرت کا احساس ہو تو اس بات کی کیا گارنٹی ہے کہ ہم سے مل کر اُسے بھی کچھ ایسا ہی محسوس ہوا ہو۔ ہاں! پرانے دوست سے ملنا  پل کی خوشی ضرور دیتا ہے  لیکن صرف اُس لمحے جب بخت آپ پر اور اُس پر یکساں مہربان دِکھائی دے ورنہ ناآسودگی اور  دُکھوں  کی پوٹلیاں پرولتے سمے  ایک نامعلوم سا بوجھ بھی روح میں اُتر جاتا ہے۔

 حرفِ آخر

اس روز  ملنے کے کچھ وقت بعد  جب سوچا کہ کیا کھویا کیا پایا تو مدتوں بعد ملنے کی سرشاری اپنی جگہ لیکن  اپنے آپ  میں خِٖفّت بھی ہوئی     کہ زندگی سے چرائے گئے ان قیمتی  لمحات میں  ہم یا شاید میں   اپنی ذات  سے ہٹ کر   دوسروں کی بات کیوں کرتے رہے۔ وہ جو ہمارے قریب تو رہتے ہیں لیکن ہم انہیں     دِکھتے نہیں ۔  وہ ہمیں دیکھتے تو ہیں لیکن ہمیں جانتے نہیں۔ شاید اس لیے کہ عمرمسافت  میں ملنے والے یہ تمغے ہماری پہچان    ہی نہیں بلکہ معاشرے میں ہمارے مقام کا بھی تعین کرتے ہیں۔یوں کہا جائے تو بےجا نہ ہو گا کہ زندگی کے ڈرامے میں کردار نگاری  کرتے  ہم وہ بونے ہیں جو تماشائیوں کی  واہ واہ کے لیے دوسروں کے بل پر اپنا قد بلند کرنے کی سعی کرتے ہیں ۔  

" توقع"

۔"  توقع کے بطن سے ہمیشہ  دُکھ جنم لیتے ہیں۔ بےغرضی ہر تعلق کی  مضبوطی کا تعین کرتی ہے   چاہے وہ انسان سے ہو یا رب سے"۔

تعلق ہو یا رشتہ  اپنے رب سے ہو یا انسان سے،پائیداری کی بنیادی اکائی احساس ہے۔وہ احسا س جو دل کی تنہائی میں جنم لیتا ہے اور دل کو چھو لیتا ہے۔سچے دل سے اپنے  خالق کا احساس ہر رشتے کی اصلیت عیاں  کرتا چلا جاتا ہے۔

انسان کے انسان سے رشتے  صرف اور صرف ذمہ داری ہوتے ہیں جو لین دین کے محتاج ہوتے ہیں اور نا ہی رابطوں اور اظہار کے۔ ہمارا سئلہ یہ ہے  کہ ہم مقدر کے بنے رشتوں کو بوجھ سمجھتے ہیں اور خود سے بنائے تعلقات کو اہم  جانتے ہیں ۔ تعلق فقط رب سے ہے اور ہونا بھی چاہیے۔انسانوں سے صرف مراسم ہوسکتے ہیں ،اچھے رکھو گے تو اچھا پاؤ گے۔

"جسم کا فساد"

 عافیت چاہتے ہو تو اپنےجسم سے نکل جاؤ"۔

  ساراکاسارا فساد ہی جسم کا ہے۔زندگی برتتے برتتے ادھ موئے سے ہو کر جب    ہم پلٹ کر دیکھتے ہیں تو جسم سے زیادہ روح زخمی دکھائی دیتی ہے۔ یوں لگتا ہے کہ جیسے  رویوں  کی خاردار پگڈنڈیوں نے  احساس لیر لیر کر دیا ہو۔ لہجوں کی  سفاکیت جینے کی اُمنگ چھین لینا ہی چاہتی ہے  کہ اللہ کے کرم سے خیال کی طاقتِ پرواز  یکدم بلند ہو جاتی ہے،اتنی بلند اتنی روشن کہ سب سے پہلے تو اپنی سوچ کی حماقت  دکھائی دیتی ہے کہ جسم کا بوجھ روح کیوں اُٹھائے۔ غور کریں   بلکہ سچ کہیں تو جسم کو ذرہ   برابر بھی فرق نہیں پڑتا ، کون آیا کون گیا، اُسے اس سے کیا لینا دینا۔وہ  تو  بس سخت گیر حاکم کی طرح کبھی پیٹ گھڑی کا الارم بجاتا ہے تو کبھی  درد کی  شدت میں نیند کے  مرہم   سے کام چلاتا ہے ۔ قصہ مختصر  کہ کسی بھی مشکل صورتِ حال میں اپنے جسم سے نکل جاؤ۔ اس کے ساتھ جو ہوتا ہے ہونے دو ،اس  بےوفا کی ہمدردی   میں بچا کچا وقت برباد نہ کرو۔ اپنے سوا کسی کو بدلنے کا اختیا ر ہمارے پاس  نہیں ۔ ہر ایک کو اس کے حال پر چھوڑ دو۔ یہاں تک کہ  اپنے حال کو بھی اس کے حال پر چھوڑ دو کہ جب  ہمارے پاس  اپنے حال کو بدلنے کی   قدرت بھی تو نہیں  ۔۔

