بدھ, فروری 15, 2017

"صاحباں کے مرنے پر کُل خدائی آ گئی"

محترمہ بانو قدسیہ کے انتقال(5فروری 2017) کے بعد جنابمستنصرحسین تارڑ کے آنے والے دو کالم۔۔۔
٭1) 12فروری 2017۔۔۔
صاحباں کے مرنے پر کُل خدائی آ گئی۔۔۔مستنصرحسین تارڑ 
 ایک مرتبہ پھر ماڈل ٹاؤن کے ایک گھر ’’داستان سرائے‘‘ کی جانب جتنی بھی گلیاں جاتی تھیں، جتنی سڑکیں اُس سرائے کی طرف اترتی تھیں وہ سب کی سب لوگوں کے ہجوم سے اَٹی پڑی تھیں، اتنے لوگ بے شمار کہ وہ حرکت نہ کرتے تھے، ہولے ہولے سرکتے تھے، نوجوان عورتیں اور بوڑھیاں جیسے گھر سے کسی ماتم کدہ کی جانب رواں ہوں، اُن کے چہرے الم کی تاریکی میں ڈوبے ہوئے تھے، صرف اُن کی آنکھیں تھیں جو آنسوؤں سے روشن ہوتی تھیں۔۔۔ وہاں معاشرے کے ہر طبقے کے افراد چلے آتے تھے، غریب اور مسکین بھی، ثروت مند اور حکمران بھی، کئی سفید ڈاڑھیوں والے نامعلوم درویش بھی۔۔۔ اور یہ سب سر جھکائے آنے والے لوگ حیرت انگیز طور پر آپس میں گفتگو نہ کرتے تھے، صرف اُن کی قدموں کی سرسراہٹ کی آواز آتی تھی جیسے کسی درگاہ پر حاضری دینے والے معتقدین کے قدموں سے آتی ہے۔۔۔ کبھی کبھار کسی پولیس کے ہوٹر کی آواز ماحول کی خاموشی پر ایک الم ناک چیخ کی مانند اتر کر اُس کو کرچی کرچی کر دیتی ہے۔۔۔
 آخر یہ کون سا میلہ تھا جہاں لوگ کشاں کشاں چلے آ رہے ہیں، کیا یہ اس جگ والا وہی میلہ تھا جو تھوڑی دیر کا ہوتا ہے، ہنستے ہوئے رات گزر جاتی ہے اور کچھ پتا نہیں سویر کب ہو جائے، وہی موت کا میلہ تھا۔اور آخر یہ کون سا ’’کھیل تماشا‘‘ ہے کہ اسے دیکھنے کی خاطر ایک دنیا اُمڈ اُمڈ آتی ہے۔
۔’’زبیر۔۔۔ یہ جان لو کہ یہ جنازہ اشفاق احمد کی بیوی کا نہیں، یہ بانو قدسیہ کا جنازہ ہے‘‘۔
 اور آج بانو قدسیہ ہار گئی تھی۔۔۔ جب اشفاق احمد نے اُس کے لئے اپنا خاندان، اپنا حسب نسب، اپنی جائیداد اور سب سگے چھوڑ دیئے، اشفاق کو اس لئے عاق کر دیا گیا کہ اُس نے اُن سب کی مخالفت کے باوجود چپکے سے چند دوستوں کے ساتھ قدسیہ بانو چٹھہ سے نکاح کر لیا تھا اور اُسے بانو قدسیہ کا نام دیا تھا تو اُس لمحے اُس چٹھہ جاٹ لڑکی نے فیصلہ کر لیا کہ وہ اپنے پٹھان محبوب کے لئے اپنا سب کچھ تیاگ دے گی۔۔۔ ساری عمر اُس کی باندی بنی رہے گی، اُس کے پیچھے پیچھے سر جھکائے چلے گی، اپنی باگیں کھینچ کر اپنی انا اور تخلیق کے گھوڑے کو کبھی اس کرشن کی سرکشی کے گھوڑے سے آگے نہیں لے جائے گی۔۔۔ وہ اپنے آپ کو وقف نہیں تلف کر دے گی۔۔۔ وہ ایک میرا بائی ہو گئی جو کرشن سے بیاہی گئی اور ساری عمر اُس کے گیت گاتی رہی۔
ہے آنکھ وہ جو شام کا درشن کیا کرے
ہے ہاتھ وہ جو بھگوان کا پوجن کیا کرے
یعنی۔۔۔ رانجھا رانجھا کر دی میں آپ ہی رانجھا ہوئی۔۔۔
 اُس نے اشفاق احمد کو اپنا شام، اپنا کرشن، اپنا رانجھا اور مہینوال کر لیا۔۔۔ یہ لاہور کا ’’جادو گھر‘‘ فری میسن ہال تھا، کوئی ادبی تقریب اختتام پذیر ہوئی اور میں بانو آپا سے گفتگو کرتا باہر آنے لگا تو وہ صدر دروازے پر رُک گئیں ۔ ’’آئیں بانو آپا‘‘۔۔۔ وہ رُکی رہیں، دہلیز کے پار قدم نہ رکھا اورپھر کہنے لگیں ’’خان صاحب اپنے دوستوں اور مداحوں میں گھرے ہوئے ہیں، جب وہ آئیں گے اور باہر جائیں گے تو میں اُن کے پیچھے جاؤں گی، اُن سے پہلے نہیں‘‘۔مجھے یہ شوہر نامدار کی اطاعت کا رویہ اچھا نہ لگا تو میں نے شاید کہا کہ بانو آپا پلیز۔۔۔ تو وہ کہنے لگیں ’’مستنصر، پہلے انجن آگے جائے گا اور پھر اُس کے پیچھے ہی گاڑی جائے گی‘‘۔۔۔ اس اطاعت گزاری کے باوجود اشفاق صاحب کے خاندان نے کبھی اُنہیں مکمل طور پر قبول نہ کیا یہاں تک کہ اشفاق صاحب کے جنازے پر اُن کا ایک بھائی ایک سفید پیراہن میں تھا جس پر لکھا تھا ’’بانو قدسیہ میرے بھائی کی قاتل ہے‘‘۔۔۔ اُن کا کمالِ نَے نوازی اُن کے کچھ کام نہ آیا۔ میں یہاں وہ لفظ نہیں لکھ سکتا جو اُن کے کچھ اہل خاندان اُن کے لئے استعمال کرتے تھے۔۔۔ اُدھر اشفاق احمد بھی ایک بلند سنگھاسن پر براجمان ایک ایسے دیوتا تھے جن کے چرنوں میں اگر عقیدت کے پھول کم نچھاور کئے جاتے تھے تو وہ اسے پسند نہ کرتے تھے۔ پٹھان اشفاق احمد اکثر بابا اشفاق احمد پر حاوی ہو جاتا تھا۔۔۔
 یہ عجب اتفاق ہے کہ میں اُس روز ماڈل ٹاؤن پارک کے دوستوں کے ہمراہ عادل کے ترتیب شدہ سفر کے نتیجے میں لاہور سے باہر۔۔۔ بھائی پھیرو اور جڑانوالا کی جانب پنجاب کی ایک عظیم رومانوی داستان کی کھوج میں مرزا صاحباں کی نسبت سے مشہور گاؤں داناباد گیا تھا۔۔۔ صاحباں اور مرزا کی قبر پر فاتحہ پڑھ کر لوٹ رہا تھا، اور بارش بہت شدید تھی جب ایک ہم سفر نے مجھے بتایا کہ بانو قدسیہ مر گئی ہے۔۔۔
 میں اُس شب برستی بارش میں ’’داستان سرائے‘‘ پہنچا تو وہاں اتنا ہجوم تھا کہ میں بیان نہیں کر سکتا۔۔۔ نورالحسن روتا چلا جاتا تھا۔۔۔ اُن کا بیٹا اسیر میرے گلے لگ کر رو دیا۔۔۔
۔’’آپ اندر جا کر بانو آپا کو دیکھ لیں‘‘۔۔۔
’’نہیں، میں نے نہیں دیکھنا‘‘۔۔۔
 تو یہ اگلا دن ہے جب ’’داستان سرائے‘‘ کی جانب جاتے سب راستے ہجوم سے بھرے پڑے تھے اور آج بانو قدسیہ اپنے کرشن سے اس لئے ہار گئی تھیں کہ اُن کا جنازہ اُن سے بہت بڑا تھا۔۔۔
صاحباں ہار گئی تھی۔۔۔
مرزا کے جنازے پر کم لوگ آئے تھے۔۔۔
صاحباں کے مرنے پر پوری خدائی آ گئی تھی۔
۔۔۔
٭2)15فروری 2017)۔املتاس کا ایک زرد پُھول بانو قدسیہ کے سفید بالوں پر۔۔۔مستنصرحسین تارڑ
 اشفاق صاحب کی وفات کے بعد بانو آپا حقیقتاً بھری دنیا میں اکیلی رہ گئیں۔۔۔جس دیوتا کے چرنوں میں وہ ہمہ وقت عقیدت اور اطاعت گزاری کے پھُول چڑھاتی تھیں، وہ اپنا سنگھان چھوڑ کر چلا گیا تھا۔۔۔صرف اُن کے بیٹے اسیر نے اُن کا ساتھ نہ چھوڑا، بقیہ دو بیٹے بھی اپنی ماں کے وجود سے بے خبر اپنی اپنی حیات کے بکھیڑوں میں اُلجھے رہے، منظور جھلّے نے کہا تھا کہ :
واجاں ماریاں کئی وار وے۔۔۔ کسے نے میری گَل نہ سُنی
 اُنہوں نے بھی آوازیں بہت دیں پر کسی نے اُن کی بات نہ سُنی۔۔۔ نہ اشفاق صاحب کے رشتے داروں نے اور نہ ہی اُن کی کسی بہو نے۔۔۔بلکہ اُن پر اپنے دروازے بند کرلئے۔۔۔بانو کی زندگی یونانی المیہ ڈراموں سے بھی کہیں بڑھ کر الم ناک اور دُکھ بھری تھی۔ اشفاق صاحب کے رخصت ہونے پر وہ کبھی کبھار صبح سویرے ماڈل ٹاؤن پارک میں چلی آتیں، اپنا دوپٹہ بار بار سفید بالوں پر درست کرتیں، اپنے دھیان میں مگن چلی جاتیں۔۔۔وہ جون جولائی کے قہر آلود گرم موسم تھے اور پارک میں املتاس کے جتنے بھی شجر تھے اُن پر زرد چینی لالٹینیں روشن ہو گئی تھیں۔ ہوا کا ایک جھونکا سرسراتا آیا، املتاس کے پھولوں کے انبار میں ارتعاش پیدا ہوا اور وہ پھول درختوں سے جدا ہو کر ایک زرد بارش کی صورت دھیرے دھیرے گرنے لگے۔ ان میں سے ایک پھول، ایک زرد تتلی کی مانند ایک بھنورے کی مانند گھومتا اترا اور بانو آپا کے سفید بالوں میں اٹک گیا۔ وہ اُس کی موجودگی سے بے خبر تھیں اور یہ منظر میرے ذہن کے کینوس پر ہمیشہ کے لئے نقش ہوگیا۔۔۔ایک بوڑھی ہیر جس کا رانجھا اُس سے بچھڑ گیا تھا اُس کی اداسی میں گُم اور اُس کے سفید بالوں میں املتاس کا ایک زرد پھول یُوں اٹکا ہوا ہے جیسے وہ اُس کے محبوب کے ہاتھوں کا لکھا ہوا ایک خط ہو اور وہ بے خبر ہے کہ شاید اُس کے رانجھے نے اُسے یہ زرد پریم پتر بھیجا ہے اور تب مجھے محسوس ہوا جیسے اُس املتاس کے زرد پُھول کا رنگ اُن کے بالو میں سرایت کرتا اُنہیں زرد کرتا ہے، اُن کے چہرے پر پھیلتا اُسے سرسوں کا ایک کھیت کرتا ہے اور بانو قدسیہ اُس لمحے ملک چین کی کوئی زرد شہزادی لگ رہی تھی۔۔۔میں نے اس بے مثال زرد تصویر کو اپنے ایک کالم میں نقش کیا۔۔۔چونکہ میں نہ کبھی کسی کو اطلاع کرتا ہوں اور نہ ہی اپنے کالم کی کاپی روانہ کرتا ہوں کہ دیکھئے یہ میں نے آپ کے بارے میں لکھا ہے کہ میں کسی کے لئے نہیں صرف اپنے لئے لکھتا  ہوں۔۔۔تقریباً ایک ماہ کے بعد بانو آپا کا ایک خط آیا، اُن کے کسی چاہنے والے نے اُنہیں اس کالم کی فوٹوسٹیٹ روانہ کی تھی، بانو آپا نے جس طور اُس تحریر کو سراہا اُسے میں یہاں نقل کرنے سے گریز کرتا ہوں۔
 وہ میرے تینوں بچوں کی شادیوں میں شریک ہوئیں، ہر ایک کی ہتھیلی پر کچھ رقم رکھی۔۔۔اُن کے لئے دعا کی، اُنہیں پیار کیا۔۔۔ اُن کی موت کی خبر اُن تینوں تک نیویارک، فلوریڈا اور ہنوئی میں پہنچی تو وہ کتنے دُکھی ہوئے یہ میں بیان نہیں کرسکتا۔۔۔سُمیر نے کہا، ابّو میں نے ابھی تک وہ نوٹ سنبھال رکھا ہے جو بانو آپا نے مجھے پچھلی عید پر عیدی کے طور پر دیا تھا۔ وہ ہمیشہ میری خوشیوں میں شریک رہیں۔۔۔میری پچھترویں سالگرہ کی تقریب میں شرکت کے لئے وہ اپنی نرس اور زبیر اکرم کے سہارے چلی آئیں۔ وہ اور عبداللہ حسین صدارت کے لئے میری پسند تھے کہ وہی میرے نزدیک اردو ادب کے سب سے بڑے نثرنگار تھے۔۔۔ جب ابرارالحق اور فریحہ پرویز میری سالگرہ کے گیت گانے کے لئے سٹیج پر آئے تو وہ مسکرانے لگیں، کبھی کبھی سر ہلا کر اُنہیں داد دیتیں۔۔۔جب گلزار صاحب کی آواز سپیکر پر گونجی اُنہوں نے سالگرہ کے حوالے سے کچھ توصیفی کلمات کہے تو پُوچھنے لگیں۔۔۔ یہ کون صاحب ہیں۔۔۔میں نے کہا بانو آپا یہ میرے دوست ہیں۔ یہ کہاں ہوتے ہیں۔۔۔ بعدازاں اُنہوں نے میرے بارے میں کچھ گفتگو کی اور میں جان گیا کہ بانو آپا اب بہکتی جا رہی ہیں، یادداشت اُن کا ساتھ چھوڑ رہی ہے، اُن کی آپ بیتی ’’راہ رواں‘‘ میں قدم قدم پر اُن کے بھٹک جانے کے آثار ہیں۔۔۔ وہ بُھلکڑ ہو گئی تھیں۔۔۔جِی چاہنے کے باوجود میں ’’داستان سرائے‘‘ جانے سے گریز کرتا کہ وہ نہ صرف خود ایک بھولی ہوئی داستان ہیں بلکہ وہ تو اپنی داستان بھی بھول چکی ہیں۔ ایک بار اُن کے ہاں گیا تو بہت دیر کے بعد کہنے لگیں ’’مستنصر تم ہو۔۔۔ تم تو اشفاق صاحب کے ڈراموں کے ہیرو ہوا کرتے تھے۔۔۔بُوڑھے کیوں ہو گئے ہو؟‘‘

