بدھ, مارچ 27, 2013

" کانچ کی چوڑی اور تتلی کہانی "

زندگی کی اس ڈھلتی شام کے ابرآلود موسم میں اُن روشن چمکیلی صُبحوں کا تصوّر کرتی ہوں۔۔۔
جب خوبصورت رنگوں سےسجی خواہشوں کی تتلیاں میری دسترس میں تھیں۔اُن اوّلین محبتوں میں کانچ کی چوڑیاں  بہت مسحور کرتیں، اُن کو جمع کرتی۔۔۔احتیاط سے پہنتی پھر سنبھال کر رکھ دیتی۔اُن کا ٹوٹنا مجھے بہت دُکھ دیتا تھا۔ اُن کی زندگی کی خاطر پہننے کی خواہش فقط خواہش ہی رہتی۔
برسوں بعد کانچ کی چوڑی یوں یاد آئی کہ یہ میری زندگی کا استعارہ بن گئی ہے۔ مجھے معاف کر دینا میرے دوست۔ یہ میری کمزوری بھی ہے اور میرا فخر بھی۔ مجھے کانچ کی چوڑیاں اور تتلیاں اب بھی اپنی جانب کھینچتی ہیں اور میں خود بھی کانچ کی ایک چوڑی ہی تو ہوں۔۔۔ جو کلائی میں سجی رہے تو نہ صرف اس کی قدر ہے بلکہ پہننے والے کی عزت افزائی بھی ۔ ٹوٹ جائے تو صرف فنا ہی مقدر نہیں بلکہ دوسرے کو بھی زخمی کر دیتی ہے۔ تتلیاں مجھے دُور دیس کے قصّے سُناتی ہیں۔ ان راستوں کے جن پر جانے والے اپنےقدموں کے نشان بھی نہیں چھوڑتے۔
تتلیاں تو اُڑ جاتی ہیں اُن سے کیا جی لگانا۔ روکو تو پر جھڑ جاتے ہیں۔۔۔ اُڑ پھر بھی جاتی ہیں۔ اس لیے میں ہاتھوں کے نشتر سے نہیں بلکہ پوروں کے لمس سےاُڑنا چاہتی ہوں۔
خوشبو اور بات دل میں ہی رہے تو اچھا ہے۔ ہوا میں بکھرجائے تو نہ خوشبو رہتی ہےاورنہ بات۔
بس یہ کہنے دو۔۔۔ہمیشہ ساتھ رہنے کی خواہش کبھی ختم نہیں ہوتی۔۔۔ لیکن یہ زندگی ہے۔۔۔ ہم رہ جاتے ہیں اور ہمارے پیارے چلے جاتے ہیں اورکبھی ہمیں جانا پڑتا ہے۔۔۔ تنہا۔۔۔سب کچھ ادھورا چھوڑ کر۔۔۔خالی ہاتھ۔۔۔ پرمحبت کی خوشبو اورعمل کی گھٹڑی ساتھ ہو تو ہر سفر آسان ہے۔
" تشکّر کہانی "
گردش ِدوراں نے کانچ کی چوڑی کو یوں برتا کہ وقت کی گرد نے اُسے ماند کیا اور نہ اُس کی شناخت ختم ہوئی وقتی کھنک اور ستائش کی چاہ خود فریبی تھی۔ اِک ان چھوا احساس سرمایۂ حیات ہے۔
"اور یہی شوقِ ِسفر ہے اور زادِ راہ بھی "
پچیس جنوری 2013

2 تبصرے:

  1. لاکھ باتوں کی ایک بات آپ نے کہہ دی ہے ” ہمیں جانا پڑتا ہے تنہا ، سب کچھ ادھورا چھوڑ کر، خالی ہاتھ پرمحبت کی خوشبو اور عمل کی گٹھڑی ساتھ ہو تو ہر سفر آسان ہے “۔

    جواب دیںحذف کریں
  2. بہت خوب لکها واہ
    زندگی چوڑیوں کی طرح پرکشش خوبصورت جن ہاتهوں میں ہو اس کی شان بڑهانے والے مگر بہت ہی بودے کمزور بهی جو کسی بهی صدمہ سے ٹوٹ جانے والے

    جواب دیںحذف کریں

"کتبہ"

"کتبہ" جس طورانسانوں کی دنیا اور انسانوں کے ہجوم میں ہر آن اضافہ ہو رہا ہے تو اس طرح قبرستان بھی تیزی سے آبادہو رہے ہیں۔ گھر...