"کرنیں (11)"

٭ انسانوں سے معاملات کے  ضمن میں  عمل تربیت کی نشان دہی کرتا ہے اور ردِعمل ظرف کی۔

٭  وردی کوئی بھی ہو  عام  عوام کے عام لباس سے تو بہتر ہی ہوتی ہے۔بس یہ ہے کہ  وردی کی ڈیوٹی سخت اور غلطی کی سزا کبھی تو ناقابلِ معافی۔جبکہ  سادہ لباس میں خزانہ  ڈکار جاؤ  تو   جاتے جاتے بھی سیلوٹ۔

٭   ہماری قیمتی  چیزیں   ہماری زندگی تک ہی قیمتی ہوتی ہیں  اور  برسوں سینت سینت کر رکھی گئی خا ص    چیزیں  ایک وقت کے بعد   ہمارے  لیے  بھی    بےوقعت  ہو جاتی ہیں۔

٭ زبان کا کڑوا کبھی دل کا میٹھا نہیں ہو سکتا۔

٭ گرچہ زبان لٹمس ٹیسٹ ہے ذائقوں کے باب کا لیکن  زبان کی کڑواہٹ  ہر ذائقے پر  سدا  حاوی رہتی  ہے۔

٭ ہماری سلامتی منہ بند رکھنے میں ہے گرچہ اس کی قیمت چُکاتے چُکاتے زندگی کیوں نہ ختم ہو جائے ۔ پھر بھی یہ گھاٹے کاسودا نہیں۔

٭ جیسے ہر  شے کا   ایک   نقطۂ پگھلاؤ  ہے ،اسی طرح ہر احساس کا بھی ایک نقطۂ پگھلاؤ ہوتا ہے۔  انسان اپنی نوعیت کی  ایک منفرد تخلیق ہے تو عام یا خاص  حالات میں  انسانی جذبات کا اس سے بھی بڑھ کر پیچیدہ طرزِعمل  سامنے آتا ہے۔ انسان جب برداشت کے نقطۂ انجماد تک پہنچ جاتا ہے تو بسا اوقات وہی   اُس کا نقطۂ پگھلاؤ ثابت  ہوتا  ہے۔

٭زندگی میں ملنے والا ہر شخص محض ایک سبق ہے۔سمجھ جاؤ،یاد کر لو تو زندگی برتنا سہل ہو جاتا ہے ورنہ ناسمجھی کے رٹے لگاتے رہیں اور خسارۂ زندگی بھگتے جائیں ۔

٭ہمارے بہت سے مسائل ہماری زندگی کے ساتھ ہی ختم ہوتے ہیں۔اپنی زندگی میں اُن کے حل کی توقع بےسود ہے ۔

٭ عزت   نہ تو خدمت سے ملتی ہے اور نہ ہی  اپنی محنت کی کمائی بنا کسی غرض کے  کسی کے حوالے کر کے۔ عزت فقط احساس کا سودا ہے ۔جو ہر کسی کے نصیب میں نہیں۔ بندوں سے اس کی توقع    دُکھ  ہی دیتی ہے۔

٭ جو اچھا سوچتے ہیں وہی اچھا بولتے ہیں۔

٭ خوشیاں اور غم اپنے ہی ہوتے ہیں  ۔وہ کسی اپنے کے ساتھ کبھی بانٹے نہیں جاسکتے۔

٭ انسان اکیلا آیا ہے اور اُس نے اکیلے ہی جانا ہے لیکن یہ کم بخت دُنیا کہ اِس کے ہر ہر موڑ پر ایک ساتھ چاہیے۔

