منگل, اکتوبر 19, 2021

برکہ۔ ام ایمن رضی اللہ تعالیٰ عنہا۔ از قلم شاہین کمال

برکہ۔
ام ایمن رضی اللہ تعالیٰ عنہا۔
جب مکہ میں یہ خبر عام ہوئی تو اس شام شہر میں کہرام بپا تھا کہ مکہ کا وجہیہ و دانا ، صاحب فہم و فراست اور رحم دل سپوت اب نہیں رہا ۔ بطحاء کی آغوش نے ہاشم کے صاحب زادے کو سمیٹ لیا۔ وہ جوان رعنا نوشہ عبداللہ لحد میں آسودہ خواب ہوگیا۔ عبداللہ بن عبد المطلب کا کل ترکہ تھا، پانچ اونٹ، بکریوں کا ایک ریوڑ اور ایک حبشی کنیز جن کا نام برکہ تھا ۔جب عبداللہ نے اپنی عروس آمنہ کے ساتھ اپنی جنت بسائی تو اس خوب صورت گھرانے کی خدمت پر مامور برکہ تھی۔
برکہ جن کا آبائی وطن حبشہ تھا۔ نام برکہ بنت ثعلبہ بن عمرو بن حصن بن مالک بن سلمہ بن عمرو بن نعمان اور کنیت ام ایمن۔ انہیں کم عمری میں مکہ کی غلام منڈی عبداللہ نے مول لیا تھا۔ حضرت عبداللہ بن عبد المطلب اور آمنہ بنت وہب کی شادی کے بعد یہ اس گھرانے کی خدمت پر مامور تھیں۔ حضرت عبداللہ شادی کے فوراً بعد ہی شام کے تجارتی سفر پر روانہ ہو گئے تھے پر آپ کی زندگی نے وفا نہ اور واپسی کے سفر میں یثرب میں بیمار ہوگئے یوں دیار غیر میں آسودہ خاک ہوئے۔ اس دل دوز گھڑی میں برکہ ہی تھیں جنہوں بی بی آمنہ کی دل داری اور دیکھ بھال کی۔ یہ برکہ کی بلند بختی تھی کہ وہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مہد سے لحد تک ان کے ساتھ رہیں۔ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس دنیا میں جلوہ افروز ہوئے تو برکہ وہ پہلی خاتون تھیں جنہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنی گود میں لیا۔ اس وقت برکہ کی عمر تیرہ سال تھی اور وہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پرورش و پرداخت پر معمور تھیں۔ جب حضور صلی اللہ علیہ وسلم، بی بی حلیمہ سعدیہ کے پاس مستقلاً مکہ واپس آ گئے تو آپ کی دیکھ ریکھ کی پوری زمہ داری برکہ کے سپرد تھی۔ وہی کھلاتی، پلاتی، نہلاتی اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ کھیلتیں۔ جب بی بی آمنہ بنت وہب نے مدینہ سے واپسی کے سفر میں ابواء کے مقام پر داعی اجل کو لبیک کہا تو اس لق و دق بیابان میں اس چھ سالہ یتیم کے سر پر شفقت کا ہاتھ دھرے گم سم دادا اور ممتا بھرا دل رکھنے والی انا کے کہ علاؤہ تیسرا اور کوئی نہ تھا۔ بی بی آمنہ کے وصال کے بعد ام ایمن حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا سایہ بن گئیں۔ یہ فضیلت صرف ام ایمن رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو حاصل ہے کہ وہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پیدائش باسعادت سے لے کر وصال پر ملال تک ان کے ساتھ رہیں۔ آپ حضور اکرم کی دیکھ بھال میں اس شدت سے مصروف تھیں کہ اس فریضے کو پوری جاں فشانی سے نبھانے کی خاطر آپ نے شادی بھی نہیں کی۔
جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا نکاح حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے ہوا تو آپ نے برکہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کو آزاد کر دیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خواہش تھی کہ اب برکہ بھی شادی کر لیں اور حضرت خدیجہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے اصرار پر آپ کی شادی حارث بن خزرج کے خاندان میں عبید بن زید سے ہوئی پر ان کی عمر نے وفا نہ کی۔ ان سے ایک اولاد حضرت ایمن ہوئے، انہی کے سبب برکہ کی کنیت ام ایمن رضی اللہ تعالیٰ عنہا پڑی۔ میاں کے انتقال کے بعد وہ اپنے بیٹے کے ساتھ دوبارا مکہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے گھر تشریف لے آئیں۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نبوت کے منصب پر فائز ہوئے تو برکہ اسلام قبول کرنے والی دوسری عورت تھیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دلی خواہش تھی کہ ام ایمن کی دوبارہ شادی ہو، سو آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نےکہا کہ جس کو یہ بات خوش کرے کہ وہ ایک جنتی بی بی سے شادی کرے ،اسے چاہیے کہ وہ ام ایمن سے نکاح کرے اور اس ترغیب و محبت کی بنا پر حضرت زید بن حارثہ جو حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے آزاد کردہ غلام اور چہیتے صحابی تھے انہوں نے اپنا نام پیش کر دیا جبکہ دونوں کی عمروں میں بہت فرق تھا۔ حضرت زید بن حارثہ سے ام ایمن رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی دوسری اولاد اسامہ بن زید جو نامور صحابی رسول اور جری اور کم عمر سپہ سالار تھے پیدا ہوئے۔ حضرت اسامہ بن زید کو محبوب رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بھی کہا جاتا ہے۔ ام ایمن اور حضرت زید بن حارثہ کا بیس برس کا ساتھ رہا، اس دوران حضرت زید نے مزید نکاح بھی کئے مگر باقی بیویوں کو طلاق دے دی اور پھر جنگ موتہ میں حضرت زید بن حارثہ کی شہادت تک ام ایمن ہی ان کی واحد بیوی تھیں۔
حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ان ایمن رضی اللہ تعالیٰ عنہا کا بہت اکرام کرتے تھے اور لوگوں سے آپ کا تعارف بحثیت میری ماں کے بعد ماں کے طور پر کراتے اور ان کے گھر کو اپنا گھرانہ شمار کرتے۔ ام ایمن نے جب مدینہ منورہ ہجرت کی تو اسی سفر دشوار میں ان کے ساتھ ایک معجزہ پیش آیا۔ ام ایمن رضی اللہ تعالیٰ عنہا روزے سے تھیں اور گرمی اور پانی کی عدم دستیابی کے سبب جب جاں بلب ہوئی تو آسمان سے ایک ڈول نازل ہوا جس کی رسی کا دوسرا سرا نظر نہ آتا تھا۔ اس ڈول میں دودھ سے زیادہ سفید اور شہد سے زیادہ میٹھا پانی تھا۔ آپ نے اسی پانی روزہ افطار کیا اور دل بھر کر پانی پیا اور بچے ہوئے پانی کو اپنے جسم پر بہا دیا۔ ام ایمن رضی اللہ تعالیٰ عنہا کا بیان ہے کہ اس کے بعد انہیں گرمی اور پیاس نے کبھی نہیں ستایا اور وہ گرم ترین دنوں میں بھی آرام سے روزہ رکھا کرتی اور کعبہ کا طواف کرتیں۔
مدینہ میں حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم روزآنہ ان کے گھر تشریف لے جایا کرتے تھے اور احوال کے استفسار پر کہ" اے میری ماں آپ کیسی ہیں؟"
ام ایمن کا جواب ہوتا کہ" جب تک اسلام کے حالات اچھے ہیں میں اچھی ہوں۔"
اللہ اللہ !! کیا زہد و تقویٰ اور کیا استقامت کہ ضیعفی کا عالم مگر زبان شکوہ شکایت سے
نا آشنا۔ طبقات ابن سعد کے مطابق حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے آپ کو دو بار جنت کی بشارت دی۔
ام ایمن ہر غزوہء میں حصہ لیتی رہیں۔ وہ غزوات میں پانی پلانے اور زخمیوں کی تیمارداری کی خدمت انجام دیتی۔ غزوہء احد میں جب بھگدڑ مچی تو وہ تلوار سونت کر حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قریب رہیں اور بھاگتے ہوئے مجاہدین کو عار دلا کر واپس میدان جنگ کی طرف پلٹایا۔ غزوہء حنین میں آپ نے اپنے دونوں بیٹوں کے ساتھ شرکت کی اور اس غزوہء میں حضرت ایمن شہید ہوئے۔
ام ایمن نے اپنے تمام پیاروں، میاں، دونوں بیٹے یہاں تک کہ حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی جدائی تک کا صدمہ سہا اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وصال کے بعد وہ بالکل خاموش رہنے لگیں تھیں۔ حضرت ابوبکر صدیق اور حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ آپ کی مزاج پرستی و دل داری کے لیے برابر آپ کے گھر جایا کرتے تھے۔ ایک ملاقات پر جب وہ گریاں کناں تھیں تو حضرت ابو بکر صدیق نے انہیں تسلی دی اور کہا کہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے لیے اللہ تعالٰی کے پاس بہترین چیز موجود ہے۔ ام ایمن نے کہا میں اس حقیقت سے آگاہ ہوں مگر آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے وصال کی وجہ سے اب وحی کا سلسلہ منقطع ہو گیا ہے اور یہ غم بہت بڑا صدمہ ہے۔ یہ سن کر دونوں صحابہ کرام بھی رونے لگے۔
حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شہادت پر بہت دلگیر تھیں،کسی نے سبب پوچھا تو کہا کہ عمر کے جانے سے اسلام کمزور ہو گیا ہے۔
آپ نے طویل عمر پائی تقریباً سو برس اور آپ کا انتقال حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے ابتدائی دور میں ہوا، حضرت عمر فاروق کی شہادت کے فقط بیس دن کے بعد ام ایمن رضی اللہ تعالیٰ عنہا کا وصال ہوا اور آپ جنت البقیع میں مدفون ہیں۔
حوالہ جات۔
سیرا الصحابیات، مولوف، مولانا سعید انصاری۔
الاستیعاب، کتاب کنی النساء، ام ایمن خادمہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
سنین ابن ماجہ، کتاب الاطعمتہ
مسلم (2/341)
ارحیق المختوم۔ مولانا صفی الرحمن مبارک پوری
شیخ عمر سلیمان کا لیکچر۔