فروری2017۔۔جناب مستنصرحسین تارڑ۔کراچی لٹریچرفیسٹیول۔۔
۔’’داستان سرائے‘‘کے آس پاس سب گلی کُوچے خلق خدا سے بھرے پڑے تھے، میمونہ کا کہنا تھا کہ بانو آپا کا جنازہ اس لئے 
اتنا بڑا تھا کہ لوگوں نے اُنہیں ہمدردی کا ووٹ ڈالا تھا۔۔۔جو کچھ اُن پر گزری اور اُنہوں نے اُف تک نہ کی، برداشت کیا تو لوگ اُن کے صبر کو سلام کرنے آئے تھے۔ وہ اشفاق احمد کی بیوی کے جنازے پر نہیں۔۔۔بانو قدسیہ کے جنازے پر آئے تھے۔۔۔اگر اُنہیں اس ہجوم کا کچھ اندازہ ہوتا تو وہ وصیت کر جاتیں کہ لوگو مت آنا۔۔۔ میرے جنازے پر کم آنا۔۔۔میرے محبوب کی نسبت میرے جنازے پر کم آنا۔۔۔ پر لوگ کہاں سنتے ہیں، وہ آئے اور بے حساب آئے۔ اور اس کے باوجود بانو آپا نے تُرپ کا آخری پتّا اپنی موت کے بعد یُوں پھینکا۔۔۔ کہ اشفاق صاحب کے قدموں میں دفن ہو گئیں۔ میں نے آگے بڑھ کر جھانکا تو اُن کی قبر بہت گہری تھی، لحد میں وہ اپنے سفید کفن میں روپوش سمٹی سی، سجائی ہوئی، شرمائی ہو ئی پڑی تھیں کہ اُن کے سرہانے اُن کا محبوب سویا ہوا تھا۔۔۔ اور بالآخر اُن کو وصل نصیب ہو گیا تھا۔ اور جب گورکنوں نے کُدالوں سے اُن کی قبر کو مٹی سے بھر دیا اور اُس پر پھول چڑھائے گئے تو مجھے ایک مرتبہ پھر عذرا پاؤنڈ کا وہ نوحہ یاد آگیا جو اختر حسین جعفری نے لکھا تھا۔۔۔
تجھے ہم کس پُھول کا کفن دیں
تو جُدا ایسے موسموں میں ہوا
جب درختوں کے ہاتھ خالی تھے

 املتاس کا ایک زرد بھنورا پُھول بھی نہ تھا۔۔۔

منگل, فروری 07, 2017

’’دروازے۔۔۔عرفان جاوید"



عرفان جاوید کے دروازے۔۔۔کالم جاوید چوہدری۔۔ اتوار5 فروری2017

قدرت اللہ شہاب مشہور ادیب اور بیوروکریٹ تھے۔ وہ گورنر جنرل غلام محمد، سکندر مرزا اور صدر ایوب خان کے پرنسپل سیکریٹری رہے۔ یہ عہدہ بیوروکریسی میں طاقت کی معراج سمجھا جاتا تھا۔ شہاب صاحب نے بنگال میں قحط کے دوران غلّے کے ذخائر بھوکے عوام کے لیے کھول دیے، جھنگ میں عوامی فلاح کے بیشمار کام کیے اور وہیں ان کا ایک پراسرار روحانی شخصیت سے سامنا ہوا، ایوب خان کو پاکستان کا نام اسلامی جمہوریہ پاکستان رکھنے کا مشورہ بھی انھوں نے ہی دیا تھا، شہاب صاحب نے ایک ایماندار افسر کی سادہ زندگی گزاری، اعلیٰ افسانے لکھے اور بےمثال سوانح عمری ’شہاب نامہ‘ تحریر کی۔