٭ خوشی یہ ہے کہ آپ سے  وابستہ کوئی شخص ناخوش نہ ہو۔

٭خوشی اور سکون دو  الگ الگ  احساسات ہیں تو ان کے معیار بھی جدا  ٹھہرے۔خوشی کسی  بھی چیز سے مل سکتی ہے تو سکون  صرف احساس سے۔

٭ ہم محبت اورعزت کے توازن کی آس میں جیتے ہیں۔یہ تو کہیں بعد میں پتہ چلتا ہے کہ ایک شے اِن سے بھی بڑھ کر ضروری ہے اور وہ ہے ہمدردی۔ہمدردی وہ کم یاب احساس جو کبھی تو ہمیں بھی اپنے آپ سے اپنے لیے   نہیں  ملتا۔ 

٭ہم  صرف وہی باتیں بھولتے ہیں جنہیں ہم یاد رکھنا نہیں چاہتے۔

٭کون کہتا ہے کہ وقت کے ساتھ اور عمر کے بڑھنے سے ہی انسان کی سوچ پختہ یعنی میچور ہوتی ہے؟؟؟ ایسا کبھی بھی نہیں۔ ایسا ہرگز نہیں  صرف اپنے فرسودہ اور ہٹ دھرم اعتقادات پر رہنے والے ہمیشہ سوچ کی اولین چمک کی روشنی سے محروم رہتے ہیں۔

٭ موت مہلت نہیں دیتی اور زندگی فرصت نہیں ۔

٭ ہائی پروفائل   ہوتے ہوئے  لوپروفائل رہنے میں ہی عافیت پوشیدہ ہے۔

٭ زندگی کا اصول کہہ لیں یا اُتارچڑھاؤ  کہ بیج کوئی بوتا ہے اور پھل کوئی اور کھاتا ہے۔ مکان کوئی بناتا ہے اور آباد کوئی اور کرتا ہے۔۔ ہمیں تو بس زندگی کی دیہاڑی میں اپنے حصے کی مزدوری کرنا ہے۔ دوسری بات یہ کہ خوش قسمت کون اور بدقسمت کون ہم یہ فیصلہ کبھی بھی نہیں   کر سکتے۔

"سنو"

سنو  !جب کسی مقام پر پہنچ جاؤ تو  شور نہ مچایا کرو ،اعلان نہ کرتے پھرو،نقارے نہ بجاؤ۔،خاموشی سے بیٹھ رہو۔ تھوڑا سستا لو اور اسے محسوس کرو۔جان لو کہ یہ فتح یہ سرشاری  بس ذرا دیر    کی تو بات ہے پھر تو واپس ہونا ہی ہے۔   

بلندیوں پر قدم جماتے سمے مہربان ساتھیوں کے سنگ گر  بدلتے منظروں کی سرخوشی تھی تو اب اُترائی کے سفر میں نظارے تو وہی ہیں لیکن نظر کا زاویہ کہیں اور ہے۔زندگی کے سفر میں یہ چڑھائی اُترائی کا کھیل بھی عجیب ہے۔جاتے ہوئے کسی کمزور سی شاخ کا  بس ذرا سا سہارا  درکار ہوتا ہے اور قدم خودہی  آگے  بڑھتے  چلے جاتے ہیں  جبکہ واپسی میں اپنے ہر قدم پر نگاہ جمانا پڑتی ہے  وگر نہ دکھائی دینے والے سہارے منہ کے بل گرانے کو کافی  ہوتے ہیں۔ آغازِسفر نئی کہانی کی شروعات  ہوا کرتا ہےجس میں میں ہم نوا  اور رہبر  ملتے ہیں تو واپسی کا سفر صرف اور صرف  اپنے وجدان کے ساتھ  طے کرنا ہوتا ہے۔جاتے ہوئے اگر کمر پر لاد  ے ضرورتوں اور خواہشوں کے بوجھ قدم شل کرتے تھے تو  واپسی  میں ایسی کسی بھی ضرورت سے بےنیاز ہو کر  فقط اپنے قدموں پر نگاہ رکھنے کی ضرورت  اہم رہ جاتی ہے۔ واپسی کا سفر ہمیشہ اُداس کرتا ہے کہ  اب کہانی کا خاتمہ ہے۔دعا بس یہ ہونی چاہیے کہ عزت کی زندگی کا اختتام بھی عزت سے ہی ہو۔ کہانی خواہ ناول کی ہو یا زندگی کی اس کا اختتام ہی اس کی کامیابی کا تعین کرتا ہے۔ بےشک ہماری زندگی کہانی  حرف بہ حرف رب کی طرف سے طے کردہ ہے لیکن یہ بھی حق ہے کہ اللہ نہ کرے اُس نے لکھا  ہو  کہ ہم نے آخر میں خود ہی اپنی زندگی کمائی  لُٹاناہے۔

