ہفتہ, اگست 01, 2015

"وطن کی مٹی گواہ رہنا "

وطن کی مٹی گواہ رہنا "
دم گھٹنے والے حبس کی شدت ختم کرتی ہلکی ہلکی پھوار میں اور اپنے پرسکون گھر کےلان میں شام کی چائے کی چسکیاں لیتے ہوئے کسی کی پرانی یادوں کو پرولنا کتنا خوبصورت لگتا ہے۔۔۔۔بتانے والا چاہے وہیل چئیر پر ہی کیوں نہ بیٹھا ہو وہ بھی اتنے رسان سے اُن نامہربان لمحوں کا تذکرہ کرتا ہے جیسے یہ کل ہی کی بات ہو۔۔کوئی بھولا بسرا قصہ سناتے ہوئے آنکھ میں جلتی بجھتی شمعیں بچپن کی خوبصورت یادوں کا عکس بھی تازہ کرتی ہیں۔ کسی نے سچ کہا کہ مصیبت صرف اُسی وقت ناقابلِ برداشت لگتی ہےجس روز اس کا سامنا ہوتا ہے۔
اڑسٹھ برس پہلے کا ذکر ہے۔دلی  شہرکے نواحی علاقے "قرول باغ" میں سب انسپکٹر پولیس آغا عبدالعزیز اپنے خاندان کے ساتھ رہائش پذیر تھے۔مرکزی عیدگاہ کے قریب اُن کے والد کے نام کی مناسبت سے فیض روڈ پر اُن کے گھر فیض منزل کے ساتھ  ہی دوسرے بھائیوں کی کوٹھیاں تھیں۔جن میں سے ایک  تو اُن کے بھائی نے کسی عیسائی خاندان کو کرائے پر دے رکھی تھی اور دوسری "امین لاج " میں بھائی کا خاندان رہتا تھا جن کی اہلیہ مسلم لیگ کی سرگرم کارکن تھیں اوراکثر اپنی بچیوں  کو ساتھ  لے کر مسلم لیگ کے جلسوں میں جایا کرتیں۔۔ایک  بڑا جلسہ گھر پر بھی  منعقد ہوا۔محترمہ فاطمہ جناح تشریف لائیں، انہوں نے پیازی رنگ کا غرارہ پہنا ہوا تھا، گھر کی بچیوں نے نیشل گارڈ کی لڑکیوں کے ساتھ مل کر شاندار استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور اظہارِتشکر کے طور پر ترانہ پیش کیا۔۔۔جس کا ایک مصرعہ کچھ یوں تھا۔۔
صدارت کی مسند کا چمکا ستارہ
بیگم جناح ہوئیں جلوہ آراء
اگست کے  مہینے کی بات ہے۔شروع کی تاریخیں تھیں۔ عجیب بےیقینی کی صورتِ حال تھی ،اگرچہ ملکی حالات اور سیاسی مسائل بگڑتے چلے جا رہے تھے پھر بھی آنے والے وقت کی سنگینی کا کسی کو رتی برابر اندازہ نہ تھا۔ عید کے بعد آغا صاحب کے بڑے بیٹے کی شادی طے  تھی۔شادی کی تیاریوں کی غرض سے ایک نئی نکور سلائی مشین خریدی گئی ،بہنیں بڑے چاؤ سےعید اور پھر شادی کے لیے  جوڑے تیار کر رہی تھیں۔گھر میں رنگوں  کی بہار اُتری تھی ،سِلے ان سِلے کپڑوں کی گھٹڑیاں بنا دی جاتیں۔دھوبی کو دینے والے کپڑے بھی ایک گھٹڑی میں بندھے رکھے تھے کہ روز بروز بڑھتی کشیدگی کے باعث اس نے دھلائی سے انکار کر دیا تھا۔شہر میں کھانے پینے کی شدید قلت تھی اور راشن سسٹم کے تحت  بھی آٹا، دال، چاول بمشکل  ہی ملتا تھا۔ رات دن خوف وہراس کےعالم میں گزر رہے تھے۔ یہ 14  اگست 1947کے بعد کی کوئی تاریخ تھی جب قرول باغ بھی فسادات کی لپیٹ میں آ گیا۔برسوں سے ہندو سکھ، عیسائی مل جل کر رہ رہے تھے لیکن کسی کو بھی وقت کے اتنی تیزی سے پلٹنے کا اندازہ نہ تھا کہ کچھ تیاری ہی کر لی جاتی۔
بھرے پُرےخاندان کے لیے وہ ایک بھیانک دن تھا۔۔۔ رات ہی  کھانے کا سامان آیا اور اب چولہے پر دوپہر کی ہانڈی چڑھی تھی اچانک بلوائیوں کی لوٹ مار کا پتہ چلا اور سب جس حال میں تھے منٹوں میں گھر چھوڑ کر نکل پڑے۔باہر دیکھا تو سب محلے والوں کی  سراسیمگی  کا یہی عالم تھا۔ پہلے چچا کی کوٹھی میں اکٹھے ہوئے پھر طے پایا کہ خطرہ باقی ہے تو ایک قافلے کی صورت میں کسی محفوظ مقام کا رُخ کیا جائے۔گھر میں جس کے ہاتھ جو آیا  وہ اٹھا لیا۔کسی نے میلے کپڑوں کی گھٹڑی اُٹھائی  تو کسی کے پاس ان سلےکپڑوں  کی پوٹلیاں تھیں۔ ایک بھائی اور کچھ نہیں تو کاندھے پر سلائی مشین ہی رکھ کرچل پڑے۔۔بےسروسامان باہر نکلے تو دیکھا کہ ایک ہجوم تھا جو جان بچانے کے خوف سے ان دیکھی منزل کی جانب بےسمت گھسٹتا چلا جا رہا تھا۔بھوک پیاس سےنڈھال، چلتے چلتے ایک جگہ کھانے کی خوشبو نے قدم روکے،کچھ تجارتی لوگوں نے دیگیں چڑھائی ہوئی تھیں۔اللہ کی شان کچھ گھنٹوں میں عرش سے فرش پر آگئے۔ایک شناسا ملا تو دیکھ کر سکتے میں آ گیا کہ داروغہ صاحب اور اس حال میں۔اپنے گھر میں پکتا ہوا  تازہ کھانا  چھوڑ کر پیٹ پوجا کے لیے فرش پر بیٹھے ہی تھے کہ فسادیوں کی"جے ہند"کی آوازیں سنائی دیں،اٹھ کر اندھادھند بھاگے۔کچھ دیر بعد پتہ چلا کہ انہوں نے  اُس کھانے میں تیزاب ڈال دیا تھا۔ اب پھربھوک پیاس کے ساتھ سفرہی سفر۔خیر کسی طرح دلی کے"پرانا قلعے"میں سر چھپانے کو عارضی ٹھکانہ ملا۔
  سیاسی اور مذہبی مسائل سے انجان، اُن  بےپروا  شوخ وشنگ لڑکیوں کے لیے "پرانا قلعہ" ایک الگ  ہی ہیبت ناک تجربہ تھا۔جو اگر برستی  بارشوں میں جھولے جھولتیں تو کبھی اپنے چچا کے گھر سب کے ساتھ مل کر ململ کے دوپٹے رنگے جاتے۔۔ خوب خوب طریقے سے ڈیزائن بنتے۔۔۔چمک دینے کے لیے ابرق لگائی جاتی۔دیکھتے ہی دیکھتے رنگ برنگ دوپٹوں کی ست رنگی دنیا آباد ہو جاتی، پھراُن کو ڈوریاں دھاگے لپیٹ کر چنوایا جاتا اور جب تیاری مکمل ہو جاتی تو ایک دوسرے سے مقابلہ ہوتا۔۔ خوشیوں کے یہ رنگ جتنے بھرپور تھے اتنے ہی کچے بھی ایک آدھ دھلائی کے بعد یوں غائب کہ نام ونشان نہ رہتا۔کبھی تپتی دوپہروں میں جب چچی سو جاتیں تو گھر سے ذرا دور گلی میں بڑی سی مسجد میں لگے املی کے درخت سے ایک انگلی جتنے بڑے کٹارے توڑ کر کھائے جاتے جو خوب کھٹے ہوتے۔
 اپنے گھروں کی عافیت میں خواب لمحوں میں رہنے والی بچیوں کے لیے پرانا قلعہ ایک ایسا عقوبت خانہ تھا جہاں آنکھ نے ایسے عذاب اور ایسی کسمپرسی دیکھی کہ بیان سے باہر ہے۔کہنا لکھنا بہت آسان ہے پر تصور کی آنکھ لرزا دیتی ہے۔
 چھوٹے بچوں اور خاص طور پر بچیاں جن کے لیے تحریکِ آزادی پُرجوش نعروں اور زبردست سیاسی گہماگہمی کا نام تھی۔ نعرے اور ترانے کسی بھی تحریک کا جوش وجذبہ بڑھانے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں اور تحریکِ آزادی تو برِصغیر کے ہر مسلمان کے لیے موت اور زندگی کا سوال تھی۔جلسوں میں نئے سے نئے ترانے اور نعرے لگتے تھے اور کچھ تو بچے بچے کی زبان پر ایسے جاری ہوئے کہ روح میں جذب ہو گئےاور اُس دور میں سانس لینے والے ہر ذہن میں آج بھی اُسی جذبے سے رواں ہیں۔اور بجا طور پر تحریکِ پاکستان کے نعروں کا اسم اعظم کہے جا سکتے ہیں۔
پاکستان کا مطلب کیا ۔ لا الہ الا اللہ"۔“
بٹ کے رہے کا ہندوستان
بن کے رہے گا پاکستان
دہلی کے تاریخی پرانا قلعہ پہنچے تو وہاں کے مخیر لوگوں نے کھانے پینے کا انتظام کر رکھا تھا۔ لیکن پورے خاندان میں  کسی کے پاس کوئی برتن  نہیں تھا یہاں تک کہ پینے کے لیے پانی کا گلاس بھی نہیں۔ یوں ہوا کہ ایک دودھ والا اپنی بیوی کے جہیز کے برتن لے آیا کہ بیچ کر کچھ پیسے ہی ہاتھ آ جائیں۔اس سے کچھ سامان خریدا۔اپنے پاس سامان کے نام پر صرف وہی چمکتی دمکتی سلائی مشین تھی جو بھائی اپنے کندھے پر اٹھائے رہتا کہ اس کے رکھنے کی جگہ نہ ملتی تھی،اسی دوران کسی بدنیت نوسرباز  کی نگاہ اس  مشین پر پڑ گئی، پہلےچالاکی سے بھاؤ تاؤ کرنے لگا اورہاتھ کے اشارے سے تیس روپے کا لالچ دیاجو اُس دور اور اُن حالات میں بہت بڑی ترغیب تھی۔اسی اثنا میں ایک پولیس والے کو قریب آتا دیکھ کر رفو چکر ہو گیا۔ پرانا قلعہ میں قیام کے
چند روز بعد بڑے بھائی جو قدرے سمجھ دار تھے ان کی قریبی حمام بنانے والے کارخانے پر نظر پڑی۔ وہاں سے جست کی بڑی  بڑی چادریں اٹھا لائے جو شاید ُلوٹنے والوں کے لیے بےکار تھیں اسی لیے بچ گئیں۔ یوں اماں ابا اور بچوں کے لیے بیٹھنے کا سامان کیا۔
 پرانا قلعہ میں اس خاندان کو ایک "در"میسر آ گیا یوں کچھ آسانی ہو گئی ورنہ لوگ خیمے لگا کر تو کہیں ایسے ہی سرراہ پڑے تھے اور ساتھ ساتھ ان کے اپنوں کے بےگور وکفن تعفن دیتے لاشے۔ یہاں کیا مرد کیا عورت پردہ بےپردگی کے احساس سے عاری سب اپنے اپنے حصے کے روگ بھگت رہے تھے اور بچے بڑے پتھرائی آنکھوں سے زندگی کے بھیانک سبق پڑھتے تھے۔اوپر سے برسات کا مہینہ اور بارش کا زور۔ہیضہ اور اسہال کے وبائی امراض کی وجہ سے جتنی زندہ لاشیں دِکھتی تھیں اتنے ہی مردہ جسموں کےانبار نظر آتے تھے۔
دو ماہ جیسے تیسے دلی کے قلعے میں گزرے۔پھر کسی طرح کوشش کر کے فیصل آباد(لائل پور۔۔پرانا نام) جانے کے لیے ایک ٹرین میں سوار ہوئے جو کہ یہاں کی حکومت نے خاص طور پر فیصل آباد کے ہندوؤں کو لینے کے لیےروانہ کی تھی۔فیصل آباد کے ستیانہ گاؤں میں پانچ مربع آبائی زمین کی بھی عجب کہانی ہےیہ زمین انگریز سرکار نے آغا جی کے والد کو گھڑدوڑ جیتنے پر انعام میں دی تھی۔تقسیمِ ہند سے پہلے آغا جی اپنے بال بچوں کے ساتھ فیصل آباد اپنی والدہ کے پاس گئے تھے کچھ دن رہے بھی لیکن اُن کی بیگم نے گاؤں کے ماحول میں صرف بچوں کی پڑھائی کے حرج کی بناء پر ہندوستان واپسی کو ترجیح دی۔
قیام پاکستان یا اس طور تقسیمِ ہندوستان کا خیال شاید اس وقت ان میں سے کسی کو نہ تھا۔چھوٹے بھائی جو ڈاکٹر بھی تھے وہ فیصل آباد میں رہائش پذیر تھے۔ یوں اس طرح یہ خاندان اپنے سب بال بچوں کی سلامتی کے ساتھ بڑی عید سے کچھ روز پہلے فیصل آباد پہنچ گیا۔اور سکون کا سانس لینا نصیب ہوا۔
 وہ سلائی مشین جو افراتفری میں بھائی نے اُٹھا لی اور اس کے کاندھے کا بوجھ بن کر  اُن کی بےچارگی کی گھڑیاں گنتی رہی بالاآخر خیریت سے پاکستان پہنچ گئی۔ یہاں آ کر وہ بےجان سلائی مشین پہلے جسےانسانی جان کی ارزانی دیکھتے ہوئے سنبھالنا بظاہر بےوقوفی لگتا تھا۔اس نے مالی حالات سنبھالنے میں بہت ساتھ دیا۔ گاؤں میں رہتے ہوئے بڑی بھابی نے گھر بیٹھ کر زنانہ مردانہ کپڑے سئیے۔یہاں سب بھائی تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنے کام سے لگ گئے۔رفتہ رفتہ سب بہنوں کی شادیاں ہو گئیں۔ 60 کےعشرے کے آغاز میں سلائی مشین  اُٹھانے والے اُسی بھائی کی شادی ہندوستان میں رہنے والی اپنے ماموں کی بیٹی سے
طے پائی جو شادی کے لیے خاص طور پر پاکستان آئیں۔روزگار کے لیے یہ بھائی زیادہ تر کراچی میں مقیم رہے لیکن اُن کا خاندان فیصل آباد میں ہی رہا ۔بظاہر بےربط لگتے اس قصے کا تعلق ہجرت کہانی اور سلائی مشین سے یوں بنا کہ "سنگر کمپنی " کی بنی  بچاس سال پرانی  سلائی مشین  اگرچہ اس کا رنگ وروغن ماند پڑ چکاآج بھی بھائی کے گھر اُن کی بیگم کے پاس اُسی طرح کارآمد ہے جیسے کہ کبھی اس نے نیا نیا کام کرنا شروع کیا تھا۔وہ بھائی جناب عبدالحمید خان اللہ کی رضا میں راضی رہتے ہوئے جنوری1996 میں شبِ برات کو  جس کروٹ سوئے تھے اُسی میں  مالکِ حقیقی سے جا ملے یوں کہ تسبیح ہاتھ میں تھی۔
یہی زندگی کے میلے ہیں اور دُنیا کا دستور بھی یہی  کہ جیتے جاگتے قیمتی انسان چلے جاتے ہیں بےجان ،بےقیمت چیزیں رہ جاتی  ہیں۔۔۔۔ زندگی چلی جاتی ہے اور یاد رہ جاتی ہے۔ 
۔( یکم اگست 2015 کوتحریر کیا گیا  یہ بلاگ   میری ساس امی محترمہ رابعہ بیگم کی کہانی ہے جو سال2015 چھ نومبر کو وفات پا گئیں۔اس بلاگ کا لفظ لفظ سچ ہے جس کا وہ اکثر ہم سب کے سامنے ذکر کرتی  رہتی تھیں)۔
دہلی کے پرانا قلعہ میں 1947 کے مہاجرین کی کچھ تصاویر۔.۔
     

