جمعرات, نومبر 16, 2017

گوگل اورگاڈ - مجیب الحق حقی

بشکریہ۔۔دلیل ویب سائیٹ۔۔اشاعت۔۔11نومبر 2017۔
خدا کی قدرت اتنی ہمہ گیر کس طرح کی ہوسکتی ہے کہ کائنات کے ہر ہر ذرّے کا اور ہر انسان کے خیالات اور جذبات و اعمال کا علم بھی اسے ہو، اس قدرت کے عملی پیرائے کیا ہوسکتے ہیں؟ یہ ہر عاقل انسان کے ذہن کو شل کرنے والا سوال ہے لیکن ہماری تسلّی اس طرح کرائی جاتی رہی ہے کہ خدا اور اس کی صفات و قدرت کو ہم نہیں سمجھ سکتے۔ یہ ایک درست بات ہے مگرایک سوچتا ذہن جو سائنسی بنیاد پر ہر چیزکا جواز تلاش کرتا ہے، وہ خدا کے حوالے سے بھی تجسّس کا اظہار کرنے میں حق بجانب ہوتا ہے کہ اسے ہر سوال کا مناسب عقلی استدلال ملے۔ اس دور کے نوجوان سوچتا ذہن رکھتے ہیں اسی لیے ہر عقیدے کا عقلی جواب طلب بھی کرتے ہیں اور تلاش بھی کہ تجسّس بھی اللہ کی تخلیق ہے۔ ہم اپنی عقل کے بموجب یہ جاننے کی سعی تو کر ہی سکتے ہیں کہ خدا کی قدرت کی نوعیت اور پیرائے کیا ہوسکتے ہیں۔ یاد رکھیں کہ ایسی کھوج سے ہماری ایمانیات پر زد نہیں پڑتی کیونکہ ہمارا ایمان بالغیب ہمیں اللہ کی قدرت پریقین عطا کرتا ہے، مگر عقل کو چین سے بٹھانے کے لیے عقلی دلیل بھی ضروری ہے تاکہ وسوسوں کا راستہ بند ہو۔ اس لیے یہاں ہم اللہ کی عظیم الشّان قدرت کے پیرایوں کے فہم اور عقلی تشریح کے لیئے دلائل کی تلاش میں جدید سائنسی دریافتوں کی مدد لیتے ہیں۔
ہماری روزمرّہ کی زندگی میں تیزی سے داخل ہونے والے کمپیوٹر اور اسمارٹ فون نے سوچنے کے اتنے دریچے کھول دیے ہیں کہ بس دیکھنے والی آنکھ اور سوچنے والے ذہن کی توجّہ کی ضرورت ہے۔ آئیے ہم اس ضمن میں خدا کی قدرت سے قبل انسان کی قدرت پر غور کرتے ہیں کہ وہ کیا کچھ حاصل کرچکا ہے۔
انٹرنیٹ یعنی انٹرنیشنل  نیٹ ورک کئی ارب کمپیوٹرز کے مابین رابطے کا عالمی نظام ہے جو انٹرنیٹ پروٹوکول  (آئی پی) کی بنیاد پر چلتا ہے یعنی ہر کمپیوٹر ایک مخصوص نمبر کا حامل ہوتا ہے۔ سادہ لفظوں میں یہ ایک الیکٹرانک بازار ہے جس میں ہر طرح کی اشیاء، خدمات اور تفریحات موجود ہیں۔ ایک طرف تاجر نام کے ساتھ (ویب سائٹ) تودوسری طرف خریدار یا تفریح کنندہ آئی پی نمبر کے ساتھ۔ ایک ارب سے زائد ویب سائٹ کے اتنے وسیع عالمی سسٹم میں تلاش، آپس میں رابطے اور معلومات کے حصول کے لیے سرچ سوفٹ وئیر بنائے گئے جو اربوں کھربوں ایڈریس یا معلومات میں سے ہماری مطلوبہ معلومات تک رسائی ممکن بناتے ہیں۔ انہیں سرچ انجن کہا جاتا ہے۔ ان میں سب سے مشہور اور برق رفتار گوگل  ہے۔ ویب سائٹ "نیٹ مارکیٹ شیئر" کی مارچ 2017ء کی رپورٹ کے مطابق روزانہ ساڑھے چھ ارب ویب سرچ میں گوگل کا حصہ ساڑھے چار ارب سے زیادہ ہے۔ اسی لیے یہاں پر انٹر نیٹ سرچ انجن گوگل کی قدرت اور کارکردگی کا، جس کا آپ خود بھی روز مشاہدہ کرتے ہیں، ایک مختصر جائزہ مناسب ہوگا۔ آئیے اس کی دسترس کا اندازہ لگائیں۔
گوگل کروم کی انسٹالیشن کے بعد ہمارے کمپیوٹر اور گوگل سرورز کا ان دیکھا رابطہ قائم ہوجاتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق گوگل پر ہر سکینڈ میں اوسطاً 55 ہزار تلاش کے مطالبے آتے ہیں جن کا انتہائی برق رفتاری سے جواب دیا جاتا ہے۔ جس میں ہر سوال کے جواب کی تلاش میں اوسطاً اعشاریہ دو سیکنڈ میں 1000 کمپیوٹرز کا استعمال ہوتا ہے۔ اس سوفٹ وئیر کی رسائیت کا یہ عالم ہے کہ کسی بھی تلاش پر کی بورڈ پر ادھورے لکھے سوال کے آگے کے ممکنہ جملے یا ایڈریس بھی یہ ہمارے سامنے لاتا رہتا ہے، تاکہ ہمیں آسانی ہو، بلکہ آپ کی آواز سے بھی کہ، کسی ویب سائٹ کا نام پکاریں تو گوگل اس لنک کو لے آتا ہے۔ ہمارے اسمارٹ فون پرگوگل کی گرفت ایسی ہے کہ اگر کھو جائے تو یہ آپ کو نہ صرف اس کی لوکیشن بتا سکتا ہے بلکہ اس کو لاک کر سکتا اور اس کا ڈیٹا بھی ڈیلیٹ کر سکتا ہے۔ آزمانے کے لیے آپ ابھی کمپیوٹر پر اپنے گوگل اکاؤنٹ  پر جا کر اپنے گوگل رجسٹرڈ اینڈرائیڈ
android
 موبائل کی تلاش کا آپشن 
find-my-phone
 لکھیں تویہ گوگل نقشے پر اس کا مقام ظاہر کر دے گا اور آپ سے آپشن پوچھے گا کہ گھنٹی بجائے، لاک کرے یا ڈیٹا تلف کر دے! مگر آپ صرف گھنٹی بجانے پر اکتفا کریں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ ہر وقت کسی کی نگاہ میں ہیں۔
کارکردگی اور قوّت کی ایک جھلک:۔2013ء کی رپورٹ کے مطابق گوگل کو ایک ارب سترہ کروڑ افراد استعمال کرتے تھے۔
پندرہ فیصد نئے سوالات کے جواب ڈھونڈنے کے لیے گوگل روزانہ بیس ارب ویب سائٹ پیجز میں رینگتا ہے۔
نالج گراف ڈیٹا بیس میں پچاس کروڑ ستّر لاکھ اداروں کے 18 ارب حقائق ان کے آپس کے تعلّق کے ساتھ محفوظ ہیں۔
مئی 2017ء میں گوگل نے انکشاف کیا کہ اس کے ماہانہ انڈرائیڈ استعمال کرنے والی ڈیوائسز دو بلین تک پہنچ گئی ہیں۔
گوگل ایک سال میں 2 ٹریلین یعنی بیس کھرب سرچ کرتا ہے۔ ایک دوسری رپورٹ کے مطابق بارہ کھرب۔ اس پر 130 کھرب ویب پیج انڈکس ہیں۔