جمعہ, جون 09, 2023

"سیٹل اور سیٹل منٹ"

سورۂ فرقان(25) آیت 2۔۔ وَخَلَقَ كُلَّ شَىْءٍ فَقَدَّرَهٝ تَقْدِيْـرًا

ترجمہ۔ اور جس نے ہر شے کو پیدا کیا اور پھر اس کے لیے ایک اندازہ مقرر فرما دیا۔

کیا مردکیا عورت ، ہماری دُنیا وی زندگی کی جدوجہد صرف اور صرف ایک لفظ "سیٹل " ہونے کے گِرد گھومتی ہے۔عمر کے ابتدائی ادوار میں تعلیم حاصل کرنے کے مشترکہ مقصد کے بعد لڑکا اور لڑکی کی معاشرتی ترجیحات یکدم دو الگ الگ زاویوں کی سمت پلٹ جاتی ہیں۔اولاد کے مستقبل کی منصوبہ بندی میں بعض اوقات یا اکثر اوقات ہی والدین کی خواہش یا معاشی دباؤ اہم کردار کے طور پر سامنے آتا ہے۔تعلیم کے حصول کے بعد لڑکے کی پہلی ترجیح اگر مستحکم روزگار ہے تو لڑکی یا پھر بطورِخاص اُس کے والدین کے لیے ایک مناسب رشتے کا حصول اہم ہے۔بچوں کی عمر کے کتنے برس ان دیکھے مستقبل کے ان کہےخدشات کی نذر ہو جاتے ہیں۔وقت اپنی چال چلتا ہے کبھی کوئی بہت بڑی رُکاوٹ یوں دور ہوتی ہے کہ گزری عمر کی مشقت اور ناآسودگی ریت پر لکھی تحریر کی طرح مٹ جاتی ہے۔ باقی رہ جاتی ہے تو صرف انسان کی جلد بازی اور کج فہمی کہ و ہ لاشعوری طور پر ہی سہی اللہ کے اختیار کو خود اپنی ذمہ داری سمجھنے لگ جاتا ہے۔

کہانی میں ایک نیا موڑ اس وقت آتا ہے جب بچے روز گار اور رشتوں کے حوالے سے "سیٹل" ہو جائیں تو پھر والدین کے "سیٹل" ہونے کا وقت آ جاتا ہے۔ قطع نظر اس بات کے کہ والدین خواہ کتنے ہی خودمختار کیوں نہ ہوں ،یہ آس پاس بکھری کہانیوں کا سبق ہے تو ہمارا معاشرتی المیہ بھی یہی ہے کہ ساری عمر بچوں کو "سیٹل" کرنے کی مالی اور ذہنی مشقت میں زندگی گزار کر پتہ چلتا ہے بچوں کی "سیٹل" زندگی میں اُن کی گنجائش قطعاً نہیں ہوتی۔ مایوسی یا ناقدری کی بات ہرگز نہیں یہ قدرت کا نظام ہے اس سے فرار ممکن نہیں۔۔زندگی کا ایک سفاک بلکہ اذیت ناک سچ یہ ہے کہ بیٹا ہو یا بیٹی صرف اس وقت ہی ماں باپ کا سہارا بنتے ہیں جب انہیں خود سہارے کی ضرورت ہو۔


بدھ, مئی 10, 2023

" اعجازِحروفِ مقطعات"

"حروف مقطعات"