 احمدبشیر شہاب صاحب کے دوست تھے‘ وہ معروف صحافی اور ادیب تھے۔ وہ سوشلسٹ تھے اور وہ روحانی معاملات پر زیادہ یقین نہیں رکھتے تھے‘ شہاب صاحب 1960ء کی دہائی میں وزارت ِتعلیم کے سیکریٹری تھے اور احمدبشیر ملازم‘ یہ دونوں ممتاز مفتی کی وجہ سے ایک دوسرے کے قریب تھے۔ ایک روز احمدبشیر کو قدرت اللہ شہاب کا فون آیا۔ شہاب صاحب کی آواز میں ہیجان تھا انھوں نے احمد بشیر سے کہا ’’آپ فوراً میرے دفتر آ جائیں‘‘ احمد بشیر شہاب صاحب کے دفتر پہنچے تو وہ اکیلے بیٹھے تھے۔ وہ احمد بشیر کو دیکھتے ہی بولے ’’آج میں بےانتہا خوش ہوں۔ مجھے بتا دیا گیا ہے‘ میں نے کب مرنا ہے‘‘۔
 شہاب صاحب خلاف ِ مزاج اپنی خوشی چھپا نہیں پا رہے تھے۔احمد بشیر نے سوال کیا ’’آپ کو کس نے اور کیا بتایا‘‘ شہاب صاحب نے جواب دیا ’’میں صرف اتنا بتا سکتا ہوں مجھے ممتاز مفتی سے پہلےموت آئے گی۔"احمدبشیر نے یہ کشف مذاق میں اڑا دیا لیکن یہ بات بعدازاں سو فی صد درست ثابت ہوئی۔
 شہاب صاحب چھیاسٹھ برس کی عمر میں فوت ہو گئے جب کہ ممتاز مفتی نے نوے برس کی طویل عمر پائی۔ یہ واقعہ احمد بشیر نے عرفان جاوید کو سنایا تو اُ س نے پوچھا ’’آپ لوگ کہیں شہاب صاحب کے عہدے کی وجہ سے تو ان سے متاثر نہیں تھے‘‘ احمد بشیر غصے میں آ گئے اور کہنے لگے ’’ہرگز نہیں۔ وہ بہت نفیس آدمی تھے وہ یحییٰ خان کے زمانے میں اصولی بنیادوں پر مستعفی ہو گئے تھے ہمیں ان کی ملازمت چھوڑنے اور وفات کے بعد دروغ گوئی کا کیا فائدہ؟‘‘
 یہ واقعہ عرفان جاوید نے اپنی خاکوں کی کتاب ’’دروازے‘‘ میں بیان کیا۔ ’’دروازے‘‘ میں ایسے سینکڑوں دلچسپ واقعات، تاریخی حقائق، ادیبوں کے قصّے اور عام لوگوں کی زندگیوں کا احوال ہے۔ اس میں عالمی ادب کی دلآویز باتیں‘ نفسیات اور فلسفے کے نکتے بھی ہیں۔ دروازے کے چند خاکے ایک برس تک اخبار میں شائع ہوتے رہے لیکن باقی نئے ہیں۔ میں نے ’’دروازے‘‘ اٹھائی تو میں یہ کتاب مکمل کیے بغیر سو نہ سکا‘ مجھے یقین ہے آپ بھی یہ کتاب شروع کرینگے تو ختم کیے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔
 آپ ’’دروازے‘‘ کا ایک اور واقعہ ملاحظہ کیجیے۔ تقسیم ہند کے موقع پر سکھوں کا ایک طبقہ پنجاب کو اکٹھا رکھنا چاہتا تھا۔ سکھوں کے لیڈر ماسٹر تاراسنگھ کا ساتھی گیانی ہری سنگھ اپنے ساتھیوں کے ساتھ قائداعظم کو ملا اور پاکستان میں رہتے ہوئے خودمختاری کی بات کی۔
 قائداعظم نے ان سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے جواب دیا ’’ماسٹر تارا سنگھ کو میرا پیغام دیدیں میں ان سے ملنے امرتسر جانے کے لیے تیار ہوں یہ صحیح معنوں میں سکھوں کے لیڈر ہیں۔ میں انھیں ان کی خواہش سے زیادہ دینے کے لیے تیار ہوں‘‘ گیانی ہری سنگھ قائد اعظم کا پیغام لے کر ماسٹر تارا سنگھ کے پاس گئے لیکن ماسٹر تارا سنگھ پر انتہا پسند ہندو سردار پٹیل کا بہت اثر تھا۔ وہ کرپان پر ہاتھ رکھ کر دھاڑنے لگا اور قائداعظم کے ساتھ ملنے سے صاف انکار کر دیا۔
 آزادی کے بعد گیانی ہری سنگھ پاکستان میں رُک گئے اور ننکانہ صاحب میں قیام کیا۔ ایوب خان کے دور میں تارا سنگھ ننکانہ صاحب آیا اور گیانی جی کو دیکھ کر بری طرح رونے لگا‘ وہ ندامت سے بولا ’’گیانی! مجھے معاف کر دو، میں نے پنتھ کے خلاف بڑا گناہ کیا‘‘ یہ واقعہ بھی احمد بشیر نے عرفان جاوید کو سنایا اور آخر میں بتایا ’’مجھے یہ بات خود گیانی ہری سنگھ نے سنائی اور اس کی تصدیق بعدازاں سکھ دانشور جسونت سنگھ کنول نے 1981ء میں لاہور میں میرے سامنے کی‘‘۔
 دروازے میں مستنصر حسین تارڑ کا خاکہ بھی موجود ہے۔
 مستنصرحسین تارڑ نے بھی عرفان جاوید کو بےشمار واقعات سنائے‘ ان میں سے ایک واقعہ لاہور کے دو کرداروں سے متعلق تھا‘ ایک لڑکا اور ایک لڑکی اندرونِ شہرلاہور میں رہتے تھے، وہ محبت میں مبتلا ہو گئے۔ اُس دورمیں محبت کی شادی کو معیوب سمجھا جاتا تھا چنانچہ والدین نے ملاقات اور بات چیت پر پابندی لگا دی۔ دونوں نے طے کر لیا ہم آپس میں رابطہ نہیں رکھیں گے مگر کہیں اور شادی بھی نہیں کریں گے۔ کئی برس بیت جاتے ہیں۔ لڑکی کے بہن بھائیوں کی شادیاں ہو جاتی ہیں لیکن وہ اپنے فیصلے پر قائم رہتی ہے۔یہاں تک کہ اُس کی بوڑھی ماں اس غم میں نڈھال رہنے لگتی ہے وہ سوچتی رہتی ہے اس کی موت کے بعد لڑکی کا کون پرُسانِ حال ہو گا؟ مگر جب وہ لڑکی کو شادی کا کہتی ہے تووہ اپنی یہ بات دُہرا دیتی ہے کہ اگر وہ شادی کرےگی تو اُسی لڑکے سے کرےگی۔
 ماں بیٹی کو سمجھاتی ہے وہ اب تک شادی کر کے کئی بچوں کا باپ بن چکا ہو گا مگر لڑکی کو اپنی محبت پر یقین ہے۔ بالآخر ماں آمادہ ہو جاتی ہے اور یہ شرط رکھتی ہے لڑکی کو فوری شادی کرنا ہو گی، میری زندگی کا کوئی بھروسا نہیں میں تمہیں اپنی موت سے پہلے دلہن دیکھنا چاہتی ہوں۔ لڑکی کسی طرح لڑکے سے رابطے کا ذریعہ تلاش کرتی ہے۔ وہ لڑکے کو فون ملاتی ہے تو دوسری جانب سے وہی لڑکا فون اُٹھاتا ہے۔ لڑکی کی آواز سن کر وہ پوچھتا ہے ’’بارات کب لاؤں؟‘‘ لڑکی کہتی ہے ’’آج شام!‘‘ اُسی شام اُن دونوں کی شادی ہو جاتی ہے۔
 عرفان جاوید کے ’’دروازے‘‘ میں ’’سب رنگ‘‘ کے بانی اور ’’بازی گر‘‘ جیسے شاہکار کے مصنف شکیل عادل زادہ کی زندگی کے بےشمار رنگین واقعات بھی شامل ہیں۔ اُن کا میناکماری کے گھر میں قیام، کرشن چندر، جون ایلیا اور جوش ملیح آبادی کے قصّے، ضیاء الحق سے ملاقات کا احوال، ہندوستان کے شہروں کی سیاحت اور گھاٹ گھاٹ کی پرُلطف کہانیاں۔ یہ خاکہ بھی خاکہ نہیں الف لیلیٰ ہے، شکیل صاحب نے ’’دروازے‘‘ میں رئیس امروہوی کی ناگہانی موت کے راز سے بھی پردہ اٹھایا۔ وہ پچاس سال پہلے مشتاق احمد یوسفی کی اس نصیحت کا ذکر بھی کرتے ہیں جسے اُنھوں نے عمر بھر مشعلِ راہ بنائے رکھا ۔
۔ ’’دروازے‘‘ میں احمد فراز کی ذاتی زندگی کے کئی واقعات بھی ہیں، فراز اپنے ملازم میاں بیوی کے اکلوتے گونگے بہرے بچے سے کتنی محبت کرتے تھے‘ ان کی گرفتاری کی روداد اور جنرل حمید گُل سے ملاقات کا ماجرا بھی کتاب میں موجود ہے۔ ’’دروازے‘‘ میں درجنوں چھوٹے چھوٹے چٹکلے بھی ہیں۔
 مشہور افسانہ نگار منشایاد اپنی جوانی کے زمانے میں نسیم حجازی سے ملنے گئے اور ان سے درخواست کی آپ مجھے اپنے دوستوں کے حلقے میں شامل کر لیں‘ یہ سن کر حجازی صاحب کہنے لگے"برخوردار! یہ عمر نئی دوستیاں بنانے کی نہیں ہوتی یہ پرانی دوستیوں پر نظرثانی کی ہوتی ہے‘‘ عطا الحق قاسمی صاحب نے دعویٰ کیا بچپن کے دوستوں سے اس وقت دوستی قائم رہتی ہے جب ذہنی سطح ایک ہو یا پھر دلچسپی اور روزگار مشترک ہوں ورنہ ملاقات کے کچھ دیر بعد بات کرنے کے لیے کچھ نہیں بچتا دوست مختلف انسان بن چکے ہوتے ہیں۔ اسی طرح عموماً مرد اور عورت کی دوستی زیادہ دیر تک نہیں چلتی۔
 اس میں رومان یا دوسرے عوامل اثر انداز ہو جاتے ہیں، ایک مرتبہ فیض صاحب سے منوبھائی نے مشورہ مانگا تھا میں کس زبان میں شاعری کروں‘ فیض صاحب نے کلاسیک مشورہ دیا تھا ’’جس زبان میں خواب دیکھتے ہو۔‘‘ اے حمید کی زندگی کی بیےشمار کہانیوں میں سے ایک کہانی درختوں اور پودوں کے احساسات کی کہانی ہے یہ اب یورپ و امریکا میں سائنسی طورپر تسلیم کی جا چکی ہے۔
 قیامِ پاکستان کے بعد لاہور کا ریڈیو اسٹیشن ایک اہم ثقافتی مرکز تھا ریڈیو پاکستان میں چوٹی کے شاعر اور ادیب اکٹھے ہوتے تھے۔ سردیوں کے دن تھے۔ زیڈاےبخاری مہتمم اعلیٰ تھے۔ دیوار کے ساتھ پیپل اور پیپلی کا ایک جوڑا ہوا میں جھومتا رہتا تھا۔ ایک روز بخاری صاحب نے درختوں کی جانب اشارہ کیا اور اےحمید نے اگلے روز دیکھا پیپلی کا درخت کٹا ہوا تھا اور اس کے تنے کا ٹنڈ زمین سے یوں باہر نکلا ہوا تھا جیسے ڈوبتے کا ہاتھ آخری مرتبہ پانی سے باہر آتا ہے۔ کٹے درخت کو دیکھ کر اےحمید کو یوں لگا جیسے ان کے گھر کا کوئی فرد مر گیا ہو۔
 واقعے کے چند روز بعد پیپل کا باقی رہ جانے والا درخت پیپلی کے دکھ میں مرجھانے لگا اور دو ماہ بعد خشک ہو کر مردہ ہو گیا۔ دروازے میں اےحمید کی سری لنکا، برما، ہندوستان کی آوارہ گردیوں کی بیشمار کہانیاں بھی ہیں اور ان کی بارش، جنگل، چائے، بادل، پرندوں وغیرہ سے رومان کی باتیں بھی‘ یہ باتیں دھیمی پھوار کی طرح اور پھول کی بھینی خوشبو کی مانند ہیں۔
 احمدندیم قاسمی اپنے بٹوے میں ہر وقت کس دوست کی تصویر رکھتے تھے، مرتے وقت ’’اداس نسلیں‘‘ اور کئی شاہکار کتابوں کے مصنف عبداللہ حسین کو کیا خلش تھی، ’’ہر گھر سے بھٹو نکلے گا، تم کتنے بھٹو مارو گے‘‘ کا خالق نصیر جی ٹی روڈ پر ٹھنڈی بوتلوں کا کھوکھا لگاتا تھا اس نے کسمپرسی میں کینسر کے ہاتھوں وفات پائی اس کی آخری خواہش کیا تھی، تصدق سہیل ایک عجیب و غریب زندگی گزارنے والا افسانوی نوعیت کا بڑا مصور ہے‘ اس نے ساری زندگی شادی نہیں کی، پچاس سال لندن میں گزارے اور وہ اب پاکستان میں جانوروں اور پرندوں کے ساتھ زندگی گزار رہا ہے۔
 یہ تمام لوگ عرفان جاوید کے ’’دروازے‘‘ کے پیچھے بیٹھے ہیں‘ ’’دروازے‘‘ فقط ایک کتاب نہیں‘ یہ گزری راتوں کا نوحہ اور بسر ہوتے مشاہیر کا مرثیہ ہے‘ میں نے طویل عرصے بعد ایک ایسی کتاب دیکھی جس میں شخصیات بھی ہیں‘ علم بھی‘ مشاہدہ بھی‘ تاریخ بھی اور ثقافت بھی‘ یہ کتاب پڑھنے کے بعد میرے دل سے بےاختیار نکلا ’’زندہ باد عرفان جاوید‘۔