از قلم شاہین کمال۔ 

پیر, ستمبر 13, 2021

"مستنصرحسین تارڑ ۔۔۔اپنی کُتب کے آئینے میں "

٭1)"غار حرا میں ایک رات "۔
سفر ستمبر 2004
اشاعت 2006
٭کئی لوگ پوچھتے ہیں,جاننا چاہتے ہیں کہ کیا میں سفر محض اس لئے اختیار کرتا ہوں کہ واپسی پر سفر نامہ لکھ سکوں......ایسا ہر گز نہیں ہے...... میں نے زندگی کے بیشتر سفر ان زمانوں میں اختیار کئے جب واپسی پر کچھ بھی نہ لکھتا تھا----میں ایک ادیب نہ بھی ہوتا تو بھی اتنے ہی سفر کرتا جتنے کہ میں نے کئے کہ میرے لئے آوارگی جذبہ اول ہے اور اس کی روئیداد قلم بند کرتا ہوں تو لوگوں کو اپنے سفر میں شریک کرنے کے لیے اور......... اس سفر کو پھر سے زندہ کرنے کے لیے......گویا میں ایک اور سفر پر نکل جاتا ہوں اور یہاں ایک سفرنامہ نگار دوسرے مسافروں سے کہیں زیادہ بخت والا ہو جاتا ہے کہ وہ دوبارہ انہی کیفیتوں,مسرتوں,اذیتوں اور مشقتوں اور خوبصورتیوں میں سے گزرتا ہے......کچھ اسی طور میں نے غار حرا میں تو صرف ایک شب بسر کی لیکن اسے بیان کرتے ہوئے سینکڑوں راتیں اس غار میں بسر کیں........جو سرسری دیکھا تھا اس کی تفصیل میں گیا...جو اَن دیکھا تھا وہ بھی سٹڈی کی تنہائی میں نظر آنے لگا......ایک شب کا ہیجان اور کیفیت سینکڑوں شبوں پر محیط ہو گیا.....تو گویا اب بھی اس لمحے....جب کہ اس شب کو گزرے ہوئے ایک برس ہو چکاہے.....میں ہنوز غار حرا کی رات میں ہوں۔
۔۔۔۔
٭2) ’’خانہ بدوش‘‘
(سفر۔سپین، لبنان ،یورپ )
سفر1975
اشاعت اگست 1983
کسی من چاہے کا پرتو کب تک یوں سامنے آتا رہتا ہے کہ جیسے وہ سامنے ہو؟ ۔۔۔۔ صرف چند برسوں کے لئے۔ پہلے بدن کا لمس ساتھ چھوڑتا ہے، پھر آواز معدوم ہوتی چلی جاتی ہے اور کچھ عرصے بعد آنکھیں بھولتی ہیں، مگر مسکراہٹ بہت دیر تک ساتھ دیتی ہے لیکن ایک روز وہ بھی بجھتی ہوئی لو کی طرح تھرتھراتی ہوئی تاریک ہوجاتی ہے۔
۔۔۔۔
٭3)"برفیلی بلندیاں"
۔( تلتر جھیل،پگوڈا ٹریک(سفر 2000)، درۂ گندگورو،لیلیٰ پیک ٹریک (2001)۔
اشاعت2001
٭"کوئی چہرہ یا منظر تبھی باوقار ہوتا ہے جب اسے دیکھنے والے ہوں۔۔۔۔ دیکھنے والے ہی نہ رہیں تو وہ چہرے اور منظر کسی کام کے نہیں رہتے بیکار اور تنہا ہوجاتے ہیں"۔
۔۔۔۔
٭4)"دیوسائی "
سفر1997
اشاعت 2003