جمعہ, جولائی 31, 2015

"ضربِ عضب"

داوڑ قبیلے ( شمالی وزیرستان) کی ایک دوست کو 2014 کا پیغام عید 

 اپنے " گھروں " میں اپنے" اہل خانہ" کے ساتھ سکون کی گھڑیاں گزارنے والے تمام  احباب کو "عید" مبارک ہو۔
اے خداوندِجہاں بزمِ ارم کے معبود 
ترے دربار میں سامانِ خوشی کم تو نہیں
پھر یہ غریبوں کے مکانوں پہ اداسی کیسی
عید کا دن ہے کوئی شامِ محرم تو نہیں
 ایک دوست کے مدھم اور میٹھے لہجے کی یاد دلاتے یہ اشعار برسوں سے میری ڈائری پر جگمگاتے ہیں۔
دورسنگلاخ پہاڑوں کے سخت جان باسی ۔۔
اور جادو جگاتی کنچا آنکھوں والے چہروں کے بیچ۔۔
میری وہ دوست!!!۔
جس کا خمیر اس مٹی سے اٹھا تھا۔۔۔
جہاں کے بسنے والے آج اپنی آبائی زمین سے محض چند میل کی دوری پر۔۔۔
بےنام مستقبل کے اندیشوں میں۔۔۔ حال سے بےحال ہوئے جا رہے ہیں۔۔۔
اس ماضی کا خراج ادا کرتے۔۔۔اس خون آشام فصل کا پھل کھاتے ۔۔۔
جس نے ان کی معصوم کلیوں کے بدن سے رس نچوڑ لیا ۔۔
 جس کے کانٹے ان کی باپردہ خواتین کے سر کی ردا اور بدن کی قبا تار تار کیے دے رہے ہیں۔۔۔
 جس کی لاحاصل بیگار ان کے جوان جسموں کی آنکھوں سے امید کی کرن نوچ کر مایوسی اور محرومی کے اندھیرے اتار رہی ہے۔
اور وہ جیئے جارہے ہیں ۔
چلے چلے رہے ہیں۔۔
ایک اجنبی سرزمین پر اپنے پن کی تلاش میں۔۔
ایک ایسی منزل کی جانب جونسلوں کی کمائی مانگتی ہے۔
اور!!!۔
پاک فوج کے پاک جوان گھر کے آرام وسکون اور اپنے بچوں کی خوشیوں سے بےنیاز  اپنا فرض نبھائے جا رہے ہیں۔
اللہ سب کو اُن کی نیتوں کا پھل دے۔آمین۔۔(جولائی 31۔۔۔۔2014)۔

پسِ تحریر۔۔۔۔
یہ محض "قصہ" ہی نہیں ایک نوحہ ہے ہمارے قریب رہنے والوں پر زندگی تنگ ہونے کا۔۔۔
ایک طمانچہ ہے ہماری بےخبری کے منہ پر۔۔۔۔
اور ایک المیے کا بیان ہے جو وقتی نہیں بلکہ آئندہ نہ جانے کتنی نسلوں کو اس کا خراج ادا کرنا پڑے گا۔ہم شہروں میں رہنے والے صرف یہ کہہ کر اپنے آپ کو بری الذمہ نہیں ٹھہرا  سکتے کہ ان لوگوں کو دہشتگردوں کو پناہ دینے کے جرم کی سزا مل رہی ہے۔یہ وہ آگ ہے جس کی زد سے ہم جسمانی طور پر بچ بھی جائیں پر اخلاقی طور پر بحیثیت ایک انسان ہونے کے اس کی تپش ہماری دنیا وآخرت کو برباد کرنے کو کافی ہے۔
انسان بھولتا اسے ہے جسے یاد نہ رکھنا چاہے۔ مجھے سب یاد ہے ۔۔۔ہمارا ماضی اور اس سے بڑھ کر بحیثیت قوم ہمارا حال۔میں اس علاقے میں کبھی نہیں گئی لیکن ایک دوست کےحوالے سے وہ جگہ میرے لیے اجنبی قطعاً نہیں اور"داوڑ" تو میری یاد میں آج بھی جگمگاتا ہے جب خط لکھتے وقت اس کے والد کے نام کے ساتھ لکھتی تھی۔آج کے اسلام آباد کے فسادی مسائل میں "میران شاہ" اور اس کے قریبی علاقوں کے مکینوں کے مسائل و پریشانیاں کہیں چھپ کر رہ گئے ہیں۔اللہ ہم سب کے حال پر رحم کرے۔ تقدیر کا چکر کبھی بھی کسی کو اوپر سے نیچے لا سکتا ہے۔ ( نورین تبسم)۔


بدھ, جولائی 29, 2015

"قسم اس وقت کی"