پیر, فروری 06, 2017

"تدفین کے آداب"

پانچ سال پہلے کا واقعہ ہے، ایک عزیزہ کی وفات کے موقع پر لاہور میں تدفین کے لیے قبرستان میں موجود تھے، سلیں رکھی جاچکی تھیں اور مٹی ڈالنے کا عمل شروع ہوچکا تھا۔۔۔۔۔
ایسے میں پیچھے سے آواز آئی کہ مٹی ڈالتے وقت کونسی آیات پڑھتے ہیں۔۔۔۔۔
 موجود لوگوں میں خاموشی سی چھا گئی، اکثر کو آتی ہی نہ تھی، کچھ کو کچی پکی یاد تھی اوریقیناً کچھ کو آتی بھی ہوگی۔۔۔۔۔۔
 لیکن ان سب سے پہلے سولہ سترہ سالہ گورکن کا بیٹا جو مٹی ڈالنے کے عمل میں بیلچہ سے شریک تھا، سیدھا ہوا اور کمال اعتماد سے بلند آواز میں وہ آیات پڑھ دیں۔۔۔۔۔
اس کے صاف تلفظ سے مجھ سمیت کئی لوگوں کوخوشگوار حیرت ہوئی۔۔۔۔۔
یہ آیات پڑھنے کے دوران بھی وہ اپنے کام میں مصروف رہا۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
 ہمارے ذہن میں یہ سوچ آسکتی ہے کہ اس کا بچپن بھی اسی ماحول میں گزرا، اس لیے اسے یاد ہوگئی ہوگی۔۔۔۔۔
بہرحال اس کے پڑھنے میں ایک شوق اور رغبت محسوس ہوئی۔۔۔۔۔۔
اصل بات یہ نہیں کہ اسے کیسے یاد تھی؟؟؟
بلکہ سوچنے کی بات یہ ہے کہ ہم بھی یاد کرلیں تو کتنا خوب ہوجائے۔
یہ سولہویں پارے میں موجود سورہ طٰہٰ کی آیت نمبر پچپن 55 ہے۔
تین دفعہ دونوں ہاتھوں میں مٹی بھر کرقبر پر ڈالنی ہے۔۔۔۔۔۔
پہلی دفعہ ڈالتے ہوئے پڑھنا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔ 
مِنْهَا خَلَقْنَاكُمْ۔۔۔۔۔
ترجمہ: اسی زمین سے ہم نے تمھیں پیدا کیا ۔۔۔۔
دوسری دفعہ ڈالتے ہوئے پڑھنا ہے۔۔۔۔۔
وَفِيْـهَا نُعِيْدُكُمْ۔۔۔۔۔
ترجمہ:اوراسی میں ہم تمھیں واپس (بعد موت) لے جائیں گے۔۔۔۔۔۔
تیسری دفعہ ڈالتے ہوئے پڑھنا ہے۔۔۔۔۔۔۔
وَمِنْهَا نُخْرِجُكُمْ تَارَةً اُخْرٰى۔۔۔۔۔
ترجمہ:اور(قیامت کے روز) پھر دوبارہ اسی سے ہم تم کو نکال لیں گے۔۔۔۔
آیت بھی بہت آسان ہے اوربرکت بھی بہت ہے۔۔۔۔۔۔۔۔

"بانو آپا اور تارِعنکبوت "