٭بوجھ میں اگر محبت نہ ہو تو وہ بےشک ایک تنکےکا ہو۔برداشت نہیں ہوتا۔
‏ہر رشتے کے لئے اور ہر محبت کے لئے ایک خاص وقت مقرر ہوتا ہے وہ وقت گزر جائے تو رشتہ اور محبت ہولے ہولے مٹی ہونے لگتے ہیں۔
۔۔۔۔۔
٭5)"خس و خاشاک زمانے"
اشاعت 2010
کسی بھی حیات کا کچھ اعتبار نہیں ہوتا، اس کا عمر کی طوالت سے کوئی رشتہ نہیں ہوتا،،
""موت بےشک اکثر سال خوردہ اور اُن دروازوں پر جنہیں عمر کی گھُن چاٹ چُکی ہوتی ہے دستک دیتی ہے،، اگرچہ یہ کوئی حتمی اصول نہیں ہے،، بعض اوقات وہ ایسے نوجوان وجود پر بھی ہاتھ رکھ دیتی ہے جسے تخلیق کے شجر سے تراشے ہوئے کچھ زیادہ مدت نہیں گزری ہوتی""۔
۔۔۔۔
٭6)"اے غزال شب "۔
آخری صفحہ آخری لفظ۔20مارچ 2010 ۔
اشاعت 2013
٭ایک انسان جس کے موجودگی سے اس کی بیوی اور اولاد بےخبر اور بے پروا ہوجائے اس کی قدر نہ کرے وہ ایک ہی چھت تلے حیات کریں اور کوئی اس انسان پر ایک نظر نہ کرے تو وہ بھی دیوار پر آویزاں ایک تصویر ہو جاتا ہے جسے کوئی نہیں دیکھتا۔لیکن جب وہی انسان یکدم منظر سے ہٹ جائے گم ہو جائے تو اس کی تصویر کے چوکھٹے کا نشان دیوار پر نمایاں ہو جاتا ہے وہ بھی اپنے گھر، بیڈروم، واڈروب، اپنی پسندیدہ کرسی پر بلکہ واشروم کے آئینے میں بھی اپنے بدن کے ہیولے کا ایک نشان چھوڑ جاتا ہے۔۔۔ تب وہ سب جو اس کی موجودگی سے غافل ہوا کرتے تھے گھر،بیڈ روم، واڈروب،کرسی اور آئینے کے خا لی پن کو دیکھتے ہیں تو ان کے اندر بھی ایک ہول اٹھتا ہے کہ وہ انسان کیا ہوا ۔
۔۔۔۔۔
٭7)"نیو یارک کے سو رنگ"
سفر 2005
اشاعت2013
تین علوم ایسے ہیں جہاں سے میں جان بوجھ کر سرسری گزرا ہوں' میری محدود سوجھ بوجھ نے محض ان کے
دروازے پر دستک دی ہے... اگر دروازہ کھل گیا ہے تو صرف جھانکا ہے اندر جانے کا حوصلہ نہیں ہوا.. اجتناب کیا ہے کہ ان کی انتہا کوئی نہیں.. آخر حد کا کچھ پتہ نہیں.. ان میں سے ایک علم کائنات اور اس کی لامحدودیت کا ہے.. دوسرا مذہب اور تیسرا موسیقی ہے' خصوصی طور پر مشرقی کلاسیکی موسیقی.. ان تینوں کا کوئی انت نہیں اور میں ایک انتہائی محدود ذہن رکھتا ہوں اور میں اس امر سے آگاہ بھی ہوں اس لئے ان سے اجتناب کیا۔
۔۔۔۔۔۔
٭8)"اور سندھ بہتا ر ہا"۔
سفر 2015
اشاعت جولائی 2016 
ویسے موت سے مجھے شکایت بہت ہے۔۔۔
یونہی بغیر کسی وارننگ کے کسی بھی لمحے آپ خوابیدہ ہیں دوستوں کی محفل میں ہیں، بچّوں سے لاڈ کر رہے ہیں ٹیلی ویژن دیکھ رہے ہیں بلکہ ہو سکتا ہے آپ کموڈ پر بیٹھے ہیں تو وہ کچھ اطلاع نہیں کرتی تو شکایت یہی ہے کہ وہ ذرا دھیرے دھیرے آئے۔۔ اُس کے قدموں کی چاپ تو سُنائی دے۔۔۔ اُس کی آہٹ تو ہو اور وہ کہے کہ میں آگئی ہوں اور تمہیں تیاری کے لیے کچھ مہلت دیتی ہوں تو آپ اُسے تھینک یو کہہ کر اپنے بچّوں کے چہرے دیکھ لیتے ہیں، اپنی بیوی کے خزاں رسیدہ چہرے پر ایک نظر ڈال لیتے ہیں۔۔ آپ جو ناول یا سفر نامہ لکھ رہے ہیں اُس کا مسّودہ رائٹنگ ٹیبل پر رکھ دیتے ہیں کہ یہ بعد میں دریافت ہو کر شائع ہو جائے۔۔۔ کچھ تصویریں اور خطوط تلف کر دیتے ہیں غارِ حرا کے ایک پتھر پر اپنے ہونٹ رکھ دیتے ہیں، اور وہ سفید ٹِشو پیپر جس پر کبھی رسول اللہ کی قبر پر بچھی چادر کی مٹی کے کچھ ذرے ہوا کرتے تھے جو اب معدوم ہو گئے ہیں اُس ٹشو پیپر کو ذرا آنکھوں سے تو لگالوں۔۔۔ اور تب۔۔۔ ہاں...اب آجاؤ۔۔۔ مجھے لے جاؤ۔۔
موت سے یہی تو شکایت ہے کہ اتنی سے بھی مُہلت نہیں دیتی۔۔۔!!!
۔۔۔۔

بدھ, مئی 19, 2021

اولاد

۔" اولاد ہمیشہ  ماں باپ کی ترجیحِ اول ہوتی ہے لیکن ماں باپ  زندگی میں  کسی بھی  مقام پر اولاد کی ترجیح کبھی بھی نہیں ہوتے"۔

۔ سورہ الاحقاف(46)۔۔آیت 15۔۔"اور ہم نے انسان کو اپنے والدین کے ساتھ نیکی کرنے کی تاکید کی، کہ اسے اس کی ماں نے تکلیف سے اٹھائے رکھا اور اسے تکلیف سے جنا، اور اس کا حمل اور دودھ کا چھڑانا تیس مہینے ہیں، یہاں تک کہ جب وہ اپنی جوانی کو پہنچا اور چالیس سال کی عمر کو پہنچا، تو اس نے کہا اے میرے رب مجھے توفیق دے کہ میں تیری نعمت کا شکر ادا کروں جو تو نے مجھ پر انعام کی اور میرے والدین پر اور میں نیک عمل کروں جسے تو پسند کرے اور میرے لیے میری اولاد میں اصلاح کر، بے شک میں تیری طرف رجوع کرتا ہوں اور بے شک میں فرمانبرداروں میں ہوں"۔

عورت اور مرد جب ماں اور باپ کے رشتے سے آشنا ہوتے ہیں تو اُن کی ہر خوشی ، ہر غم کا محور اُن کی اولاد ہوتی ہے۔اولاد کے بچپن سے جوانی تک کے سفر میں اُن کی ساری خواہشات اور اُمیدیں اپنے بچوں سے شروع ہو کر اُنہی پر ختم ہوتی ہیں۔ کاروبارِزندگی کی محنت ومشقت کا ماحاصل اولاد ٹھہرتی ہے تو ہر دعا کا آٖغاز اور اختتام بھی بچوں کی صحت وسلامتی سے ہوتا ہے۔یہ اولاد ہی ہے جس کی اندھی محبت میں حلال وحرام کا فرق مٹا کر ہمیشہ کے خسارے کا سودا کرتا ہے۔اور یہی اولاد جب بڑی ہو جاتی ہے تو اُس کی اپنی زندگی کا چکر بھی اِسی طرح جاری و ساری رہتا ہے۔یہ سلسلہ ازل سے ہے اور ابد تک رہے گا کہ یہ فطرتِ انسان ہے۔لیکن ماں باپ کے جوانی سے بُڑھاپے تک کے سفر میں اولاد کی خوشی اور غم کا مرکز کبھی بھی کہیں بھی ماں باپ ہرگز نہیں ہوتے۔اولاد کی فطرت میں یہ بات ڈالی ہی نہیں گئی۔کیا کسی چیز کا فطرت میں نہ ہونا انسان کی خامی کہی جا سکتی ہے ؟۔ نہیں ! ایسا ہرگز نہیں کبھی بھی نہیں۔ اللہ نے انسان کو اشرف المخلوق کا درجہ عطا کیااور سب سے بڑھ کر اُسے سوچنے،سمجھنے کی صلاحیت عطا کی۔ہم جتنا بھی سوچیں،غور کریں تو یہی دکھائی دیتا ہے کہ یہ دستورِ زمانہ ہے،یہی زندگی کا چکر بھی ہے۔بات دراصل یہ ہے کہ بچے کی پرورش اور دیکھ بھال ماں باپ کی ذمہ داری کے سوا کچھ بھی نہیں اور اسے ذمہ داری سے بڑھ کر"امانت" کہا جائے تو بےجا نہ ہو گا۔ایسی امانت جو اللہ کی طرف سے عطا کی گئی ۔اپنے جیسے انسان سے کسی صلے کی امید رکھنا خام خیالی کے سِوا کچھ بھی نہیں ۔
زندگی دائرے میں سفر کرنے کا نام ہے۔ہر دور کے اپنے اقدار اور اپنا زاویۂ نگاہ ہوتا ہے اور ہر شخص اپنے زمانے کو موجودہ زمانے سے بہتر گردانتا ہے۔ بڑے چھوٹے کی عزت وتکریم سے پرے آج کل برابری کا چلن ہے۔اپنی عزت اپنے ہاتھ کے مصداق بچوں کے ساتھ چلنے کے لیے اُن کی سطح پر آنا پڑتاہے ورنہ گونگے بہرے بن کر بس دیکھے جائیں ۔کچھ برا لگے تو آنکھیں بن کر لیں۔ آج کے دور میں بچے والدین کو زندگی برتنا سکھاتے ہیں اور بڑے حیران ہو کر بس یہ سوچتے رہ جاتے ہیں کہ اگر وہ اتنے ہی نالائق تھے تو ۔انہوں نے اپنے بچوں کو کیسے اس مقام تک پہنچا دیا جہاں وہ دُنیا کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات کر سکتے ہیں۔
٭اولاد آزمائش ہے۔۔۔ ایسی آزمائش جو موجود ہو تو آزمائش اور نہ ہو تو بھی آزمائش ۔
٭ ماں باپ توبہتے چشمے کی طرح ہوتے ہیں جبکہ بچے اپنے اپنے ظرف کے برتنوں میں غرض کی ٹونٹیاں لگائے اس آبِ حیات کو سمیٹنے کی لاحاصل سعی ہی کرتے رہ جاتے ہیں۔
٭یہ صرف ماں باپ ہی ہیں جو اگر دنیا میں ہماری پہلی سانس کا وسیلہ ہیں تو دنیا میں اپنی آخری سانس تک ہمارے منتظر رہتے ہیں۔ ماں باپ کے جانے کے بعد ایک وقت ایسا بھی آتا ہے کہ جب کوئی بھی آپ کی واپسی کا منتظر نہیں ہوتا۔۔۔ گھر میں اور نہ دنیا میں۔

جمعہ, مارچ 05, 2021

یادوں کی تتلیاں،لمحے نے کہا اور منیرہ قریشی

عزیز دوست محترمہ منیرہ قریشی صاحبہ سے تین دہائیوں کا ساتھ ہے ۔کتاب شناسی سے سوچ آشنائی تک دوستی کے اس سلسلے میں کئی خوبصورت پڑاؤ آئے ۔ دریا کو کوزے میں بند کرتے ہوئے برملا کہتی ہوں کہ میری سوچ کو "سنوارنے" میں اگر میری پیاری دوست کا اہم کردار رہا جنہوں نے میری خودکلامی کو اپنے قیمتی وقت کی سوغات دی تو اپنی ذات کی تنہائی میں خود سے سوال جواب کرتی منیرہ قریشی کو دنیائے گوگل کے بتی والے چوک میں پہنچا کر "بگاڑنے" میں سراسر میرا ہی حصہ ہے۔ ستم تو یہ ہے کہ لیپ ٹاپ پر اردو کا پہلا لفظ لکھنے سے بلاگ سپاٹ پر اپنا بلاگ بنانے کی" سہولت کاری" اور پھر "قلم "سے اردو " کی بورڈ "کے "نشے" میں گرفتار کرنے کے جرم میں مجھے ندامت بھی تو نہیں۔ جانتی ہوں تو بس اتنا کہ قلم اور کاغذ سےاُن کا ناطہ اتنا ہی پرانا تھا جتنا کہ کتاب اور لفظ سےجُڑا تھا۔لیکن اپنے محسوسات کو لفظوں میں سمونے کے بعد خود سے بھی چھپاتے ہوئے کسی بوسیدہ ہوتی ڈائری کے سوا کوئی جگہ نہ تھی۔اس بات کا اعتراف محترمہ منیرہ قریشی نے کچھ اس طرح کیا۔۔۔
میرے بلاگ "وظیفہ" سے اقتباس " تم بہت خوش قسمت ہو کہ اپنے احساسات کو صفحے پر الفاظ کی صورت لکھ دیتی ہو،میں نے اس عمر تک یہ کوشش بارہا کی لیکن الفاظ ساتھ دے بھی دیتے ہیں مگر احساس ِجرات ساتھ نہیں دے پاتا۔ یہی وجہ ہے کہ گول مول طریقوں سے،ڈھکےچھپے الفاظ سے دل ودماغ ہلکا کرلیتی تھی یا ۔۔۔۔۔ ہوں"۔     بارہ جنوری2003۔
 مجھے خوشی ہے کہ آج  اس لمحے تقریباًً اٹھارہ برس بعد  "لمحے نے کہا" کی صورت  اس "احساسِ جئرات"   نے ساتھ دیا۔
 
تعارف مصنف

 منیرہ قریشی   درس وتدریس کے شعبے سے وابستہ ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ   سماجی اور رفاعی اداروں کے قیام کے حوالے سے  واہ کینٹ کا ایک معتبر نام  ہیں۔علمی اور ادبی ماحول نے ذوقِ مطالعہ کو مہمیز کیا۔کتابوں سے محبت اور لفظ سے  دوستی کے سفر میں اپنے احساسات کو خاموشی   سے سپردِقلم کرتی رہیں۔وقت نے مہلت دی اور بخت نے اجازت دی تو   احباب کے اصرار پر  کتاب کی صورت اپنے خیالات وتجرباتِ زندگی مجتمع کر کے  سامنے لائیں۔ شاعری کی کتاب "لمحے نے کہا" احساس کی   بارش کا پہلاقطرہ ہے۔

 منیرہ قریشی کی آنے والی کتابوں پر ایک نظر 

٭یادوں کی تتلیاں۔۔۔۔ خودنوشت

٭سلسلہ ہائے سفر۔۔۔ سفرِ حج اور  بیرونِ ملک سفر(ملائیشیا،دوبئی ،تھائی لینڈ ،انگلستان  اور ترکی)   کا احوال

٭اِک پرِخیال۔۔۔انشائیے

۔۔۔۔۔۔۔۔۔

نظموں کی کتاب" لمحے نے کہا"کےلیے دیباچہ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
خاص دوست کے خوبصورت آغازِ سفر کے نام ۔۔
"دنیا محض ایک میلہ ہے اور میلہ خانہ بدوشوں کے قبیلے کی طرح ہوتا ہے جو کسی بھی وقت کوچ کر سکتا ہے۔اللہ کے کرم،اس کی نوازشات اوراُس کے"شکر" کا ادراک جس لمحے ہو جائے،اُس لمحے کو اپنا لیں،مٹھی میں قید کر لیں تو بہت سی گرہیں کھلتی چلی جاتی ہیں۔ حالانکہ ہم جانتے ہیں کہ "لمحے تو تتلی کی طرح ہوتے ہیں یا تو گرفت میں آتے نہیں اور آجائیں توبےجان وجود کی صورت مٹھی سے پھسل پھسل جاتے ہیں"۔
۔ "لمحے نے کہا"  محض نظمیں نہیں بلکہ  خودکلامی کی کیفیت ہے۔ڈھلتی عمر کی بےآواز بارشیں اپنے ساتھ بیت چکے موسموں کے کچے جذبوں اور جگنو خوابوں کوبڑی آہستگی سے بہا لے جاتی ہیں۔لیکن محترمہ منیرہ قریشی نے کاروبارِحیات میں صبح شام کرتے تلاش کے اس سوچ سفر میں اپنے خیال کی تازگی برقرار رکھی۔ خالق کی عظمت سے مہکتے گلاب لفظ اور بارگاہِ رسالت میں محبت وعقیدت چُنتے نادرموتی ہیں تو کہیں  گوشۂ گریہ میں  جانے والوں  کو  پکارتی ایسی دل گداز نظمیں ہیں جو  قلم کی سیاہی سے نہیں یاد کے آنسو سے لکھی  گئی ہیں۔کبھی  معاشرتی مسائل کو محسوس کرتی کیفیت ِاظہار ۔۔ لفظ کے نشتر سے روح کو زخمی کرتی اور قاری کو جھنجھوڑ کر رکھ دیتی ہے تو دوسری طرف بےرحم مرہم کا کام بھی کرتی ہے۔  اور کہیں   دریا کو کوزے میں بند کرتی"ہائیکو"   ہیں جو نظر کے لمس کو چھو کر دل پر دستک دیتی  ہیں تو اپنی محبت میں گرفتارکر لیتی ہیں۔ ہم اُن منظروں کےساتھی بن جاتے ہیں جو سوچ سفر کے موسم میں لفظ کی صورت کاغذ پر بکھرتے ہیں۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ یہ منظر یہ لہجہ اجنبی نہیں ہمارے دل کی آواز بھی ہے۔ ان کہی کی   گہرائی اور کہنے کی  سلاست چونکا دیتی ہے۔روح و  جسم کی کشمکش اور فنا وبقا  کے "استغراق" میں  اِک "رقصِ درویش"  پڑھنے   والوں  کو دور نہیں جانے دیتا۔
ہر محبت،ہر خدمت اور ہر جذبہ بےکار ہے جب تک وہ کسی مربوط لڑی میں پرویا نہ جائے یا احساس کے گلہائے رنگ رنگ کو اپنی استطاعت کے مطابق کسی گلدستے کی شکل نہ دی جائے اور"لمحے نے کہا" آپ کی بکھری سوچ کے نکھرے رنگوں کو ایک تصویر میں سمیٹنے کی جانب پہلا قدم ہے۔
جناب مجروح سلطان پوری کا شعر خاص آپ کے لیے۔۔۔
میں اکیلا ہی چلا تھا جانبِ منزل مگر
لوگ ساتھ آتے گئے اور کارواں بنتا گیا    
نورین تبسم
اردو بلاگر "کائناتِ تخیل"
اسلام آباد
یکم نومبر 2020
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
"یادوں کی تتلیاں" کے لیے دیباچہ۔۔۔
"یادوں کی تتلیاں" جو یاد کے جھروکوں میں ٹھہری اور سوچ کے پردوں میں سمٹی سمٹائی برسوں سے فقط"کن" کی منتظر ہی تو تھیں۔اذنِ ربی سے " فیکون"کے بعد لفظ کے لباس میں یوں اپنی چھب دکھلاتی اٹھلاتی محوِرقص ہوئیں کہ جہاں فاضل لکھاری ایک جذب کے عالم میں لکھتی چلی گئیں وہیں شخصیات و واقعات کی ہمہ ہمی اور روانیِ خیال قاری کوبھی اپنی گرفت سے نکلنے نہیں دیتا۔قیام ِ پاکستان کی اولین دہائی کے اواخر سے شروع ہوتی عزیز دوست منیرہ قریشی کی زندگی کہانی کے نشیب وفراز کی کتھا جو نئی صدی کے دوعشروں تک محیط ہے صرف ذاتی احساسات وتجربات کی ترجمانی ہی نہیں کرتی بلکہ نصف صدی سے زیادہ کا یہ قصہ اس دور میں ہونے والے اہم قومی واقعات کا ایک مستند رپورتاژ بھی ہے۔
یادوں کی تتلیاں جو برسوں سے مٹھی میں قید تھیں، گرچہ پوری قوت سے سانس تو لیتی تھیں لیکن گذرتے وقت میں اُن کے رنگ مدہم پڑتے جارہے تھے۔آپ نے لفظ کے پیکر میں ڈھال کر انہیں آزاد کر دیا۔اِنہی قیمتی یادوں میں "ڈرائنگ روم" کے عنوان کے تحت اُن ملاقاتوں کا احوال بہت منفرد ہے جو دُنیائے اردو ادب کے چمکتے ستاروں سے اُن کے گھر میں ہوتی رہیں اور منیرہ قریشی کے چشمِ تخیل میں ہمیشہ کے لیے ٹھہر گئیں۔جناب افضل پرویز(پوٹھوہاری زبان کے نامور شاعر) سے شروع ہونے والے اس سلسلے میں جناب  ممتازمفتی،  قدرت اللہ شہاب،اشفاق  احمد،بانو قدسیہ،اے حمید   جیسی نابغۂ روزگار  شخصیات کے ساتھ ساتھ عصرِحاضر  کے   معتبر   صوفی دانشور جناب پرو فیسراحمدرفیق اختر  بطورِ خاص شامل ہیں۔بحیثیتِ مجموعی محبت بھری یادوں کا یہ نادر تحفہ ایسی گلاب تتلیاں ہیں جو سوچ کے لمس کو اقدار اور کردار کی مہک دے جاتی ہیں۔
گرچہ کوئی بھی اپنے والدین کی محبتوں کا قرض کبھی نہیں اُتار سکتا لیکن اللہ جس طور توفیق دے۔ اپنے ماں باپ کی شفقتوں اور یادوں کو بہت خوبی سے لفظ میں پرو کرمحفوظ کرنا گویا اپنی اہلیت کا حق ادا کرنے کی ایک ادنیٰ سی کوشش ہے۔اللہ اس کو قبول فرمائے ۔آمین۔
دعاگو ہوں کہ یادوں کی تتلیوں کا سفر اسی تازگی اور روانی کے ساتھ جاری رہےکہ "قدم رکے تو نہیں زندگی تھمی تو نہیں"
نورین تبسم
اردو بلاگر "کائناتِ تخیل"
اسلام آباد
یکم نومبر 2020
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

"سیٹل اور سیٹل منٹ"

سورۂ فرقان(25) آیت 2۔۔   وَخَلَقَ كُلَّ شَىْءٍ فَقَدَّرَهٝ تَقْدِيْـرًا ترجمہ۔ اور جس نے ہر شے کو پیدا کیا اور پھر اس کے لیے ایک اند...