٭ حروف مقطعات سے مرادایسے حروف ہیں جن کو قران مجید میں علیحدہ علیحدہ پڑھا جاتا ہے۔ قران ِکریم میں ھمزہ کو شامل کر کے 29 حروف ابجد میں سے 14 حروف ( ا ل م ص ر ك ه ي ع ط س ح ق ن ) حروف مقطعات کے طور پر تیس (30) مقامات پر مذکور ہیں جہاں یہ قرآنِ کریم کی   29 سورۂ  میں  سے 28  سورتوں میں  پہلی آیت کے طور پر ایک ہی بار آئے   ہیں۔صرف سورۃ الشوریٰ(42)   میں دو حرفِ  مقطعات ہیں۔ پہلی  آیت میں  حٰمٓ اور دوسری آیت میں عٓسٓقٓ  ہے۔
  حروفِ مقطعات بناوٹ میں پانچ اقسام کے ہیں۔
 ایک حرفی ۔۔ صٓ، قٓ اور نٓ :  یہ تین سورتوں میں ہیں۔
 دو حرفی ۔۔   طٰہٰ ، طٰسٓ،  یٰسٓ ، حٰمٓ ، : یہ نو سورتوں میں ہیں۔
تین حرفی۔۔ الٓمّٓ ، الٓرٰ، طٰسٓمّٓ ، عٓسٓقٓ  : یہ تیرہ سورتوں میں ہیں۔
 چار حرفی ۔۔    الٓمّٓصٓ،الٓمّٓرٰ : یہ دو سورتوں میں ہیں۔
پانچ حرفی۔  کٓھٰیٰعٓصٓ : ایک سورۂ میں ہے۔
۔۔۔
٭سورہ بقرہ اور سورہ آل عمران اور سور ۂ رعد کے علاوہ جن سورتوں کی ابتداء حروف مقطعہ سے ہوئی ہے وہ سب مکی سورتیں ہیں۔
۔۔۔
٭قرآن کریم کی کُل  پانچ سورتوں  کے نام  اُن کی  پہلی  آیات  کے پہلے لفظ    ہیں  جو حروفِ مقطعات ہیں۔ جن  میں   
سورة طہٰ (20)  سورة  یٰس(36) سورۂ ص (38)، سورة ق  (50)   ،اور(   سورۂ   ن )سورۂ القلم (68) ہیں۔
۔۔۔
 ٭ تمام  ایک حرفی حروفِ مقطعہ( صٓ، قٓ اور   نٓ )سورتوں  کی  پہلی آیت میں ایک جزو کے طور پر مذکور  ہیں۔
سورۂ ص (38)۔۔
صٓ ۚ وَالْقُرْاٰنِ ذِى الـذِّكْرِ (1) 
ص،اور قرآن کی قسم ہے جو سراسر نصیحت ہے۔
سورۂ ق(50)۔۔
قٓ ۚ وَالْقُرْاٰنِ الْمَجِيْدِ (1)
قۤ،اور اس قرآن کی قسم جو بڑا شان والا ہے
سورۂ  القلم (68)
نٓ ۚ وَالْقَلَمِ وَمَا يَسْطُرُوْنَ (1) 
ن،  اور قلم کی قسم اور اس کی جو اس سے لکھتے ہیں۔ 
۔۔۔۔ 
قران مجید  کی سورتوں میں   پہلی آیت کے طور پر آنےوالے  14 حروفِ مقطعات  کی ترتیب وتفصیل۔۔۔
٭1)سورۂ البقرۂ(2) ۔الٓـمٓ۔
۔2) سورۂ  آل عمران(3) ۔الٓـمٓ ۔
۔3)سورہ  الاعراف(7)۔الٓـمٓـصٓ۔ 
۔4) سورۂیونس(10 )۔"الٓـرٰ۔
۔ 5) سورہ ہود (11) ۔"الٓـرٰ۔
۔6)سورہ  یوسف(12)۔"الٓـرٰ۔
۔7)سورۂ الرعد (13)۔الٓـمٓـرٰ ۚ۔
۔ 8)سورہ ابراہیم (14)۔الٓـرٰ۔
۔ 9) سورۂ  الحجر (15)۔ الٓـرٰ۔
