جمعرات, مئی 02, 2013

" نادان یا انجان "

عورت اصلی پھول کی طرح ہے نرم ونازک ،خوشبودار اور رنگین۔جو اپنی چند روزہ زندگی میں مالا مال کر دیتا ہے۔اپنےہونے کا ثبوت اپنے وجود میں رقم کرتا،چہار سُو خوشبو بکھیرتا ،احساس جگاتا ہے۔
لمس سے ان جان کہ کوئی کس طور برتے۔شہد کی مکھی کی طرح اُس کا عرق نکال کر طول وعرض میں پھیلا دے یا زردانوں کی صورت اُس کے وجود کے کلون بنا کر نسلیں آباد کرے یا طُوفان ِباد وباراں اُسے کِھلنے سے پہلے ہی اُجاڑ ڈالے۔ زمانے کی تپش کُمہلا کر اُس کا رس نچوڑ دے، کسی شاطرکی عیاری  یا بےخبر کی معصومیت اُسے مٹھی میں لے کر مسل ڈالے۔
سب سے بےنیاز پھول کا صرف ایک کام ہے کھِلنا اور بےپروا کھِلنا۔ وہ تو یہ بھی نہیں جانتا کہ پھولوں کی سیج منتظر ہے یا تازہ قبراُس کے لمس کی متلاشی؟کسی کی کلائی کا گجرا ہے یا جوڑے کا پھول؟ محبت کا پہلا تحفہ ہے یا عقیدت کا آخری نذرانہ؟پتیوں کی صورت اُس کا وجود ریزہ ریزہ کر کے پہلے تھالی میں سجا کر پھر قدموں تلے روندا جائے گا یا پھر محبت کی یاد کی صورت کسی پُرانی ڈائری کے اوراق میں محفوظ کر لیا جائے گا؟۔
المیہ ہے تو فقط یہ کہ عورت کو اپنے مقام اپنی اہلیت اور اپنی وسعت کا احساس نہیں۔اُس کے خیال میں چند روزہ زندگی اُس کے وجود کاحق ادا نہیں کر سکتی وہ امر ہونا چاہتی ہے محفوظ ہونا چاہتی ہے بلاؤں سے وباؤں سے۔ وہ زندگی کے میوزیم میں حنوط ہو کر 'ممی' کی طرح زمانوں کی قید سے آزاد زندگی کی تمنائی ہے۔اُس کے اندر کا تخلیقی جوہر اُسے بےکل رکھتا ہے وہ اپنی کائنات کے ہر گوشے میں اپنی خوشبو کا یقین چاہتی ہے۔اپنے رس کی پہچان کرانے کی ہوس نے اُسے بھکاری بنا دیا ہے وہ گلی گلی خوبصورت پیکنگ میں عام سودا بیچنے والی سیلز گرلز کی طرح صدا لگاتی ہے۔۔۔تلاش ِمعاش میں سرگرداں یہ کم نصیب جو تپتی دوپہروں میں دروازے کھٹکھٹاتی ہیں اوراکثر اوقات بےتوجہی سے دروازے بند کردئیے جاتے ہیں یا پھر بدقسمتی سے تماش بین راستہ روک لیتے ہیں۔
 عورت خوشبو ہے اور خوشبو کبھی قید نہیں ہو سکی اور وہ ہرایک کے لیے یکساں ہے لیکن کم از کم خوشبو کو خود تو احساس ہو جائے کہ وہ کیا ہے۔آج کل کی عورت خوشبو کے احساس سے ماورا ہارسنگھار کے دوسرے لوازمات سے آراستہ ہو کر شمع محفل بن کر قدم بہ قدم سفر طے کرنا چاہتی ہے۔نہیں جانتی کہ یہ راستہ دُشوار گُزاربھی ہے اور پتھریلا بھی جو سب سے پہلے اُس کی تازگی کا خراج مانگتا ہے اورنازکی کا رس چاہتا ہے اور پھول میں سے تازگی اور نازکی ختم ہو جائےتو فقط کاغذی وجود بچتا ہےجس کو سنوار کر ایک خوبصورت گلدستے کی صورت قیمتی گلدان میں سجا کر نظروں کو مسحور تو کیا جا سکتا ہے لیکن دلوں کو مُسخر نہیں کیا جاسکتا۔

