پیر, جولائی 01, 2013

"ساتھ اور لباس کہانی"

تین اندھیروں میں سفرِدُنیا کا تنہا آغاز کرنے والے نفس کی "ساتھ" کہانی روشنی کی دنیا میں پہلے سانس سے ہی شروع ہو جاتی ہے۔زندگی کی شاہراہ پر بڑھتے قدم سے زندگی کے کینوس پر بکھرتے ہر رنگ تک اس ساتھ کی جہت،اہمیت،ضرورت اور کیفیت پل پل رنگ بدلتی ہے۔دُنیا میں پیدا ہونے والا ہر بچہ ایک رشتے کی قید میں جنم لیتا ہے۔یہ بعد کی بات ہے کہ وہ پیدائش کے اولین لمحے دُنیا کے کوڑے دان کی خوراک بن جائے یا مالِ غنیمت کی طرح اجنبی چہروں کے حوالے کر دیا جائے۔اسی طرح دُنیا سے جانے والا ہر انسان کسی نہ کسی انسان کے سہارے کے بغیر اپنے آخری سفر پر روانہ ہو ہی نہیں سکتاچاہے وہ اُس کا قاتل ہو یا پھر قبر پرمٹی ڈالنے والا کوئی اجنبی۔۔ یہ دُنیا کے اصول ہیں ۔۔۔طےشدہ ضابطے ہیں جو ازل سے چلے آ رہے ہیں۔
پہلی سانس اور آخری سانس کے بیچ دائرے کے اس سفر میں انسانی جان کی بقا کی بنیادی ضرورت حرارت ہے جو خوراک اور لباس کے خارجی وسیلوں کی محتاج ہوتی ہے۔۔جس کے لیے رشتوں ،تعلق اور جنس سے قطع نظر صرف اور صرف انسانیت بلکہ اکثر محض احساس کا رشتہ اولیت اختیار کر جاتا ہے۔۔۔اس لمحے کا احساس جو معجزانہ طور پر انسانی جان کے لیے جانوروں میں دیکھنے کو بھی مل جاتا ہے تو کبھی انسان کو خوف یا پھر بےحسی اور بےبسی کے پاتال میں دھکیل کر اپنے شرف کا لباس اتارنے پر مجبور کر دیتا ہے۔کسی بھی عام انسان کا ایک کمزور جان کے ساتھ یہ تعلق سراسر یکطرفہ ہوتا ہے کہ اس کے جواب میں وہ ننھا وجود احساسِ تشکر توکیا بےنام مسکراہٹ بھی دینے کی طاقت نہیں رکھتا۔
زندگی کی گاڑی دھیمی رفتار سے سرکتی ہے تو شیرخوار کی معصومیت کی بدولت بڑے سے بڑے سخت جان کی مٹی میں بھی اُنسیت کی کونپلیں پھوٹ پڑتی ہیں۔ رفتہ رفتہ "میں اور تُو" کی اس کہانی میں ترجیہات جنم لیتی ہیں۔۔۔۔جبلی خواہشات اور جسمانی ضروریات کا دائرہ وسیع ہونے سے انسان دوسرے انسانوں کی جانب مائل ہوتا ہے۔عمر کے بڑھتے سالوں میں ہر رشتہ اور تعلق لین دین کے اُصول پر بنتا اور بڑھتا ہے۔ پھرجبلی اور فطری خواہشات،آسائشات،ترجیحات اور ترغیبات انسانی رویوں اور کردار کے رُخ کا تعین کرتی ہیں۔

دُنیا میں آنے کے بعد انسان کی پہلی ضرورت جس کا وہ دوسرے انسان سے تقاضا کرتا ہے لباس ہے۔ساری زندگی وہ اس محور کے گرد چکر لگاتا ہے یہی اُس کا دُنیا سے پہلا اورآخری تعلق بھی ہوتا ہے۔ سانس لیتے جسم کی ضرورت کبھی ایک کپڑے کے لباس سے پوری نہیں پڑتی۔۔اسے سر کے لیے ردا اور بدن کے لیے قبا بھی چاہیے۔ صرف مردہ جسم ہی ہر قسم کے احساس سے عاری ہو جاتا ہے۔۔۔ جسے مٹی میں ملنے کے لیے صرف ایک چادر کی اوٹ درکار ہوتی ہے۔ 