یو ٹیوب پر روزانہ ایک  ارب گھنٹے کی ویڈیو دیکھی جاتی ہیں۔ 2014ء میں اس کے ڈیٹا سنٹر میں استعمال ہونے والی توانائی امریکہ کے تقریباً تین لاکھ سڑسٹھ ہزار گھروں کے استعمال کے برابر تھی۔ گوگل کے تقریباً 78ہزار ملازمین ہیں۔ جی۔میل کو ایک ارب بیس کروڑ افراد استعمال کرتے ہیں۔
کم لوگوں کو علم ہوگا کہ گوگل کا ڈیش بورڈ وہ ڈیٹا بیس ہے جس میں ہر کسٹمر یا یوزر کا ہر طرح کا مکمّل ریکارڈ محفوظ ہوتا رہتا
ہے۔ اس میں ابتدا سے آج تک کی ہر گوگل ایپ
 application
 پر ہماری آپ کی ہر ہر نقل و حرکت تاریخ اور وقت کے ساتھ محفوظ ہوتی ہے۔ یوٹیوب پر اعلانیہ اور خفیہ نظارے اپنی ہسٹری کے ساتھ محفوظ ہیں۔ اس پر ہماری روز کی ہسٹری ڈیلیٹ کا اثر نہیں ہوتا بلکہ ڈیش بورڈ سے مواد الگ سے تلف کرناپڑتا ہے۔Google.com/history یا myactivity.google.com/myactivity
 آپ کو اپنی سرچ ہسٹری تک رسائی دے گا، لیکن مطمئن رہیں کہ گوگل آپ کے علاوہ یہ کسی اور کو نہیں دکھاتا۔ سرچ کے علاوہ کئی خدمتی پروگرام بھی ہمہ وقت مصروف رہتے ہیں۔
سیکنڈ کے بھی ثانیوں میں آپ کے سوال اور تلاش کا جواب نگاہوں کے سامنے آنا اب معمول ہے، لہٰذا اس پر ہم غور کم کرتے ہیں کہ اس کے پیچھے سسٹم کیا ہے۔
مارچ 2016ء کی ایک محتاط رپورٹ کے مطابق دنیا کے مختلف خطّوں میں پچیس لاکھ سرورز کے پھیلے وسیع جال نے گوگل کا یہ محیّرالعقول نظام تخلیق کیا ہے۔ یہ تعداد روز بروز بڑھتی ہے۔ اس کا اندازہ اس سے لگائیں کہ 2011ء میں سرورز کی تعداد نو لاکھ تھی۔
اوپر دی گئیں شماریات زیادہ تر مشاہدے اور قیاس و حساب پر ہیں کیونکہ گوگل اپنی کارکردگی عموماً شیئر نہیں کرتا۔ ان کے حوالہ جات آخر میں درج ہیں۔
گوگل کی کارکردگی ایک عام انسان کے لیے ناقابل یقین ہو سکتی ہے، لیکن کیونکہ ہمیں اس کے پیچھے سسٹم کا علم ہے، اس لیے یہ ہمارے لیے عجوبہ نہیں رہا۔ گوگل کی مثال سے ثابت ہوا کہ سامنے چلتے کسی بھی بڑے سسٹم کے پیچھے بھی بہت بڑی پلاننگ اور ایک ہمہ گیر کنٹرول سسٹم ہوتا ہے۔ اب ایک قدم آگے جاکر پورے انٹرنیٹ کے نظام کو دیکھیں کہ کس طرح فیس بک، ٹوئٹر، واٹس ایپ، مائیکروسوفٹ، اسکائپ، انسٹا گرام وغیرہ اپنے ایسے ہی مربوط نظام کے ساتھ روبہ عمل ہیں۔ سب سے دلچسپ اور اہم وائی فائی
 wi-fi (wireless-fidelity) 
کا ایک ان دیکھا نظام ہے جو کروڑوں اربوں معلومات لیے ہمارے اطراف "غیب" میں موجود ہوتا ہے۔ ہم میں سے اکثر اس نظام
 (wi-fi) 
سے لاتعلّق ہی رہتے ہیں، مگر جب ہمیں کسی معلومات یا کسی تسکین کی طلب ہوتی ہے تو اس کی بدولت دنیا کی ہر معلومات صحیح یا غلط، چندثانیوں میں کمپیوٹر یا اسمارٹ فون کی اسکرین پر آموجود ہوتی ہے۔
ہمارے مقام قیام سے دیکھا جائے تو اس انٹرنیٹ سسٹم کے دو حصّے ہوئے، ایک وہ جو طبعی یا فزیکل ہے، جس میں کمپیوٹر سرورز، مشینی انفرا اسٹرکچر، خلائی مصنوعی سیّارے اور کیبل کا نظام ہے جو ہماری آنکھوں سے فی الوقت اوجھل ہے، اور دوسرا وہ جو ہمارے اطراف وائی فائی کی شکل میں لیکن غیر مرئی طور پر موجود ہے۔ اس سسٹم سے بہرہ مند ہونے کے لیے ہمیں ایک ڈیوائس یعنی کمپیوٹر یا موبائل کی ضرورت ہوتی ہے، جو اس سے ایک تعلّق قائم کر دیتا ہے۔ یہ ڈیوائس ہی، جو وائی فائی کے سگنل کو واپس معلومات میں تبدیل کرنے کی صلاحیت کی حامل ہوتی ہے، اس خاص ماحول کے راز کو فاش کرتی ہے کہ کوئی عام سی فضا حقیقتاً خالی نہیں ہوتی بلکہ ایک بہت فعّال دنیا اس خاموشی میں موجود ہوسکتی ہے جس میں بے پناہ معلومات موجزن ہوں۔
اب گوگل کی تشریح کی جائے تو ایک ایسا نظام ہے جو ہر لمحے لاکھوں انسانوں کی بات سن بھی رہا ہے اور جواب بھی دے رہا ہے۔ انھی لمحات میں وہ ہر ہر شخص کے کمپیوٹر کی کلک بھی محفوظ کر رہا ہے گویا فرداً فرداً سب کے اعمال کا ریکارڈ بھی جمع کر رہا ہے۔ وہ سیٹلائٹ سے میپ پر کروڑوں لوگوں کو نہ صرف دنیا کا چپّہ چپّہ دکھاتا رہتا ہے بلکہ اسمارٹ فونزکی نقل و حرکت بھی محفوظ کر رہا ہے، مزید سب کو ٹریفک کی گنجانی بھی بتا رہا ہے۔ اگر اس کا کوئی تعلّق لائیو سیٹلائٹ ریکارڈنگ سے ہو تو سب کی گھر سے باہر کی تمام نقل و حرکت بھی ریکارڈ کر سکتا ہے، کریم اور اُوبر سروسز اس کی مثال ہیں۔ یہ سب کچھ شفّاف حقائق ہیں کہ ایک فعّال نظام بیک وقت کروڑوہا انسانوں سے مختلف پیرایوں میں رابطہ رکھنے کی صلاحیت کا خوگر ہے۔ گوگل انسان کی صلاحیت کو آشکارہ کرتا ہے کہ اس نے کس طرح ایک برق رفتار سسٹم کی تخلیق کی۔ اس سسٹم کی رکھوالی کرنے اور چلانے والے بھی تقریباً 78 ہزار انسان ہیں جو پس پردہ اس کا حصہ ہیں۔ گویایہ ہمہ گیر سسٹم ظاہر اور باطن میں مربوط پیرائے میں جاری ہے جس پر ایک کنٹرولنگ اتھارٹی ہے۔
سوچنے کی بات یہ ہے کہ گوگل انسان کا بنایا ہوا ایک سسٹم ہے تو بھلا جس ہستی نے انسان کو بنایا، وہ کیسے کیسے سسٹم کی تخلیق پر قادر نہ ہوگی۔ اس انٹرنیٹ اور سرچ سسٹم کو سمجھ کر ایک قدم آگے بڑھ کر کائنات کے نظم کو سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں۔
گوگل کے نظام کی روشنی میں اگر ہم اس کائنات کے نظام کی تشریح کرنا چاہیں تو بآسانی بہت سے پہلوؤں کی وضاحت ہو سکتی ہے۔ اللہ کے نظام جس سسٹم کے تحت چل رہے ہیں، ہمیں ان کا فی الحال علم نہیں لیکن جدید ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم اور انٹرنیٹ ہم پر واضح کرتے ہیں کہ اس سے برتر نظام عین ممکن ہیں۔ یہ بات تو یقینی ہے کہ کوئی سسٹم بغیر پلاننگ کے نہیں بنتا اور نہ جاری رہ سکتا ہے اور کائنات بھی ایک سسٹم ہے۔ انسان کا اپنے رب سے تعلّق ہونا انتظامی ہی نہیں بلکہ فطری ضرورت بھی ہے۔ دنیا کا ہر ذی حیات اور ہر فرد ایک اسمارٹ فون کی طرح کسی روحانی یا انجانی پروٹوکول سے منسلک ہے۔
کائنات وہ سسٹم ہے جس کے دو رخ ہیں، ایک طبعی اور دوسرا غیر مرئی، لیکن انٹرنیٹ سسٹم کے مقابلے میں اس کائناتی نظم میں منفرد بات یہ ہے کہ اس کا یہاں پر معکوس یا اُلٹ اطلاق ہے۔ انٹرنیٹ میں ہم غیر مرئی ماحول (وائی فائی) سے منسلک ہوتے ہیں اور طبعی فنکشنل رخ ہم سے اوجھل اور کہیں دور ہوتا ہے، جبکہ کائناتی ماحول میں ہم طبعی ماحول میں ہوتے ہیں جبکہ اس کا فنکشنل نظم غیر مرئی اور ہمارے حواس سے اوجھل ہے کہ جس میں فطری قوانین، توانائیاں اور قوّتیں شامل ہیں۔ ایک پہلو یہ بھی ہے کہ ہر نظام مربوط منصوبہ بندی سے لاگو تو ہوتا ہے مگر اس کی روانی میں مختلف کارندوں کا ہونا ضروری ہوتا ہے۔ کائنات کے نظام کے فنکشنل ہونے میں اللہ کے کارندوں کا جو اہم مقام ہے، اس کا اندازہ اس سے لگائیں کہ اللہ نے اپنے بعد فرشتوں پر ایمان لازم قرار دیا۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ خالق فرشتوں کا محتاج نہ ہونے کے باوجود انسان کو عقلاً بھی مطمئن کر رہا ہے کہ کائناتی سسٹم کس طرح بنایا اور چلایا جا رہاہے۔ یہاں ایک بات اور عیاں ہوتی ہے کہ اللہ نے انسان کو اپنا خالق بنانے سے پہلے اپنی کچھ صفات کا عکس اس میں منتقل کیا تو اسُی کے باوصف انسان انھی پیرایوں میں اپنے نظام چلا رہا ہے، یعنی پلاننگ، انتظام، اور ناظم سے رابطہ۔ جس طرح گوگل کے نظام کا خالق باہر رہ کر ایک عظیم سسٹم کو رواں رکھتا ہے، غالباً ایسا ہی کوئی نظم ہے کہ اللہ اس سسٹم سے باہر رہ کر کائنات اور زندگی رواں دواں رکھے ہوئے ہے۔
رب سے ایمانی تعلّق کیا ہے؟
گوگل کے اپنے فون انڈرائیڈ کے بلِٹ ان
 built-in 
سسٹم سے لیس ہوتے ہیں جس میں اپنا جی میل
 gmail.account 
ڈال کر آپ گوگل کے سرور سے منسلک ہوجاتے ہیں، بالکل اسی طرح ہر انسان خدا کے بارے میں ایک
 built-in 
فطری تجسّس لیکر پیدا ہوتا ہے جو روح میں پیوست ہے، اور محض اس کا اقرار اس کا رابطہ رب سے قائم کرنے کے پیرائے زندہ 
activate
 کر دیتا ہے۔
یہاں غور طلب یہ نکتہ ہے کہ ہم انٹرنیٹ کے ماحول یا نظم سے تعلّق اسی وقت قائم کر پاتے ہیں جب ہم اس کے فنکشنل طبعی رخ سے ہم آہنگ کوئی طبعی ڈیوائس استعمال کرتے ہیں، جیسا کہ کمپیوٹر اور اسمارٹ فون اپنی ہم آہنگ ساخت میں وائی فائی سسٹم یا کیبل کے توسّط سے ہمارا رابطہ انٹرنیٹ کے پس پردہ نظام سے جوڑ دیتے ہیں۔ تو سوال یہ اُٹھتا ہے کہ:
کیا کائنات کے غیر مرئی فنکشنل پیرامیٹرز سے تعلّق جوڑنے کے لیے ہمیں بھی غیر مرئی واسطے درکار نہ ہوں گے؟
جیسا کہ ابھی ہم نے گوگل سے رابطے کے لیے وائی فائی ڈیوائس کا تذکرہ کیا، اسی اُصول پریہ بات بھی عین منطقی ہے کہ کائنات کوچلانے والے غیر مرئی نظام کو جاننے اور اس کے خالق سے رابطے کا کوئی طریقہ یا "ڈیوائس" یعنی رابطوں کے غیر طبعی پیرائے موجود ہوں۔
مگر وہ کیا ہوسکتے ہیں؟
کیا شعور و عقل؟ یا
رسالت، عبادات و نماز تو نہیں؟
غور کریں!
مگر ایک اہم سوال اور:
کیا ڈیش بورڈ کی طرح کوئی اعلیٰ تر خفیہ نظام ہمارے تمام اعمال و حرکات کو محفوظ نہیں کرسکتا؟ اور
کیا کسی نے گوگل کو کبھی دیکھا؟
خدا کا انکار کرنے والے کیا ہمیں گوگل، فیس بک اور مائیکروسوفٹ دکھا سکتے ہیں! ذرا سوچیں!
یہاں مقصد ان کا خدا سے تقابل نہیں بلکہ یہ واضح کرنا ہے کہ دنیا کے طبعی ماحول میں بھی ایسے غیر مرئی عوامل موجود ہوتے ہیں جو ہمارے اعمال میں سرایت رکھتے ہیں۔
کیونکہ جدیدیت کا فلسفہ انسان ہی کو عقل کُل قرار دیتا ہے، اسی لیے اس فلسفے پر ایمان لانے والا جدید انسان خدا کو ایک بےجان اور بےعمل ہستی یا ایک تصوّر سمجھتا ہے، جبکہ دوسری طرف یہ بھی حقیقت ہے کہ جدید انسان اپنی ننّھی منّی عقل سے اپنی اور کائنات کی ابتدا ہی نہیں سمجھ پا رہا تو بھلا اللہ کو کیسے جان پائے گا۔ اس غیریقینی سوچ اور خبط ِ عظمت کے فطری نتیجے میں جدیدیت کا پیروکار انسان "عقل کے قبض" میں مبتلا ہو جاتا ہے، جس سے اس کی فکر میں ایسے منفی ذہنی قفل لگ جاتے ہیں، کہ ہٹ دھرمی کے باعث اپنے سے بہت برتر کسی قوّت یعنی خداکو قبول نہیں کر پاتا ۔
ورنہ، کشادہ عقل تو کہہ اٹھتی ہے کہ:
ہر جا تیری قدرت کے ہیں لاکھوں جلوے
حیراں ہوں کہ دو آنکھوں سے کیا کیا دیکھوں

منگل, نومبر 14, 2017

"لفظ سے لباس تک"

لفظ روح کا لباس ہیں اورلباس انسان کے جسم کی تفسیر۔ لیکن یہ بھی سچ ہے کہ انسان کی اصلیت لباس میں نہیں جسم میں پنہاں ہے۔اورروح کی گہرائی لفظ سے نہیں عمل سے ماپی جاتی ہے۔
بیش قیمت زرق برق لباس وقتی طور دیکھنے والے کو مرعوب کر سکتا ہے۔۔۔نگاہوں کو خیرہ کر سکتا ہے۔۔۔ پرجسم کا راز جسم کو جاننے سے ہی کُھلتا ہے۔ اس کے لیے اپنے جسم کے اسرار ورموزسے آگاہی پہلی شرط ہے۔
اسی طرح الفاظ میں گھن گرج ہو یا بہتے چشموں کی سی نغمگی ۔۔۔ اگر اُن کی روح تک رسائی نہ ہو وہ محض کچھ پل کو متاثر کرتے ہیں۔ لمحاتی طور پر قدم ضرور روک لیتے ہیں۔ لیکن ہمیشہ کے لیے اپنا اسیر نہیں بنا پاتے۔
لباس ہو یا لفظ موسم اور وقت کے تابع ہوتا ہے اور ببانگ دہل اس کا اظہار کرتا ہے۔ لباس سے موسم کی شدت کا اندازہ ہوتا ہے تو لفظ سے روح کی کیفیت کا راز کھلتا ہے۔
لباس کی شکنیں رات کی کروٹوں کی غمازی کرتی ہیں تو بےداغ ،بے شکن لباس روزِروشن کی طرح اندر کی کہانی سناتا ہے۔ ذات کے بھید کھولتا ہے۔ 
لفظ انسان کے کردار کی منظر کشی کرتے ہیں۔ سفاک،برہنہ لفظ جگر چھلنی کردیتے ہیں تو کہیں اصل شخصیت کو تہہ درتہہ چھپائے یہ تازہ قلعی شدہ دکھتے ہیں۔ آنچ کی ہلکی سی تپش پا کرجن کی اصلیت جلد ہی سامنے آ جاتی ہے۔ 
!حرفِ آخر
لفظ کی تابندگی خیال کی سچائی کا پتہ دیتی ہے۔بےشک حرف اہم ہیں پریہ ہماری شناخت ہرگز نہیں کہ شناخت صرف عمل سے ہےجو ہر کامیابی یا ناکامی کا فیصلہ کرتا ہے۔جس قول میں عمل کی روح نہ ہو وہ اپنی موجودگی کا بھرپور احساس تو رکھتا ہے لیکن نظروں کو سالہا سال طواف پر مجبور نہیں کر سکتا۔اقوال کیسے ہی کیوں نہ ہوں عمل کی بنیاد ضرور ہوتے ہیں، جو کہنے کی جرات نہیں رکھتا وہ عمل کی کشتی کا ناخدا بھی نہیں ہوا کرتا۔ایسے لوگ بس سب تقدیر کا لکھا کہہ کر جان چھڑا جاتے ہیں۔اس کے باوجود انسان کا کہا گیا حرف آخر نہیں اور وہ خسارے کا سوداگر بھی ہے۔

جمعہ, اکتوبر 27, 2017

"خوشی اور آزادی"