بصارت نہیں "بصیرت" وقت کی اہم ضرورت ہے۔ آنکھیں "پتلی تماشا" دیکھ کر پہلے ہی بہت تھک گئی ہیں ۔ دل کی آنکھ جو دیکھتی ہے وہ بہت تکلیف دہ ہےلیکن سچ یہی ہے۔اس میں شک یا دو رائے ہرگز نہیں کہ جسمانی طور پرکمزور ہونے کے ناطےعورت کے ساتھ زیارتی ،جبر اور ناانصافی ہوتی ہے۔لیکن "انصاف" کی اس تحریک میں عورت نے خود ہی اپنے آپ کو پلیٹ میں رکھ کر پیش کیا ہے ۔نادان عورت اپنے گھر سے باہر خود کسی کی محافظ بن گئی ہے تو کہیں اجنبی "محافظوں" کے سائے میں آزادی ڈھونڈ رہی ہے۔۔۔کہیں ٹاک شوز میں بناؤ سنگھار کے ہتھیار سے آراستہ نہ جانے کس قیمت پر مخالف کی دھجیاں اڑا رہی ہے۔عورت اپنا تماشا خود بنا رہی ہے چاہے وہ حکمران جماعت میں ہے یا اس کے مخالف ۔ گھر سے بڑھ کر آزادی عورت کو کہیں نصیب نہیں۔ اس بحران سے ایک بات تو طے ہے کہ دنیا میں کوئی بھی مسئلہ عورت کے بغیر حل نہیں کیا جا سکتا۔ یہ اور بات کہ "زن زر اور زمین" کی پرانی کہاوت آج بھی سچی ہے۔ اور عورت کی عقل کے بارے میں مرد کے فتوٰے بھی درست دکھتے ہیں۔سچ یہ ہے کہ عورت اگر اپنے آپ کو پہچان جائے تو طوفانوں کے رخ موڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔عورتوں کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والی ترقی یافتہ عورت اور ان کی تنظیمیں صرف ڈھونگ ہیں۔۔۔ایک فرار ہے گھر کی ذمہ داریوں سے اور کچھ بھی نہیں اور یہی عورتیں عورت کو حق نہ ملنے کا رونا روتی ہیں۔ انہی کے زیراثر پڑھا لکھا مرد اپنے آپ کو ظالم تصور کرتا ہے۔مرد ہو یا عورت فطرت کو بدلنا کسی کے اختیار میں نہیں لیکن اسے سمجھ کر اس سے سمجھوتہ کرنا زندگی گزارنے کی اصل کامیابی ہے۔جو ہم اکثر اوقات بھول جاتے ہیں۔
اگر مرد اپنی قریبی اور پیاری ہستیوں کی قدروقیمت کا احساس کرے اورغیرعورت کی ظاہری چکاچوند جو خواہ علم کی ہو یا ملبوس  کی اُس سے دور رہتے ہوئے رشتوں اور تعلقات کی اصلیت کو سمجھنے کی کوشش کرے تو اُسے بہت سے پیچیدہ سوالوں کے جواب مل جائیں گے۔مرد کی کامیابی کا راز اسی میں ہے کہ وہ ہر گھڑی اپنی عقل اپنے فہم وشعور کوساتھ رکھے۔ لمحے بھر کی بےفائدہ لذت کے لیے ہمیشہ کے گھاٹے کا سودا نہ کرے کہ یہ دنیا مکافاتِ عمل بھی ہے اعمال کا بدلہ اس دنیا میں ہی ملنا شروع ہو جاتا ہے۔
حرفِ آخر!
عورت بےشک ربِ کائنات کی انسانی تخلیق کی سب سے اہم اکائی ہے لیکن یہ بھی سچ ہے کہ عورت سے بڑا مکر وفریب کا جالااور کوئی نہیں بُن سکتا۔اور برداشت کی انتہا کو پہنچ کرعورت کی سی سفاکیت کا مرد تصور بھی نہیں کر سکتا۔ عورت ہو یا مرد جب تک اپنا اصل مقام اور اپنی اپنی حدود پہچانتے ہوئے فرائض ادا کرتے رہیں گے انسان کا انسان پر اعتبار قائم رہے گا۔اپنے آپ کو بُھلا کرہی اپنے وجود کا احساس دلایا جا سکتا ہے۔ یہی عورت کا اصل امتحان بھی ہے کہ وہ کس طرح اپنے آپ کی نفی کرکے اپنی شناخت برقرار رکھتی ہے اور یہی اُس کی سچائی کی گواہی بھی جو نہ صرف دیکھنے والی آنکھ کو نظر آتی ہے بلکہ خود اس کی ذات بھی تکمیل کی وہ منازل طے کرتی ہے جب ہار بھی جیت بن جاتی ہے۔

2 تبصرے:

" بیالیس برس بعد "

"  پہلے رابطے سے پہلی ملاقات تک"  کل ہم نے ملنا ہے اور ان شااللہ ضرور ملنا ہے۔ کل بارش بھی ہے شاید۔ تین  دن  پہلے  بات ہوئی لیکن گ...