"میری ڈائری سے میرا انتخاب"
تقریباً چار دہائیاں پہلے کے لفظ ۔۔۔نہیں جانتی کہ کس کے لکھے ہیں۔ لیکن اداسی اور خوشی کی تمثیل آج بھی دل کو چھوتی ہے اور آنکھ نم کرتی ہے۔
"اُداسی"
تقریباً چار دہائیاں پہلے کے لفظ ۔۔۔نہیں جانتی کہ کس کے لکھے ہیں۔ لیکن اداسی اور خوشی کی تمثیل آج بھی دل کو چھوتی ہے اور آنکھ نم کرتی ہے۔
جیسے۔۔۔ ساون کی گھٹا ذرا دیر کے لیے برسے اور پھر دھوپ نکل آئے۔
جیسے۔۔۔کوئی مہمان چند روز کے لیے آئے اور قہقہے برسا کر واپس چلا جائے۔
جیسے۔۔۔ کوئی میلہ بھر کر خالی ہو جائے۔
جیسے۔۔۔ چُھٹی کا دن آئے اور گُزرجائے۔
جیسے ۔۔۔روزِعید کی شام ہو۔
جیسے۔۔۔ دُلہن کی رُخصتی کے بعد گھر کی حالت۔
جیسے۔۔۔تماشۂ رفتہ کا خالی پنڈال۔
جیسے۔۔۔ کسی پردیسی کی الوداعی مسکراہٹ۔
جیسے۔۔۔بھولے بسرے خطوط۔
جیسے۔۔۔ مرنے والے کے تہہ در تہہ کپڑے۔
جیسے۔۔۔ گرمیوں کی طویل دوپہر میں باغ کا منظر۔
جیسے۔۔۔ کسی ویران مسجد میں شام کا چھٹپٹا۔
جیسے۔۔۔ کسی کھنڈر میں چھٹکی چاندنی۔
جیسے۔۔۔ کسی سُنسان پہاڑ پر خزآں کی آمد۔
جیسے۔۔۔جاڑے کی چاندنی۔۔
۔۔۔۔۔۔۔
جیسے۔۔۔ ساون کی گھنگھور گھٹا سے پانی کا پہلا قطرہ۔
جیسے۔۔۔ کسی میلے میں ڈھول پر پڑنے والی پہلی تھاپ۔
جیسے۔۔ کسی سُونے آنگن میں بچے کی پہلی چہکار۔
جیسے۔۔۔کسی دور کے نگر میں کسی شناسا چہرے کا دیدار۔
جیسے۔۔۔کسی اُجڑے آنگن میں بہار کی واپسی کا احساس۔
جیسے۔۔۔ کسی خوشخبری سنانے والے کے ہونٹوں کی مخصوص جنبش۔
جیسے۔۔۔کسی مسکرانے والے کی آنکھ کا نرالا آنسو۔
جیسے۔۔۔کسی لوٹ کر آنے والے کے قدموں کی خوش کن صدا۔
۔"اے خوشی تو دل کے سمندر کا سب سے انمول موتی ہے۔تو زندگی کی لہر ہے۔تو کائنات کی روح ہے۔ تو نے شاذ ہی مجھے اپنی زندگی کی جھلک دکھائی ہے ۔لیکن مجھے تجھ سے کوئی شکوہ نہیں کیونکہ تیری کمیابی ہی توتیرا حُسن ہے"۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں