بدھ, جنوری 29, 2014

"جوتی"

عورت پیر کی جوتی ہے" ۔۔۔۔یہ جملہ ایک گالی سے کم نہیں۔۔۔نہ صرف دینے اورلینے والےکے لیے بلکہ ایسا سوچنے والے کے لیےبھی منفی طرزِفکر کا عکاس اور بظاہر مرد کی حاکمیت اورعورت کی طرف سے خود ساختہ مظلومی کا اشتہاردکھتا ہے۔غور کیا جائے تو یہ بہت بڑا انعام بھی ہےکہ جوتی کا پیر سے وہی رشتہ ہےجو لباس کا جسم سے۔ قرآن پاک میں عورت اورمرد کے جائزتعلق کی دلیل"لباس"سے دی گئی ہے۔ سوچا جائےتو لباس کے بغیرانسان کچھ بھی نہیں۔ وہ نہ صرف جسمانی بلکہ اخلاقی اورمعاشرتی طورپر بھی اس سچائی کے بغیرزندہ نہیں رہ سکتا۔ لباس کے بعد جوتا انسان کی زندگی کا لازمی عنصر ہے۔ دُنیا کے پتھریلے راستوں پر چلنے میں بنیادی کردارجوتے کا ہی ہوتا ہے۔ عام معنوں میں جوتا ہمیشہ جوڑے کی شکل میں استعمال کیا جاتا ہے،اوردونوں پیر کے جوتے ایک جیسےاورایک سی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اُن کی بناوٹ میں جو معمولی سا پوشیدہ فرق ہے وہی اُنہیں ایک دوسرے سے جُدا کرتا ہے۔
برسوں آگہی کے آبِ حیات کا قطرہ قطرہ رگوں میں جذب کرنےکے بعد اب زہرکی صورت لفظوں میں اُتارنے تک اور پوری زندگی میں نہ صرف بہت قریب سےبلکہ معاشرے،کتابوں،ماضی قریب اورماضی بعید کی تواریخ کے مطالعے کے بعد اس جائز بندھن کے حوالے سے یہی محسوس ہوا کہ"عورت اگر اپنی کھال کی جوتیاں بھی بنا کرمرد کو پہنا دے پھر بھی وہ اپنی زندگی میں عورت کے کردارکے حوالے سے سدا کا ناشکرا ہی رہے گا"۔
کائناتِ انسانی کی اولین تخلیق ہونے کا استحقاق رکھتے ہوئے ۔۔۔۔دُنیا اور معاشرے میں آسمانی کتابوں سے لے کر زمینی حقائق تک اور منطقی استدلال سے جذباتی طرزِفکر تک ہر جگہ "مرد" کو اولیت حاصل ہے۔ روحانیت کے مراتب ہوں یا تصوف کے مسائل مرد کا مقام سب سے اونچا ہے۔معاشی جدوجہد اور جسمانی محنت ومشقت میں بھی اُس کی برتری سے انکار ممکن ہی نہیں۔ اسی لیے تو مرد عورت پر "قوام" ہے۔۔یوں وہ ہر طرح کی سوچ میں آزاد اور ہر طرح کے عمل میں بھی خودمختار ہے۔اُس کی جبلت میں پرویا گیا حاکمیت کا یہ احساس عمر کے ہر دور میں بننے والے رشتوں میں لاشعوری طور پر سربلند رکھتا ہے۔ 
اللہ کے کلام کی حقانیت سے انکارنہیں اوردل سے ایمان ہے۔ جب اس میں ربِ کائنات نےفرما دیا کہ"مرد عورت پر قوام ہے"۔اورنبی کریمﷺ کی ایک حدیث ِپاک کا مفہوم ہے"کہ جہنم میں عورتوں کی موجودگی کی بڑی وجہ اُن کا مرد کے حوالے سے ناشکرگزار ہونا ہے"۔ تو ہم کون ہوتے ہیں فتوٰی دینے والے کہ کون زیادہ ناشکرا ہے مرد یا عورت ۔
اللہ نے انسان کوعقلِ سلیم عطا کی ہےاورقرآن پڑھنے سے زیادہ اس پرغوروفکرکرنےکی تلقین کی گئی ہے ہے۔ ہم لفظ پڑھتے ہیں اورآگے بڑھ جاتے ہیں۔ حکم مانتے ہیں لیکن غورنہیں کرتے۔عورت کی ناشکری کی وجہ محض یہ نہیں کہ وہ مرد کی برائی کرتی ہے بلکہ اُس کی ناشکری یہ ہے کہ وہ نہ صرف مرد کو بلکہ اپنےآپ کو بھی سمجھنے میں ناکام رہتی ہے۔ جو جس خمیر سے بنا ہو اُس کی ہئیّت تو بدلی جا سکتی ہے لیکن خاصیت نہیں۔ مرد کے خمیرمیں اگرحاکمیت لکھ دی گئی ہے تو عورت کے خمیرمیں بھی تواپنی "میں" کی نفی کرکے ایک نئے وجود کی تخلیق لکھی گئی ہے۔
عورت کو ایک نئی زندگی ایک نئے وجود کو سامنے لانےکی بیش بہا صلاحیت عطا کی گئی ہے۔ اپنی ذات کو وقت اورحالات کے تقاضوں کے مطابق ڈھال لینا تو اس عظیم معجزے کے سامنے کچھ بھی نہیں۔ بات صرف اپنے کردار کے احساس کی ہے۔ ایک نئی نسل کو پروان چڑھانے کی ہے۔
باپ۔۔۔۔ وہ انسان جو بچے کی پیدائش سے پہلے اگر اپنے وجود کےاس حصے سے بےخبر رہتا ہےتو بعد میں اولاد کے ساتھ ذہنی ہم آہنگی بھی کبھی نہیں پیدا کرپاتا جو ماں سے لمس کے رشتے کی بدولت ایک فطری عمل ہے۔
باپ کو اپنی مشقت کے احسان کا اکثر گلہ رہتا ہے کبھی اندر ہی اندر چپ سادھ کر تو کبھی خوفناک "جنریشن گیپ" کی صورت۔ کہ ساری عمر گنوا کر بھی اس کے ہاتھ کچھ نہیں آتا۔ اور ماں کو ہمیشہ سے بچا کچا کھانے کی عادت بچا لیتی ہے بچی کچی زندگی میں باسی محبت کی آس ہی اس کے لیے بہت بہت کافی ہوتی ہے۔
مرد اتنا کم عقل کیوں ہے کہ اپنی ماں کے ساتھ احترام کا عکس اپنے بچوں کی ماں میں دکھائی نہیں دیتا۔اپنی ماں چاہے ساتھ رہتی ہو یا ہمیشہ کے لیے جدا ہو چکی ہو وہ آسمان ہے تو اپنے بچوں کی ماں جو اسے زمین پر اپنے وجود کا احساس دیتی ہے۔۔۔ دنیا کی نظر میں معتبر بناتی ہے وہ اسے انہی کے سامنے پاتال میں دھکیل دیتا ہے۔ دکھ ناقدری کا نہیں۔۔۔ حیرانی جہالت پر ہے اسی شاخ پر ضرب لگانے کی جس پر آشیاں ہے۔ کوتاہ نظری یا ناشکری کا یہ احساس وقت گزرنے کے بعد بھی بہت کم کسی کو ہوتا ہے اور اگر ہو بھی تو اپنی کمزوری بہت کم ہی کسی نے ظاہر کی ہے۔
اہم یہ ہے کہ عورت چاہے ماں ہے یا بیوی۔۔۔ وہ کبھی بھی ناقدری کا آسیب خود پر مسلط نہ ہونے دے۔۔۔اولاد کی طرف سے یا شوہر کی طرف سے۔ کہ اس کا سراسر نقصان اس کی اپنی ذات کو پہنچتا ہے یا پھر اس کے بچوں کو اور ان کی زندگی کے تسلسل میں بھی۔
عورت کے لیے خاص سبق یہی کہ آنکھ بند کر کے اپنا فرض ادا کرے اور حق کی طرٖف آنکھ اٹھا کر بھی نہ دیکھے تو پھر ہی بات بنتی ہے۔
تصویر کا دوسرا رُخ یہ ہے کہ عورت سے بڑا بلیک میلر بھی اور کوئی نہیں۔بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں عورت یا تو مظلوم ہے اور یا پھر مرد سے ہر سطح پر برابری اور مقابلہ کرنے کی جنگ اور جنون میں مبتلا۔درحقیقت ایسا کچھ بھی نہیں بلکہ اس کے الٹ ضرور ہے۔عورت اپنے جسمانی افعال وکردار کے پسِ منظر میں کمزور ضرور ہے لیکن مظلوم ہرگز نہیں۔ ۔”ماں” کا رتبہ عورت کی ذاتی خوبی نہیں بلکہ اللہ کا فضل ہے لیکن اکثر وہ اسے اپنی طاقت سمجھ کر”خودترسی” کا شکار ہو جاتی ہے۔ مرد اور عورت اس رشتے میں بندھنے کے بعد اگر ایک دوسرے کی برابری کا حق تسلیم کر لیں تو پھر کوئی مسئلہ نہ رہے۔ لیکن ہوتا یہ ہے کہ دونوں میں سے کوئی ایک اپنی انا کا بت سجا کر دوسرے سے سجدوں کی توقع پال لیتا ہے۔ یوں زندگی اگر مگر میں گزر جاتی ہے یا کاغذ کا رشتہ خزاں رسیدہ پتے کی طرح ہر وقت قضا کے جھکڑوں کی زد میں رہتا ہے۔توازن ہر رشتے ہر رویے کی بنیادی شرط ہے۔ جہاں مرد ذرا کمزور ہوتا ہے عورت حاوی ہو جاتی ہے۔ عورت مرد کا تعلق بہت کم کہیں برابری کی شفاف سطح کو چھو سکا ہے اور وہ بھی جگہ جگہ سمجھوتے کی گرہ لگا کر ۔کبھی سمجھوتے کی گرہ عورت کی ذمہ داری بن جاتی ہے تو کبھی مرد خاموشی سے اپنی ذات میں گرہیں لگاتا چلا جاتا ہے۔ا گرچہ عورت اپنی پوری زندگی ہی کیوں نہ اس رشتے کو بچانے کی نذر کر دے لیکن معاشی معاشرتی اور اخلاقی لحاظ سے حد درجہ دباؤ کی وجہ سے اور سب سے بڑھ کر اپنی فطرت کے برخلاف زیادہ سمجھوتے مرد کا ہی مقدر ہیں۔
عورت کی زندگی میں آنے والا مرد خواہ وہ رشتوں کے حوالے سے آئے یا تعلقات کا جامہ پہن کر وہ کبھی بھی عورت کی طلب کی خوشبو کو چھو نہیں سکتا۔ ہاں بیٹے سے خون کا رشتہ ہوتا ہے تو اس کو اس بات کا احساس ہو جاتا ہے بہت اچھی طرح ۔۔۔ لیکن۔۔۔ اپنی شادی کی پہلی رات جب وہ ایک دوسری عورت کے سامنے ہوتا ہے اوراُس کی ماں حیات ہو اس وقت تو اس کی پہلی بات یہی ہوتی ہے کہ "میری کوئی چاہ نہیں کوئی ڈیمانڈ نہیں بس میری ماں کا خیال رکھنا اُس بےچاری نے بہت کڑا وقت دیکھا ہے"۔ اور یہ 'بےچاری' فقط حاشیہ آرائی ہے ورنہ اگلے روز کی صبح لاشعوری طور پر ہی سہی" وہ " اپنی دُنیا میں سب سے طاقتورمالکن بن کرسامنے آتی ہے۔
اُن نام نہاد حقوق نسواں کی علم بردار خواتین کے نام ایک راز کی بات ۔۔۔۔
ماننا شکست کا نام ہے اور شکست کھانا وہ بھی ایک کمزور اور محکوم عورت سے مردانگی کی توہین ہے۔عورت کے لیے مرد کی فطرت کے اس پہلو کو سمجھنا اور پھر ماننا بہت ضروری ہے۔ اپنی خودساختہ انا کو جھکانے کا فن عورت کے لیے مشکل ضرور ہے لیکن بند کمرے میں ایک مرد کے ہاتھوں جوتے کھانا بہتر ہے بجائے اس کے سرِعام "گینگ ریپ" کا شکار ہو کرمعاشرے کی ہمدردیاں سمیٹی جائیں۔عورت نے صرف جھکنا ہے ورنہ ٹوٹ جاتی ہے۔
مرد کی فطرت ۔۔۔۔ 
بیٹی ہو یا عورت سے کوئی اور تعلق خواہ ماں کا ہی کیوں نہ ہوجب تک ایک درجہ نیچے رہے،مرد اپنے تحفظ کے حصار کی بڑائی میں خوشی خوشی اپنی جان مال بےدریغ نچھاور کرتا ہے۔لیکن جیسے ہی عورت کی برابری کا احساس قریب آئے اس کا رویہ بدل جاتاہے۔مرد کی برائی ہرگز نہیں بس اس کی فطرت میں لکھی گئی برتری کی کرشمہ سازی ہے۔ 
!آخری بات
جب کوئی کوہ پیما 'ماؤنٹ ایورسٹ' سر کر لیتا ہے تواس کے پاس واپسی کے سوا کوئی راستہ نہیں بچتا ۔عورت کو خواہ پاؤں کی جوتی سے بھی کمترمحسوس کیا جائے لیکن اُس کے دل کے ماؤنٹ ایورسٹ پربہت کم کسی کے قدموں کے نشان اُترتے ہیں اوراس تک پہنچنا بھی ہر کسی کے بس کا روگ نہیں۔ لیکن جو اس برف کے سامنے سجدہ ریز ہو گیا اُسے پھر کہیں اورجانے کے ضرورت نہیں پڑتی۔
۔۔۔۔۔۔
ملائم گرم سمجھوتے کی چادر
یہ چادر میں نے برسوں میں بنی ہے
کہیں بھی سچ کے گل بوٹے نہیں ہیں
کسی بھی جھوٹ کا ٹانکا نہیں ہے
اسی سے میں بھی تن ڈھک لوں گی اپنا
اس سے تم بھی آسودہ رہو گے
نہ خوش ہو گے نہ پژمردہ رہو گے
اسی کو تان کر بن جائے گا گھر
بچھا لیں گے تو کھل اٹھے گا آنگن
اٹھا لیں گے تو گر جائے گی چلمن
ملائم گرم سمجھوتے کی چادر
یہ چادر میں نے برسوں میں بنی ہے
(زہرہ نگاہ)