تحریکِ پاکستان سے قیام پاکستان اور آج کے لکھاری۔
تاریخ تحریکِ پاکستان سے قیام پاکستان تک کی کہانی ایک ایسی داستان ہے جس کے گواہ نہ صرف ہجرت کر کے آنے والے پاکستانی ہیں بلکہ پاکستان میں پہلے سے مقیم پاکستانی بھی بہت سے واقعات کےعینی شاہد ہیں۔ پاکستان کے قیام کو 69 برس مکمل ہوچکےاور ستر کا ہندسہ چند ماہ کی دوری پر ہے۔۔اس وقت نہ صرف وہ نسل اپنی صحت کے مسائل سے نپٹتے ہوئےتمام واقعات بیان کر سکتی ہے جو اُن کی جوانی کے دور میں پیش آئے بلکہ اس دور میں ذرا سا ہوش سنبھالنے والے بچے (جو آج اپنے گھروں کی عافیت میں ہمارے بزرگ ہیں)اس بارے میں بہت کچھ کہتے بھی رہتے ہیں۔ ہر باشعور پاکستانی کے گھر میں اس کےبچپن میں یا کبھی نہ کبھی اس نے کہیں نہ کہیں پاکستان کہانی ضرور سنی ہو گی۔ آج کے لکھاری کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ کانوں سے سنا وہ احوال سامنے لائیں جو کسی اپنے یا غیر کی آنکھوں نے دیکھا۔ان کی یاد میں سمٹےاحساس کواپنے لفظ کی زبان دیں۔کوئی واقعہ کوئی بات جو ہم نے اپنے بڑوں سے سنی اور یقیناً سنی ہو گی۔ اس میں کوئی شک وشبہ نہیں کہ قیام پاکستان ایک معجزہ ہےاوراُس وقت ہوش وحواس کی دنیا میں سانس لینے والا ہر پاکستانی اس بارے میں کچھ نہ کچھ جانتا ضرور ہے۔
پڑھنے والے ایک بات دل سے محسوس کریں گے کہ تیس کے ہندسے کو تیزی سے پھلانگتی،چالیس اور بچاس کے عشروں کی بےیقینی میں سانس لیتی اور ساٹھ کے سکون کی خام خیالی میں قدم رکھتی ہماری یہ نسل بس آخری نسل ہے جو تجربات وحوادث کی بھٹی میں حدت محسوس کرتی کندن ہو گئی اور جس کی آنکھ وطن کے حوالے سے ناقابلَ یقین معاشرتی اور سیاسی اتارچڑھاؤ کی گواہ ہے۔ ہمارے بعد آنے والے شاید وہ درد اور دکھ نہیں جانتے جو ہم نے نہ صرف ذاتی طور پر بلکہ اجتماعی طور پر بھی برداشت کیے۔ایک کڑوا سچ یہ بھی ہے کہ نئے سفر کے نئے مسافروں کو اِن الف لیلوی قصوں سے کوئی سروکار ہے اور نہ ہی یہ سب جاننا اُن کی تیزرفتار زندگی میں اولین ترجیح رکھتا ہے۔آج کی نسل سے کوئی شکوہ ہرگز نہیں کہ آسودگی میں آنکھ کھولنا ان کی غلطی نہیں۔انسان جس دور میں پیدا ہوتا ہے اسی دور کے حالات اس کی ساری زندگی کے احساسات میں لاشعوری طور پر اثرانداز ہوتے ہیں۔۔۔ جیسے دُنیا خصوصاً برصغیر میں گذشتہ صدی کے پہلے پچاس سال والا دور افراتفری اور بےیقینی کا دور تھا۔ تقسیمِ بنگال کے بعد پہلی جنگِ عظیم سے شروع ہونے والے پےدرپے حالات واقعات بڑی تیزی سے سیاسی منظر نامہ بدل رہے تھے۔عام انسان کے لیے کسی بھی راستے کا انتخاب کرنا دشوار سے دشوار تر ہوتا چلا جا رہا تھا۔خصوصاً جب قوم کے رہنما بھی کسی ایک منزل کی نشاندہی کرنے سے قاصر دکھتے تھے۔اس دور میں( 1947 سے پہلے اور اس کے فوراً بعد) بیتے گئے وہ چھوٹے چھوٹے واقعات بھی بہت اہم ہیں جن کا تذکرہ ہم نے بڑوں سے سنا۔ایسی باتیں چاہے ہندوستان میں رہنے والوں کی اس وقت کی یاد میں ہیں یا ہجرت کرنے والوں کی اور یا ہمیشہ سے پاکستان میں رہنے والوں کے پاس۔ پڑھے پڑھائے اور رٹےرٹائے سے ہٹ کر جومحسوس کرنے والی آنکھ نے کسی دوسری آنکھ سے "سن" کر اپنی روح میں جذب کیا اُسے لفظ کے قالب میں ڈھالنے کی سعی ایک لکھاری پر فرض بھی ہے۔خیال رہےکہ برہنگی جسم کی ہو یا لفظ کی حدود وقیود کے اندر ہو تو دیکھنے والے پڑھنے پر بار نہیں بنتی۔ لیکن بہت کم کوئی اس میں فرق روا رکھتا ہے ہم جسم کی برہنگی تو سمجھتے ہیں لیکن سفاک حقائق کو بیان کرنا آزادی اظہار۔
بات سچ جاننا یا سچ ماننا نہیں بلکہ اس کو دنیا کے سامنے ثابت کرنا ہے اور یہ سب سے بڑا کڑوا سچ ہے۔ ہم عام لوگ ہیں جومحض اپنی زندگی کے وہ سچ سامنے لاتے ہیں جن کی گواہ ہماری آنکھیں اور ہمارے لمس ہیں۔ تاریخ کے حوالے اور تاریخ کی باتیں "اُن تاریخ دانوں" کا دردِ سر ہیں جو کبھی تو شاہوں کے دربار میں آنے والی نسلوں کے ذہن تک سے سچائی چھپانے کو قصیدہ گوئی کرتے اور لکھتے تھے۔کبھی نسلی یا مذہبی تعصب اورپیدائشی تنگ نظری ان کی نظر کا کینوس محدود کر دیتی ہے۔
۔"اعلیٰ ذہنوں" کے حامل پڑھے لکھے ڈگری یافتہ دانشور صرف ایک بات نہیں جانتے کہ تاریخ نہ صرف اپنے آپ کو دہراتی ہے بلکہ وقت کے ساتھ بہت سے بےرحم سچ خودبخود عیاں بھی کر دیتی ہے لیکن صرف اُن کے سامنے جن کی آنکھیں کھلی ہوں۔اہم بات یہ بھی کہ تاریخ کے سچ کی "برہنگی"دکھانے کا کوئی حاصل بھی تو نہیں۔ یہ صرف گڑے مردے اکھاڑنے والی بات ہے۔بس جو جان لو اس کو اپنے اندر اتار لو اور محض وقتی بحث یا زبان کے چٹخارے کے لیے اس کوبیان نہیں کرنا بلکہ کہیں کوئی دلیل اس کے حق میں ملے تو ضرور سامنے لائیں ۔
تاریخ کے اوراق میں محفوظ لفظ ہوں یا یادوں میں سانس لیتی کہانیاں،آنے والی نسلوں کی امانت ہوتے ہیں۔پڑھنے والے کا فرض ہے کہ وہ جہاں تک ہو سکےان کو جذب کرے اورجتنی صلاحیت ہے اُس کو آگے پھیلائے۔ انسانی عمر گنتی کے ماہ وسال پرمحیط ہے۔اس محدود وقت میں لامحدود علم حاصل کرنا ممکن ہی نہیں سوائے اس کےکہ گزرے لوگوں کے علم اور تجرباتِ زندگی کی روشنی میں سفر آگے بڑھایا جائے۔
تاریخ بنانے یا بگاڑنے والے کبھی تاریخ نہیں پڑھتے۔تاریخ تو انمٹ سیاہی سے لکھی جانے والی وہ تحریر ہے جو بعد میں آنے والوں کو اگر ٹیپو سلطان کی شجاعت و بہادری کی داستانیں سناتی ہے تو میر جعفر کی غداری کے نوحے بھی دہراتی ہے۔ اب آنے والی نسلوں اور رہنماؤں پر منحصر ہے کہ وہ تاریخ میں اپنا نام کہاں لکھواتے ہیں۔ ٹیپو سلطان انسان کے عزم اور حوصلے کی سدا روشن رہنے والی ایک مثال ہے تو اس کو ملنے والا "دھوکا" ہمیشہ کے لیے انسان کو کسی "اپنے" پر اندھا اعتماد کرنے سے روکتا ہے. اور اکثر یہ دھوکا کھانے کے بعد "ٹیپو سلطان" کی زندگی اور موت انسان کی کم مائیگی اور بےثباتی پر مہرثبت کرتی  ہے۔

یاد رہے ہماری اس نسل کے پاس سب سے قیمتی تُحفہ یادوں اور احساس کی دولت ہےتو معاشرتی اقدار کی حیران کن رنگ  بدلتی تصویریں جن کی گواہی لفظ کی صورت کتابوں میں تو ملتی ہے لیکن بدقسمتی سے آنے والے نہ صرف کتابوں بلکہ اپنی زبان کے رنگ سے بھی کوسوں دورہیں۔اس درد کا اظہار جناب مستنصرحسین تارڑ کچھ یوں کرتے ہیں"اپنی زبان سے غفلت اور اجتناب ہمیں کیسا بد نصیب کر دیتا ہے کہ ہم اپنی آبائی دانش سے محروم ہوجاتے ہیں"از"برفیلی بلندیاں"۔
بقول شاعر۔۔۔ "ہم ہیں چراغِ آخرِ شب" ۔ اور ہمارے بعد اجالے تو یقیناً ہوں گے اور خوب ہوں گے لیکن مٹی کےچراغ کی روشنی نہیں۔جو ہماری نسل کی کمائی ہے۔کسی غرض سے بےنیاز ہو کر اپنے حصے کا چراغ روشن کرنا ہمارا فرض ہے۔
 پاکستان پائندہ باد

منگل, جولائی 28, 2015

"عید ڈائری "