خوشی اور آزادی دو ایسے احساسات یا رویے ہیں جو عورت اور مرد کےکردار کی بُنت میں  بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔خوشی سراسر عورت کے وجود سے عبارت ہے تو مرد کی ذات آزادی کی ترجمانی کرتی ہے۔
ایک خاندان اور رشتوں کی عافیت کے سائے میں آنکھ کھولنے والے بچے سے بات شروع کی جائےتو عمر کے پہلے سال  شِیرخوار بچہ یا بچی ایک ہی طرح کا ردِعمل ظاہر کرتے ہیں اورصرف پہنے جانے والے لباس کے رنگوں کی شوخی اُن کی  شخصی انفرادیت ظاہر کرتی ہے۔بچہ جیسےجیسے چلنے پھرنے اور بھاگنے دوڑنے کے قابل ہوتا ہے اپنی اپنی جنس کے محسوسات کا فرق  نمایاں ہونے لگتا ہےجو نہ صرف گھر کے ماحول بلکہ بچوں کے رویوں میں بھی دِکھتا ہے۔بچیوں کی موجودگی گھر میں رنگوں کی گہماگہمی اور شوخیوں سے بھرپور ہوتی ہے جبکہ بچے کی توجہ کا مرکز گھر سے زیادہ باہر کی دنیا ہوتی ہے۔۔۔
بچیاں بہت چھوٹی عمر سے ہی اپنے کپڑوں اور اُن کے لوازمات کے بارے میں حساس ہوتی ہیں تو اُن کی عمر کے لڑکے نہ ہونے کے برابر پہنے جانے والےلباس کی پروا کرتے ہیں۔خوشی کی تقاریب اور خاص طور پر عیدین کے مواقع پر گھر میں بچیوں یا بچوں کی موجودگی کا فرق نمایاں ہو کر سامنے آتا ہے۔چوڑیوں کی جھنکار،مہندی کی مہک اور رنگ برنگ چمکیلے پیرہن جہاں گھر کو خوشی سے بھردیتے ہیں وہیں  باورچی خانےسے اُٹھتی  کھانوں کی مہک گھر میں  صنفِ نازک کی  اہمیت کا احساس پیدا کرتی ہیں لیکن یہ بھی سچ ہے کہ  گھر میں جنم لیتی یہ رونق گھر کے مرد کی آنکھ کے بغیر  پھیکی اور بےمزہ ہی لگتی ہے،گھر میں کھانا  پکانے سے کھانا کھانے تک کی مصروفیات  مرد کے  نہ ہونے سے اپنی اہمیت کھو دیتی ہیں۔
۔"ہوس اگر مرد کی منفی خصلت ہے تو سراہنے والی نگاہ بھی صرف اور صرف مرد  کا ہی خاصہ ہے"۔کائنات  میں رنگ اگر عورت کے دم سے ہیں تو اس رنگ کی پہچان  مرد کی خاص صفت ہے۔گرچہقیمتی سے قیمتی  مکان بھی عورت کے وجود کے بغیر بےحیثیت ہے تو اپنےبھرپور وجود سے مہکتے  مکان  میں عورت کسی رشتے کےحصارمیں نہ  ملے تو وہ کسی گلدان میں خوش رنگ کاغذی پھول کی مانند ہوتی ہے جو گرفت میں آگر پل میں اپنی اصلیت جِتا دیتا ہےجبکہ اپنے مقدس رشتوں کے درمیان اپنی شناخت  گم کرتی عورت،کسی کے احساس سے بےپروا  گھر کے ہر گوشے میں محسوس کی جا سکتی ہے۔اسی طور مرد کے  ساتھ ساتھ جڑے کسی جائز رشتے  کے بغیر ایک مکمل مکان  بھی  عورت کو کنکریٹ سے بنی چاردیواری  کا تحفظ تو دیتا ہے لیکن  اپنی ذات کی گہرائیوں میں   اِسے بےسکون ہی رکھتا ہے۔
 وقت کا پہیہ  گردش کرتا ہے ،عمر کی گاڑی  کے دھیرے دھیرے سرکنے سے  جہاں بچیاں اپنی ذات کے ہالے میں  جھلکنے والی  شعوری "خوشیاں" سمیٹتی ہیں  وہیں  اپنی ذات سے باہر دکھائی دینے والی  لاشعوری "آزادی" بچوں کو طمانیت سے سرشار رکھتی ہے۔
خوشی اور آزادی کی آنکھ مچولی کھیلتے بےفکرے بچے گھر کے گوشۂ سکون سے نکل کر جب عملی زندگی کے محاذ پر قدم دھرتے ہیں،نئے رشتوں میں اپنے آپ کو سموتے ہیں تو پلک جھپکتے  میں گویا سب ختم ہو جاتا ہے۔عورت کے لیے اپنی ذات سے جڑی بےقیمت خوشیاں حاصلِ زیست تھیں تو اب اپنی ذات ہی دان کرنا پڑتی ہے دوسری طرف مرد جو اپنی ذات سے بےپروا ہر سمت  حرکت کے لیےآزاد تھا تو اب اپنا آپ اپنی ذات کے دائرے میں محدود کرنا پڑتا ہے۔ 
 مقدور بھر اہلیت کے  غلاف میں  اپنی خواہشوں اور ظرف کے کھنکتے سکوں کو سمیٹتے ہم  اپنا خاندان مکمل کرنے کی چاہ  کرتے ہیں۔ انسان کہانی بھی عجیب ہے۔ مرد اور عورت مل کر ایک  رشتے کی بنیاد رکھتے ہیں۔دنیا کی زندگی کمائی میں اولاد کی آمد لکھی ہو تو خاندان کے بڑھنے کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔ انگلی پکڑ کر پہلا قدم رکھنے والے وقت گذرنے کے ساتھ کاندھے کو چھونے لگتے ہیں۔یوں ایک "لائف سائیکل" شروع ہو جاتا ہے۔شادی کرنا اپنے فطری تقاضوں کو سمجھتے ہوئے  سکون کی خاطر ایک دوسرے سے ناواقف مرد اور عورت کے  تازندگی ایک دوسرے کے ساتھ رہنے کا احساس ہےاور "نکاح" اسے معاشرے اور مذہب کے دائرے میں لانے کامعاہدہ ہے۔،اس معاہدے  میں فریقین کو جہاں بہت سی شرائط اور قواعدوضوابط کاسامنا کرنا پڑتا ہے وہیں اُس کی اصل  اور گہرائی کو سمجھنا بھی  بہت اہم ہے۔شادی اگر  جذبات اور احساسات کے بانٹنے کانام ہے تو نکاح اپنے خاندان، اپنی آنے والی نسل اور  معاشرے میں توازن برقرار رکھنے کے لیے اپنی ذات  کے حصار میں جنم لینی والی ذہنی  خوشی  اور شخصی آزادی اپنے آپ تک محدود رکھنے کے احساس اور سمجھوتےکا نام بھی ہے۔  
 نکاح  دراصل اجنبی مرد اور عورت  کے درمیان بننے والا لفظ کا وہ رشتہ ہے جو ان کی رضا سے ایک  ساتھ زندگی بسر کرنے  کی بنیاد رکھتاہے۔لیکن سچ یہ بھی ہے کہ میاں بیوی کے درمیان لفظ کا نہیں احساس کا رشتہ افضلیت رکھتا ہے۔ اور اس تعلق میں احساسِ ذمہ داری پہلے آتا ہےاور  احساسِ محبت بعد میں۔احساس کا رشتہ ہر رشتے سے بڑھ کر ہے اس کے علاوہ ہر رشتہ محض ذمہ داری  ہے  جسے نبھانا پڑتا ہےچاہے یہ محبت کا رشتہ ہی کیوں نہ ہو۔میاں بیوی کے درمیان محبت کا رشتہ ضروری نہیں لیکن ذمہ داری اور احساس کا رشتہ ہونا چاہیےلیکن جب ذمہ داری اور مجبوری کا ہو ،احساس کا نہ ہو تو بڑی گڑبڑ ہو جاتی ہے پھر یہ ٹوٹنے لگتا ہے۔ اس وقت اگر "خوف کا رشتہ" مل جائے تو بچ جاتا ہے۔کسی  تعلق  کے بکھرنے سے زندگی جڑنے کی ضمانت نہیں دی جا سکتی.زندگی  نے جلد یا بدیر  ہر حال میں بکھرنا تو ہے  ہی ،یہ حتمی ہے تو کیوں نہ تعلق کو بکھرنے سے روکا جائے۔   

"ریل گاڑی"

سفر زندگی ہے اور زندگی سفر کرنے کا نام ہے۔سفرِ زندگی کی بہت سی جِہت ہیں۔یہ اندرونی بیرونی دونوں طور پر ہمارے جسم وجاں پر وارد ہوتا ہے۔ سفر ذہنی  ہوتا ہے تو جسمانی بھی۔ ذہنی سفر جب تک جسم پر نہ اُترےکبھی  اِس کی گہرائی کی شدت کا  اندازہ نہیں ہو سکتا ۔اسی طرح جسمانی سفر انسان کو ذہنی طور پر ایسی منزلوں سے روشناس کراتا ہے جن کا  جسمانی حوالے سے تصور بھی ممکن نہیں۔
ریل کا سفر زندگی کے یادگار تجربات میں سے ایک ہے۔یہ ایک الگ ہی دنیا کی کہانی ہے۔ ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم سے لے کر سفر مکمل ہونے تک انسان سوچ سفر کی بہت سی منازل طے کرتا ہے۔یہ سفر ایک نہ بھولنے والا رومانس ہی نہیں حقائقِ زندگی کا ایک انمٹ باب بھی ہے۔ ریل کا سفر پلیٹ فارم سے شروع ہو جاتا ہے۔ پلیٹ فارم کبھی کسی کا نہ ہوا۔۔۔
لوگ آتے ہیں بیٹھتےہیں انتظار کرتے ہیں اور اپنی مطلوبہ گاڑی پر روانہ ہو جاتے ہیں۔زندگی میں سفر کے کسی بھی مقام پر پہنچنے کے لیےسواری   اور   پلیٹ فارم  لازم وملزوم ہیں۔جتنا تیزرفتار سفر  کا وسیلہ ہو گا  اتنی ہی اہمیت  کا حامل اُس  کا پلیٹ فارم بھی ہو گا۔سفر کے آغاز کے لیے قدموں تلے زمین کا پلیٹ فارم ہی کافی ہوتا ہے بس اُس پر اعتماد اور یقین کے ساتھ قدم رکھا جائے۔بعض اوقات پلیٹ فارم کے بغیر  کسی طور بھی 
 گھسِٹ گھسِٹ کرسفر تو طے ہو جاتا ہے  بےہنگم بےترتیب ہی سہی۔
 زندگی ریل گاڑی کے بند ڈبے میں سفر کرنے کا نام ہے جس میں ہمارے رشتے ہماری ضروریات کا خیال رکھتے ہیں تو ہمارے تعلقات ہماری حسیات کی ترجمانی کرتے ہیں۔ ایک لمحے کی دوستی پہلی نظر کا پیار کبھی تو چلتی ٹرین کے منظر کی طرح ہوتا ہے اچھا تو لگا پر گزر گیا اور کبھی تصویر کے کلک کی طرح یادوں میں ہمیشہ کے لیے محفوظ رہ گیا۔
 سرپٹ دوڑتی زندگی کی گاڑی منزل کے قریب آتی جاتی ہے،آخری اسٹیشن کی بتیاں دکھائی دینے لگتی ہیں،نادان مسافر سامان باندھنے اور زادِ سفر مضبوطی سے تھامے رکھنے کی بجائے مُڑ مُر کر نظر کو چھو جانے والے منظروں کو دیکھتا ہے جو پلک جھپکنے تک آنکھ میں ٹھہرے تھے تو کبھی اُن رفقاء کی طرف خالی خالی نظروں سے دیکھتا چلا جاتا ہے جن کا ساتھ کتنا ہی دل کے قریب نہ ہو،وہ پانی پر بنے نقش سے زیادہ پائیدار ہرگز نہیں۔وقت مٹھی میں بند ریت کی طرح سرکتا ہے اور انجان ہتھیلی میں رہ جانے والے قیمتی احساس کو سنبھالنے کی بجائے دسترس سے نکل جانے والے بےوقعت لمحوں کے سوگ میں ماتم کناں  ہاتھ ملتے رہ جاتے ہیں۔
 زندگی کی گاڑی بھی عجیب ہے  ۔ جب ذمہ داریوں کے تھکا دینے والے مشکل پلیٹ فارم عبور کر کے آسودگی کے آخری پلیٹ  فارم پر پہنچتی ہے تو  پتہ چلتا ہے کہ زندگی توراستے میں ہی کہیں  ختم ہو گئی تھی پر سفر   ابھی باقی ہے ۔وہ جو راستے میں سنبھالی گئیں   ناتمام خواہشیں اور خواب تھے اب دل میں کبھی کرچیاں اُن  کی اصلیت کی ٹیس دیتی ہیں ۔ یہ نہیں کہ آسودگی کے اس وسیع پلیٹ فارم   میں کہیں کوئی  کجی ہے  ۔بلکہ اب تو دُور دُور تک شفاف آسمان نئی منزلوں نئے راستوں کی نوید  سُناتا ہے  تو کہیں مخملی زمینیں قدم بوسی کی اجازت  چاہتی ہیں ۔اپنے ساتھ گزارنے  اور  اسباب ِ دُنیا  فتح کے لیے وقت ہی وقت ہے۔لیکن !!! نہیں ہے تو بس مہلتِ زندگی نہیں ۔کوئی ہے جو چپکے چپکے بس ایک ہی   راگ الاپے جا رہا ہے۔۔۔
"  اب عمر کی نقدی ختم ہوئی اب ہم کو ادھار کی حاجت ہے"
بلاگ سے انتخاب۔۔۔۔

"میرے پچاس سال"

"پچاس برس کی رام کہانی"

پچاس برس کا سفر  کیا ہے گویا سرپٹ بھاگتی زندگی کی  ریل گاڑی پچاس اسٹیشنوں پر پل بھر کر رُکی ہو۔بہت سوں کی تو یاد بھی
   باقی نہیں،بس یہ ہوا کہ ہر پڑاؤ پر سامان میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔اب جب طوق گلےتک آن پہنچے تو سوچنا پڑ گیا کہ اگلے کسی بھی اسٹیشن پر اترنا پڑ گیا توکس بوجھ سےکس طور جان چھوٹے گی اور کیا سامان ساتھ رہ جائے گا۔حد ہو گئی۔۔۔۔زندگی خواہ کتنی ہی بےکار اور لاحاصل ہی کیوں نہ گذرے،واپسی کی گھٹیاں سنائی دینے لگیں تو اُداسی اور مایوسی کی دُھول یوں قدموں سے لپٹتی ہے جیسے کچھ سانسیں اُدھار کی ملنے سےنہ جانے عظمت وکامیابی کا کون سا ماؤنٹ ایورسٹ سر کیا جا سکے گا۔

جمعرات, اکتوبر 19, 2017

"اَفَلَا يَتَدَبَّرُوْنَ الْقُرْاٰنَ "

