جمعرات, اگست 14, 2014

"تبدیلی"

ایک نیا پاکستان بنانے کا شورغا ہے۔"تبدیلی" کی لہر جتنی تیزی سے آئی تھی اُتنی ہی سُرعت سے واپس جا چکی ہے۔سونامی کے نہ آنے کا پتہ چلا اور نہ ہی جانے کی راہ دکھتی ہے۔ جہاں بلندوبانگ دعوؤں کی طغیانیوں کے سمندر میں ڈوبنے والے "جوان خون" کی تعداد بڑھتی جاتی ہے وہیں لالچ , بےحسی اور ہوس اقتدار کا یہ کھارا پانی پلٹتے ہوئے سانس لیتے مردہ جسموں کو اُگلتا جاتا ہے۔ہم عام عوام زندگی کے انتظار میں سراپا انتظار، ان سڑانڈ زدہ پٹے ہوئے مہروں کو اپنے مقدر کا ستارہ جان کر ایک بار پھر جوا کھیلنے کو تیار بیٹھے ہیں ایک نیا پاکستان بنانے کی لاحاصل امید میں پرانے پاکستان کو مدفن بناتے ہوئے بےخبرلوگ نہیں جانتے کہ قبر پر نہ تو گھر بن سکتا ہے اور نہ ہی خوشی ملتی ہے۔
"قبریں نوحہ گر تو پیدا کر سکتی ہیں ثنا خوان نہیں "
قیمتی چیز اگر پرانی ہو جائے تو اُسے توڑ کو کبھی نیا نہیں بنایا جا سکتا ۔اُسے اُسی حالت میں احتیاط سے سنبھال کر سجایا سنوارا جاتا ہے۔۔۔۔اس کا احترام کیا جائے تو ہی اس سے فیض اٹھایا جا سکتا ہے۔
غریب ماں ہو یا دھرتی ماں اُس سے فرار کسی صورت ممکن ہی نہیں ۔ترقی کی منازل طے کرنے کے بعد آگے سے آگے بڑھنا ہر فرد ۔۔۔معاشرے اور قوم کا بنیادی حق ہے. لیکن ! راستہ وہیں بنایا جاتا ہے جہاں پہلے سے راستہ بنا ہوا نہ ہو۔ پکی سڑک کو توڑ کردوبارہ اسی جگہ پر سڑک بنانے کے دعوے کرنا سمجھ میں نہ آنے والی حماقت ہےاور ان نعروں پر یقین کر لینا اس سے بھی بڑی جہالت کے سوا کچھ نہیں۔
۔۔۔۔ تبدیلی بنے بنائے خیالات اور جمےجمائے فرسودہ نظریات سے بغاوت کا نام ہے۔۔۔اور اس بغاوت کا حوصلہ اُن  طبقات میں زیادہ ہوتا ہے جن کے پاس لٹانے کوبےقیمت جان کے سوا کچھ نہ ہو۔۔۔عزت کی اُڑتی دھجیاں زندگی کو بےننگ ونام بنا دیں۔جن کے پاس واپسی کا زادِراہ موجود نہ ہو وہی کشتیاں جلانے کا عزم لے کر میدانِ کارزارمیں اُترتے ہیں۔ پھر یوں ہوتا ہے کہ بےہنگم عزم اور بےترتیب جوش وجذبے کے یہ طوفان جہالت اوراندھی عقیدت کے ساحلوں سے ٹکرا کر ہار مان لیتے ہیں۔ زمین میں رہنے والے زمین کی خاک ہی رہتے ہیں۔غربت ،بےکسی کے یہ سنگِ راہ قابل رحم سے زیادہ باعث عبرت بن جایا کرتے ہیں۔
 وقت کے ساتھ اپنے آپ کو بدلنا،اپنے رویوں،اپنے اصولوں پر نظرثانی کرنا،عمر کے بڑھتے ماہ وسال میں اپنے آپ کوبہتر سے بہتر تراشناتبدیلی ہے۔تخلیقِ انسانی پر نظر ڈالی جائے تو انسان اپنی زندگی کےہر پل نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی طور پر بھی تبدیل ہوتا رہتا ہے۔معاشرے میں تبدیلی ہمیشہ اوپر سے آتی ہے۔ تبدیلی علم سے آتی ہے۔۔۔ تعلیم سے آتی ہے لیکن یہ بھی سچ ہے کہ علم اور تعلیم انسان کو محتاط کر دیتے ہیں۔ تبدیلی کا اصل طوفان اس وقت رونما ہوتا ہے جب اہلِ علم وعقل بےحسی اور لاتعلقی کی چادر اتارکرعام انسان کی سطح پرآ کر نہ صرف حقوق کی بات کرتے ہیں بلکہ اس کے لیے عملی قدم بھی اُٹھاتے ہیں۔ حق حلال سے کمانے والا مراعات یافتہ طبقہ اپنے"حال"کی آسائش میں رہتے ہوئےجب دوسروں کے حال کی فکر کرتا ہے چاہے اس میں اس کا ذاتی مفاد ہی کیوں نہ شامل ہو۔ سب سے بڑھ کر جب ناانصافی کا عفریت اُن کے اپنے دروازے پر دستک دیتا ہے تو اس لمحےجاگنا ہی پڑتا ہے۔۔۔ سنبھلنا ہی پڑتا ہےاور وقت کی باگ دوڑ اپنے ہاتھ میں لے کر بدمست ہاتھیوں کو سبق سکھانا ہی پڑتا ہے۔ 
!!!اس لمحے تبدیلی آ ہی جاتی ہے لیکن تماش بین بن کر نہیں ۔۔۔۔ بلکہ تماشا بنا کر
قابلِ رحم اور قابلِ تضحیک بن کر نہیں بلکہ باعث عزت وتکریم بن کر نہ صرف اپنے لیے بلکہ اپنے ساتھیوں کے لیے۔
جوش خطابت اور شورِجنون دکھلا کر نہیں بلکہ دلائل سے اپنے حق پر ڈٹے رہ کر۔
جیو پاکستانیوں اور اپنے اپنے محاذ پر تبدیلی کا آغاز کرو لیکن !!! اپنے "نظام" میں رہ کر اس کی بحالی اور اپنے "ماحول" میں خود کو ایڈ جسٹ کرتے رہنے کی آخری کوشش کے بعد۔
پےدرپےعجلت میں کیے گئے غلط فیصلوں اور سیاسی شعور کی ناپختگی سے قطع نظر مستقبل کا مؤرخ جب پاکستان میں تبدیلی کی لہر کے آغاز کے بارے میں لکھے گا تو عمران خان کا نام اس میں سرفہرست ہوگا۔ لیکن اس لہر کو مثبت سونامی میں بدلنے کے لیے عمران خان کو اپنے دوست نما دشمنوں کو پہچاننے کی دعا ہی دی جا سکتی ہے۔ہربہتی گنگا میں ہاتھ دھونا جن کا خاصہ اورشاہ سے بڑھ کر شاہ کا وفادار ہونا اُن کا ایمان ہے۔جو چڑھتےسورج کو دادوتحسین کا گرہن لگا کر اس کو بےفیض بنا دیتےہیں۔
! آخری بات
ہر انسان ایک مداری ہے۔۔۔ کیا جانئیے کب اُس کے تھیلے سے کیا نکل آئے؟ ہمیں اُس کے کرتب کو دیکھنا چاہیے اُس کے حلیے کو نہیں۔ اپنے کرتب کی قیمت مانگنے پر چپکے سے کھسک جانے کا اختیار بہرحال ہمارے پاس ہے۔
بحیثیت قوم ہم سادہ لوح ہیں۔ نعروں اور بڑھکوں کے فریب میں آ جاتے ہیں۔ بڑے بڑے "جھٹکوں" نے ہمیں میچورٹی عطا نہیں کی۔ سنہرے وعدوں کی زنجیریں ہمیشہ بیڑیاں ہی ثابت ہوئی ہیں۔ تبدیلی کا حصہ ضرور بنیں لیکن یہ بات ہمیشہ یاد رکھیں کہ بھیڑ بھیڑیے کی کھال پہن کر بھی شکاریوں سے نہیں بچ سکتی اور گیدڑ شیر کا لباس پہن کر بھی بادشاہ نہیں کہلا سکتا۔

2 تبصرے:

"سیٹل اور سیٹل منٹ"

سورۂ فرقان(25) آیت 2۔۔   وَخَلَقَ كُلَّ شَىْءٍ فَقَدَّرَهٝ تَقْدِيْـرًا ترجمہ۔ اور جس نے ہر شے کو پیدا کیا اور پھر اس کے لیے ایک اند...