لباس کا تعلق بدن سے ہے اورتعلق لباس کی طرح ہوتا ہے۔یہ لباس ہی ہے جو ہر رشتہ بناتا ہے یا یوں کہہ لیں کہ آنکھ کھولنے کے بعد دُنیا میں ملنے والا ہر رشتہ فقط ایک لباس ہے جس میں ہماری مرضی اور پسند کا کوئی اختیار نہیں ہوتا جب پسند کا کوئی اختیار نہیں تو ناپسند کرنے کا حق کیسے ہمارے ہاتھ میں ہو سکتا ہے۔ جہاں ہے جیسا ہے کی بنیاد پر ہمیں رشتوں کو قبول کرنا چاہیے جیسے کپڑے کے لباس میں اگر کوئی مسئلہ ہو جائے تو اُسے اُتار کر پھینک نہیں دیا جاتا یا اُس کے مزید چیتھڑے نہیں اُڑائے جاتے،اپنے لباس کی برائیاں نہیں بیان کی جاتیں بلکہ اُسے ممکن حد تک سنوار کراپنے جسم کی پردہ پوشی کی جاتی ہے۔ اگر کوئی انسانوں کے درمیان تعلقات کو سمجھنا چاہے اُن کو مجسم شکل میں پرکھنا چاہے تو انسان اور لباس کے تعلق پر غور کرے۔ لباس وہ چیز ہے جس کے بغیر ہم سوچنے کا تصوربھی نہیں کر سکتے۔
چند لباس بنیادی ہیں جو کہ ہرحال میں نہ چاہتے ہوئے بھی ہم نے اپنانے ہیں اس میں ہماری پسند ناپسند کا کوئی دخل نہیں۔کچھ اس لیے ضروری ہیں کہ موسموں کی دست بُرد سے بچاتے ہیں ۔ چند ایسے ہیں کہ جب چاہا پہن لیا جب چاہا اُتار دیا۔
کچھ  لباس موسمی ہیں جو موسم کے مطابق تو متاع ِجاں ہیں لیکن بعد میں اِن سے چھٹکارا پا کر ہی سکون ملتا ہے۔
کبھی کوئی لباس بہت نازک ہوتے ہیں۔رنگ بھی کچے ہو سکتے ہیں اورکچھ برسوں دھلائی کے بعد بھی اپنی اُسی آب وتاب سےنظر آتے ہیں ۔ کچھ کو ہم وزنی صندوقوں میں رکھ کر بھول جاتے ہیں ۔
کوئی لباس ہمارے لیے اور ہم اُس کے لیے ایسے لازم و ملزوم ہو جاتے ہیں کہ ہمارے جسم کا حصہ بن جاتا ہے۔ ایسے بھی ہیں کہ ہم پہنتے رہتے ہیں لیکن اُن سے ہمارا جی کبھی نہیں بھرتا۔
چند ایسے ہیں جو دُنیا کی نظر میں ہمارا بہترین لباس ہوتے ہیں پراُن کی چُبھن صرف ہمیں ہی محسوس ہوتی ہے کیونکہ باہر سے تو وہ اورہوتے ہیں اور ہمارا تعلق لباس کی اُلٹی طرف سے ہوتا ہے اس لیے شکوہ بےمعنی ہے۔۔۔لباس پہننا اوربات ہے اوراُس کو محسوس کرنا اوربات۔
لباس وہ بھی ہوتا ہے جسے ہم سجی سجائی بیش قیمت دُکانوں کے ٹرائی روم میں بار بار پہنتے ہیں۔۔۔ آئینے میں دیکھتے ہیں۔۔۔ اپنے آپ کو سراہتے ہیں۔۔۔کبھی کسی دوست کی آنکھوں سے بھی پسندیدگی یا ناپسندیدگی کی جھلک تلاشتے ہیں۔ اپنی جیب کے مطابق اُسے خریدنے کی خواہش کرتے ہیں یا پھر کسی اور کے سپرد کر کے ہمیشہ کے لیے بھول جاتے ہیں۔