۔10)سورہ  مریم (19)۔ كٓـهٰـيٰـعٓـصٓ ۔
۔ 11) سورۂ طہٰ (20)۔ ٰطهٰ۔
 ۔12)سورہ الشعراء (26)۔ٰطسٓمٓ  ۔
 ۔13) سورۂ النمل (27)۔ٰطـسٓ ۚ۔
۔ 14) سورۂ القصص(28)۔ ٰطسٓمٓ۔
۔15)سورہ العنکبوت(29)۔ الٓـمٓ۔
۔16)سورۂ الروم (30)۔ الٓـمٓ۔
۔17) سورۂ  لقمان (31)۔  الٓـمٓ ۔
۔ 18) سورۂ السجدہ (32)۔  الٓـمٓ ۔
۔19)سورۂ  یٰس(36)۔يٰـسٓ  ۔
۔20)سورۂ ص (38)۔صٓ۔
۔21)سورۂ غافر (سورہ مومن)۔(40)۔حٰمٓ۔
۔22)سورۂ فصلت (سورۂ حٰم السجدۂ )۔(41)۔حٰمٓ۔
۔ 23) سورۂ الشورٰی (42)۔حٰمٓ۔عٓسٓقٓ (2)۔
۔ 24) سورۂ الزخرف(43)۔حٰمٓ ۔
۔25)سورۂ  الدخان(44)۔حٰمٓ۔
۔26) سورۂ الجاثیہ (45)۔حٰمٓ۔
۔27) سورۂ  الاحقاف(46)۔حٰمٓ۔
۔28)سورۂ ق(50)۔ قٓ ۚ۔
۔29)سورۂ  القلم (68)۔نٓ ۚ۔
۔۔۔
٭  صرف ایک ہی  سورۂ میں آنے والے  "10"حروفِ مقطعات۔۔۔
 ۔1) الٓـمٓـصٓ۔سورہ  الاعراف(7)
الٓـمٓـصٓ (1)كِتَابٌ اُنْزِلَ اِلَيْكَ فَلَا يَكُنْ فِىْ صَدْرِكَ حَرَجٌ مِّنْهُ لِتُنْذِرَ بِهٖ وَذِكْـرٰى لِلْمُؤْمِنِيْنَ (2)
ا ل م صۤ۔ یہ کتاب تیری طرف بھیجی گئی ہے تاکہ تو اس کے ذریعہ سے ڈرائے اور اس سے تیرے دل میں تنگی نہ ہونی چاہیے اور یہ ایمان والوں کے لیے نصیحت ہے
۔2)۔الٓـمٓـرٰ ۚ۔سورۂ الرعد (13)
الٓـمٓـرٰ ۚ تِلْكَ اٰيَاتُ الْكِتَابِ ۗ وَالَّـذِىٓ اُنْزِلَ اِلَيْكَ مِنْ رَّبِّكَ الْحَقُّ وَلٰكِنَّ اَكْثَرَ النَّاسِ لَا يُؤْمِنُـوْنَ (1)
ا ل م ر، یہ کتاب کی آیتیں ہیں، اور جو کچھ تجھ پر تیرے رب سے اترا سو حق ہے اور لیکن اکثر آدمی ایمان نہیں لاتے۔
۔3)۔كٓـهٰـيٰـعٓـصٓ۔سورہ  مریم (19)
كٓـهٰـيٰـعٓـصٓ (1)ذِكْرُ رَحْـمَتِ رَبِّكَ عَبْدَهٝ زَكَرِيَّا (2) 
ک ھ ی ع صۤ ۔ یہ تیرے رب کی مہربانی کا ذکر ہے جو اس کے بندے زکریا پر ہوئی۔
۔4)۔۔طهٰ۔ سورۂ طہٰ (20) 
ٰطهٰ (1)مَآ اَنْزَلْنَا عَلَيْكَ الْقُرْاٰنَ لِتَشْقٰى (2)
ط ہ ۔ ہم نے تم پر قرآن اس لیے نازل نہیں کیا کہ تم تکلیف اٹھاؤ۔
۔5)َ۔۔ٰطـسٓ ۚ۔سورۂ النمل (27)
ٰطـسٓ ۚ تِلْكَ اٰيَاتُ الْقُرْاٰنِ وَكِتَابٍ مُّبِيْنٍ (1)
ط سۤ، یہ آیتیں قرآن کی اور کتاب روشن کی ہیں۔
۔6)َ۔۔يٰـسٓ۔سورۂ  یٰس(36)
يٰـسٓ (1)وَالْقُرْاٰنِ الْحَكِـيْـمِ (2) 
ی س ۔ حکمت والے قرآن کی قسم ہے۔
