منگل, جون 20, 2017

"رمضان،روزہ اور ہم"

رمضان المبارک1438ھ بمطابق  جون 2017
" دہشت گردی سے شرانگیزی کی جنگ تک "
اس میں شک نہیں کہ روزہ روزہ ہوتا ہے،دورانِ روزہ  چاہے"سو سو کر جاگا جائے" یا جاگ جاگ کر سویا جائے۔ کیا دور آگیا ہے کہ وہ محاورے ماضی میں جن کی وضاحت کرنا پڑتی تھی آج من وعن اُسی طرح برتے جا رہے ہیں۔ بات ہو رہی تھی سو سو کر جاگنے کی تواس کا عملی ثبوت ہمیں اپنی زندگیوں میں یوں اُمڈ اُمڈ کر ملتا ہے جب راتوں کو جاگنے والے صبح دم گھوڑے گدھے بیچ کر سوتے ہیں ۔یہ دوسری بات ہے کہ راتیں خواہ لوڈ شیڈنگ کے عذاب میں کٹیں،جناب میڈیا کے سامنے عقیدت کی چادر چڑھاتے ہوئے اور یا محب الوطنی کے اکلوتے ٹریڈ مارک"کرکٹ"کے میچز دیکھ کر۔ 
رمضان کا مہینا سال کے گیارہ ماہ گزرنے کے بعد آنے والا وہ بارہواں مہینا ہے جو ہر نام نہاد پیدائشی مسلمان کو ایک بار تو نہ چاہتے ہوئے بھی اپنی دینی حمیّت جانچنے پر مجبور کر دیتا ہے ۔ کوئی کتنا ہی "موڈریٹ" مسلمان ہو یا نعوذ باللہ اسلام کی فرسودہ تعلیمات و پیغام کا زمانۂ حال کے مطابق پرچار کرنے والا لبرل عالم ِدین۔ اس ماہ کم ازکم ایک پل کو دل میں ہی سہی سوچتا ضرور ہے کہ وہ کہاں کھڑا ہے۔
ہمارے معاشرے میں اس ایک ماہ میں کچھ بھی تو نہیں بدلتا!!!  فرد کی سطح پر اور نہ ہی معاشرے           میں  ہمیں  ایک انچ کی تبدیلی بھی دکھائی نہیں دیتی۔ہمارے بازاراسی طرح پُررونق ہیں۔۔۔ہمارے تعیشات اسی طرح جاری وساری ہیں۔۔۔ہماری ملکی سیاست اسی طرح چند افراد۔۔۔ چند خاندانوں کے گھر کی لونڈی بنی ان کی خدمت میں مصروف ہے۔۔۔ ہمارے خوشحال طبقات اسی طرح "سانوں کی" کا ورد کرتے ہوئے زندگی کالطف اٹھائے جارہے ہیں۔۔۔ہماری افطاریاں ہماری سحریاں دیسی بدیسی طعام گاہوں  کے پُرکشش پیکجز سے استفادہ کرتی ہیں۔جہاں  بسااوقات ایک فردکے افطار یا سحر کا خرچ ایک پورے خاندان کے ہفتے بھر کے  کھانے کےبرابر سے بھی زیادہ ہوجاتا ہے۔
بھرے پیٹ کے دین دار امیر آدمی کے لیے تو  پہلے بھی رمضان کا مہینا عظیم نعمت سے کم نہیں ہوتا تھا۔گرم موسم  میں  ڈائٹنگ کی مفت سہولت کے ساتھ ٹھنڈے کمروں  میں کاروبارِحیات سرانجام دے کر سحروافطار میں لذتِ کام ودہن بکھیرتی عالیشان کھانے کی میزوں سے لے کر  افطارپارٹیوں کے "گیٹ ٹو گیدر" عین کارِثواب  ہی تو ہیں ۔ بقول شاعر"رند کے رند رہے ہاتھ سے جنت بھی نہ گئی"۔ اب میڈیا کے توسط سے رمضان  کے "فیوض" میں عام آدمی بھی داخل ہو گیا ہے۔ وہ جس  کو دو وقت کی روٹی کے لیے ہر روز کنواں کھودنا پڑتا ہے ،اُس کے گھر میں اب ایک جادوئی ڈبہ موجود ہےجو کچھ پل کو ہی سہی اپنے ماحول سے یکدم دور کر دیتا ہے۔ پیٹ کی آگ جو کبھی نہیں بُجھتی لیکن نفس کی بھڑکتی آگ ضرور ذرا دیر کو تسکین پانے لگتی ہے تو پیٹ کی بھوک پیچھے رہ جاتی ہے۔ ویسے بھی روزے کی حالت میں پیٹ کا  یہ خطرہ دور ہی رہتا ہے۔ وہ پہلے دور کے قصے تھے جب محض اپنے گریبان میں جھانک کر شرم آتی تھی اب ساری دُنیا کے گریبان میں دیکھ لو ہر بات جائز اور منطقی ہے۔اور کیا فرق پڑتا ہے کہ روزہ روزہ ہوتا ہے چاہے قرآن کی تلاوت کرتے ہوئے گزرے یا دین کی باتیں اپنے من پسند ریپرز میں لولی پاپ کی طرح چوستے ۔ وہ دور گیا جب روزہ صرف بندے اور مالک کا معاملہ تھا اب تو یہ بندوں اور چینلز یا پھر انسان اور بٹنز کے درمیان ہو کر رہ گیا ہے ۔ حد ہو گئی ریموٹ کے بٹن ہوں یا ماؤس کا کلک اور یا پھر موبائل فون کے پیکجز ہر طرف عجب انہماک کا عالم ہے ۔ قرآن کا نسخہ جو رمضان میں اونچے طاقوں سے اُتر کر بڑے ذوق وشوق سے ہماری زندگی میں شامل ہوتا تھا اور دل میں تہیہ کرتے تھے کہ قرآن پڑھنا ہے خواہ ایک سے زیادہ بار مکمل پڑھیں یا ایک بار ہی سمجھ کر پڑھیں۔ اب تو ٹرانسمیشن اشد ضروری ہے کہ "لائیو" ہے جو گزر گئی تو ریکارڈنگ بھی نہ ملے گی بس ابھی وقت ہے اس کی "نیکیاں" لوٹنے کا ۔ قرآن تو چودہ سو سال سے ہمارے پاس ہے اور محفوظ ہے اور ہم کونسا برا کام کر رہے ہیں یہ تو عین دین داری ہے دین کی باریکیوں کو جاننا ۔ دُکھ اس بات کا ہے کہ میڈیا کی چکا چوند ہمارے اندر کی روشنی سلب کر کے ہماری آنکھیں چندھیائے دے رہی ہے اور ہم سوچنے سمجھنے سے عاری روبوٹ بنتے جارہے ہیں ۔ کسی تعصب سے قطع نظر یہ بھی سچ ہےکہ سال کے گیارہ مہینے اگر چینلز پر خرافات دکھائی دیتی ہیں تو وہ  اس ماہ  مشرف بہ اسلام تو ہو جاتے ہیں۔اب یہ اور بات کہ چاند رات کو سب چینلز  پھر اپنی اوقات پر آ جاتے ہیں۔ اہم یہ ہے کہ زہر زہر ہوتا ہے چاہے اسے شہد میں ملا کر دیا جائے اور یہی ہمارے ساتھ ہو رہا ہے ۔اس ایک ماہ میں میڈیا سے محبت کا ایسا بیج بو دیا جاتا ہے جو بانس کے درخت کی طرح خاموشی سے یوں پروان چڑھتا ہے کہ گھر کے بڑے جو دینی ذوق سے یہ نشریات دیکھتے ہیں بعد میں اپنے بچوں کو روکنے ٹوکنے کے قابل بھی نہیں رہتے ۔ جدید ہتھیاروں سے لیس ہو کر دین کو پھیلانا بلاشبہ جہاد کا مقام رکھتا ہے لیکن کیا صرف اس ایک ماہ ہمارے جیّد عالم ِدین اور درد مند دل رکھنے والے اسلامی اسکالر پورے سال کا قرض چکا دیتے ہیں؟ کیا یہ محض مسلمان ہونے کی زکٰوۃ ہے جو سال گزرنے پر فرض ہو جاتی ہے؟ ۔ ایسا بالکل بھی نہیں ہونا چاہیے ۔ ہمارا دینی شعور ہماری اسلام سے محبت ہماری قرآن سے دوستی سال کے گیارہ ماہ بھی برقرار رہنی چاہیے اس  بینڈ باجے کے ساتھ نہ سہی یا پھر گھڑی کا الارم بھی نہ ہو جو ہڑبڑا کر جگا دے بلکہ اس چاہت کو دل کی دھڑکن کے ساتھ جڑی اس مدہم سی خاموشی کی طرح ہونا چاہیے جو سوتے جاگتے زندگی کی نوید دیتی ہے۔ سب سے پہلے اپنا محاسبہ کریں پھر چینلز کو بھی چاہیے اگر اسلام سے اتنی عقیدت ہے تو سال کے باقی مہینوں میں کیوں نہیں۔ اپنے "پیک آورز" نہ سہی دن یا رات کا کچھ وقت ہر روز ایسے ہی "لائیو" پروگرام کیوں نہیں کرتے۔ ٹی وی  جو ہرخاص وعام سے لے کرسب کے لیے ارزاں تفریح کا ایک ذریعہ ہے وہاں دین ودنیا" محمودوایاز" کی طرح ایک صف میں ملتے ہیں۔۔۔ ایمان بھی بچتا ہے اور نفس بھی تسکین پاتا ہے۔لیکن کون سا ایمان !!!!۔
ایمان کو پرکھنے کے تین درجےـ
 ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سےروایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا-آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا "تم میں سے جو کوئی برائی دیکھے اسے چاہیے کہ اسے اپنےہاتھ سے مٹائے اگر ہاتھ سے مٹانے کی طاقت نہ ہو تو اسے اپنی زبان سے مٹائے اور اگر زبان سے مٹانے کی طاقت نہ ہو اس برائی کو اپنے دل سے مٹائےیعنی دل سے اس سے نفرت کرے۔ یہ ایمان کا سب سے کمزورترین درجہ ہے"۔
صحیح مسلم:جلد اول:حدیث نمبر 179
جامع ترمذی:جلد دوم:حدیث نمبر 49
سنن ابوداؤد:جلد اول:حدیث نمبر 1137
سنن نسائی:جلد سوم:حدیث نمبر 1312
سنن ابن ماجہ:جلد اول:حدیث نمبر 1275
وقت اور حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ ایمان کے سب سے آخری درجے پر قدم جمانا بھی دشوار سے دشوارتر ہوتا جا رہا ہے۔ سارا فساد ”ہم ” کا پھیلایا ہوا ہے جب سے ترقی یافتہ بننے کی صف میں۔۔۔ کھڑے ہونے کی ہوس میں مبتلا ہوئے ہیں ” میں اور تو ” گزرے دور کی کہانی لگتی ہے ۔ آسمان چھونے کی خواہش پیروں سے زمین نکال رہی ہے  اور ہم بغیر کسی مشقت میں پڑے“بو کاٹا ” کی صدا لگا کر گُڈیاں لوٹنا چاہ رہے ہیں۔حد ہو گئی ۔۔۔ملک ہمیشہ کی طرح تاریخ کے نازک دور سے گذر رہا ہے۔ دُشمن سرحد پار نفرتوں کی فصل کاٹ رہا ہے تو سرحد کی حد پر طبلِ جنگ بھی بجا رہا ہےملک کے اندر سیاہ ست دان آنکھوں پر طاقت کے کھوپے چڑھائے انا کی میوزیکل چئیرز میں مصروف ہیں تو بیمارِوطن دیارِغیر کی بہکی فضاؤں میں تالی بجاتے، کمر لچکاتے عجیب عالمِ فراموشی میں محورقص نظر آتے ہیں۔ اہلِ اقتدار اگر جانے یا نہ جانے کے مخمصے میں گرفتار ہیں تو اہلِ ہوس بچا کچا ایمان بھنبھورنے میں مصروف۔ مفاد کے غازے میں لتھڑا میڈیا دشمن ملک میں "اپنی ثقافت" کا ڈنکا بجانے والے فن کاروں کی ناقدری پر نوحہ کناں ہے تو حال سے بےحال ہم عام عوام  نسلوں کی  مایوسیوں کے  بوجھ  ڈھوتے  جانے کب سے برہنہ پا چلتے چلے جارہے ہیں۔