بانو آپا اور تارِعنکبوت - اوریا مقبول جان
بانو آپا سے میرے تعلق کی ڈور اس زمانے سے بندھی ہوئی ہے جب میں تختی پر الف بے پ لکھنا سیکھ رہا تھا۔ ایسے میں کسی کو کیا علم کہ بانو قدسیہ کون ہے، لیکن چونکہ اس تعلق کی ڈور کا دوسرا سرا میری ماں کے ہاتھ میں تھا، اس لیے یاد کے دریچوں سے آج بھی ان دنوں کی پتنگیں آنکھوں کے سامنے لہراتی رہتی ہیں۔
میری ماں کو دن بھر بہت کام ہوتے تھے۔ میں نے شاید ہی اسے فرصت کے کسی لمحے میں دیکھا ہو، گھر کے روزمرہ کے کام ختم ہوتے تو سویٹر لے کر بیٹھ جاتی، کوئی سلائی کرنے لگتی اور پھر تھک ہار کر سو جاتی۔ لیکن ہفتے کی ایک شام وہ اپنے کام جلدی نپٹا لیتی اور میرے والد کی پائنتی آکر بیٹھ جاتی۔
گھر میں ایک ریڈیو تھا جو اباجی کی چارپائی کے ساتھ طاق میں رکھا ہوتا۔ میری ماں کو ہفتے کے اس دن کا علم تھا جس دن ریڈیو پر بانو قدسیہ کا ڈرامہ آتا تھا۔ غربت و افلاس کی چکی میں پسی اور دن بھر اپنی اولاد اور خاوند کی خدمت میں مگن میری ماں کو یہ چند لمحے میسر آتے‘ جب وہ پورے انہماک سے ڈرامہ سنتی۔ لیکن ڈرامہ سنتے ہوئے مسلسل ان کی آنکھوں سے آنسو بہتے رہتے جو وہ اپنے دوپٹے سے صاف کرتی۔
میں ہر ہفتے اپنی ماں کو روتے دیکھتا تو مجھے بانو قدسیہ نام سے ایک عناد پیدا ہونے لگا۔ یہ کیسی عورت ہے جو میری صابر و شاکر ماں کو ہر ہفتے رلاتی ہے۔ مدتوں بعد یہ راز مجھ پر کھلا کہ اگر میری ماں کو بانو قدسیہ کے ڈرامے میسر نہ ہوتے تو وہ کس بہانے سے اپنے آنسو کے سیلاب سے چھٹکارا پاتی۔ وہ آنسو جو اسے پورا ہفتہ نہ جانے کتنی بار امڈنے پر مجبور کرتے تھے لیکن پوری زندگی اس نے ایک عالم ضبط میں گزاری۔
میں بانو آپا کو اپنی ماں کا محسن سمجھنے لگا اور مجھے ان سے ملنے کا آشتیاق شدید ہوگیا۔ لاہور آتا تو ماڈل ٹاؤن کا چکر لگاتا، "سی۔121 "کے دروازے پر داستان سرائے لکھا ہوتا، لیکن اندر جانے کی ہمت نہ ہوتی۔ دیر تک اس کھلے گیٹ کو دیکھتا رہتا اور پھر واپس چلا جاتا۔ حلقہ ارباب ذوق کے اجلاس ان دنوں وائی ایم سی اے کے ایک کمرے میں ہوتے تھے۔ 1972ء میں ایک اجلاس میں میں نے اپنا افسانہ ’’ایلی ایلی لماشبقتنی‘‘ پڑھنا تھا۔
اجلاس کی صدارت اشفاق احمد صاحب کی تھی۔ گجرات سے لاہور آتے ہوئے سارا راستہ یہی سوچتا آیا کہ وہاں بانو آپا بھی موجود ہوں گی، لیکن وہ تو نہیں آئیں۔ چھوٹے شہر کے سولہ سالہ بچے کو بہت شرم محسوس ہو رہی تھی کہ وہ ایک خاوند سے سوال کرے کہ ان کی بیوی کیوں نہیں آئی۔ میں نے نثری نظم والے مبارک احمد سے کہ جو میرے ساتھ گجرات سے آئے تھے، کہا ان سے بانو قدسیہ کا پوچھ دیں۔ مبارک احمد نے اجلاس ختم ہونے کے بعد میرا ہاتھ پکڑا اور کہا یہ بانو قدسیہ سے ملنا چاہتا ہے۔
اشفاق صاحب نے کہا وہ بانو قدسیہ نہیں بانو آپا ہے، میں نے کہا آپ کی بھی آپا، کہنے لگے سب سے پہلے میری آپا ہی تو ہے اور پھر زور سے اپنی جانب کھینچا، گلے لگایا اور کہا ’’اتنا اچھا افسانہ لکھتے ہو، بانو بہت خوش ہوگی تمہیں مل کر‘‘۔ لیکن ملاقات پھر بھی نہ ہوسکی۔ پنجاب یونیورسٹی میں داخلہ ہوگیا، ہاسٹل داستان سرائے سے نزدیک تھا، لیکن یونیورسٹی کی تعلیم اور ساتھ ساتھ غم روزگار میں اتنا وقت بھی میسر نہ ہوتا کہ ایک طواف داستان سرائے کاہی کرلیا جائے۔
پاک ٹی ہاؤس میں جہاں اور بے شمار ادیبوں، شاعروں اور افسانہ نگاروں سے ملاقات رہتی وہاں بانو آپا تو آتی ہی نہ تھیں۔ ٹیلی ویژن اپنے عروج پر تھا۔ بانو آپا اور اشفاق احمد ایسے نابغہ روز گار بن چکے تھے جن سے ملنے کا خواب دنیا دیکھتی تھی اور میں اس قطار میں اپنے دیہاتی پن کی وجہ سے چپ چاپ کھڑا تھا۔ پھر ایک دن جب میری ان دونوں سے پاکستان ٹیلی ویژن کی ایک تقریب میں بیک وقت ایک ساتھ ملاقات ہوئی تو میں نے بلاکسی تمہید اپنی ماں کا پورا قصہ انھیں سنا ڈالا اور اپنی غزل کا وہ شعر بھی سنایا جو میں نے اپنی ماں کے آنسوؤں کو دیکھ کر کہا تھا ؎
آنکھ کے روزن سے آنسو جھانکتے تھے بارہا
رفتہ رفتہ قیدیوں کو راستہ ملنے لگا
اس ملاقات کے بعد میرا اس گھر سے رشتہ ایسا ہوگیا جیسے محبت تقدس، احترام اور علم کی خوشبو کا شہر آباد ہو اور میں اس شہر کا ایک ادنیٰ مسافر، بڑے لوگوں کا یہ کمال ہوتا ہے کہ ہر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ وہ مجھ سے سب سے زیادہ محبت کرتے ہیں۔ میرے ساتھ بھی ان کی محبت کی بارش ایسے ہی تھی۔ دونوں میاں بیوی کوئٹہ میں میرے گھر تشریف لائے تو اتفاقاً اس گھر کا نمبر بھی سی 121  تھا۔ اشفاق صاحب چند لمحے حیرت سے کھڑے رہے، پھر لاہور جاکر اس حوالے سے جو خط تحریر کیا وہ میرے لیے سرمایہ ہے۔
بانو آپا سے گزشتہ سال میں نے اپنے ٹیلی ویژن پروگرام کے لیے ایک طویل انٹرویو کیا۔ یہ غالباً ان کا کسی چینل کے لیے آخری انٹرویو تھا۔ ساری گفتگو ان کی زندگی کے اس فلسفے کے گرد گھومتی رہی کہ مرد بنیادی طور پر عورت کی ڈھال ہے۔ ایک عورت اس کی پناہ میں پرسکون اور بےخوف رہتی ہے۔ کہنے لگی‘ میرا عورت کا وہی تصور ہے جو سید الانبیاء کا تصور ہے کہ اسے حیاء کے ساتھ زندگی گزارنا چاہیے اور حیاء کے ساتھ وہ اسی وقت زندگی گزار سکتی ہے، اگر وہ کسی کی پناہ میں ہو۔
ماڈرن عورت پر سو طرح کے الزامات لگتے ہیں جن کا وہ تنہا سامنا کرتی ہے جب کہ ایک گھریلو عورت کو الزامات سے بچانے والی ڈھال اس کا خاوند ہوتا ہے۔ سب سے زیادہ شکر عورت کو اپنے خاوند کا کرنا چاہیے، جس کے گھر میں رہتی ہیں، جس کی سواری میں سفر کرتی ہیں، جس کا رزق کھاتی ہیں، جو عورتیں اپنے شوہروں سے نکل جاتی ہیں ان کی زندگی کس قدر قابل رحم ہوتی ہے۔ جس گھر کے بیچ میں باپ نہیں ہوتا وہاں بیٹی کا جو حشر ہوتا ہے سب کو معلوم ہے، ایسے ہی جس گھر میں شوہر نہیں وہاں بیوی کی جو زندگی ہوتی ہے وہ انتہائی تکلیف دہ ہوتی ہے۔ میں تو دعا کرتی ہوں کہ جیسا تیسا ہو، ہر عورت کو ایک مرد ضرور ملے تاکہ رات کو چین کی نیند سوسکے۔
میں نے پوچھا اس لیے کہ لوگوں کو ڈرایا جاسکے، خوف پیدا کیا جاسکے۔ ایک دم بولیں تم غلط لفظ استعمال کررہے ہو، یہ مرد کا خوف نہیں بالکل اس کی محبت ہوتی ہے جو عورت کو ایک پناہ گاہ فراہم کرتی ہے۔ کہنے لگیں گھروں میں رائے کا اختلاف اس وقت آتا ہے جب عورتیں خاوند کی رائے کا احترام نہیں کرتیں جس گھر میں باپ کی رائے کا احترام نہیں ہوتا، وہ گھر تباہ ہوجاتا ہے۔ گھر برابری سے نہیں چلتے، میاں بیوی گاڑی کے ایسے دو پہیے ہیں جس میں ایک پہیہ جو مرد کا ہے وہ بڑا پہیہ ہے۔ وہ پہیہ بڑا نہ ہو تو گاڑی نہیں چل سکتی۔
یوں تو اس انٹرویو میں بہت کچھ تھا لیکن میں نے یہ ایک حصہ اس لیے منتخب کیا کہ اشفاق احمد صاحب کی خوش بختی اور خوش نصیبی ہے کہ انھیں بانو قدسیہ جیسی بیوی ملی جس نے انھیں ہمیشہ ایسے اپنے گھر میں سجائے رکھا جیسے کسی بلند و بالا چبوترے پر کوئی مجسمہ سجایا ہوتا ہے اور اس کے ساتھ اس کے اقوال لکھے ہوتے ہیں جو سب کے لیے رہنمائی کا درجہ رکھتے ہیں۔ کیا خوشبو تھی اس گھر کی کہ بڑے بڑے اہل نظر وہاں کچھ وقت گزارنا خوش بختی سمجھتے تھے۔
چالیس سالوں سے یہ گھر ادب کے ملحدانہ ماحول، سیکولرازم کے طوفان، حقوق نسواں کی نعرہ بازی، فیشن پریڈ اور تماشہ بنائی گئی عورت سے لتھڑے ہوئے میڈیا کے درمیان ایک الگ تھلگ بستی تھا۔ اشفاق احمد اور بانو قدسیہ کا گھر ایک پورا شہر تھا جس میں سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت، ان سے عشق اور اس کی امت کے صالح چراغوں کی گفتگو گونجتی رہتی تھی۔ ایک دفعہ میں ان کے گھر گیا تو گیراج میں مکڑی کا جالا لگا ہوا تھا۔
اشفاق صاحب کو دنیا سے رخصت ہوئے تھوڑا عرصہ ہوا تھا۔ مجھے باہر چھوڑنے آئیں تو گیراج پر رک گئیں، جالے اور مکڑی کو دیکھ کر بولیں، اشفاق صاحب کہا کرتے تھے، مکڑی کا اس امت پر کتنا بڑا احسان ہے۔ جب رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ ہجرت کرکے جارہے تھے اور کفار آپ کے تعاقب میں تھے تو آپ نے غار ثور میں پناہ لی۔ آپ کے ساتھ آپ کے بہترین ساتھی یار غار سیدنا صدیق اکبرؓ بھی موجود تھے۔ کفار تعاقب کرتے اس غار کے دروازے تک آپہنچے۔ لیکن غار کے منہ پر مکڑی نے جال بن دیا تھا اور وہ یہی سمجھے کہ اس غار کے اندر کوئی نہیں ہوسکتا ہے۔ یوں مکڑی اس امت کی محسن ہے۔
اشفاق صاحب رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے مکڑی کے جالے سے بھی محبت کرتے تھے اور آج دیکھو ان کے جانے کے بعد یہ ہمارے دروازے کی پہچان بن گیا ہے۔ بانو آپا کا دکھ میرا دکھ ہے اور ان تمام لوگوں کا دکھ ہے جو اس پرآشوب ملحدانہ دور میں اللہ اور اس کے رسول سے تعلق رکھنا چاہتے ہیں۔ چاہے یہ تعلق مکڑی کے جالے جتنا ہی کمزور کیوں نہ ہو جسے اللہ تار عنکبوت سے تشبیہ دیتا ہے۔ ہم سب اس تار عنکبوت سے جڑے ہیں جو بانو آپا جیسی مقدس ارواح کے توسل سے عشق رسول کی منزلیں طے کرتا اللہ کی محبوبیت تک لے جاتا ہے۔

بدھ, فروری 01, 2017

"پچاس برس کی رام کہانی"

۔"دلیل ویب سائیٹ " پر اشاعت کے لیے اپنے بلاگز سے انتخاب۔۔
پچیس جنوری ۔۔۔1967۔راولپنڈی۔۔۔
پچیس جنوری۔۔۔2017۔اسلام آباد۔۔۔
 پچاس سال۔۔۔نصف صدی۔۔۔بظاہر زندگی کی بےسمت بہتی جھیل میں پچاسواں بےضرر کنکر۔۔۔دیکھا جائے تودو صدیوں کے درمیان ہلکورے لیتی عمر کی کشتی نے وقت کے سمندر میں صدیوں کا سفر طے کر لیا ۔دو صدیوں کے ملاپ سے بنتی پچاس برسوں کی ایسی مالا۔۔۔جس میں اپنے بڑوں سے سنے گئے اور کتابوں کی زبان سے محسوس کیے گذرنے والی صدی کے پکے رنگ عکس کرتے ہیں تو کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی بدولت آنے والے دور کے انوکھے رنگ نظریں خیرہ کیے دیتے ہیں۔
 زندگی اے زندگی!تونےبچھڑ جانے والوں کے تجربات،احساسات اور مشاہدات جذب کیے تو اب آنے والی نسل کے لیے خدشات تیرا دامن تھامے ہیں۔پچاس برس کا سفر کیا ہے گویا سرپٹ بھاگتی زندگی کی ریل گاڑی پچاس اسٹیشنوں پر پل بھر کر رُکی ہو۔بہت سوں کی تو یاد بھی باقی نہیں،بس یہ ہوا کہ ہر پڑاؤ پر سامان میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔اب جب طوق گلےتک آن پہنچے تو سوچنا پڑ گیا کہ اگلے کسی بھی اسٹیشن پر اترنا پڑ گیا توکس بوجھ سےکس طور جان چھوٹے گی اور کیا سامان ساتھ رہ جائے گا۔حد ہو گئی۔۔۔۔زندگی خواہ کتنی ہی بےکار اور لاحاصل ہی کیوں نہ گذرے،واپسی کی گھٹیاں سنائی دینے لگیں تو اُداسی اور مایوسی کی دُھول یوں قدموں سے لپٹتی ہے جیسے کچھ سانسیں اُدھار کی ملنے سےنہ جانے عظمت وکامیابی کی کون سی چوٹی سر کی جا سکے گی۔
 ہم انسان زندگی کہانی میں حقوق وفرائض کے تانوں بانوں میں الجھتے،فکروں اور پریشانیوں کے ساتھ آنکھ مچولی کھیلتے، خواہشوں کی سرکتی چادر میں بمشکل اپنا تن 'من' ڈھانپتے لمحہ لمحہ جوڑ کر دن اور پھر سال بِتاتے ہیں۔ کیا مرد کیا عورت سب کی زندگی تقدیر کے لکھے پر ایک جیسی گزرتی چلی جاتی ہے۔
 اپنے فطری کردار اور جسمانی بناوٹ کے تضاد کے باعث عمر کے اس موڑ کو چھوتے مرد اورعورت کے احساسات بھی مختلف ہوتے ہیں۔دونوں کے حیاتیاتی تضاد کا اصل فرق عمر کے اس مرحلے پر واضح ہوتا ہے۔ زندگی کی کٹھنائیوں سے نبردآزما ہوتے مرد کے لیے اگر یہ محض تازہ دم ہونے اور نئے جوش و ولولے کے ساتھ زندگی سے پنجہ آزمائی کرنے کی علامت ہے تو عورت کے لیے جسم و روح پرہمیشہ کے لیے ثبت ہوجانے والی ایک مہر۔۔۔ایسی مہر جس کے بعد ساری زندگی کا نصاب یکسر تبدیل ہو کر رہ جاتا ہے۔ پچاس کی دہائی میں قدم رکھتے ہوئے مرد عمومی طور پر زندگی کمائی میں سے اپنی جدوجُہد کے مطابق فیض اٹھانے کے بعد کسی مقام پر پہنچ کر نئے سفر کی جستجو کرتا ہےتو عورت ساری متاع بانٹ کر منزلِ مقصود پر خالی ہاتھ پہنچنے والے مسافر کی طرح ہوتی ہےجس کے سامنے صرف دھندلا راستہ،ناکافی زادِ سفر اور بےاعتبار ساتھ کی بےیقینی ساتھ رہتی ہے۔
عمر کے اس دور تک مقدور بھر جسمانی اور ذہنی صحت کے ساتھ  پہنچناعورت کے لیےایسی بارش کی طرح ہےجس کی پھوار سکون بخش تو دکھتی ہے لیکن اس کے لمس میں محبت، نفرت،رشتوں،تعلقات اور اپنے پرایوں کے اصل رنگ سامنے آ جاتے ہیں۔زندگی کی سب خوش فہمیوں یا غلط فہمیوں کی گرہیں کھل جاتی ہیں۔ہم سے محبت کرنے والے اور اپنی جان پر ہماری جان مقدم رکھنے والے درحقیقت ہمارے وجود میں پیوست  معمولی سی پھانس بھی نکالنے پر قادر نہیں ہوتے۔اسی طرح ہم سے نفرت کرنے والے،ٹھوکروں پر رکھنے والے،ٹشو پیپر سے بھی کمتر حیثیت میں استعمال کرنے والے اس وقت تک ہمارا بال بھی بیکا نہیں کر سکتےجب تک ہمارے ذہن کو مایوسی اپنی گرفت میں لے کر سوچنے سمجھنے کی صلاحیت نہ سلب کر ڈالے۔
 کوئی کچھ بھی کہے،خواہ مخالفت میں کتنے ہی مضبوط دلائل کیوں نہ دے لیکن یہ حقیقت ہے کہ زندگی کے سرکتے ماہ وسال کی اونچی نیچی پگڈنڈیوں پر صبح شام کرتے پچاس کا پڑاؤ   اگر کسی بلند چوٹی کی مانند ٹھہراجس کی بلندی تک پہنچتےراستہ بھٹکنے کے
خدشات ساتھ چلتے ہیں تو دوسری سمت اترائی کی مرگ ڈھلانوں میں قدم لڑکھڑانے اور پھسلنے کے خطرات حقیقت کا روپ دھار لیتے ہیں۔واپسی کے سفر کے آغاز کےبعد انسان خواہ کتنا ہی کامیابی کے جھنڈے گاڑ لے،اس کی محنت ومشقت کتنی ہی بارآور کیوں نہ ہوجائے،اُس کی ذہنی صلاحیت کتنےہی آسمان کیوں نہ چھو لے۔اس کے جسمانی قویٰ ہرگزرتےپل نقارۂ کوچ کی صدا لگاتے ہیں،یہ اور بات کہ ہم میں سے زیادہ تر اس کو سننا ہی نہیں چاہتے یا جان کر انجان بنے رہنے میں بھلا جانتے ہیں۔زندگی کےسفر میں صحت وعافیت کے پچاس برس ایک پھل دار درخت پر لگنے والے رسیلےپھل کی مانند ہوتے ہیں جسے اگر بروقت توڑا نہ جائے تو اس کا رس اندر ہی اندر خشک ہونے لگتا ہے، بظاہر وہ کتنا ہی تروتازہ کیوں نہ دکھائی دے۔محترم اشفاق احمد "من چلے کا سودا "(صفحہ436) میں لکھتے ہیں " خوش رنگ مطمئن پھول وہ ہوتا ہے جس کی پتیاں بس گرنے ہی والی ہوں "۔
کتاب زندگی کے ورق اُلٹتے جب ہم اس کے پچاسویں باب پر پہنچتے ہیں تو وہ ہمارے نصابِ زندگی کابہت اہم موڑ ہوتا ہے
یہاں پہنچ کر اگر پچھلے اسباق ازبر نہ ہوں،ذیلی امتحانات میں کی گئی غلطیوں کا احساس نہ ہو تو آنے والے آخری امتحان میں پاس ہونا بہت مشکل ہو جاتا ہے۔زندگی کی شاہراہ پر پچاس برس کا سنگِ میل ایک ایسا آئینہ ہے جسے انسان کے تجرباتِ زندگی صیقل کرتے ہیں تو  رشتوں،تعلقات اور جذبات کے حوالے سے ذہن ودل پر چھائی دھند بھی بہت حد تک چھٹ جاتی ہے۔آسمانِ دل کی وسعت دکھائی دیتی ہے تو اپنی طاقتِ پرواز کی اصلیت بھی کھل کر سامنے آ جاتی ہے۔ہم میں سے بہت کم روزِروشن کی طرح عیاں اس سچائی کا سامنا کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں ورنہ زیادہ تر اپنے آئینوں سے منہ چھپاتے دوسروں کی فکر کرتے ہیں اور یا پھر اپنے چہرے پر بناوٹ کے غازوں کی تہہ جمائے لاحاصل رقصِ زندگی میں خسارے کے سودے کرتے چلے جاتے ہیں۔زندگی سمجھنے سے زیادہ برتنے کی چیز ہے۔ہمارا مسئلہ یہ ہے کہ ہم ساری عمر کتابِ زندگی سمجھنے میں گزار دیتے ہیں اور المیہ یہ ہے کہ زندگی آخری صفحے کے آخری لفظ سے پہلے سمجھ آ ہی نہیں سکتی۔ جس لمحے اس کی پہچان آنکھ میں اترتی ہےتو انسان ایک کائنات چھوڑ کر دوسری کائنات کے سفر پر روانہ ہونے کو تیار ہوتاہے۔