لباس وہی اپنا ہوتا ہے جو تن کے ساتھ من کو بھی سرشار کرے اور ہمارا دست ِطلب اُس کا دھن دینے کا اہل بھی ہو"۔"
کوئی لباس صرف دکھاوے کے لیے بھی پہنے جاتےہیں،بیش قیمت زرق برق لباس وقتی طور دیکھنے والے کو مرعوب کر سکتا ہے۔۔۔نگاہوں کو خیرہ کر سکتا ہے۔۔۔ پرجسم کا راز جسمکو جاننے سے ہی کُھلتا ہے۔اس کے لیے اپنے جسم کے اسرار سے آگاہی پہلی شرط ہے۔ لباس کی شکنیں رات کی کروٹوں کی غمازی کرتی ہیں تو بےداغ ،بےشکن لباس روزِروشن کی طرح اندر کی کہانی سناتا ہے۔ ذات کے بھید کھولتا ہے۔
 الغرض لباس کی جتنی بھی قسمیں جتنی بھی رنگا      رنگی ہے وہ سب ہمارے حسب ِحال ہے۔ پیدا ہونے سے لے کر وقتِ آخر تک ہم جتنے بھی لوگوں سے ملتے ہیں وہ صرف ہمارا لباس ہیں۔۔۔ ایک ظاہری لبادہ۔ایک اٹل حقیقت۔ ہم جتنا بھی اس سے دور بھاگیں ،کتنے ہی آدم بیزار کیوں نہ بن جائیں، اپنے آپ کو ان میں غیرمحسوس کریں پھر بھی اِن سے فرار ممکن نہیں ۔ یہ ایک ایسا بوجھ ہے جو کہ ہم نے پیدا ہوتے ہی اُٹھا لیا ہے اب چاہتے ہوئے یا نہ چاہتے ہوئے اسکا اور ہمارا سفر ایک ہی ہے۔ ہمیں اس کا خیال رکھنا پڑتا ہے.اس کی حفاظت ،اس کی مرمت ،اس کی دھلائی ،اس کی صفائی ،اس کی خوبصورتی کو برقرار رکھنا ایسے کام ہوتے ہیں کہ ان میں ہی عمر تمام ہو جاتی ہے پھر خیال آتا ہے کہ ہمارا آنے کا مقصد کیا تھا کہ ہم نے صبح شام اس فانی چیز کے لیے ایک کردیا ہے،ایسی فانی چیز جو ماں کی کوکھ کی طرح کچھ دیر تو اپنے بچھڑ جانے والے کا انتظار کرتی ہے پھر نئے مسافر کے لیے آراستہ ہو جاتی ہے۔
رشتوں اور لباس کی انہی بھول بھلیوں میں بھٹکتے ہوئے روشنی کی ایک کرن نظر آئی ۔ ایک ایسا سِرا ہاتھ آیا کہ اُلجھی ڈور جو کہ بس ہاتھ سے چھوٹنے ہی والی تھی اُس پر اعتماد بحال ہوا ۔ لباس کا تعلق فقط جسم سے ہے پھر ہم کیوں اپنی روح کا تعلق لباس سے جوڑتے ہیں ،اس طرح نہ صرف اپنے جسم بلکہ اپنی روح کو بھی بلا وجہ کی اذّیت اور پریشانی میں مبتلا کر دیتے ہیں ۔