اس دور ِپُرفتن میں سب سے زیادہ خوشی دُشمن کو ہو رہی ہو گی تو سب سے بڑی ندامت بھی عظیم سُپر پاور کے ہی حصے میں آئی ہے کہ جو کام سالوں کے ڈرون نہ کر سکے ،جو افراتفری دہشت گردی کے بڑے سے بڑے حملے نہ پھیلا سکے ،جو کام ہماری قوم کے بڑے رہنماؤں کو ہلاک کرنے کی سازشیں نہ کر سکیں ،جو کام "اِن" کے ایوان ِاقتدار کے پالے ہوئے کتے نہ کر سکے جنہوں نے قوم کی عفت وعصمت ،غیرت وحمیت ڈالروں کے عوض گروی تو کیا ڈنکے کی چوٹ پر نیلام کر دی اور جو کام زرد صحافت کے لفافے نہ کر سکے، جو کام روٹی روزی کی دوڑ میں اور ریٹنگ کے لالچ میں سرگرم میڈیا نہ کر سکا اور سب سے بڑھ کر جدید ٹیکنالوجی سے لیس ،دُنیا کے مستقبل کی منصوبہ بندی ،ورلڈ آرڈر کا ورق ورق لکھنے والے بھی ایک دوسرے سے منہ چھپاتے ہوں گے کہ یہ قوم تو محض لاتوں کی بھوت تھی اور صرف پہلا پتھر پھینکنے کی دیر تھی۔
کیا کہیں کہ پہلا پتھر کس نے پھنکا تھا اور بات نکلی ہے تو دور تلک جائے گی بس یوں جانو کہ "گھر کو آگ لگ گئی گھر کے چراغ سے"  ہم کیا جانیں۔ ہم تو بس لاشے اٹھائے جاتے ہیں کبھی اپنوں کے کبھی سپنوں کے۔
ابنِ مریم ہوا کرے کوئی
اس درد کی دواکرے کوئی 
یہ اوپن سیکرٹ ہم جیسے عام لوگوں کو سمجھ آ ریا ہے تو پھر ہمارے "اعلیٰ"دماغ کہاں گھاس چر رہے ہیں یہ بات بھول کیوں گئے ہیں کہ اس شاخ پر اُن کا آشیانہ بھی ہے ۔ہم عام عوام تو چلو پِس ہی رہے ہیں اور پستے رہیں گے۔"وہ" تو پیدا ہی منہ میں سونے کا چمچہ لے کر ہوئے ہیں یا ہمارے ٹیکس کے بل پر ہمیں کنڑول کر رہے ہیں ، بیرونی دشمنوں سے بچانے کے علم بردار بھی ہیں ۔ کوئی بتائے ان کی ڈگریوں اور اندھےکی ریوڑیوں میں کیا فرق ہے ؟ ۔ ہم جاہل ہی بھلے کہ کم از کم یہ تو جانتے ہیں کہ "قاتل ہے دلداروں میں " سچ کہا ہے کہ
 ۔۔۔چوراں نال "مل" گئی اے " یا چوراں نام "رل" گئی ہے؟۔ہم نہیں جانتے۔جانتے ہیں تو بس یہ کہ اس ۔۔۔ میں ہر وہ شامل ہے جو جان کر بھی انجان بنا ہوا ہے۔
آنے والے وقت میں ممکنہ شرانگیزی کو روکنے کے لیے بحیثیت قوم ہمیں آگے بڑھنا ہے۔مسلک وفرقے کی تفریق سے بالاتر ہو کر صرف اسلام اور پاکستان کو سامنے رکھنا ہے ورنہ  آج کل ہونے والے فساد میں آنے والے وقت کا نوشتہ دیوار دوسروں کے ہاتھ سے لکھا نظر آ رہا ہے۔
حاصل ِ کلام یہ ہے کہ ہر شے کو اس کا جائز مقام دیا جائے اور نفسا نفسی کے اس دور میں اپنے آپ کو ایمان کے سب سے نچلے درجے پر کسی طرح برقرار رکھنے کی کوشش ضرور کریں کہ جو برائی ہے اس کو برائی جانا جائے  اور عارضی چمک دمک  کے پیچھے ابدی اندھیروں کا سودا نہ کیا جائے۔اللہ ہمیں ہمیشہ کی طرح ہمارے اس خود کے پیدا کردہ عذاب سے نجات دے اور مخلوق کے شر سے پناہ دے اور وسوسے ڈالنے والے شر سےبھی نجات دلائے۔اللہ ہمیں دہشت گردی سے شرپسندی کی اس جنگ میں ایمان کی سلامتی عطا فرمائے آمین۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

"کتبہ"

"کتبہ" جس طورانسانوں کی دنیا اور انسانوں کے ہجوم میں ہر آن اضافہ ہو رہا ہے تو اس طرح قبرستان بھی تیزی سے آبادہو رہے ہیں۔ گھر...