سورۂ النساء(4) آیت 176۔۔۔سورہ محمد(47) آیت 38۔
ترجمہ۔۔"پھر کیوں قرآن پر غور نہیں کرتے "۔
"معلوماتَِ القران"
٭لفظ قران 32 سورتوں کی 65 آیات میں  آیا ہے۔لفظ قرآن،قرآن  پاک میں بطور معرفہ پچاس(50) بار اور بطور نکرہ اسی(80) بار آیا ہے۔یعنی پچاس بار قرآن کا مطلب کلام مجید ہے۔اور اسی بار ویسے کسی پڑھی جانے والی چیز کے معنوں  میں استعمال ہوا ہے۔
٭ قران پاک ۔۔۔
٭ وَقُرْاٰنٍ مُّبِيْنٍ۔۔۔ سورۃ الحجر(15) آیت (1)۔۔سورہ یٰس(36) آیت(69)۔
٭وَالْقُرْاٰنَ الْعَظِيْـمَ۔۔۔سورۃ الحجر(15) آیت (87)۔
٭وَالْقُرْاٰنِ الْحَكِـيْـمِ۔۔۔سورہ یٰس(36) آیت(2)۔
٭وَالْقُرْاٰنِ الْمَجِيْدِ۔۔۔سورہ ق(50)آیت(1)۔۔سورہ البروج(85) آیت (21)۔
٭لَقُرْاٰنٌ كَرِيْـمٌ۔۔۔سورہ الواقعہ(56)آیت(77)۔
۔۔۔
٭قرآن کریم میں اللہ پاک نے اپنی صفت ربوبیت کا ذکر سب سے زیادہ مرتبہ فرمایا ہے۔قرآن کریم میں لفظ رب ایک ہزار چار سو اٹھانوے مرتبہ آیا ہے۔
۔۔۔
٭قرآن کریم میں لفظ الرحمٰن ستاون بار اور الرحیم ایک سو چودہ مرتبہ آیا ہے۔
۔۔۔
٭قرآن کریم میں لفظ اللہ دو ہزار چھے سو اٹھانوے  بار آیا ہے۔
۔۔۔
٭پورا کلمہ طیبہ  قرآن کریم میں کسی ایک جگہ بھی نہیں آیا۔
۔۔۔
٭ "أعوذ بالله من الشيطان الرجيم"  ۔قرآن کریم میں کسی ایک جگہ بھی نہیں آیا۔  ارشادِباری ہے۔
٭سورہ النحل(16)  آیت 98۔
فَاِذَا قَرَاْتَ الْقُرْاٰنَ فَاسْتَعِذْ بِاللّـٰهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيْـمِ 
ترجمہ ۔“سو جب تم قرآن پڑھنے لگو تو شیطان مردود سے اللہ کی پناہ مانگ لیا کرو" ۔
٭ سورہ فٰصِلت(41) آیت36۔
وَاِمَّا يَنْزَغَنَّكَ مِنَ الشَّيْطَانِ نَزْغٌ فَاسْتَعِذْ بِاللّـٰهِ ۖ اِنَّهٝ هُوَ السَّمِيْعُ الْعَلِـيْمُ 
ترجمہ۔"اور اگر آپ کو شیطان سے کوئی وسوسہ آنے لگےتو اللہ کی پناہ مانگیے،بےشک وہی سب  کچھ سننے والا جاننے والا ہے"۔
۔۔۔
اَعُوْذُ بِاللّـٰهِ ۔۔۔سورہ البقرہ(2) آیت 67۔
مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِـيْمِ۔۔۔ سورہ آلِ عمران(3) آیت 36۔
۔۔۔
٭قرآن پاک میں لفظ اﷲ اکبرنہیں ہے۔
۔۔۔
٭قرآن کریم میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو گیارہ  مقامات پر " يَآ اَيُّـهَا النَّبِىُّ " پکارا گیا ہے۔
۔۔۔
٭تین سورتوں  سورة الاحزاب(33) ،سور ة الطلاق(65) اور سورة التحریم (66)کی ابتدا " يَآ اَيُّـهَا النَّبِىُّ"سے ہوتی ہے۔
۔۔۔
٭سورہ النور(24) وہ واحد سورت ہے جس کی ابتدا لفظ "سورۃ" سے ہوتی ہے۔
۔'ترجمہ آیت(1)۔"یہ ایک سورت ہے جسے ہم نے نازل کیا ہے اور اس کے احکام ہم نے ہی فرض کیے ہیں اور ہم نے اس میں صاف صاف آیات نازل کی ہیں تاکہ تم سمجھو"۔
۔۔۔ 
٭قرآن پاک میں سب سے زیادہ الف استعمال ہوا ہے اور سب سے کم ظ استعمال ہوا ہے۔
۔۔۔
٭قرآن پاک میں  صحابہ کرام میں سے صرف ایک صحابی حضرت زید بن حارثہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا نام آیا ہے۔(سورۂ الاحزاب آیت 37 )۔
۔۔۔
٭قرآن میں کسی عورت کانام نہیں آیاہے فقط”حضرت مریم علیہا السلام“کا۔بی بی ”مریم “کانام قرآن میں 34مرتبہ آیاہے۔
۔۔۔
٭ سورۃ یوسف(12) کی  تیسری آیت میں حضرت یوسف علیہ السلام کےقصے کو "احسن القصص" کہا گیا ہے۔
نَحْنُ نَقُصُّ عَلَيْكَ اَحْسَنَ الْقَصَصِ 
 ترجمہ آیت 3۔۔ہم تمہارے پاس بہت اچھا قصہ بیان کرتے ہیں۔
۔۔۔
٭ قرآن پاک میں صرف دو بندوں کی کنیت ذکر ہے۔
ابن مریم ( سورہ النساء(4)،آیت 157)۔
ابی لہب   ۔۔سورۂ لہب(111)۔۔ ابولہب کا اصل نام عبدالعزیٰ تھا جو ایک کہ شرکیہ نام ہے عزیٰ اس بت کا نام تھا جسے قریش کے کفار پوجتےتھے اور عبدالعزیٰ کا معنی عزیٰ کا غلام۔۔اللہ پاک نے ابولہب کوشرکیہ نام سے پکارنے کی  بجائے  کنیت سے مخاطب کیا۔
۔۔۔
قرآن کریم کے مطابق سیدنا موسٰی علیہ السلام کو نو معجزے عطا فرمائے گئے۔۔۔۔
٭٭٭وَلَقَدْ اٰتَيْنَا مُوْسٰى تِسْعَ اٰيَاتٍ بَيِّنَاتٍ۔۔۔سورۂ بنی اسرائیل(17) آیت 101۔۔اور  ہم نے موسٰی کو نو کھلی نشانیاں 
دی تھیں۔
٭٭٭٭٭فِىْ تِسْعِ اٰيَاتٍ۔۔۔سورة النمل (27) آیت 12۔۔
۔۔۔
٭پانچ نبی جن کے نام اللہ رب العزت نے ان کی پیدائش سے قبل بتا دیے تھے۔
٭1)سیدنا عیسٰی علیہ السلام ۔۔۔سورة آل عمران(3) آیت (45)۔
٭2)سیدنا اسحاق علیہ السلام ،3) سیدنا یعقوب علیہ السلام۔سورة ھود (11)آیت (71)۔
٭4)سیدنا یحیٰی علیہ السلام۔۔۔سورة مریم(19) آیت (7)۔
٭5)سیدنا احمد صلی اللہ علیہ وسلم۔۔۔سورة الصف (61)آیت (6)۔
۔۔۔
٭قرآن میں لفظ ابلیس گیارہ مرتبہ آیا ہے۔
۔۔۔
٭ قرآن کریم میں  چھ     فرشتوں کے نام آئے ہیں۔
۔(1) جبریل(3 بار)۔۔سورۂ بقرۂ (2)آیت 97،آیت 98،سورۂ التحریم(66) آیت 4۔
۔(2) میکائیل۔ ۔۔سورۂ بقرۂ (2)آیت 98۔
۔(3) رعد۔۔سورۃ الرعد(13) آیت 13۔ 
۔(4) مالک۔۔سورۂ الزخرف(43) آیت 77۔
۔(5) ہاروت(6) ماروت۔۔سورۂ بقرہ (2) آیت 102۔
۔۔۔
٭قرآن پاک میں چند مومنین کے نام آئے ہیں۔
عمران۔۔سورہ آلِ عمران(3)۔آیت(33)۔
لقمان۔۔سورہ لقمان(31)،آیت(12)۔
،ذوالقرنین ۔۔سورہ الکہف(18)،آیت (83)۔
طالوت۔۔سورہ البقرہ(2)۔آیت(247)۔
۔۔۔

٭قرآن پاک میں چند قبیلوں اور قوموں کے نام آئے ہیں۔
ثمود۔۔سورۃ الاعراف(7)،آیت(73)۔سورہ الفرقان(25) آیت 38۔ 
عاد۔۔1)سورہ ہود(11)،آیت(5)۔ 2) سورہ الفجر(89)۔آیت(6)۔
یاجوج ماجوج ۔۔سورہ الکہف(18)۔آیت(94)۔
قومِ سبا۔۔سورہ سبا(34)۔آیت(15)۔
قومِ تبع۔۔سور ہ الدخان(44)۔آیت (37)۔
قبیلہ" قریش ۔۔سورۃ القریش(106)۔
۔۔۔
٭قرآن کریم میں دو مساجد کا نام آیا ہے۔
الْمَسْجِدِ الْحَرَام, الْمَسْجِدِ الْاَقْصَى(مسجد اقصٰی، مسجد الحرام ) سورہ الاسرا(15) آیت (1)۔
۔۔۔
٭ قران پاک میں دوممالک کا نام آیا ہے۔
مصر ۔سورہ یونس(10)۔آیت 87۔۔سورہ یوسف (12) آیت21۔
روم(سورہ الروم30)۔
۔۔۔
٭ قران پاک میں   دو     وادیوں کا ذکر ہے۔
  ۔بِالْوَادِ الْمُقَدَّسِ طُوًى۔۔سورہ طہٰ(20)آیت 12۔۔ سورہ النازعات(79) آیت (16)۔
الْوَادِ الْاَيْمَنِ۔سورہ القصص(28)۔آیت30)۔
۔۔۔
٭قرآن کریم میں  چار شہروں کے نام  ہیں۔
۔1)مکہ۔۔
مکہ۔۔سورۃ فتح(48)آیت 24۔بکہ۔سورہ آلِ عمران(3)آیت 96۔۔البلد۔ سورہ البلد(90)۔
۔2)یثرب (مدینہ منورہ کا قدیم نام)۔۔سورہ الاحزاب (33) آیت13۔
۔3)بابل۔۔سورہ البقرہ(2) آیت 102۔
۔4)مدین ۔۔سورہ القصص (28) آیت 23۔
۔۔۔
٭قرآن کریم میں چار پہاڑوں کا نام آیا ہے۔
کوہ جودی۔۔سورہ ہود(11) آیت44۔
کوہِ صفا۔۔کوہِ مروہ۔سورہ البقرہ(2)آیت 158۔
 کوہِ طور(کوہ سینا،طورِسینا)سورہ البقرہ(2)آیت 93۔سورہ طور(52)۔سورۃ المومنون(23)آیت20۔سورہ  والتین(95) آیت2۔
۔۔۔
٭قرآن پاک میں دو دنوں کے نام آئے ہیں ۔
جمعہ۔ سورہ الجمعہ (62) آیت(9) ۔۔ہفتہ  السَّبْتِ۔(سورہ البقرہ(2) آیت65۔
۔۔۔
٭قران پاک میں  سات پھلوں کے نام ہیں۔۔۔  کھجور،انگور،انار، بیری،کیلا،انجیر،زیتون
کھجور (نَخْلٌ) ۔انگور(اَعْنَابٍ)۔۔سورۂ الانعام(6)آیت 99۔۔سورہ النحل(16) آیت 67۔سورۂ الکہف(18)۔آیت 32۔
انار (رُمَّانٌ)۔۔سورۂ  الرحمٰن55 آیت 68۔۔
بیری(سِدْرٍ)سورۂ واقعہ56۔آیت 28۔
کیلا(طَلْـحٍ)۔۔سورۂ الواقعہ56 ،آیت 29۔
انجیر(التِّيْنِ)،زیتون(الزَّيْتُوْنِ)سورۂ والتین95۔
۔۔۔
٭قرآن کریم میں چار سبزیوں کا ذکر ہے۔سورہ البقرۂ2،آیت61۔۔
بَقْلِهَا(ساگ) وَقِثَّـآئِهَا(لہسن) وَفُوْمِهَا(ککڑی) وَعَدَسِهَا(مسور) وَبَصَلِهَا(پیاز)۔
۔۔۔
٭قرآن کریم میں چار دھاتوں کا ذکر آیا ہے۔
لوہا (الْحَدِيْدَ)۔۔سورۂ الحدید57۔آیت 25۔
سونا(الذَّهَب)چاندی(الْفِضَّةِ) ۔۔سورہ آلِ عمران(3) آیت14۔
تانبا(مُهْلِ)سورۂ الکہف18۔آیت29۔
۔۔۔
٭قرآن کریم کی سات سورۂ مبارکہ حیوانوں کے نام پر ہیں۔
سورۂ البقرة(2) گائے۔۔
سورۂ الانعام(6)مویشی۔۔
سورۂ النحل(16)شہد کی مکھی۔۔
۔سورة النمل(27)چیونٹیاں۔۔
سورۂ العنکبوت(29)مکڑی۔۔
سورةۂ العادیات(100)گھوڑے۔۔
سورة الفیل(105)ہاتھی۔۔
۔۔۔
٭قرآن کریم میں چارپرندوں کا ذکر آیا ہے۔
٭1)وَالسَّلْوٰى(بٹیر)۔۔۔سورۂ البقرہ(2) ۔آیت(57)۔
٭2)غُـرَابً(کوا)۔۔۔سورۂ المائدہ(5)۔ آیت(31)۔
٭3) الْـهُـدْهُدَ (ہدہد)۔۔۔سورۂ النمل(۔ آیت (20) ۔
٭4)اَبَابِيْلَ(ابابیل)۔۔سورۂ الفیل (105)۔
۔۔۔
٭ قران کریم میں پانی والے اور رینگنے والے جانور۔۔
وَالضَّفَادِ( مینڈک) سورہ الاعراف(7) آیت133۔
لْحُوْتَۖ(مچھلی) سورہ الکہف (18)آیت 63۔
ثُـعْبَانٌ۔(اژدھا )۔سورہ الاعراف(7)،آیت 107۔ سورہ الشعرا(32) آیت 26۔
 ۔۔۔
٭ قران پاک میں  درج ذیل چوپایوں کا ذکر ہے۔
٭الْعِجْل(بچھڑا) سورہ البقرہ(2) آیت51۔
٭قِرَدَةً(بندر)سورہ البقرہ (2) آیت 65۔
٭بَقَرَةً،(گائے)سورہ البقرہ(2)۔آیت۔67۔
٭حِمَار(گدھا)سورہ البقرہ(2)۔آیت259۔
٭الْخِنزِيْـرِ(  سؤر)سورہ البقرہ(2)۔آیت۔173۔
٭الْمَعْزِ(بکری)سورہ الانعام(6)۔آیت 143۔
٭الْغَنَـمِ(بکریاں)۔سورہ الانعام(6)۔آیت ۔146۔سورہ الانبیا(21) آیت 78۔
٭الضَّاْن(بھیڑ) سورہ  الانعام(6)۔آیت143۔
٭(اونٹ)۔۔۔
۔٭الْاِبِلِ۔سورہ  الانعام(6)۔آیت144۔الْجَمَلُ ۔۔ سورہ الاعراف(7)  آیت40۔
٭٭الْكَلْبِۚ(کتا)۔سورہ الاعراف(7) آیت 176۔۔سورہ الکہف(18)۔آیت (18)۔
٭الـذِّئْبُا(بھیڑیا)۔سورہ یوسف(12)،آیت13۔۔
٭٭٭٭٭٭٭وَالْخَيْلَ(گھوڑے) وَالْبِغَالَ(خچر) وَالْحَـمِيْـرَ(گدھے)۔۔سورہ النمل(16) آیت(8)۔
٭نَعْجَة(دُنبی (بھیڑ) سورہ ص (38) آیت 23۔
٭٭٭٭قَسْوَرَةٍ (شیر)۔سورہ المدثر(74) آیت 51۔
٭الْفِيْلِ(ہاتھی)سورہ فیل((105)۔
۔۔۔
٭ قران پاک میں  آٹھ حشرات الارض کے نام  ہیں  ۔۔
 بَعُوْضَةً(مچھر )۔۔سورہ البقرہ(2)۔۔آیت26۔
وَالْجَرَادَ وَالْقُمَّلَ (ٹڈی ،جوئیں )۔سورہ الاعراف(7) آیت133۔۔۔سورہ القمر(54) آیت 7۔
 النَّحْلِ(شہد کی مکھی)۔۔سورہ النحل(16)۔آیت68۔
الـذُّبَابُ (مکھی) سورہ الحج(22) آیت 73۔
النَّمْلُ(چیونٹی)۔۔سورہ النمل(27)۔ آیت18۔
الْعَنْكَـبُوْتِۚ(مکڑی)۔۔سورہ العنکبوت(29)۔ آیت41۔
الْفَرَاشِ(پروانہ پتنگہ ،تتلی)۔سورہ القارعہ(101) آیت 4۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

"سیٹل اور سیٹل منٹ"

سورۂ فرقان(25) آیت 2۔۔   وَخَلَقَ كُلَّ شَىْءٍ فَقَدَّرَهٝ تَقْدِيْـرًا ترجمہ۔ اور جس نے ہر شے کو پیدا کیا اور پھر اس کے لیے ایک اند...