5 تبصرے:

  1. آپ نے ہر بات خوب کہی اور ہر بات کی بہتر دلیل دی۔ بے شک اللہ نے مرد کو ایک درجہ افضل بنایا ہے مگر یہ اُس کی حاکمیت پر دلیل نہیں ایسی حاکمیت جو اُسے "جوتے مارنے کا حق دار بھی بنا دے ۔

    جواب دیںحذف کریں
  2. آپکا یہ کہنا کہ عورت اپنی کھال کے جوتے بنا کر مرد کو پہنا دے تو بھی وہ عورت کا شکر گزار نہیں ہوتا۔ میرے خیال میں یہ الزام کچھ نیا سا ہے۔ مرد اپنے حقوق کو ادا کرنے والی عورتوں کے نہایت شکر گزار رہتے ہیں ، وہ مرد بھی جو زبان سے تسلیم نہیں کرتے اور اسکی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ مرد استقرار یعنی اسٹیبلیٹی کا خواہشمند رہتا ہے یہ اسکی اولین ترجیح ہوتی ہے کہ وہ اب تک جو کچھ بنا چکا ہے اور بنانے جا رہا ہے وہ ضایع نا ہو اسے اپنے خاندان اور گھر کی طرف سے پریشانیاں نا ہوں۔ اور اس کام کے لیے وہ ہمیشہ عورت کا محتاج رہتا ہے۔ مگر پھر بھی یہ رویہ مردوں کے حوالے سے کوئی قانون کا درجہ نہیں رکھتا ۔ ہوسکتا ہے کہ آپکا تجربہ مختلف ہو مگر عمومی طور پر مرد اپنی ذات کی نفی کرنے والی خواتین کے شکر گذار رہتے ہیں۔

    جواب دیںحذف کریں
  3. کسی قسم کے الزام کا تو سوچ بھی نہیں سکتی کہ الزام بذاتِ خوداس انگلی کی طرح ہوتا ہے کہ جس کو اٹھانے سے باقی تین انگلیاں خود ہماری طرف اشارہ کرتی ہیں۔ آپ نے خود کسی حد تک بات کہہ دی کہ" مرد زبان سے تسلیم نہیں کرتے"۔ اور آُپ کے آخری جملے کے جواب میں بس یہی کہوں گی " کی مرے قتل کے بعد اس نے جفا سے توبہ
    ہائے اس زودِ پشیماں کا پشیماں ہونا"۔

    جواب دیںحذف کریں
  4. یہ تحریر یکم ستمبر 2016 کو "دلیل" ویب سائیٹ پر شائع ہوئی ۔
    لنک۔۔۔
    http://daleel.pk/2016/09/01/6379

    جواب دیںحذف کریں

"سیٹل اور سیٹل منٹ"

سورۂ فرقان(25) آیت 2۔۔   وَخَلَقَ كُلَّ شَىْءٍ فَقَدَّرَهٝ تَقْدِيْـرًا ترجمہ۔ اور جس نے ہر شے کو پیدا کیا اور پھر اس کے لیے ایک اند...