۔7)۔۔صٓ۔سورۂ ص (38)
صٓ ۚ وَالْقُرْاٰنِ ذِى الـذِّكْرِ (1) 
ص ، اور قرآن کی قسم ہے جو سراسر نصیحت ہے۔
۔8)۔۔عٓسٓقٓ۔سورۂ الشورٰی (42)۔
حٰمٓ (1)عٓسٓقٓ (2)كَذٰلِكَ يُوْحِىٓ اِلَيْكَ وَاِلَى الَّـذِيْنَ مِنْ قَبْلِكَ اللّـٰهُ الْعَزِيْزُ الْحَكِـيْمُ (3)
ح م ۔ ع س ق۔۔اسی طرح سے اللہ زبردست حکمت والا آپ کی طرف وحی کرتا ہے اور ان کی طرف بھی (کرتا تھا) جو  آپ سے پہلے تھے۔ 
۔ 9)۔۔قٓ ۚ۔سورۂ ق(50)۔
قٓ ۚ وَالْقُرْاٰنِ الْمَجِيْدِ (1)
قۤ ، اور اس قرآن کی قسم جو بڑا شان والا ہے
۔ 10)۔۔نٓ۔ سورۂ  القلم (68)
نٓ ۚ وَالْقَلَمِ وَمَا يَسْطُرُوْنَ (1) 
ن ، اور قلم کی قسم اور اس کی جو اس سے لکھتے ہیں۔ 
۔۔۔۔
٭ ایک سے زائد سورۂ میں آنے والے حروفِ مقطعات مع ترجمہ  ۔۔۔
٭"طسٓمٓ  "۔
۔1)سورة الشعراء (26)ا
ٰطسٓمٓ (1)تِلْكَ اٰيَاتُ الْكِتَابِ الْمُبِيْنِ (2) 
ط س مۤ ۔۔ یہ روشن کتاب کی آیتیں ہیں۔ 
۔2)سورة القصص(28)۔
ٰطسٓمٓ (1ٰ ۚ تِلْكَ اٰيَاتُ الْقُرْاٰنِ وَكِتَابٍ مُّبِيْنٍ (1)
ط س مۤ ۔ آیتیں قرآن کی اور کتاب روشن کی ہیں۔ 
۔۔۔۔۔۔
٭   "الٓـرٰ"۔
۔1)سورة یونس(10)
الٓـرٰ ۚ تِلْكَ اٰيَاتُ الْكِتَابِ الْحَكِـيْـمِ (1) 
ا ل ر، یہ حکمت والی کتاب کی آیتیں ہیں۔
۔2)سورة  ہود(11)
الٓـرٰ ۚ كِتَابٌ اُحْكِمَتْ اٰيَاتُهٝ ثُـمَّ فُصِّلَتْ مِنْ لَّـدُنْ حَكِـيْـمٍ خَبِيْـرٍ (1)
ا ل ر، یہ ایسی کتاب ہے کہ جس کی آیتیں حکیم خبردار کی طرف سے مستحکم کر دی گئی ہیں پھر مفصل بیان کی گئی ہیں۔
۔3)سورة یوسف(12)
الٓـرٰ ۚ تِلْكَ اٰيَاتُ الْكِتَابِ الْمُبِيْنِ (1)
ا ل ر، یہ روشن کتاب کی آیتیں ہیں۔
۔4)سورة ابراہیم(14)
الٓـرٰ ۚ كِتَابٌ اَنْزَلْنَاهُ اِلَيْكَ لِتُخْرِجَ النَّاسَ مِنَ الظُّلُمَاتِ اِلَى النُّوْرِۙ بِاِذْنِ رَبِّـهِـمْ اِلٰى صِرَاطِ الْعَزِيْزِ الْحَـمِيْدِ (1)
ا ل ر، یہ ایک کتاب ہے ہم نے اسے تیری طرف نازل کیا ہے تاکہ تو لوگوں کو اندھیروں سے روشنی کی طرف نکالے، ان کے رب کے حکم سے غالب تعریف کیے ہوئے راستہ کی طرف۔ 
۔5)سورۂ الحجر (15)
الٓـرٰ ۚ تِلْكَ اٰيَاتُ الْكِتَابِ وَقُرْاٰنٍ مُّبِيْنٍ (1)
ا ل ر، یہ آیتیں کتاب کی ہیں اور قرآن واضح کی۔
۔۔۔۔۔۔
٭          "الٓــمٓ" ۔ 