دُنیاوی بلندیوں کے دھوکوں اور فانی پستیوں کی ذلتوں میں دھنستے،گرتے اور سنبھلتے عمر کی بچاسویں دہائی کے آخری پائیدان پر قدم رکھتے ہوئے ایک نظر پیچھے مڑ کر دیکھوں تو زندگی کہانی میں چہروں اور کرداروں کی ایک دنیا آباد ہے۔۔۔۔ایسے مہربان چہرے جو زندگی کا زندگی پر یقین قائم رکھتے ہیں تو ایسے مکروہ کردار بھی جو انسان کا رشتوں اور انسانیت پر سے اعتماد زائل کر دیتےہیں۔یہ نقش اگرچہ گزرچکے ماضی کا حصہ بن چکے لیکن ان کا خوشبو عکس احساس کو تازگی دیتا ہے تو کبھی کھردرے لمس کی خراشیں ٹیس دیتی ہیں۔ان چہروں کے بیچ میں دور کسی کونے میں چھپا خفا خفا سا اور کچھ کچھ مانوس چہرہ قدم روک لیتا ہے۔ہاں !!! یہی وہ چہرہ تھا جس نے دنیا کے ہر احساس سے آگاہ کیا اسی کی بدولت محبتوں کی گہرائی اور اُن کے رمز سے آشنائی نصیب ہوئی تو زندگی میں ملنے والی نفرتوں اور ذلتوں کا سبب بھی یہی ٹھہرا۔ اس کی فکر اور خیال نےاگر سب سے بڑی طاقت بن کر رہنمائی کی تو اس کی کشش کی اثرپزیری زندگی کی سب سے بڑی کمزوری اور دھوکےکی صورت سامنے آئی۔اسی چہرے نے دنیاوی محبتوں کے عرش پر پہنچایا تو اسی چہرے کے سبب زمانے کے شکنجے نے بےبس اور بےوقعت کر ڈالا۔کیا تھا یہ چہرہ ؟کہ اس نے بڑے رسان سے دنیا کی ہر کتاب سے بڑھ کر علم عطا کیا تو پل میں نہایت بےرحمی سے جہالت اورلاعلمی کی قلعی بھی کھول کر رکھ دی۔ایسا چہرہ جو ہم میں سے ہر ایک کا رہنما ہے۔۔۔ہمارا آئینۂ ذات! جوہماری نگاہ کے لمس کو ترستا ہے لیکن ہم اس سے انجان دوردراز آئینوں میں اپنا عکس کھوجتے رہ جاتے ہیں۔ظاہر کی آنکھ سے کبھی یہ چہرہ دکھائی نہیں دیتا پر جیسے ہی ہم اپنے اندر کی آنکھ کھول کراپنے آپ سے سوال جواب شروع کریں تویہ جھلک دکھلا دیتا ہے۔اسی چہرے نے بتایا کہ انسان کہانی صرف اُس کے آنکھ کھلنے اور آنکھ بند ہونے کی کہانی ہےاور درمیانی عرصے میں صرف اور صرف دھوکے ہیں محبتوں کے اور نفرتوں کے،علم کے اور لاعلمی کے، عزتوں کے اور ہوس کے۔اندھی عقیدتوں کے سلسلے ہیں تو کہیں وقتی احترام کی ردا میں لپٹی نارسائی کی کسک سرابھارتی ہے۔
دنیا کی محدود زندگی میں ہندسوں کا ماؤنٹ ایورسٹ  بھی تو یہی ہے کہ جسے سر کرتے ہوئے ناسمجھی کی اندھی دراڑیں ملیں تو کبھی برداشت کی حد پار کرتی گہری کھائیاں دکھائی دیں۔جذبات کی منہ زور آندھیوں نے قدم لڑکھڑائے توکبھی پل میں سب کچھ تہس نہس کر دینےوالے طوفانوں نے سانسیں زنجیر کر لیں۔بےزمینی کے روح منجمد کر دینے والے خوف نے پتھر بنا دیا تو کبھی خواب سمجھوتوں کی حدت سے موم کی مانند پگھل کر اپنی شناخت کھو بیٹھے۔
گزرے برسوں کے احساسات کو عشروں میں سمیٹا جائے اور ہر عشرےکے کینوس پر بنتی تصویر پر نگاہ ڈالی جائے تو زندگی کے پہلے دس برس لفظوں اور رشتوں سے خوشیاں کشید کرنے اور ہمیشہ کے لیے اپنی روح میں جذب کرنے کی کیفیت کا عکس تھے۔اگلے دس برس محبتوں کی بےیقینی کی دھند میں سانس لینے کی کوشش کرتے گذرے تو بیس سے تیس کا عشرہ یقین کی ایسی خودفراموشی کی نذر ہو گیا جس میں نئے ماحول اور نئے زندگیوں کو پروان چڑھانے میں اپنی ذات،اپنے احساسات اور اپنے جذبات کہیں کھو کر رہ گئے۔زندگی شاید اسی طرح گزر جاتی کہ تیس سے چالیس کےعشرے کے بالکل درمیان پینتیس برس ایک اہم موڑ تھا گویا کسی خواب غفلت نے چونکا دیا ہو۔۔۔یہ کیا ! زندگی تو گزر گئی؟کیا یہی حاصلِ زیست تھا؟ کیا بس یہی آنے کا مقصد تھا ؟ بس اتنی ہی کہانی تھی؟۔ اس دور میں خود سے الجھتے، سوچ کو ان الفاظ میں سمیٹا۔۔
۔" ادھورا خط" سے اقتباس۔۔"یہ کہانی 25 جنوری 2002 سے شروع ہوتی ہے۔جب میں 35 برس کی ہوئی ۔تو گویا خواب ِغفلت سے بیدار ہو گئی۔میں نے سوچنا شروع کیا کہ میں نے کیا کھویا کیا پایا۔ مجھے اب ہر حال میں آگے دیکھنا تھا۔۔35 برس کا سنگِ میل یوں لگا جیسے باقاعدہ کلاسز ختم ہو گئی ہوں اور امتحانوں سے پہلے تیاری کے لیے جو عرصہ ملتا ہے وہ شروع ہو گیا ہو۔ دسمبر تک مجھے ہر حال میں بستر بوریا سمیٹنا تھا۔ ہر چیز نامکمل تھی۔۔۔میں ایک ایسے سوٹ کیس کی طرح تھی جس میں ہر قسم کا سامان اُلٹا سیدھا ٹھسا تھا۔۔۔اُس کو بند کرنا بہت مشکل کام تھا۔۔۔ہر چیز کو قرینے سے رکھنا تھا۔۔۔فالتو سامان نکالنا تھا۔۔۔میں بیرونی پرواز پر جانے والے اُس مسافر کی مانند تھی جس کو ایک خاص وزن تک سامان لے جانے کی اجازت ہوتی ہے۔ ان حالات میں جبکہ میں ڈوب رہی تھی مجھے کسی بھی قابل اعتماد یا ناقابلِ اعتماد سہارے کی تلاش تھی۔۔۔ یقین جانیں میں اس کیفیت میں تھی کہ روشنی کی جستجو میں آگ سے کھیلنے کو بھی تیار تھی"۔
۔۔۔۔۔۔
زندگی کی سیڑھی چڑھتے عمر کے پینتیسویں پائیدان نے مقناطیس کی طرح  برسوں سے جامد سوچ کو اس طور گرفت میں لیا کہ برف احساسات کے پگھلنے سے لفظوں کی آبشار جاری ہو گئی لیکن اس خودکلامی کو سمجھنے اور منظم ہونے میں ابھی کچھ وقت درکار تھا اور یہ وقت دس برسوں پر محیط ہو گیا۔پینتالیس برس کی عمر میں کمپیوٹر سے دوستی ہوئی تو اس نے ایک وفادار دوست کی طرح دامنِ دل وسیع کر دیا اور یوں بلاگ ڈائری میں احساس کی رم جھم جذب ہونے لگی اور دھنک رنگ فیس بک صفحے اور ٹویٹر کی زینت بنتے چلے گئے۔
زندگی کہانی میں پچاس کے ہندسے کوچھوتی عمرِفانی نے  سب سے بڑا سبق یہی دیا کہ ہمیں اپنے آپ کی پہچان ہوجائے تو پھر ہر پہچان سے آشنائی کی منزل آسان ہوجاتی ہے۔یہ پہچان جتنا جلد مجازی سے حقیقی کی طرف رُخ کرلے اتنی جلدی سکون کی نعمت بھی مل جاتی ہے اور یہی پہچان زندگی کی ترجیحات کے تعین میں رہنمائی کرتی ہے۔اللہ ہم سب کو پہچان کا علم عطا فرمائے۔ آمین
 نصف صدی کا قصہ تمام ہونے کو ہے۔اللہ بس خاتمہ ایمان پر کرے آمین۔زندگی سے اور کچھ بھی نہیں چاہیے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گزرے برسوں کی کتھا،کچھ یادیں۔۔۔میری بھوری ڈائری سے بلاگ ڈائری میں۔۔۔۔۔
٭خلیل جبران۔۔۔۔(1982)۔۔۔سوچ جزیرے پر پہلی کشتی
٭تجربات ِزندگی۔۔۔جنوری 67۔۔جنوری 87 ۔۔(20سال)۔ہوس،محبت،عشق؟؟؟عام خیال ہے کہ "مرد عورت کی حفاظت کرتا ہے لیکن!مرد عورت کی حفاظت نہیں کرتا بلکہ بھائی بہن کی،میاں بیوی کی اور بیٹا ماں کی حفاظت کرتا ہے۔۔۔ ۔"حفاظت صرف مقدس رشتوں کی کی جاتی ہے عورت کی نہیں"۔۔۔آج کی اور آج سے چودہ سو سال کی لڑکیوں میں اس کے سِوا کوئی فرق نہیں کہ وہ ایک دم اپنے انجام کو پہنچتی تھیں اور آج کی آہستہ آہستہ۔
٭حاصلِ زندگی۔۔ ۔جنوری 1967۔۔جنوری 1992۔(25 سال)۔۔بچےِ،گھر،میں
٭احساسِ زندگی۔۔۔25جنوری1994۔۔۔
بجھنے سے پہلےبھڑکنا نہیں آیا مجھ کو
زندگی تجھ کو برتنا نہیں آیا مجھ کو
 سوچ کے اُفق پر جنم لینے والے یہ لفظ احساس کی ٹھہری جھیل میں پہلا کنکر بن کر طلوع ہوئے اورتخیل کی دھیرے دھیرے خشک ہوتی مٹی کو سیراب کرتے چلے گئے۔ 
٭سرکتے و قت کا نوحہ۔"بندگلی"۔ 25جنوری 67 ----25جنوری۔97۔(30 سال)۔
 وہ ایک دائر ے میں گھوم رہی تھی۔سر اُٹھا کر دیکھتی تو کوئی دروازہ اُس کے لیے نہیں کُھلا تھا آس پاس اُونچے مکان تھے،وہ سانس لینا چاہتی،گھٹن تھی کہ بڑھتی جا رہی تھی۔چیخیں مارکر رونا چاہتی،جو اندر ہی رہ جاتیں۔بھاگنا چاہتی لیکن پاؤں میں زنجیریں تھیں۔زنجیریں ٹوٹ بھی جا ئیں تو بھاگ کیسےسکتی تھی کہ یہ تو ایک بند گلی تھی۔