روح کا تعلق صرف اور صرف اپنے خالق ومالک سے ہی جوڑ کر ہم ابدی اطمینان اور سکون حاصل کر سکتے ہیں ۔ لباس کے علاوہ بھی ایک تعلق ہے جو کہ ہماری ذات سے ہٹ کر ہے وہ ہے ہمارا سایہ۔ یہ وہ ساتھی ہے جو کہ ہر پل ہر آن ہمارے ہمراہ ہے ہم اس کا احساس کریں یا نہ کریں ہمیں اس کے لیے کوئی تردّد نہیں کرنا پڑتا۔ ہماری ذات پر اس کا کوئی بوجھ نہیں ہمیں اس کے لیے کوئی بھاگ دوڑ نہیں کرنی ۔ بس یہ ہمارا ہے ہمارے لیے ہے یہی بہت ہے۔ سائے کو عام حوالے سے دیکھیں تو یہ انسانی تعلقات میں ہمالہ کی طرح کھڑا ملتا ہے۔ سایہ بھی ہر وقت ہمارے ساتھ نظر نہیں آتا یہ صرف سفر کا ساتھی ہے۔ ہم رُک گئے تو یہ رک گیا۔ وقت کے ساتھ گھٹتا بڑھتا ہے۔ یوں سمجھیں کہ ہمارے سفر کو محسوس کرتا ہے بوجھ تو ہم نے خود ہی اُٹھانا ہے۔بات مختصر کروں تو " لباس رشتہ ہے اور سایہ تعلق ۔ یہ وہ ساتھی ہے جو دکھتا تو ہے پر چھوا نہیں جا سکتا"۔
لباس اگر جسم کی پہلی بنیادی ضرورت ہے تو سوچ روح کی غذا۔انسان جسم کی ضروریات دوسرے انسانوں کے ساتھ بانٹ سکتا ہے لیکن روح کی تسکین صرف اپنے آپ سے اپنے اندر سے ملتی ہے۔جسم کی ضرورت وقتی ہے جیسے برستی بارش میں ایک چھتری کے نیچے چند قدم کا ساتھ ۔۔۔جیسے موسموں کی شدت میں ذرا دیر کو کوئی مہربان آغوش۔۔جیسے آنکھ میں اُترنے والی نمی بن کہے کسی احساس میں جذب ہوجائےاور جیسے کوئی خاموش کاندھا۔
جسم کا لباس اور جسم کی طلب صرف وقت کے حساب کتاب تک ساتھ دیتی ہے اس کے بعد نئے موسم کی نئی ضرورتیں سب بھلا دیتی ہیں۔وقت بدلتا ہے اور ایک وقت ایسا بھی آتا ہے کہ انسان جسم کی ہر طلب سے بےنیاز ہو جاتا ہےظاہری طور پر سانس کا رشتہ ٹوٹنے سے جسم کی تمام ضروریات فنا ہو جاتی ہیں۔مٹی کا جسم مٹی کے حوالے کرنے تک آخری ضرورت ان سلی سفید چادر رہ جاتی ہے۔۔۔ رہ جانے والوں کی طرف سے جانے والے کو آخری تحفہ اور آخری سلام۔۔۔
یوں انسان کے پہلے سانس کی کہانی جو لباس سے شروع ہوئی تو لباس پر ہی ختم ہو جاتی ہے۔ہوش وحواس کے درمیانی وقفے میں کتنے ہی لباس اُترتے چڑھتے رہے؟ کوئی لباس کب تک ساتھ دیتا رہا؟اور کس لباس نے کتنا سکھ دیا اور اس سے کتنے دکھ ملے؟ یہ سب سوچنے کی ہمارے پاس فرصت کہاں۔ہم تو اکثر بنا تشکر کے من چاہا لباس پہنتے رہتے ہیں تو بلا کسی افسوس کے ایک کے بعد ایک لباس اس اُمید پر بدلتے چلے جاتے ہیں کہ شاید کبھی کوئی ایک تو ہمارے بدن کی زیبائی جان سکےاور یا پھر بدنمائی ڈھانپ لے۔ اسی کشمکش میں زندگی گذر جاتی ہے اور جسم تختۂ مشق کی صورت وہیں رہ جاتا ہےیہاں تک کےایک تختے پر لٹا کر اکڑے ہوئے جسم کی کہانی کا ہر باب بند ہوجاتا ہے۔

2 تبصرے:

"سیٹل اور سیٹل منٹ"

سورۂ فرقان(25) آیت 2۔۔   وَخَلَقَ كُلَّ شَىْءٍ فَقَدَّرَهٝ تَقْدِيْـرًا ترجمہ۔ اور جس نے ہر شے کو پیدا کیا اور پھر اس کے لیے ایک اند...