۔1۔سورۃ البقرہ(2)۔۔

الٓــمٓ (1)ذٰلِكَ الْكِتَابُ لَا رَيْبَ ۖ فِيْهِ ۚ هُدًى لِّلْمُتَّقِيْنَ (2) 

ا ل مۤ ۔ یہ وہ کتاب ہے جس میں کوئی بھی شک نہیں، پرہیز گارو ں کے لیے ہدایت ہے۔

۔2۔سورۂ آلِ عمران (3)

الٓــمٓ (1)اَللَّـهُ لَا اِلٰـهَ اِلَّا هُوَ الْحَىُّ الْقَيُّوْمُ (2) 

ا ل مۤ ۔ اللہ اُس کے سوا کوئی معبود نہیں، زندہ ہے، نظامِ کائنات کا سنبھالنے والا ہے۔

۔3۔سورہ العنکبوت(29)

الٓــمٓ (1)اَحَسِبَ النَّاسُ اَنْ يُّتْـرَكُـوٓا اَنْ يَّقُوْلُوٓا اٰمَنَّا وَهُـمْ لَا يُفْتَنُـوْنَ (2) 

ا ل مۤ ۔ کیا لوگ خیال کرتے ہیں یہ کہنے سے کہ ہم ایمان لائے ہیں چھوڑ دیے جائیں گے اور ان کی آزمائش نہیں کی جائے گی۔

۔4۔سورۂ الروم (30)۔

الٓــمٓ (1)غُلِبَتِ الرُّوْمُ (2) 

 ا ل مۤ ۔روم مغلوب ہو گئے۔   

۔5) سورۂ  لقمان (31)۔  الٓـمٓ ۔

الٓــمٓ (1)اَتِلْكَ اٰيَاتُ الْكِتَابِ الْحَكِـيْـمِ (2)

ا ل مۤ ۔ یہ آیتیں حکمت والی کتاب کی ہیں
۔6)سورة  السجدہ(32)
الٓــمٓ (1)تَنْزِيْلُ الْكِتَابِ لَا رَيْبَ فِيْهِ مِنْ رَّبِّ الْعَالَمِيْنَ (2)
ا ل مۤ ۔ اس میں کچھ شک نہیں کہ یہ کتاب جہان کے پالنے والے کی طرف سے نازل ہوئی ہے
۔۔۔۔۔ 
٭"حٰمٓ"۔ حوامیم(یعنی جن سورتوں کا آغاز "حٰمٓ"سے ہوتا ہے) وہ سات ہیں۔
۔1)سورة غافر(40)
حٰمٓ (1)تَنْزِيْلُ الْكِتَابِ مِنَ اللّـٰهِ الْعَزِيْزِ الْعَلِـيْمِ (2) 
ح مۤ ۔ یہ کتاب اللہ کی طرف سے نازل ہوئی ہے جو غالب ہر چیز کا جاننے والا ہے۔ 
۔2)سورة فصلت(41)
حٰمٓ (1)تَنْزِيْلٌ مِّنَ الرَّحْـمٰنِ الرَّحِيْـمِ (2) 
ح مۤ ۔ (یہ کتاب) بڑے مہربان نہایت رحم والے کی طرف سے نازل ہوئی ہے۔
۔3)سورة الشوریٰ(42)
حٰمٓ (1)عٓسٓقٓ (2)كَذٰلِكَ يُوْحِىٓ اِلَيْكَ وَاِلَى الَّـذِيْنَ مِنْ قَبْلِكَ اللّـٰهُ الْعَزِيْزُ الْحَكِـيْمُ (3) 
ح مۤ ۔ ع س ق ۔ اسی طرح سے اللہ زبردست حکمت والا آپ کی طرف وحی کرتا ہے اور ان کی طرف بھی (کرتا تھا) جو آپ سے پہلے تھے۔ 
۔4)سورة الزخرف(43)
حٰمٓ (1)وَالْكِتَابِ الْمُبِيْنِ (2)
ح مۤ ۔ روشن کتاب کی قسم ہے۔ 
۔5)سورة الدخان(44)
حٰمٓ (1)وَالْكِتَابِ الْمُبِيْنِ (2) 
ح مۤ ۔روشن کتاب کی قسم ہے۔  
۔6)سورة الجاثیہ (45)
حٰمٓ (1)تَنْزِيْلُ الْكِتَابِ مِنَ اللّـٰهِ الْعَزِيْزِ الْحَكِـيْمِ (2) ↖
ح مۤ ۔ یہ کتاب اللہ زبردست حکمت والے کی طرف سے نازل ہوئی ہے۔  
۔7)سورة الاحقاف(46)
حٰمٓ (1)تَنْزِيْلُ الْكِتَابِ مِنَ اللّـٰهِ الْعَزِيْزِ الْحَكِـيْمِ (2) 
ح مۤ ۔ یہ کتاب اللہ کی طرف سے اتاری گئی ہے جو غالب حکمت والا ہے۔ 

۔۔۔۔

٭ حروفِ مقطعات سے آغاز کرنے والی 5 سورتوں ( سورۂ آلِ عمران (3)،سورہ  مریم(19)،سورہ العنکبوت(29)،سورۂ الروم (30)،سورۂ الشورٰی( 42) کے علاوہ 24 سورتوں میں حروف مقطعات کے بعد اگلی آیت میں قرآن کا ذکر ہے۔

۔۔۔۔۔۔


"رونا"

اس جہاں رنگ وبو میں ہمارا آنا کمال ہے تو  جانا بھی کمال ہے۔ہمارے رونے سے شروع ہونے والا آنے کا  یہ سفر  دوسروں کے ہمارے لیے آنسو  بہانے پر ا...