۔شوال 1436 ہجری۔
ذہن پر تنگ ہوا جب بھی اندھیرے کا حصار
چند یادوں کے دریچے ہیں جو کام آئے ہیں
اے سحر! آج ہمیں راکھ سمجھ کر نہ اُڑا
ہم نے جل جل کے تِرے راستے چمکائے ہیں
عید !!! یہ تین حرفی لفظ خوشی کی علامت تو ہےلیکن اس خوشی کا مفہوم ہر انسان کی عمر کے ساتھ بدلتا رہتا ہے۔بچپن کی عید نئے کپڑوں اورعیدی کی سرخوشی ہے۔لڑکیوں کی عید مہندی کی خوشبو اور چوڑی کی کھنک سےمکمل ہوتی ہے تو مردوں اور لڑکوں کی عید صبح سویرے نمازعید کے لیے وقت پر پہنچنے کی بھاگ دوڑ سے شروع ہوتی ہے۔خاتونِ خانہ کے لیےعید اُن کی نماز سے واپسی سے پہلے پہلے کھانے پینے کے مکمل انتظام واہتمام کی فکر کرنے کا نام ہے۔ ہم جیسے جیسے بڑے ہوتے ہیں بیتی گئی عیدوں کے یہ لمحات ہماری یاداشت کے پوشیدہ خانوں میں محفوظ ہوتے جاتے ہیں۔ جب ہم کبھی کہیں بچے کی آنکھ میں چمک دیکھتے ہیں ۔۔عید کے روز رنگ برنگ غباروں کی بہار دیکھتے ہیں یا کسی کی عید کا احوال پڑھتے ہیں تو وہ سارے پل قطاردرقطار سامنے آ کھڑے ہوتے ہیں۔
ایسے ہی کچھ لمحوں کی دُھند میں لپٹی یاد کی خوشبو ۔۔۔۔
پہلی یاد۔۔۔ بچپن کی عید ہمیشہ تین روز کی ہوا کرتی تھی۔ اور تین روز کے الگ الگ جوڑے بنتے۔عید پر ہم دو بہنوں کے ایک جیسے کپڑے امی خود سیا کرتیں ۔اورعید سے پہلے اپنے چھوٹے سے باورچی خانے میں پینٹ ضرور کرتیں۔ جو درمیانی کمرے میں آج کل کے امریکن کچن کی ایک دیسی شکل بھی تھا۔ چاند رات کو ہم اپنے اپنے کپڑے جوتوں اور دوسری چیزوں کے ساتھ الگ الگ صوفوں پر سیٹ کرتے۔ صبح کو آنکھ ابو کی با آوازِ بلند تسبیح سے کھلتی۔ہم سب جلدی جلدی تیار ہو کر تانگے میں بیٹھ کر لیاقت باغ کی عید گاہ میں نماز عید کو روانہ ہوتے۔ واپسی پر اپنے گھر کی بجائے دادی کے گھر جاتے۔ عیدی ملتی۔ جس سے میں کہانیوں کی کتابیں خریدتی۔ابو یا چچا کے ساتھ جھولے جھولنے جاتے اور پھر دوپہر کے کھانے کے لیے اپنی بڑی خالہ کے گھر جانا برس ہا برس کا معمول رہا۔
دوسری یاد۔۔ ذرا بڑی ہوئی توعید کا رنگ ہی اور تھا۔ مہندی کی خوشبو تو ہمیشہ سے مسحور کرتی رہی اور کانچ کی چوڑی تو خود میری زندگی کا استعارہ ٹھہری۔لیکن میرے لیےعید منانے کا بہترین انداز عید کے روز ایک نئی کتاب کا ہمراہ ہونا ہوتا چاہے وہ کوئی ڈائجسٹ ہی کیوں نہ ہو۔اور اس کے ساتھ عید کے لیے خاص طور پر بنے کھانوں کا انتظار چھوڑ کر شامی کباب اور ڈبل روٹی کے سینڈوچ کی خوشبو آج بھی اُسی طرح تازہ ہے۔جوعید کے دن کا ناشتہ ہوا کرتا۔ اسلام آباد کی عید سے جُڑی بہت خاص بات عید کارڈ اور عید کے تحفے بھی ہیں جو میں پنڈی میں اپنےپچھلے اسکول کی دوستوں کے لیے بڑے شوق سے لیتی۔ اسلام آباد کی جناح سُپر مارکیٹ میں اپنی پسندیدہ دکان "بُک فئیر" پر کارڈز کی سلیکشن کے لیے بہت سا وقت گزارانا عمومی طور پر کوئی کتاب یا نئے سال کی ڈائری اور پین ہوتے۔آج کل کے دور میں سوچا جائے تو ڈائری کی کوئی حیثیت نہیں دکھتی اور تقریباً ہر کمپنی کی طرف سے بےدریغ ملتی رہتی ہیں۔ لیکن اس زمانے میں یہ تحفے بہت قیمتی سمجھے جاتے تھے اور لینے والا انہیں ہمیشہ عزیزازجان رکھتا۔
تیسری یاد۔۔۔ شادی کے بعد عید بالکل ہی مختلف گزرتی کہ صاحب کی عید کے پہلے روز ڈیوٹی لگتی ۔۔دوسرے لوگ تو ہچکچاتے لیکن صاحب کے ایک ٹکٹ میں دو مزے والی بات کہ دفتر جاتے ہوئے مجھے میرے گھر چھوڑ دیتے اور اگلے روز کی عید اپنے گھر والوں کے ساتھ گزارتے۔یوں وہ عید جو میرے لیے اپنے کمرے میں اپنے ساتھ گزارنے کا نام تھی بھاگ دوڑ اور سفر کی نذر ہو جاتی۔ پھر بچوں کی مصروفیت۔ زندگی آہستہ آہستہ دریا کے دوسرے کنارے کی طرف سفر کرتی چلی گئی۔ اور وہی پرانی ساری کہانی دہرائی جانے لگی۔
برسوں اسی ڈگر پر چلتے چلتے پھر یوں ہوا کہ پہلے امی انتقال کر گئیں اور اس سال ابو بھی چلے گئےاور پھر جیسےعید بھی ساتھ ہی چلی گئی۔ اُن کے جانے کے بعد پتہ چلا کہ عید صرف ماں باپ کے دم سے ہوتی ہے چاہے بچپن کی عید ہو یا جوانی کی۔ ہم بچے ہوتے ہیں تو ماں باپ ہماری ضرورتوں کا خیال رکھتے ہیں ہماری چھوٹی چھوٹی خوشیاں ان کی آنکھ میں جگنو کی سی چمک لاتی ہیں۔ اور جب ہم اتنے بڑے ہو جاتے ہیں کہ خود ماں باپ بن جاتے ہیں پھر بھی ان کی نگاہِ خیال کے دائرے سے دور نہیں ہوتے۔ اُن کی مہربان تشویش پل میں ساری تھکن اُتار دیتی ہے۔ یہ تو اُن کے جانے کے بعد پتہ چلتا ہے کہ اب اس طرح خیال رکھنے والا کوئی نہیں۔ بس اب خود سے وابستہ رشتوں کے لیے اپنی پیاس نظرانداز کرکے دیہاڑی دار مزدور کی طرح روز اپنا کنواں آپ کھودنا ہے اور چلتے جانا ہے۔زندگی کے بنے بنائے دائروں میں سفر کرتے ہوئے احساس ہوا کہ عید کے لیے تو حکومتِ وقت بھی چھٹیاں دے دیتی ہیں اور حکمرانِ گھریلو امور کو ڈبل شفٹوں میں بنا تنخواہ کا اوور ٹائم کرنا پڑتا ہے۔ کاروبارِ خانہ داری عید کے دن پوری رفتارسے جو رواں رہتا ہے۔
انسان ہونے کے ناطے خوابوں کی کرچیاں زخمی تو کرتی ہیں لیکن حقیقت کی آنکھ سے دیکھا جائے تو زندگی کے یہ میلے انسانوں اور رشتوں کے دم سے ہی ہیں۔ کبھی کہیں میزیں سجی رہ جاتی ہیں اور نہ کھانے والے ہوتے ہیں اور نہ ہی آنے والے بس ایک انتظار باقی رہ جاتا ہے۔روزِعید ہر ایک کے لیے خوشی کا دن نہیں ہوا کرتا۔۔۔ زندگی کے معاشی مسائل میں جکڑے لوگوں کے لیے عید کا دن دوہرے عذاب کا باعث بنتا ہے۔ معاشرے کی ناہمواریوں اور محرومیوں کے باعث کسی کے لیے ہر روز روزِ عید تو ہر رات شبِ برات کے مصداق گزرتی ہے تو کسی کو عید کے روز بھی عید ڈھونڈے سے نہیں ملتی۔ کبھی پردیس میں رہتے ہوئے وطن اور اپنوں سے دوری کے باعث کوئی اپنی تنہائی میں عید کی مانوس مہک سے دور رہتا ہے۔لیکن یہ بھی سچ ہے کہ سارا سال عید منانے والےعید کی اصل خوشی کی گرد بھی نہیں پا سکتے۔
حرفِ آخر
عید صرف یاد اوراحساس کا نام ہے کسی کے لیے خوشی کا تو کسی کے لیے غم کا۔

جمعہ, جولائی 17, 2015

"رمضان 1436 ہجری"