٭تحفۂ زندگی۔12 جنوری 2003۔۔دوست کا نامہ میرے نام۔۔۔اس میں سے اقتباس۔۔
 ۔"وظیفہ"۔۔۔۔ "اللہ تعالیٰ نے جو حساس دل ودماغ تمہیں دیے ہیں اور جس طرح تم خود 'تلاش' کے سفرپرہو۔اس کو رُکنے نہ دو۔تم بہت خوش قسمت ہو کہ اپنے احساسات کو صفحے پر الفاظ کی صورت لکھ دیتی ہو،میں نے اس عمر تک یہ کوشش بارہا کی لیکن الفاظ ساتھ دےبھی دیتے ہیں مگر احساس ِجئرات ساتھ نہیں دے پاتا۔یہی وجہ ہےکہ گول مول طریقوں سے،ڈھکے
چھپے الفاظ سے دل ودماغ ہلکا کرلیتی تھی یا ۔۔۔۔۔ہوں۔بس میری شدید خواہش ہے کہ تم اپنی حساس طبیعت کے تحت اتنا اچھا لکھ لیتی ہو تو کیوں نہ اچھے افسانے لکھو تا کہ کسی طرح تمہیں آؤٹ پُٹ ملے۔ جذبات کا نکاس روح کو کافی حد تک ہلکا پھلکا کرڈالتا ہے۔تم نے عمر کے اس دورمیں قدم رکھا ہے جہاں سے زندگی اب صحیح معنوں میں شروع ہوتی ہے۔اس سے پہلے کا دورتو امیچوراورپھر پچاس کے بعد کا دور ناطاقتی کا دورہو گا۔ اس گولڈن دورمیں جسمانی اور روحانی طاقتوں کو اپنی ذات کے اندر بیلنس کرو کہ تمہارے جیسے لوگ کم ہوتے ہیں،اللہ تعالیٰ تمہارے لیے آسانیاں عطا کرے اورکرے گا کیوں کہ تم دوسروں کو آسانیاں مہیا کر رہی ہو"۔
٭تفکرِزندگی۔۔25 جنوری 2003۔۔۔ خلیل جبران،ممتازمفتی ،اشفاق احمد اورجناب واصف علی واصف کی تحاریر پڑھتے پڑھتے محترم پروفیسراحمدرفیق اختر کے نام اور اُن کی کتب سے پہلی بار شناسائی ہوئی۔
سب سے پہلے پڑھی گئی کتاب "پسِ حجاب"سےنوٹ کیا گیا اقتباس۔۔صفحہ 135۔۔ اگر کوئی جاننا چاہے کہ کون اللہ کے قریب ہے،تو جان لیجیئے کہ اللہ اپنے نزدیک دیوانوں اور احمقوں کو نہیں رکھتا،اس نے نسلِ انسان کو ایک شرف اور ٹیلنٹ بخشا ہوا ہے،وہ یہ چاہے گا کہ انسان اس شرف کو استعمال کرے۔یہ تمام اوصاف ایک چیز سے حاصل ہوتے ہیں یعنی جلدسے جلد اپنی ترجیحات کا تعین،جتنی زندگی ضائع کر کے آپ ان ترجیحات کےتعین تک پہنچیں گے،اتنے ہی آپ مصیبت میں مبتلا ہوں گے۔وہ چاہے فرد ہو سوسائٹی یا ملک ہو،جس قدر وہ ان ترجیحات سے دور رہے،اُتنا ہی ڈسٹرب اور مصیبت زدہ ہے۔
 ایک آدمی پچاس سال میں جن ترجیحات کو پاتا ہےمگر پچاس سال میں خدا کے نزدیک اس کی ترجیحات کی قدروقیمت کم ہو گئی،ایک شخص پچیس سال میں اپنی ترجیحات کو پا لیتا ہے اور اس کو پتہ ہےکہ میری زندگی میری سوچ،سب کچھ کا واحد مقصد یہ ہے کہ میں خدا کو پہچانوں۔جب ذہن ترجیحِ اول کا اعلان کر دیتا ہے تو خدا اور بندے کے ذاتی اختلافات ختم ہو جاتےہیں۔وہ کہتا ہے کہ بندے سے یہی توقع تھی کہ وہ غور کرے سوچے اور مجھے انٹلیکچوئل ترجیحِ اول واضح کر لے۔ہو سکتا ہے کہ ذہنی طور پر اس کو اولیت اور اولین ترجیح قرار دینے کے باوجود آپ اپنی زندگی میں اس کی اولیت قائم نہ رکھ پائیں،اس لغزش کی معافی مل سکتی ہے۔
 گناہوں کی بخشش اس کے ہاں صرف اس وجہ سے ہے کہ آپ نے بنیادی سوال تو حل کر لیا ہے۔آپ کی کمزوریاںِ،کمیاں،ہو سکتا ہے آپ کو ترجیحات کے فقدان پرمائل کریں مگر یہ آپ کا ذہن اور آپ کی سوچ وفکر سے بھرپور طاقت ہے جس نے یہ مسئلہ حل کر دیا ہے۔حتیٰ کہ خدا انسان کی کمزوری کی وجوہ کو حکم دیتا ہے،تسلیم نہیں کرتاِ،حکم دیتا ہے کہ اگر تم بڑے گناہوں اور فواحش سے پرہیز کرو تو چھوٹے گناہ معاف کر دئیے جائیں گے۔جب خدا خود کہہ رہا ہے کہ چھوٹی چھوٹی غلطیوں اور کوتاہیوں کے دور تم پر آئیں گے،تو یہ حکم کا درجہ رکھتا ہے۔ہر آدمی پر حماقتوں کے کچھ دور ضرور گزرتے ہیں۔خطاؤں کے کچھ پیٹرن ضرور بنیں گے۔اس لیے کہ خطا بذاتِ خود سیکھنے کا بھی باعث ہے۔
٭تحفہء زندگی۔۔۔"لبّیک اللہُمٰ لبّیک"۔۔۔شناسائی سے آشنائی تک۔۔۔
روانگی۔15 دسمبر 2004 ۔۔۔ادائیگی حج 20جنوری 2005 -- واپسی 25 جنوری۔2005
٭سراب کہانی ۔25جنوری 1967---- 25جنوری 2007۔ (40سال)۔
 عورت ایک ری سائیکلڈ کاغذ کی طرح ہے لیکن اُسے ٹشّو پیپر بھی نہیں بلکہ رول ٹشُو کی طرح استعمال کیا جاتا ہے۔ 
٭ مدارِزندگی ۔۔۔22جنوری 1988۔22جنوری 2010۔(22سال)۔۔
 وہ میرا گھر ہے لیکن میں و ہاں نہیں رہ سکتی اور یہ میرا گھر نہیں ہےلیکن مجھے یہاں ہی رہنا ہے۔
٭تشکر کہانی (شادی۔ 25 سال)۔یکم اپریل 1988---یکم اپریل2013
 کانچ کی چوڑی کو یوں برتا کہ و قت کی گرد نے اُسے ماند کیا اور نہ اُس کی شناخت ختم ہو ئی۔وقتی کھنک اور ستائش کی چاہ
فقط خودفریبی ہی تھی،ایک ان چھوا احساس سرما یہءحیات ہے۔
٭تھکن کہا نی۔۔ 25 جنوری 1967----25 جنوری2011۔(44سال)۔
بظاہر سرسبزوشاداب نظر آنے والے  پودے کی رگوں میں سرسراتی نادیدہ دیمک قطرہ قطرہ زندگی کا رس نچوڑتی جا رہی ہے۔
٭آخری کہانی 31دسمبر 2011
 اپنی بھرپور موجودگی کے مادی اسباب کے ساتھ فرش سے عرش پر یا پھر عرش سے فرش تک کا ایک طویل سفر طے کرنے کے بعد عورت اِتنی تہی داماں ہو جا تی ہیے کہ آخرکار پھونکیں مار مار کر اپنے ہی وجود کی بھٹی میں آگ سُلگا تے ہو ئے راکھ بنتی جا تی ہے،اُس کی اہمیت کبھی ختم نہیں ہو تی،ہاں پہچان ختم ہو جاتی ہے" ڈھونڈنے والے اُس کی طلب سے بےنیاز اپنے رنگ میں کھوجتے ہیں۔"ا پنی نظر کی عینک سے بھی کبھی کائنات کا احاطہ ممکن ہو سکا ہے؟"آکسیجن کی طرح بےرنگ،بےبُو
بےذائقہ ہو جاتی ہے۔وہ آکسیجن جو بےمول،بن مانگے ملتی رہتی ہے تو اُس کی قدروقیمت کا کبھی احساس نہیں ہو تا۔کچھ حقیقتیں آخری سانسِ،آخری منظر سے پہلے آشکار نہیں ہو تیں " عورت بھی اِنہی سچا ئیوں میں سے ایک ہے۔
٭ ختم کہانی 25 جنوری 2012۔۔۔جان کسی چیز میں نہ ڈالو ورنہ جان نہیں نکلے گی۔
۔(زندگی کہانی چند لفظوں میں کہی تو جا سکتی ہے لیکن گنتی کے چند برسوں میں مکمل نہیں ہو سکتی۔۔ہم کبھی نہیں جان سکتے کہ کاتبِ تقدیر نے زندگی کہانی کے آخری صفحے پر ہمارے لیے کیا لکھا ہے۔۔۔"ختم کہانی اور آخری کہانی" کے عنوان سے لکھی گئی سطریں اس احساس کے تحت لکھی گئیں کہ اب قلم اور کاغذ کے رشتے سے تعلق ہمیشہ کے لیے ختم کرنا ہے۔ یہ نہیں جانتی تھی کہ محض چند ماہ بعد یہی تعلق نہ صرف میرے نام کی پہچان بنے گا بلکہ میرے لیے اپنی ذات کے حوالے سے انوکھے دربھی وا کرے گا )۔ 
٭انٹرنیٹ کہانی۔۔۔۔ 31مارچ 2012 سے فیس بک اور اکتوبر 2012 بلاگ۔۔۔پانچ برس کے عرصے میں اس پرواز کا احوال 450 سے زائد بلاگز کہتے ہیں۔ 
حرفِ آخر
٭زندگی کہانی چند لفظوں میں کہہ بھی دی جائے لیکن چند لفظوں میں سمجھائی نہیں جا سکتی ۔
 ٭ہم ساری عمرجگہ کی تلاش میں رہتے ہیں حالانکہ جگہ تو ہمیں زندگی کے پہلے سانس سے آخری سانس کے بعد تک دُنیا میں مل ہی جاتی ہے ہماری ضرورت سپیس (کھلی فضا) ہے جسے ہم خود اپنے اندر تلاش کریں تو مل جائے گی۔

"سیٹل اور سیٹل منٹ"

سورۂ فرقان(25) آیت 2۔۔   وَخَلَقَ كُلَّ شَىْءٍ فَقَدَّرَهٝ تَقْدِيْـرًا ترجمہ۔ اور جس نے ہر شے کو پیدا کیا اور پھر اس کے لیے ایک اند...