 "رمضان 1436 ہجری بمطابق جولائی 2015"
۔29 رمضان المبارک 
"پہلا روزہ ۔۔۔کچھ یادیں کچھ باتیں " 
انسان کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو جائے۔۔۔کاروبارِحیات  کے گھمبیر مسائل اسے کتنا ہی بردبار اور سمجھ دار کیوں نہ بنا دیں جب تک اپنے آپ سے دوستی نہیں کرتا۔۔۔اپنے اندر جھانک کران بیتے موسموں کے بارے میں نہیں سوچتا جو اس کی زندگی میں دھوپ چھاؤں کی مانند گزرتے رہے۔۔۔اپنی موجودہ زندگی میں مسائل سے نمٹنے کے لیے توانائی اور تازگی سےدور ہی رہتا ہے۔ 
 جب تک اُس کے اندر کا ناسمجھ بچہ شور کرتا رہتا ہے سوال پوچھتا رہتا ہے ۔۔۔ نہ صرف اپنے اوپر اعتماد بحال رہتا ہے بلکہ زندگی میں آگے بڑھنے کی لگن بھی قائم رہتی ہے۔
 یادیں کتنی ہی بوسیدہ اور تکلیف دہ کیوں نہ ہوں جب تک انہیں غربت کے لباس کی طرح ہمیشہ یاد نہیں رکھا جاتا انسان فخروغرور کی دلدل میں دھنسا رہتا ہے.بچپن کی خوبصورت یادیں اگر قیمتی سرمائے کی صورت روح سرشار کر دیتی ہیں تو ماضی کے تلخ وسفاک تجربات کی یادیں نکاس نہ ملنے پر ناسور بھی بن جایا کرتی ہیں۔
 رمضان المبارک کا مہینا ہم سب کے لیے سال کے باقی مہینوں سے جداگانہ حیثیت رکھتا ہے۔ماہِ مقدس نہ صرف ذاتی سطح پر سوچ کے در کھولتا ہے بلکہ اس سے جُڑیں زندگی کی یادیں بھی انمول ہوتی ہیں۔جو کبھی مسکراہٹ لے آتی ہیں تو کبھی آنکھ میں نمی۔
سوچ سفر کے ایسے ہی کسی موسم میں جناب شعیب صفدر گھمن نے اپنے پہلے روزے کی یاد اپنے بلاگ میں محفوظ کی۔ یہ تحریر دوسرے لکھنے والوں کے لیے بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوئی پھر سب کی یادوں کی ایسی جھڑی لگی کہ جولائی کے اس فطرتی حبس آلود،ازلی سیاسی گھٹن اور معاشرتی رویوں کی منافقت کے سدابہار موسم میں ہرایک لگی لپٹی رکھے بغیر دل کی بات کہنے پر مجبور ہو گیا۔عام انسانی رویوں پر کڑھنے اور لاحاصل سیاسی اور مسلکی مسائل میں الجھتے رہنے کے دور میں یہ یاد اور ماہ مقدس کے حوالے سے اپنا احساس مہربان ہوا کے جھونکے کی مانند تھا جسے ہر لکھنے والے نے بجا طور پر محسوس کیا ہو گا۔ 
 تحاریر پڑھنے کے بعد احساس ہو رہا ہےکہ وقت کے صحرا میں اپنا قد بڑا کرتے کرتے سب کی یادیں ایسے ہی کسی مہربان لمس اور کاندھے کی منتظر تھیں جہاں وہ اپنے دل کا حال بےدھڑک کہہ سکیں۔رمضان المبارک کے حوالے سے اُردو بلاگرز نے اپنی اپنی یادوں کی پوٹلیاں پڑھنے والوں کے سامنے کھول کر رکھ دیں۔کوئی اپنی روزہ کشائی کی سنہری یاد لے آیا تو کوئی اپنے پیارے بچھڑنے والے رشتوں کی یاد سے سجےلفظوں کے موتی۔اہم یہ ہے کہ ماہ مقدس میں اپنے اندر اتر کر اپنے ماضی میں جھانکنا کوئی کھیل تماشا ہرگز نہ تھا بلکہ اپنی محبتوں کو بانٹنا تھا اور سب لکھنے والوں کے لفظ جانے والے اپنے پیاروں کی یاد کے آنسو ہیں تو یقیناً صدقہ جاریہ بھی ہیں۔ سب نے بہترین لکھا۔ کئی ایک بہت اچھے لکھنے والوں کے لفظ سے پہلی بار شناسائی ہوئی اور اس خود کلامی سے صرف اُن کے قلم کی اہلیت ہی کھل کر سامنے نہیں آئی بلکہ یہ تحاریر اُن کی اصل شخصیت کی آئینہ دار بھی ٹھہریں۔تقریباً ہر بلاگر کی تحریر"ماں"کی یاد کی قدرِمشترک سے مہکتی نظر آئی اور اس احساس نے ہر بلاگ کو خاص بنا دیا نہ صرف قاری کے لیے بلکہ خود لکھنے والے کے لیے بھی۔اردو بلاگرز نے سادگی،بےساختگی اور معصومیت سے اپنی یادیں اور آنسو شئیر کیے۔وہ آنسو جو کبھی ہنستے ہنستے چپکے سے نکل آئے تو کبھی کوئی روتے روتے ہنس دیا۔یہ تحاریر صرف ذاتی احساسات اور جذبات ہی نہیں بلکہ ایک مکمل طرزِمعاشرت، روایتی گھریلو ماحول اور علاقائی ثقافت کی عکاس بھی ہیں جو آج کی نئی نسل کے سامنے تاریخ کے حوالے کے طور پر فخر سے پیش کیا جاسکتا ہے۔
اللہ پاک ہم سب کو اسی طرح علمِ نافع کی بےغرض  محبتیں بانٹنے اور انہیں سمیٹنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔ 
فیس بک پر اردو بلاگر گروپ کے ایونٹ میں ان سب بلاگز کو یکجا کرنا اپنی طرز کا ایک بہت منفرد تجربہ تھا۔
رمضان المبارک کے اختتام کے بعد ایونٹ کے تمام بلاگز کو اسی گروپ کی فائلز میں ڈاکیومنٹس کی صورت محفوظ بھی کر دیا ہے۔ منظر نامہ کا بےحد شکریہ کہ انہوں نے تمام بلاگز کو اپنے پاس یکجا کیا۔
اس  سلسلے کی تمام تحاریر کے لنک۔۔۔۔

اتوار 28 جون  2015     
۔۔۔۔۔
منگل 30 جون 2015
۔۔۔۔۔
منگل 30 جون 2015
۔۔۔۔۔
 منگل 30 جون 2015
۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔
بدھ یکم جولائی 2015
۔۔۔۔۔
جمعرات 2 جولائی 2015٭
۔۔۔۔۔
جمعہ 3 جولائی 2015
۔۔۔۔۔
جمعہ 3 جولائی 2015
۔۔۔۔۔
جمعہ 3 جولائی 2015
۔۔۔۔۔
جمعہ 3 جولائی 2015
۔۔۔۔۔
ہفتہ 4 جولائی 2015
۔۔۔۔۔
ہفتہ 4 جولائی 2015
۔۔۔۔۔
ہفتہ 4 جولائی 2015
۔۔۔۔۔۔۔
اتوار 5 جولائی 2015
۔۔۔۔۔
اتوار 5 جولائی 2015
۔۔۔۔۔
اتوار 5 جولائی 2015
۔۔۔۔۔
پیر ،6 جولائی 2015
۔۔۔۔
پیر 6 جولائی 2015
۔۔۔۔۔
پیر 6 جولائی 2015
۔۔۔۔۔
پیر 6 جولائی 2015
۔۔۔۔۔
منگل 7 جولائی 2915
۔۔۔۔۔
منگل 7 جولائی 2015
۔۔۔۔
بدھ 8 جولائی 2015
۔۔۔۔۔
جمعرات 9 جولائی 2015
۔۔۔۔۔
ہفتہ 11 جولائی 2015
۔۔۔۔۔
اتوار 12 جولائی 2015
۔۔۔۔۔
اتوار 12 جولائی 2015
۔۔۔۔۔۔
  پیر 13 جولائی 2015
۔۔۔۔۔
پیر 13 جولائی 2015
۔۔۔۔۔۔۔
منگل 14 جولائی 2015
۔۔۔۔۔
منگل 14 جولائی 2015
۔۔۔۔۔۔
منگل 14 جولائی 2015
۔۔۔۔۔۔
 منگل 14 جولائی 2015
۔۔۔۔ 
بدھ 15 جولائی 2015
۔۔۔۔۔
بدھ 15 جولائی 2015
۔۔۔۔
جمعرات 16 جولائی 2015
۔۔۔۔

تمام بلاگز میں سے چند اہم نکات۔۔
٭چھتیس بلاگرز نے ماہ مقدس کے حوالے سے تازہ تحاریر شئیر کیں ۔
٭جن میں سات خواتین بلاگر ہیں۔
٭ بلاگ پوسٹ کرنے والے بلاگرز میں سے بارہ کا تعلق کراچی سے ہے۔
٭دس بلاگرز ایسے ہیں جنہوں نے وطن کی مٹی سے دور رہتے ہوئے وطن میں ماہ رمضان کے حوالے سے اپنے احساس اور یادوں کو بہت خوبی سے بیان کیا۔
٭ ہندوستان سے تعلق رکھنے والے دو بلاگرز" کوثر بیگ  اور محمد علم اللہ "نے بڑی اپنائیت سے اپنی یادیں بیان کیں جس کے لیے ان کی خاص طور پر ممنون ہوں۔ 
چند بلاگز سے منتخب کردہ جملے۔۔۔۔
اسلم فہیم ۔۔۔۔جی ہاں 32 سال پہلے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جب نہ امن وامان کی صورتِ حال خراب تھی نہ نفرتوں کے بیج پھوٹے تھے،جب ایک ہی پیڈسٹل فین گھر کے سبھی افراد کو ہوا دینے کو کافی تھا۔ 
 مصطفٰی ملک ۔۔۔۔بچپن کے بارے میں سوچتے ہی اولین یاد ماں ہوتی ہےاور ماں کی یاد آجائے تو باقی ساری یادیں بھول جاتی ہیںِ،سلسلہ کہیں سے شروع ہوتا ہے اور چلا کہیں اور جاتا ہے۔
مرزا زبیر ۔۔۔۔بچپن ماؤں کے ساتھ ہوتاہے لیکن جن کی مائیں  دنیا سے رُخصت ہوجاتی ہیں وہ اُسی روز بوڑھے ہوجاتے ہیں چاہیے وہ عمرکے کسی بھی حصے میں ہوں کیونکہ پھرکوئی اُن کے بچپن کے واقعات نہیں دہراتا۔
محمد اسد اسلم ۔۔۔دل کرتا ہے کہ اس وقت کو بار بار ریوائنڈ کر کے دیکھا جائے جب ہمارے دل و دماغ پاک و صاف اور ظاہر و باطن کسی قسم کی بناوٹ سے پاک تھے۔مسکراتے تو ایسے کھل کھلا کر سامنے والا بھی ہنس دے اور روتے تو ایسا منہ بنا کر کہ دیکھنے والا بھی روہانسا ہوجائے۔
محمد اسد اسلم ۔۔۔یادیں پتنگ کی ڈور کی طرح ہوتی ہیں۔ جتنی ڈھیل دیتے جائیں وہ اتنی ہی دور، اتنی ہی اوپر جاتی رہتی ہیں۔ جہاں آپ نے تھوڑا کھینچا تانی کی، وہیں سلسلہ تھم گیا اور ڈور ٹوٹ گئی۔
کاشف نصیر۔۔۔مسئلہ ظاہر کا نہیں باطن کا ہے،مادیت کا نہیں روحانیت کا ہے،دکھاوے کا نہیں سادگی کا ہے۔۔۔۔ ایسی عبادت کا کیا حاصل جو اچھا انسان نہ بناسکے !! ایسا حجاب کس کام کاجوحیاء اور پاکیزگی سے محروم ہو!! ایسے صدقات اور قربانی کیا دے سکتے ہیں، جن کے پیچھے ریا اور دکھاوا کارفرما ہو!! ایسے روزےکا کیا نفع جو لالچ اور حرص کا علاج نہ کرسکے!!ایسی تراویح کس کے لئے جو تواضع و انکساری نہ سکھاسکے اور ایسے اعتکاف میں کونسا تزکیہ نفس جو مسلک کا ٹریننگ کیمپ بن چکا ہو!! صاحبوکہیں نہ کہیں کوئی نہ کوئی گڑبڑ ضرور ہے۔
اسرٰی غوری ۔۔۔عنوان ہی ایسا ہے جیسے کہیں دور بالکنی سے جھانکتی ہوئی یادوں کو کسی نے چھیڑ دیاسو ہم بھی اس بالکنی میں جابیٹھے اور لگے اپنے بچپن کی یادوں کی پرتیں کھولنے یہ پرتیں بھی ویسی ہیں جیسے امی جب کبھی اپنا پرانا بڑا صندوق کھولا کرتیں تو ان میں پرانی رکھی چیزوں سے ایک مہک سی آتی اور ہم بڑے شوق سے وہ اٹھا اٹھا کر سونگھا کرتے تھے۔
جواد احمد خان۔۔۔
 بہت سے لوگ یادوں کو محل کی صورت تعمیر کرتے ہیں.کچھ لوگوں کے لیے یہ ایک لائبریری ہوتی ہے۔ مجھے اپنی یادیں کسی کباڑی کی دکان میں پڑا پرانا اور بےترتیب سامان محسوس ہوتی ہیں۔یادوں کی بھی کوئی قیمت ہوتی ہے اس کا اندازہ ہی نہیں ہوسکا جو بیتا اسے دماغ میں موجود ردی کی ٹوکری میں پھینکتا چلا گیا حال میں گزرتے لمحات کو کبھی محسوس کر
 کے محفوظ کرنے کی کوشش ہی نہ کی. لیکن ان سب باتوں کے باوجود مجھے اپنا پہلا غم اور پہلا روزہ نہیں بھولتا۔
وجدان عالم۔۔ بڑے ہونے سے فرق پڑا یا ہماری ترجیحات بدل  گئیں کہ اب عید کے لئے وہ ساری ساری رات خوشی میں جاگنا نصیب نہیں ہوتا۔
 عمار ابنَ ضیاء۔۔ میرے ساتھ میرا چھوٹا بھائی بھی مدرسے جایا کرتا تھا۔ تو رمضان کے مہینے میں، دوپہر میں جب کھانے کا وقفہ ہوا کرتا تھا تو وہ مجھ سے ضد کرتا تھا کہ اُس کے ساتھ کھانا کھانے بیٹھوں۔ میں اُسے سمجھاتا تھا کہ میرا روزہ ہے، میں نہیں کھا سکتا تو وہ ضد لگالیتا تھا کہ وہ بھی نہیں کھائے گا۔
 فرحت طاہر۔۔۔یادیں کسی شو روم کی طرح سجی ہوں یا ورکشاپ کی مانند بکھری ہوں بہر حال انہیں سمیٹنے میں محنت لگتی ہے! مگر نہیں سوچنے میں اتنی دیر نہیں لگتی جتنی لکھنے میں۔
۔۔۔۔۔۔
 دعا۔۔۔ سب کے لیے اپنے لیے۔۔۔۔

آمین یارب العالمین۔

ہفتہ, جولائی 11, 2015

"حضرت با یزید بسطامی اور پانچ سو راہب"

     حضرت با یزید بسطامی اور پانچ سو راہب۔۔۔۔۔ازقلم: ڈاکٹر عبد القدیر خان۔
۔(کالم) شائع ہوا روزنامہ جنگ اشاعت ۔۔۔بدھ یکم ذیقعد 1430 ہجری۔۔۔ بمطابق 21اکتوبر 2009ء
 اللہ تعالیٰ نے ہمیں نہ صرف مختلف شکل و صورت میں پیدا کیا ہے بلکہ ہمارا کردار بھی ایک دوسرے سے مختلف بنایا ہے۔ اسی طرح ہمارا ذوق ادب بھی ایک دوسرے سے مختلف ہوتا ہے۔ میں اپنے بارے میں یہ عرض کروں گا کہ مجھے طالب علمی کے زمانہ سے بھی اسلامی تاریخ، اردو ادب اور مشہور لوگوں کی سوانح حیات پڑھنے کا شوق تھا۔ بہت سی کتابیں میری پسندیدہ ہیں اور آج بھی ان کی ورق گردانی کر کے لطف اندوز ہوتا ہوں۔ تمام پرانے شعرا کے کلام کا مطالعہ محبوب مشغلہ ہے۔ قرآن کریم، سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے علاوہ ابنِ بطوطہ کے سفرنامہ اور تذکرہ الاولیا مجھے بہت پسند ہیں۔ ایک مسلمان کی حیثیت سے ہمارے لئے تذکرہ الاولیا بہت مفید اور معلوماتی کتاب ہے۔ اس میں چھیانوے اولیا کرام کے زندگی کے حالات اور ان کے مکاشفات کے بارے میں نہایت دلچسپ واقعات بیان کیے گئے ہیں۔
تذکرہ الاولیا حضرت فرید الدین عطار رحمہ اللہ تعالٰی کی تصنیف کردہ ہے جو خود بھی ولی اللہ کا مرتبہ رکھتے تھے۔ اس کو شائع ہوئے تقریباً سو سال ہو گئے ہیں۔ حضرت عطار ٥١٣ھ کو نیشاپور کے مضافات میں پیدا ہوئے اور وہیں ٦٢٧ ھ کو ایک تاتاری سپاہی کے ہاتھوں جامِ شہادت نوش فرمایا۔
اس کتاب میں حضرت بایزید بسطامی علیہ الرحمہ کا تذکرہ بھی ہے۔ یہ ایک وقت کے بہت بڑے ولی اللہ مانے جاتے تھے۔ آپ کے بارے میں حضرت جنید بغدادی علیہ الرحمہ نے فرمایا تھا کہ حضرت بایزید کو اولیا میں وہی مرتبہ حاصل ہے جو حضرت جبرائیل علیہ السلام کو ملائکہ میں۔ تذکرہ الاولیا میں حضرت بایزید بسطامی کے بارے میں بہت سی معلومات ہیں مگر ایک بہت اہم واقعہ بیان کیا گیا ہے۔ میں نے مناسب سمجھا کہ وہ آپ کی خدمت میں پیش کروں۔

حضرت شیخ بایزید نے فرمایا کہ میں ایک سفر میں خلوت سے لذت حاصل کر رہا تھا اور فکر میں مستغرق تھا اور ذکر سے انس حاصل کر رہا تھا کہ میرے دل میں ندا سنائی دی، اے بایزید دیر سمعان کی طرف چل اور عیسائیوں کے ساتھ ان کی عید اور قربانی میں حاضر ہو۔ اس میں ایک شاندار واقعہ ہوگا۔ میں نے اعوذ باللہ پڑھا اور کہا کہ پھر اس وسوسہ دوبارہ نہیں آنے دوں گا۔ جب رات ہوئی تو خواب میں ہاتف کی وہی آواز سنی۔ جب بیدار ہوا تو بدن میں لرزہ تھا۔ پھر سوچنے لگا کہ اس بارے میں فرمانبرداری کروں یا نہ تو پھر میرے باطن سے ندا آئی کہ ڈرو مت، تم ہمارے نزدیک اولیا اخیار میں سے ہو اور ابرار کے دفتر میں لکھے ہوئے ہو۔ راہبوں کا لباس پہن لو اور ہماری رضا کیلئے زنار باندھ لو۔ آپ پر کوئی گناہ یا انکار نہ ہوگا۔
حضرت فرماتے ہیں کہ صبح سویرے میں نے عیسائیوں کا لباس پہنا، زنار کو باندھا اور دیر سمعان پہنچ گیا۔ وہ ان کی عید کا دن تھا۔ مختلف علاقوں کے راہب دیر سمعان کے بڑے راہب سے فیض حاصل کرنے اور ارشادات سننے کیلئے حاضر ہو رہے تھے۔ میں بھی راہب کے لباس میں ان کی مجلس میں جا بیٹھا۔ جب بڑا راہب آ کر منبر پر بیٹھا تو سب خاموش ہو گئے۔ بڑے راہب نے جب بولنے کا ارادہ کیا تو اس کا منبر لرزنے لگا اور کچھ بول نہ سکا گویا اس کا منہ کسی نے لگام سے بند کر رکھا ہے تو سب راہب اور علما کہنے لگے اے مرشدِ ربانی! کون سی چیز آپ کو گفتگو سے مانع ہے؟ ہم آپ کے ارشادات سے ہدایت پاتے ہیں اور آپ کے علم کی قدر کرتے ہیں۔ بڑے راہب نے کہا کہ میرے بولنے میں یہ امر مانع ہے کہ تم میں ایک محمدی شخص آ بیٹھا ہے۔ وہ تمہارے دین میں آزمائش کیلئے آیا ہے لیکن یہ اس کی زیادتی ہے۔ سب نے کہا ہمیں وہ شخص دکھا دو ہم فوراً اس کو قتل کر ڈالیں گے۔ اس نے کہا بغیر دلیل اور حجت کے اس کو قتل نہ کرو، میں امتحاناً اس سے علم الادیان کے چند مسائل پوچھتا ہوں۔ اگر اس نے سب کے صحیح جواب دئیے تو ہم اس کو چھوڑ دیں گے ورنہ قتل کر دیں گے کیونکہ امتحان میں مرد کی عزت ہوتی ہے یا رسوائی و ذلت۔ سب نے کہا آپ جس طرح چاہیں کریں۔ وہ بڑا راہب منبر پر کھڑا ہو کر پکارنے لگا اے محمدی! تجھے محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی قسم کھڑا ہو جا تاکہ سب لوگ تجھے دیکھ سکیں تو بایزید علیہ الرحمہ کھڑے ہو گئے۔ اس وقت آپ کی زبان پر رب تعالیٰ کی تقدیس اور تمجید کے کلمات جاری تھے۔ اس بڑے پادری نے کہا اے محمدی میں تجھ سے چند مسائل پوچھتا ہوں۔ اگر تو نے پوری وضاحت سے ان سب سوالوں کا جواب دیا تو ہم تیری اتباع کریں گے ورنہ تجھے قتل کر دیں گے۔ حضرت بایزید نے فرمایا کہ تو معقول یا منقول جو چیز پوچھنا چاہتا ہے پوچھ، اللہ تمہارے اور ہمارے درمیان گواہ ہے۔
وہ قوم بتاؤ جو جھوٹی ہو اور بہشت میں جائے گی، وہ قوم بتاؤ جو سچی ہو اور دوزخ میں جائے گی، بتاؤ کہ تمہارے جسم سے کون سی جگہ تمہارے نام کی قرار گا ہے، الذاریات ذروا کیا ہے؟ الحاملات وقرا کیا ہے؟ الجاریات یسرا کیا ہے؟ المقسمات امرا کیا ہے؟ وہ کیا ہے جو بے جان ہو اور سانس لے، ہم تجھ سے وہ چودہ پوچھتے ہیں جنہوں نے رب العالمین کے ساتھ گفتگو کی، وہ قبر پوچھتے ہیں جو مقبور کو لے کر چلی، وہ پانی جو نہ آسمان سے نازل ہوا اور نہ زمین سے نکلا ہو، وہ چار جو نہ باپ کی پشت اور نہ شکم مادر سے پیدا ہوئے۔ پہلا خون جو زمین پر بہایا گیا، وہ چیز جس کو اللہ تعالیٰ نے پیدا فرمایا ہو اور پھر اس کو خرید لیا ہو، وہ چیز جس کو اللہ تعالیٰ نے پیدا فرمایا پھر ناپسند فرمایا ہو، وہ چیز جس کے اللہ تعالیٰ نے پیدا فرمایا ہو پھر اس کی عظمت بیان کی ہو، وہ چیز جس کو اللہ تعالیٰ نے پیدا فرمایا ہو پھر خود پوچھا ہو کہ یہ کیا ہے، وہ کون سی عورتیں ہیں جو دنیا بھر کی عورتوں سے افضل ہیں۔
کون سے دریا دنیا بھر کے دریاؤں سے افضل ہیں، کون سے پہاڑ دنیا بھر کے پہاڑوں سے افضل ہیں، کون سے جانور سب جانوروں سے افضل ہیں، کون سے مہینے افضل ہیں، کون سے راتیں افضل ہیں، طآئمہ کیا ہے، وہ درخت بتاؤ جس کی بارہ ٹہنیاں ہیں اور ہر ٹہنی پر تیس پتے ہیں اور ہر پتے پر پانچ پھول ہیں، دو پھول دھوپ میں تین سایہ میں، وہ چیز بتاؤ جس نے بیت اللہ کا حج اور طواف کیا ہو نہ اس میں جان ہو اور نہ اس پر حج فرض ہو، کتنے نبی اللہ تعالیٰ نے پیدا فرمائے اور ان میں سے رسول کتنے ہیں اور غیر رسول کتنے، وہ چار چیزیں بتاؤ جن کا مزہ اور رنگ اپنا اپنا ہو اور سب کی جڑ ایک ہو، تقیر کیا ہے، قطمیر کیا ہے، فتیل کیا ہے، سبد و لبد کیا ہے، طعم ورم کیا ہے، ہمیں یہ بتاؤ کہ کتا بھونکتے وقت کیا کہتا ہے، گدھا  ہینگتے وقت کیا کہتا ہے، بیل کیا کہتا ہے، گھوڑا کیا کہتا ہے، اونٹ کیا کہتا ہے، مور کیا کہتا ہے، بیل کیا کہتا ہے، مینڈک کیا کہتا ہے، جب ناقوس بجتا ہے تو کیا کہتا ہے، وہ قوم بتاؤ جن پر اللہ تعالیٰ نے وحی بھیجی ہو وہ نا انسان ہو نہ جن اور فرشتے، یہ بتاؤ کہ جب دن ہوتا ہے تو رات کہاں چلی جاتی ہے، جب رات ہوتی ہے تو دن کہاں چلا جاتا ہے۔

حضرت بایزید بسطامی علیہ الرحمہ نے فرمایا کہ کوئی اور سوال ہو تو بتاؤ۔ وہ پادری بولا کہ اور کوئی سوال نہیں۔ آپ نے فرمایا اگر میں ان سوالوں کا شافی جواب دے دوں تو تم اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے ساتھ ایمان لاؤ گے؟ سب نے کہا ہاں، پھر آپ نے کہا اے اللہ تو ان کی اس بات پر گواہ ہے۔
یک زمانہ صحبت با اولیا
بہتر از صد سالہ طاعتِ بے ریا
پھر فرمایا کہ، تمہارا سوال کہ ایک بتاؤ جس کا دوسرا نہ ہو وہ اللہ تعالیٰ واحد قہار ہے، وہ دو جن کا تیسرا نہ ہو وہ رات اور دن ہیں، لقولہ تعالی (سورۂ بنی اسرائیل، آیت:٢١) وہ تین جن کا چوتھا نہ ہو وہ عرش، کرسی اور قلم ہیں، وہ چار جن کا پانچواں نہ ہو وہ چار بڑی آسمانی کتابیں تورات، انجیل، زبور اور قرآن مقدس ہیں۔ وہ پانچ جن کا چھٹا نہ ہو وہ پانچ فرض نمازیں ہیں، وہ چھ جن کا ساتواں نہ ہو وہ چھ دن ہیں جن میں اللہ تعالیٰ نے آسمانوں اور زمینوں کو پیدا فرمایا لقولہ تعالیٰ (سورہ قاف، آیت:٨٣)، وہ سات جن کا آٹھواں نہ ہو وہ سات آسمان ہیں لقولہ تعالیٰ (سورہ ملک: آیت:٣)، وہ آٹھ جن کا نواں نہ ہو وہ عرش بریں کو اٹھانے والے آٹھ فرشتے ہیں لقولہ تعالیٰ (سورہ حآقہ، آیت:٧١) وہ نو جن کا دسواں نہ ہو وہ بنی اسرائیل کے نو فسادی شخص تھے لقولہ تعالیٰ (سورہ نمل، آیت:٧٤)، وہ دس جن کا گیارہواں نہ ہو وہ متمتع پر دس روزے فرض ہیں جب اس کو قربانی کی طاقت نہ ہو لقولہ تعالیٰ (سورہ بقرہ، آیت:٦٩١)، وہ گیارہ جن کا بارہواں نہ ہو وہ یوسف علیہ السلام کے بھائی ہیں۔ گیارہ ہیں ان کا بارہواں بھائی نہیں لقولی تعالیٰ (سورہ توبہ، آیت:٦٣)، وہ تیرہ جن کا چودھواں نہ ہو وہ یوسف علیہ السلام کا خواب ہے لقولہ تعالیٰ (سورہ یوسف، آیت:٤)۔
وہ جھوٹی قوم جو بہشت میں جائے گی وہ یوسف علیہ السلام کے بھائی ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ان کی خطا معاف فرما دی۔ لقولہ تعالٰی (سورہ یوسف، آیت:٧١) وہ سچی قوم جو دوزخ میں جائے گی وہ یہود و نصارٰی کی قوم ہے لقولہ تعالیٰ (سورہ بقرہ، آیت ٣١١)، تو ان میں سے ہر ایک، دوسرے کے دین کو لاشی بتانے میں سچا ہے لیکن دونوں دوزخ میں جائیں گے، تم نے جو سوال کیا ہے تیرا نام تیرے جسم میں کہاں رہتا ہے تو جواب یہ ہے کہ میرے کان میرے نام کی رہنے کی جگہ ہیں، (الذاریات ذروا) چار ہوائیں ہیں مشرقی، غربی، جنوبی اور شمالی (الحاملات وقرا) بادل ہیں لقولہ تعالٰی (سورہ بقرہ، آیت:٤٦١)، (الجاریات یسرا) سمندر میں چلنے والی کشتیاں ہیں، (المقسمات امرا) وہ فرشتے ہیں جو پندرہ شعبان سے دوسرے پندرہ شعبان تک لوگوں کا رزق تقسیم کرتے ہیں، وہ چودہ جنہوں نے رب تعالٰی کے ساتھ گفتگو کی وہ سات آسمان اور سات زمینیں ہیں لقولہ تعالیٰ (سورہ حم السجدہ، آیت:١١)، وہ قبر جو مقبور کو لے کر چلی ہو وہ یونس علیہ السلام کو نگلنے والی مچھلی ہے، بغیر روح کے سانس لینے والی چیز صبح ہے، وہ پانی جو نہ آسمان سے اترا ہو اور نہ زمین سے نکلا ہو وہ پانی ہے جو گھوڑوں کا پسینہ بلقیس نے آزمائش کیلئے حضرت سلیمان علیہ السلام کے پاس بھیجا تھا، وہ چار جو کسی باپ کی پشت سے ہیں اور نہ شکم مادر سے وہ اسماعیل علیہ السلام کی بجائے ذبح ہونے والا دنبہ، صالح علیہ السلام کی اونٹنی، آدم علیہ السلام اور حضرت حوا ہیں، پہلا خون ناحق جو زمین پر بہایا گیا وہ آدم علیہ السلام کے بیٹے ہابیل کا خون تھا جسے بھائی قابیل نے قتل کیا تھا، وہ چیز جو اللہ تعالٰی نے پیدا فرمائی پھر اسے خرید لیا وہ مومن کی جان ہے لقولی تعالٰی (سورہ توبہ، آیت:١١١) وہ چیز جو اللہ تعالیٰ نے پیدا فرمائی پھر اسے نا پسند فرمایا وہ گدھے کی آواز ہے لقولہ تعالٰی (سورہ لقمان، آیت:٩١)، وہ چیز جو اللہ تعالیٰ نے پیدا فرمائی ہو پھر اسے برا کہا ہو وہ عورتوں کا مکر ہے لقولہ تعالٰی (سورہ یوسف، آیت:۲۸)، وہ چیز جو اللہ تعالیٰ نے پیدا فرمائی ہو پھر پوچھا ہو کہ یہ کیا ہے وہ موسٰی علیہ السلام کا عصا ہے لقولہ تعالٰی (سورہ طہٰ، آیت:٧١) یہ سوال کہ کون سی عورتیں دنیا بھر کو عورتوں سے افضل ہیں وہ ام البشر حضرت حوا، حضرت خدیجہ، حضرت عائشہ، حضرت آسیہ، حضرت مریم ہیں (رضی اللہ تعالٰی عنہم اجمعین)۔
باقی رہا افضل دریا وہ سحیون، جیجون، دجلہ، فرات اور نیل مصر ہیں، سب پہاڑوں سے افضل کوہِ طور ہے، سب جانوروں سے افضل گھوڑا ہے، سب مہینوں سے افضل میینہ رمضان ہے لقولہ تعالٰی (سورہ بقرہ، آیت:٥٧١)، سب راتوں سے افضل رات لیلہ القدر ہے لقولہ تعالٰی (سورہ قدر، آیت:٣) تم نے پوچھا کہ طآئمہ کیا ہے وہ قیامت کا دن ہے، ایسا درخت جس کی بارہ ٹہنیاں ہیں اور ہر ٹہنی کے تیس پتے ہیں اور ہر پتہ پر پانچ پھول ہیں جن میں سے دو پھول دھوپ میں ہیں اور تین سایہ میں تو وہ درخت سال ہے۔ بارہ ٹہنیاں اس کے بارہ ماہ ہیں اور تیس پتے اس ہر ماہ کے دن ہیں اور ہر پتے پر پانچ پھول ہر روز کی پانچ نمازیں ہیں۔ دو نمازیں ظہر اور عصر کی آفتاب میں روشنی میں پڑھی جاتی ہیں اور باقی تین نمازیں اندھیرے میں، وہ چیز جو بے جان ہوں اور حج اس پر فرض نہ ہو لیکن اس نے حج اور بیت اللہ طواف کیا ہو وہ نوح علیہ السلام کی کشتی ہے، تم نے نبیوں کی تعداد پوچھی ہے پھر رسولوں اور غیر رسولوں کی تو کل نبی ایک لاکھ چوبیس ہزار ہیں ان میں سے تین سو تیرہ رسول ہیں اور باقی غیر رسول، تم نے وہ چار چیزیں پوچھی ہیں جن کا رنگ اور ذائقہ مختلف حالانکہ جڑ ایک ہے وہ آنکھیں ناک، منہ اور کان ہیں کہ مغز سر اُن سب کی جڑ ہے، آنکھوں کا پانی نمکین ہے اور منہ کا پانی میٹھا ہے اور ناک کا پانی ترش ہے اور کانوں کا پانی کڑوا ہے۔
تم نے نقیر، قطمیر، فتیل، سبد و لبد اور طعم ورم کے معانی دریافت کیے ہیں کجھور کی گھٹلی کی پشت پر جو نقطہ ہوتا ہے اس کو نقیر کہتے ہیں گھٹلی پر جو باریک چھلکا ہوتا ہے اس کو قطمیر کہتے ہیں گھٹلی کے اندر جو سفیدی ہوتی ہے اسے فتیل کہتے ہیں سبد و لبد بھیڑ بکری کے بالوں کے کہا جاتا ہے، حضرت آدم علیہ السلام کی آفرینش سے پہلے کی مخلوقات کو طعم ورم کہا جاتا ہے، گدھا ہینگتے وقت شیطان کو دیکھ رہا ہوتا ہے اور کہتا ہے (لعن اللہ العشار)، کتا بھونکتے وقت کہتا ہے (ویل لاھل النار من غضب الجبار)، بیل کہتا ہے (سبحان اللہ وبحمدہ)، گھوڑا کہتا ہے (سبحان حافظی اذاالتقت الابطال واشتعلت الرجال بالرجال)، اونٹ کہتا ہے (حسبی اللہ وکفی باللہ وکیلا)، مور کہتا ہے (الرحمن علی العرش استوی)، بلبل کہتا ہے (سبحان اللہ حین تمسون وحین تسبون)، مینڈک اپنی تسبیح میں کہتا ہے (سبحان المعبود فی البراری والقفار وسبحان الملک الجبار)، ناقوس جب بجتا ہے تو کہتا ہے (سبحان اللہ حقا حقا انظرنا یا ابن آدم فی ھذہ الدنیا غربا و شرقا) ما تری فیھا احدیقی) تم نے وہ قوم پوچھی ہے جن پر وحی آئی حالانکہ وہ نہ انسان تھے نہ جن اور نہ فرشتے وہ شہد کی مکھیاں ہیں لقولہ تعالٰی (سورہ نحل، آیت ٨٦)، تم نے پوچھا کہ جب رات ہوتی ہے تو دن کہاں جاتا ہے اور جب دن ہوتا ہے تو رات کہاں جاتی ہے اس کا جواب یہ ہے کہ جب دن ہوتا ہے تو رات اللہ تعالٰی کے غامض علم میں چلی جاتی ہے اور جب رات ہوتی ہے تو دن اللہ تعالیٰ کے غامض علم میں چلا جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا وہ غامض علم کہ جہاں کسی مقرب نبی فرشتہ کی رسائی نہیں۔
پھر آپ (حضرت بایزید بسطامہ علیہ الرحمہ) نے فرمایا کہ تمہارا کوئی ایسا سوال رہ گیا ہے جس کا جواب نہ دیا گیا ہو؟ انہوں نے کہا نہیں، سب سوالوں کے صحیح جواب دیے ہیں۔ آپ نے بڑے پادری سے فرمایا کہ تم سے صرف ایک بات پوچھتا ہوں اس کا جواب دو۔ وہ یہ کہ آسمانوں کی کنجی اور بہشت کی کنجی کون سی چیز ہے؟ وہ پادری سربہ گرِیباں ہو کر خاموش ہو گیا۔ سب پادری اس سے کہنے لگے اس شیخ نے تمہارے اس قدر سوالوں کے جواب دیے لیکن آپ اس کے ایک سوال کا جواب بھی نہیں دے سکتے۔ وہ بولا جواب مجھے آتا ہے اگر میں وہ جواب بتاؤں تو تم لوگ میرے موافقت نہ کرو گے۔ سب نے بیک زبان ہو کر کہا کہ آپ ہمارے پیشوا ہیں۔ ہم ہر حالت میں آپ کی موافقت کریں گے۔ تو بڑے پادری نے کہا آسمانوں کی کنجی اور بہشت کی کنجی (لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ) ہے۔ تو سب کلمہ پڑھ کر مسلمان ہو گئے اور اپنے اپنے زنار وہیں توڑ ڈالے۔ غیب سے ندا آئی، اے بایزید! ہم نے تجھے ایک زنار پہننے کا حکم اس لیے دیا تھا کہ ان کے پانچ سو زنار توڑ ڈالو۔ واللہ الحمد
ہر کہ خواہد ہمنشینی باخُدا
اُو نشیند در حضور اولیا

جمعہ, جولائی 03, 2015

" محبت اب نہیں ہوگی"

جولائی 2015 بمطابق 15 رمضان المبارک 1436 ہجری
محبت اب نہیں ہو گی
یہ کچھ دن بعد میں ہوگی 
گزر جائیں گے جب یہ دن
یہ اُن کی یاد میں ہو گی
(منیر نیازی)
عمر کے ڈھلتے سایوں میں اُن اولین چاہتوں کے بارے میں سوچنا جو زندگی کی تپتی دوپہروں میں مہربان بادل کی طرح سایۂ فگن رہیں ہمیشہ ایک خوشگوار احساس رکھتا ہے۔ لیکن جدا ہونے کے بعد کسی خاص موقع کسی خاص ساعت میں یہ محبتیں درد بھی بہت دیتی ہیں۔۔۔ایک عجیب سی اداسی پورے وجود کا احاطہ کر لیتی ہے۔ ایک بےنام خاموشی کہیں بہت اندر بہت شور کرتی ہے۔ یادوں کی جھڑی جب لگتی ہے تو تن من شرابور کر ڈالتی ہے۔
سوچوں کی انہی بھول بھلیوں میں ایک عالمِ بےخودی میں جون کی19 تاریخ کو سال 2015 کے ماہِ رمضان کا آغازہوا۔ ماں باپ کے بعد آنے والا یہ پہلا رمضان گہری اُداسی لیے ہوئے تھا۔ اپنے خاندان کے ساتھ ایک بھرے پُرے گھر میں رہتے ہوئے بھی کچھ کھو جانے۔۔۔ ایک خالی پن کا احساس تھا۔ ماں باپ کسی بھی گھر کا مرکزثقل ہوتے ہیں۔ اپنے بچوں کے لیے اُن کی مرکزی حیثیت کبھی ختم نہیں ہوتی اور نہ ہی کی جاسکتی ہےخواہ بچے کتنے ہی بڑے اور خودمختار کیوں نہ ہو جائیں۔
ہمارے گھر میں رمضان المبارک کا انتظار اور اہتمام کوئی آج کل کی بات نہیں تھی بلکہ یہ برسوں کا قصہ تھا۔ سب سے پہلا بچہ ہونے کی وجہ سے تقریباً دس برس کی عمر میں میری روزہ کشائی سب کے لیے ایک یادگار تقریب تھی ۔ میری یاد میں اس روز کی سحری اور افطاری کے دسترخوان کی کچھ جھلکیاں آج بھی تازہ ہیں۔ میرے پہلے روزے کی سحری پر امی اور ابو کی طرف سے قریبی احباب مدعو تھے۔ وسیع دسترخوان پر سحری کی خاص سوغات دودھ جلیبی اور پراٹھے یاد ہیں۔ سارا دن اپنوں کی رونق میں گذر گیا اور ایک یاد گلابی سلک کے گوٹے والے غرارے کی بھی ہے جو بڑی پھپھو خاص طور پر اپنے ہاتھوں سے سی کرمیرے لیے لائی تھیں ۔افطار کے وقت بہت زیادہ مہمان تھے اور پورے صحن میں دسترخوان بچھے تھے۔ اس کے بعد درمیان والی دو بہنوں کی روزہ کشائی اتنی دھوم دھام سے تو نہ ہوئی لیکن سب سے چھوٹی بہن کی روزہ کشائی بھی اتنے ہی اہتمام سے ہوئی۔
حرفِ آخر

کچھ برس پہلے ایک دوسرے کے ساتھ مل بیٹھنے کے لیے ان چھوٹی چھوٹی خوشیوں کو بہت اہمیت دی جاتی تھی۔اگر آج کل کے بچے اس قسم کی تقاریب کو زیادہ اہمیت نہیں دیتے تو ہم بڑے بھی رمضان کے مصروف شیڈول میں اپنے گھر پر ایسی کسی تقریب کا انتظام کرنا یا کسی کے ہاں افطاری پر جانا بہت مشکل سمجھتے ہیں حالانکہ اب ہر قسم کی سہولیات بھی موجود ہیں لیکن اب ہماری ترجیحات بدل گئی ہیں۔ اس میں مایوسی یا گلے شکوے کی بات ہرگز نہیں کہ ہر دور کے الگ تقاضے اور ہر نسل کی اپنی خوشیاں ہوا کرتی ہیں۔اور اُن کو سمجھنا اور ماننا ہمیں مایوسی سےبچاتا ہے ۔اہم بات یہ ہے کہ ہر ایک اپنے زمانے کو اچھا کہتا ہے۔۔۔اپنے بچپن کو یاد کرتا ہے۔۔۔ اس کی باتیں دہراتا ہے تو آج کل کی نسل کے پاس بھی اپنے بچپن کی کچھ یادیں ضرور ہوں گی جو ان کو اپنےدور میں یہ کہنے پر مجبور کر دیں گی کہ ہمارے زمانے کتنے اچھے تھے۔۔۔۔
دائم آباد رہے گی دنیا
ہم نہ ہوں گے کوئی ہم سا ہوگا
(ناصر کاظمی)
 

"رونا"

اس جہاں رنگ وبو میں ہمارا آنا کمال ہے تو  جانا بھی کمال ہے۔ہمارے رونے سے شروع ہونے والا آنے کا  یہ سفر  دوسروں کے ہمارے لیے آنسو  بہانے پر ا...